Tag: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ

  • وزیراعلیٰ سندھ نے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

    وزیراعلیٰ سندھ نے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ نے اورنگی تا ٹاور چلنے والے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل  سے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے ،بقایا دو ٹرانسپورٹ منصوبے پبلک پارٹنر شپ کے تحت جلد شروع کیے جائیں گے۔

    اورنگی ٹاؤن ٹی ایم اے پارک میں اورنج لائن کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کے عوام کو اُس کا حق دیا اور متعدد منصوبوں کا آغاز کیا جن میں پانی کا بڑا منصوبہ کے فور بھی شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’’کے فور ‘‘منصوبے کی تکمیل سے شہر کی 80 فیصد سے زائد پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے، پی پی کی حکومت عوام دوست حکومت ہے اور ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شہر کا دوسرا بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے سندھ حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات کررہی ہے اور شہر میں عوام کے لیے 6 ریپڈ بس ٹرانسپورٹ سروسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    قائم علی شاہ نے  بتایا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں وزیر ری ہیبلی ٹیشن تھے تو جامعہ کراچی کے چند بہاری طلبا  نے سندھ سیکریٹریٹ میں واقع تغلق ہاؤس میں آکر  ان سے ملاقات کی اور تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اورنگی ٹاؤن کے لیے 25 ہزار  ایکڑ زمین مختص کرنے کا اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی طور پر اورنج لائن منصوبہ 4 کلومیٹر تک تعمیر کیا جائے گا جس کے بعد اس کے روٹ میں اضافہ کر کے اسے 9 کلومیٹر تک طویل کیا جائے گا۔

    اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ طہٰ فاروقی نے اس منصوبے کے اغراض و مقاصد بتائے کہ یہ منصوبہ 1.14ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے، یہ اصل میں 4 کلو میٹر کا پروجیکٹ ہے، جس کی فی گھنٹہ گنجائش 5 ہزار مسافر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہر میں چھ مختلف بی آر ٹیز کے مابین کوئی انٹی گریشن کا سسٹم نہیں ہے اور یہ سسٹم ملک میں کہیں بھی موجود نہیں ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے کراچی میں ہمارے لیے مختلف بی آر ٹیز کے انٹی گریشن سسٹم کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔

    سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ مختلف بی آر ٹی سسٹمز کی آپریٹنگ سے شہر میں ٹریفک جام، روڈ بلاکس کا خاتمہ ہوجائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور اس منصوبے پر آج سے کام کا آغاز ہوگیا۔

  • وزیراعلیٰ کا ہڑتال اور دھرنے کی کال دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

    وزیراعلیٰ کا ہڑتال اور دھرنے کی کال دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کچھ مفاد پرست عوام دشمن عناصر شہر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو ضائع کیا جاسکے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کے مابین وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں شہر میں جاری آپریشن اور پولیس کی کارروائیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ کچھ لوگ اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہڑتال اور دھرنے کی کال دے رہے ہیں مگر اب عوام ایسی تمام اپیلوں کو مسترد کرتے ہیں جس کی مجھے بہت خوشی ہے، ایسے تمام عناصر کے خلاف سندھ پولیس سخت کارروائی کرے حکومت پولیس ساتھ ہے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سندھ پولیس اور حساس اداروں کے لیے 100 ملین روپے کے انعامات کی سمری منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس بھیج دی ہے، جس میں سے 70 فیصد حساس ادارے کے اہلکاروں جبکہ 30 فیصد پولیس اہلکاروں کو انعام دیا جائے گا۔

    آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ محکمہ پولیس میں جعلی بھرتی ہونے والے 993 اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے اے ڈی خواجہ کو ہدایت کی کہ ہٹائے جانے والے اہلکاروں کی قابلیت جانچنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے اور جو افراد اہل ہیں انہیں دوبارہ نوکری پر بحال کردیا جائے کیونکہ ہمیں محکمہ پولیس میں اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

    آئی جی سندھ نے وزیر اعلی کو بتایا کہ ’’پولیس تھانوں کے کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں اور کسی افسر یا اہلکار کو اُس کی حدود سے تجاوز کی کسی صورت اجازت نہیں کی جائے گی، میری یہی خواہش ہے کہ محکمہ پولیس میں ہر چیز کو شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے‘‘۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں جاری اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، پولیس کارکردگی سے مطمئن ہوتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی رقم کی منظوری دے دی ہے۔

  • میر پور خاص میں فائرنگ، 3افراد جاں بحق 2زخمی

    میر پور خاص میں فائرنگ، 3افراد جاں بحق 2زخمی

    میر پور خاص: میرپورخاص میں نامعلوم افراد کی فائر نگ سے کار میں سوار تین افراد جاں بحق ہوگئے اور دیگر 2شدید زخمی ہو گئے، وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے واقع کا نوٹس لے لیا گیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

    پولیس کے مطابق میرپورخاص میں حیدرآبادروڈ پرنامعلوم موٹرسائیکل سواروں نےمجلس عزا سے واپس آنے والی کارپرفائرنگ کردی جس کی زد میں آکر دو افراد موقع پر ہی جان سے گئے اور تین زخمی ہوگئے تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو پولیس کاروائی اور طبی امداد دینے کے لئے سول اسپتال میر پور خاص منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت اللہ ڈنوملا، سنیل سونہڑواورمنورمری کے ناموں سے ہوئی۔

    واقع کا فوری نوٹس لیتے ہو ئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ دوسری جانب الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔