Tag: وزیر اعلیٰ سندھ

  • سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی (یکم ستمبر 2025) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت ممکنہ سپر فلڈ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    نجی نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے نتیجے میں گڈو بیراج پر پانی کی آمد12لاکھ سے13 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتی ہے، نو لاکھ کیوسک سے زائد پانی کو محفوظ طور پر گزارنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ گڈو بیراج پر 8لاکھ سے دس لاکھ اور حتیٰ کہ 12 سے13 لاکھ کیوسک پانی تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم سندھ حکومت نے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے چناب اور جہلم سے آنے والا سب سے بڑا ریلا تریموں بیراج پر کم ہو چکا ہے اور اسے پنجنند تک پہنچنے میں تقریباً تین دن لگیں گے۔ پنجنند کی صورتحال سے یہ واضح ہو جائے گا کہ گڈو بیراج پر چھ ستمبر تک کتنے بڑے ریلے کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چوبیس اگست کو پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک پانی پہلے ہی گڈو بیراج سے گزر چکا ہے جو بعد میں سکھر اور کوٹری بیراج سے بھی بغیر کسی مسئلے کے گزر گیا۔

    ان کے مطابق ایک لاکھ کیوسک پانی کا اضافہ دریا کے پانی کی سطح کو تقریباً ایک فٹ بلند کرتا ہے۔ سندھ کے بیراج ایک ملین کیوسک تک کا بہاؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور حکومت پر اعتماد ہے کہ آنے والا بڑا ریلا بھی محفوظ طور پر گزر جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سب سے پہلی ترجیح انسانی جانوں اور مویشیوں کو کسی بھی نقصان سے بچانا ہے۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ حکومت نے متاثرہ اضلاع کے دیہی علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ اگرچہ بڑے پیمانے پر انخلا ابھی شروع نہیں کیا گیا، لیکن ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے فیلڈ عملے نے نشیبی دیہات کے رہائشیوں کو واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت انخلا کے لیے تیار رہیں۔ حکام کے پاس کم از کم دو دن کا وقت ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر انخلا کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ کشتیوں اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی اپنی کشتیاں تیار ہیں، بحریہ اور فوج نے بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بروقت انخلا یقینی بنانے کے لیے نجی کشتیاں بھی کرائے پر حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بڑے سیلاب کی صورت میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

  • صدر زرداری نے کسی کینال کی منظوری نہیں دی، میٹنگ منٹس غلط جاری کیے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ

    صدر زرداری نے کسی کینال کی منظوری نہیں دی، میٹنگ منٹس غلط جاری کیے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کسی کینال کی منظوری نہیں دی، اس حوالے سے میٹنگ منٹس غلط جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج ہفتے کو پریس کانفرنس میں کہا کہ کینالوں سے متعلق طاقت ور لوگوں کے ساتھ بیٹھا ہوں، سب لوگوں کو بتا دیا ہے کہ کینالوں کے مخالف رہیں گے، مجھے لگتا ہے طاقت ور لوگوں کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں، اور اس منصوبے پر جو تیزی سے کام ہونا تھا ہماری وجہ سے رک گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کوئی بھی منصوبہ جو سندھ کے لیے نقصان دہ ہو وہ نہیں بن سکتا، ہمارے پاس ایسی طاقت موجود ہے، آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت ایگری مال کا افتتاح کیا تھا، کسی کینال کا نہیں، اگر اسے اس طرح پیش کیا گیا تو وہ غلط ہے۔

    مراد علی شاہ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا ’’دریائے سندھ میں پانی کی کمی ہوئی ہے، نگراں حکومت میں چولستان آباد کرنے کا فیصلہ ہوا، جنوری میں پنجاب حکومت نے کینال پر پروپوزل بنایا، 17 جنوری 2024 کو معاملہ ارسا میں گیا اور ارسا نے اپروول دی، ایکنک میں چولستان کے نام کے بغیر 6 کینال کا معاملہ آیا تو سندھ کے نمائندے نے اعتراض کیا، اور ارسا کے سرٹیفکیٹ کے خلاف ہم سی سی آئی میں گئے۔‘‘


    کینالز کا معاملہ ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں، پانی کا معاملہ ہمارا جینا مرنا ہے، بلاول بھٹو


    انھوں نے مزید بتایا ’’صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ایک میٹنگ ہوئی، زرداری کو کہا گیا آپ کو ایری گیشن پر بریفنگ دیں گے، میٹنگ میں کہا گیا ایری گیشن کے لیے ایڈیشنل زمین آباد کرنا چاہتے ہیں، صدر آصف زرداری نے کہا اچھی بات ہے، اس پر صوبوں سے بات کریں۔‘‘

    وزیر اعلیٰ نے کہا ’’تاہم اس میٹنگ کے جو منٹس جاری کیے گئے وہ غلط تھے، صدر آصف زرداری نے میٹنگ میں کسی کینال کی منظوری نہیں دی، صدر کی زیرصدارت میٹنگ کو بہانا بنا کر کینال کی منظوری دی گئی، ان کی میٹنگ تو 4 لوگوں کے سامنے بند کمرے میں ہوئی، صدر زرداری کے پاس کینالز کی منظوری دینے کا اختیار ہی نہیں ہے۔‘‘

    مراد علی شاہ نے کہا ’’دریائے سندھ میں پانی کی کمی کا مکمل ریکارڈ ہمارے پاس ہے، سندھ کا ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ بھی متحرک ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کوئی کچھ بھی بنا لے، سی سی آئی میں معاملہ آئے بغیر اس پر یہ کچھ نہیں کر سکتے، صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ کینالز پر اعتراض ہے، لیکن پروپیگنڈا کیا گیا کہ کینالز بنانے کے معاملے میں سندھ حکومت شامل ہے، جب سمجھیں گے باقی چیزیں کام نہیں کر رہیں تو طاقت کا مظاہرہ کریں گے، کینالز کا معاملہ ہمارے لیے جینے مرنے کا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی کے بغیر وفاقی حکومت نہیں چل سکتی، جیسے کالا باغ ڈیم پورے ملک کے لیے نقصان دہ تھا کینالز بھی نقصان دہ ہیں، 3 صوبے اختلاف کرتے ہیں تو کالا باغ ڈیم کی طرح یہ بھی مسترد ہو جائے گا، ہم نے ایکنک میں حیدرآباد سکھر موٹر وے نہ بننے پر اعتراض کیا، ہم نے مؤقف اپنایا کہ پہلے حیدرآباد سکھر موٹر وے بننا چاہیے، یہ ملک کی لائف لائن ہے پہلے یہ بننا چاہیے۔

  • قومی انسداد پولیو مہم :وزیر اعلیٰ سندھ کی والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست

    قومی انسداد پولیو مہم :وزیر اعلیٰ سندھ کی والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست ‌‌‌کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نےقومی انسدادپولیومہم کاافتتاح کردیا ، مراد علی شاہ نےوزیراعلیٰ ہاؤس میں بچوں کوپولیوسے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا انسداد پولیو مہم 3 تا 9 فروری تک جاری رہے گی ، اس دوران صوبے میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے صرف دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس موجود ہے۔

    پولیو ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، پولیو ورکرز بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں، ان کی عزت کی جائے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور مفت ہے، بار بار خوراک دینے سے ہی بچے کی قوت مدافعت مضبوط بنتی ہے۔

    انھوں نے درخواست کی علمائے کرام، اساتذہ، اور کمیونٹی رہنما عوام کو پولیو مہم میں شرکت پر آمادہ کریں۔

  • ’وزیر اعلیٰ سے شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں‘

    ’وزیر اعلیٰ سے شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں‘

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ سندھ سے کوئی شکایت ہے تو میرے پاس آئیں کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو اپنا مخالف نہیں ساتھی سمجھیں، تھوڑی سی محبت جو آپ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو دکھاتے تھے کہیں نہ کہیں دل میں ٹی ایل پی بھی بستی ہے اتنی ہی محبت ہمیں بھی دکھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دودھ کے دھلے نہیں تو اتنے برے بھی نہیں ہیں، میں نے شارٹ ٹرم نہیں لمبی اننگز کھیلنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے یہ شہر چلتا تھا وہ تاریخ کا حصہ ہے اب تاجروں سے بھتہ نہیں مانگا جارہا اب آپ کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، اب زبردستی صنعت بند نہیں ہوتی، مزدوروں کو زبردستی جلسے میں نہیں لایا جاتا تو اس میں ہمارا بھی کردار ہے۔

    بلاول نے کہا کہ کیا میں نے کبھی آپ کو تنگ کیا؟ میں کیوں چاہوں گا کہ میرے نام پر اور حکومت کے نام پر آپ کو کوئی تنگ کرے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے منافع میں ہیں، یہاں اسلام آباد میں فیصلے کیے جاتے ہیں ٹیرف سیٹ کیے جاتے ہیں ہم سے مشورے کے بغیر پالیسیاں بنائی جاتی ہیں اور نقصان سب اٹھاتے ہیں جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے اتنا سندھ کے پاس کوئلہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی دیں اور سستی بجلی دیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ ہم نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی آپ مجھے سندھ یا کوئی ایک شہر بتادیں جہاں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، وفاق کے رویے کے سبب سندھ حکومت بجلی کے اپنے منصوبوں کی جانب بڑھ رہی ہے ہم جو منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں ہمیں اس کے لیے اسلام آباد سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔

  • پولیو کے قطرے، وزیر اعلیٰ نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے

    پولیو کے قطرے، وزیر اعلیٰ نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے

    سکھر: سندھ میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ یو سی نیو سکھر پہنچ گئے، جہاں انھوں نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کے دوران سکھر کا دورہ کیا، یو سی نیو سکھر میں انھوں نے شہریوں سے مل کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ترغیب دی۔

    انھوں ںے کہا پولیو کے قطرے آپ کے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچاتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر والدین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پولیو کے قطرے بچے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بناتے ہیں، والدین کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے میں نے آپ کے دروازے پر دستک دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گھر گھر دستک دے کر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے، انھوں نے کہا ہم نے پولیو کا خاتمہ کر کے دنیا کے شانہ بشانہ چلنے کا عہد کیا ہے، مہم میں شامل ہو کر اپنی انسداد پولیو ٹیموں کی محنت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزرا ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو ورکرز پر حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا، صدر مملکت آصف زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوش حال نہیں دیکھنا چاہتے، پاکستان کے عوام بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لیں۔

  • نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس ،  وزیر اعلیٰ سندھ کو بڑا ریلیف مل گیا

    نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس ، وزیر اعلیٰ سندھ کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : نوری آباد پاور پلانٹ مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نوری آبادپاورپلانٹ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی۔

    ملزمان کے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین نیب کی جانب سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست دائر کی گئی۔

    احتساب عدالت میں چیئرمین نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کوبری کردیا۔

    واضح رہے کہ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس دائر کیا تھا، نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز احتساب عدالت نے کڈنی ہل ریفرنس میں سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر ملزمان کو بری کیا تھا،، 7ملزمان کیخلاف جنوری 2021 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

  • وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرا دی

    وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرا دی

    وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے مراد علی شاہ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی حکومت کے ساتھ ترقیاتی کاموں ودیگر مسائل پر گفتگو کی گئی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے کٹوتیوں کے بعد فنڈز واپس نہ ہونے کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس پہنچیں گے جہاں وہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم مقامی ہوٹل میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

    وہ اپنے دورے کے دوران کاروباری طبقے اور چیمبر آف کامرس کراچی کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور ملکی معیشت کی ترقی کے حوالے سے ان سے تجاویز لیں گے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پرائس لسٹ جاری، کیا عمل درآمد ہو سکے گا؟

    وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پرائس لسٹ جاری، کیا عمل درآمد ہو سکے گا؟

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں پرائس کنٹرول پروگرام شروع کر دیا گیا۔

    کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں، ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ قیمتیں چیک کرے گی۔

    ترجمان کے مطابق دودھ کی ڈیری فارمر قیمت 180، ہول سیل 188 اور ریٹیل 200 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جب کہ مرغی کے گوشت کی قیمت 598 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

    چینی کی ہول سیل قیمت 123 روپے فی کلو ریٹیل 130 روپے، ایکس فلورمل آٹے کی قیمت 120، ہول سیل 123 اور ریٹیل 128 روپے، اور فائن ایکس فلور مل آٹا 130، ہول سیل 133 اور ریٹیل 138 روپے قیمت مقرر کی گئی ہے، جب کہ چکی آٹے کی ریٹیل قیمت 140 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    شہر قائد میں گزشتہ کئی برسوں سے کمشنر کراچی اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں، بالخصوص دودھ کی قیمت کے حوالے سے ڈیری فارمرز نے جس طرح من مانی کی اور سرکاری احکامات کو ہوا میں اڑایا، اس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔

  • ایم کیوایم کا وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ

    ایم کیوایم کا وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) نے وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ کی نامزدگی کیلئے نام فائنل کرلیا گیا۔

    ذارئع نے بتایا  کہ ایم کیو ایم کی جانب سے علی خورشیدی کو وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے نامزد کیا جائے گا دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) نے سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے ایک بار پھر مراد علی شاہ کا نام فائنل کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے  سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے تیسری مرتبہ مراد علی شاہ کا نام فائنل کیا ہے اور اس حوالے سے دیگر قیات کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے فیلڈ پولیس افسران کی بلا اجازت چھٹی پر پابندی عائد کر دی

    وزیر اعلیٰ سندھ نے فیلڈ پولیس افسران کی بلا اجازت چھٹی پر پابندی عائد کر دی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے فیلڈ پولیس افسران اور کمشنرز پر بلا اجازت چھٹی کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیلڈ پولیس افسران اور کمشنرز پر بلا اجازت چھٹی پر پابندی عائد کر دی گئی، اب یہ افسران مجاز فورم یا وزیر اعلیٰ کے علم میں لائے بغیر چھٹی نہیں کر سکیں گے۔

    سندھ پولیس کو وزیر اعلیٰ سندھ کا پہلا بڑا حکمنامہ موصول ہو گیا، پولیس ذرائع کے مطابق احکامات وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، مراسلے میں سندھ کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایات دی گئی ہیں۔

    مراسلے کے مطابق متعلقہ افسران کو مجاز فورم سے اجازت لینا ہوگی، اجازت کے بغیر چھٹی یا غیر حاضری کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قواعد کے تحت تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ افسران متعلقہ ڈویژنل یا ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ آئی جی سندھ کو بھی ہدایت ارسال کر دی گئی۔