Tag: وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

  • پنجاب: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    پنجاب: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری بھی موجود تھے، ملاقات میں سیاسی امور اور امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں امن و امان اور سیکیورٹی صورت حال کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام پر اتفاق کیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، ملاقات میں امن عامہ کی بہتری کے لیے پنجاب اور وفاق میں مربوط کوآرڈینیشن پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا وفاقی وزارت داخلہ پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی، پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا معاشرے میں تحمل اور برداشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی، اور ایسا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • پنجاب حکومت کا پنشنرکے لیے بڑا قدم

    پنجاب حکومت کا پنشنرکے لیے بڑا قدم

    لاہور: پنجاب حکومت نے پنشنرز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھالیا، تعطل کا شکار تمام پنشن کیسز نپٹانےکی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو پینڈنگ پنشن کیسز کی تفصیلات 30 ستمبر 2019 تک وزیر اعلیٰ آفس میں بھجوانے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ آفس کی جانب سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز کے حل کے لئے خصوصی احکامات دیے گئے ہیں ، احکامات کے تحت پنشن کیسز کی منظوری دینے والی تمام اٹھارٹیز کو 31 دسمبر 2019 تک تعطل کے شکار تمام کیسز نمٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی جانب سے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ اس تعطل سے بچنے کے لئے پنشن رولز کے مطابق آئندہ ریٹائرمنٹ سے 1 سال قبل سرکاری ملازمین کے پینشن دستاویزات تیار کئے جائیں اور 6 ماہ قبل مکمل دستاویزات آڈٹ افسر کو بھجوائے جائیں۔

    ساتھ ہی ساتھ احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام اتھارٹیز پینڈنگ پینشن کیسز کے ڈسپوزل کی ماہانہ رپورٹ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک وزیر اعلیٰ آفس بھجوانے کی پابند ہوں گی۔

    یاد رہے کہ پنجاب میں پنشنر گزشتہ کچھ عرصے سے مسائل کا شکار تھے اور حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ ان کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے، پنشنر کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس معاملے پر خصوصی توجہ دی تھی۔

  • عثمان بزدار اعجاز شاہ ملاقات: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    عثمان بزدار اعجاز شاہ ملاقات: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقات کی، جس میں امن عامہ کی بہتری کے لیے پنجاب اور وفاق میں مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔

    ملاقات میں صوبے میں سیکورٹی صورت حال کی مزید بہتری سے متعلق اقدامات پر غور کرتے ہوئے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی وزیر خارجہ سے ملاقات

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا، امن و امان کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کریں گے۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزے کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت

    ملتان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ڈیرہ غازی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ملتان اور ڈی جی خان سیف سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں آر پی او ڈی جی خان نے امن و امان کی صورتِ حال پر وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں کہا کہ ڈولفن فورس کی نفری ڈی جی خان میں فراہم کر دی گئی، ڈی جی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تونہ شریف میں مددگار اور خدمت سینٹرز اب ایک عمارت میں ہوں گے۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تھانوں کی نئی عمارتوں کے لیے مقامات کا تعین کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان پولیس کاپنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے تکنیکی معاونت لینے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ اتھارٹی ایک کام یاب ادارہ سمجھا جاتا ہے، گزشتہ ماہ بلوچستان پولیس نے اپنے محکمے میں اصلاحات کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ اس سے قبل خیبر پختون خواہ پولیس نے بھی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد طلب کی تھی۔

    رواں ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔