Tag: وزیر اعلیٰ محمود خان

  • خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے 21 اضلاع میں 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلائی جائیں گی۔

    مہم کے لیے 19 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 17859 موبائل اور 1237 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں، واضح رہے کہ کرونا کی وجہ سے 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، 21 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا بل گیٹس سے رابطہ، کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کو پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کرونا صورت حال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • کے پی میں بے گھر افراد کے سلسلے میں ہائی الرٹ، ہنگامی بنیادوں پر تیز ترین کارروائیاں

    کے پی میں بے گھر افراد کے سلسلے میں ہائی الرٹ، ہنگامی بنیادوں پر تیز ترین کارروائیاں

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بے گھر افراد کے سلسلے میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، ہنگامی بنیادوں پر تیز ترین کارروائیوں کے دوران سخت سردی میں 307 بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پختون خوا میں وزیر اعظم عمران خان کے احکامات پر بے گھر افراد کے لیے ضروری اقدامات کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے صوبے میں متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر اور متعلقہ ادارے فوری متحرک ہوں، ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر ٹیموں کے ساتھ علاقوں کا دورہ کریں، عوام کو چھت، خوراک اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کوئی بھی شخص چھت اور خوراک سے محروم نہ رہے۔

    شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے، وزیراعظم

    ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے کہا ہے کہ سخت سردی میں مختلف علاقوں سے 307 بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز منتقل کر دیا گیا ہے، یہ شیلٹر ہومز پجگی، حاجی کیمپ اڈہ، کوہاٹ اڈہ، چارسدہ اڈہ اور کے ٹی ایچ میں قائم ہیں، شیلٹر ہومز میں بے گھر افراد کو مفت بستر اور کھانا مہیا کیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اس سلسلے میں پوری طرح متحرک ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ صوبے میں عارضی شیلٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق مختلف اضلاع کے شیلٹر ہومز میں اضافی بیڈز، کیچن سیٹ، کمبل بھیجے جا رہے ہیں۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ 18 اضلاع میں 1000 سے زائد سیٹس بھیجے جا چکے ہیں۔

    محمود خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے، سردی کی شدت میں کمی تک روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے، فراہم کردہ شیلٹرز اور خوراک کی تصاویر رپورٹس کے ساتھ منسلک ہونی چاہئیں۔

    دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے بھی وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پناہ گاہوں کو ضروری سامان مہیا کر دیا ہے، پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو 200 کمبل اور ضروری سامان، نو شہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو 150 کمبل کے ساتھ ضروری سامان، چترال کے لیے 200 کمبل اور ضروری سامان، شانگلہ کو 150 کمبل اور دیگر اشیا روانہ کر دیے گئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ تمام اضلاع کو ضرورت کا مزید سامان مہیا کر دیا جا ئے گا، تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھی سامان مہیا کر دیا گیا تھا۔

  • کے پی ترقیاتی منصوبے، مزید 10 ارب 56 کروڑ جاری

    کے پی ترقیاتی منصوبے، مزید 10 ارب 56 کروڑ جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید 10 ارب 56 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، کے پی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید دس ارب چھپن کروڑ روپے جاری کر دیے گئے۔

    کے پی حکومت کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق فنڈز نئی پالیسی کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جاری ترقیاتی اسکیم کے فنڈز دوسرے منصوبوں کو منتقل نہیں کیے جائیں گے، یہ فنڈز مختلف محکمہ جات کو جاری کیے گئے ہیں۔

    مجموعی طور پر پختون خوا حکومت نے 100 فی صد فنڈز 70 سے زائد پروجیکٹس کے لیے جاری کیے ہیں، بڑے منصوبوں کے لیے سالانہ بجٹ میں رقم مختص کی گئی تھی، تمام منصوبوں کے لیے 19 ارب جاری کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ فنڈز کی بر وقت فراہمی صوبائی حکومت کے بہتر مالی انتظامی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کے پی نے تمام زیر تکمیل منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں، تاہم دیر کی پس ماندگی کو دیکھتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں رواں ترقیاتی پروگرام میں زیادہ اسکیمیں رکھی گئی ہیں-

    خیال رہے کہ سی اینڈ ڈبلیو، آب پاشی اور پبلک ہیلتھ کے لیے 9 ارب روپے ایک ہفتہ قبل جاری کیے گئے تھے جب کہ آج مزید 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ تعلیم، صحت، جنگلات، انرجی اینڈ پاور اور معدنیات سمیت تمام اہم شعبوں کے پراجیکٹس کو فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ اسپورٹس، سیاحت، امور نوجوانان اور بلدیات کے تمام فنڈز بھی ریلیز کر دیے گئے-

    70 بڑے منصوبوں کے لیے 10 بلین روپے کی منظوری خیبر پختون خوا کابینہ نے مختلف اجلاسوں میں دی تھی، محکمہ ریلیف کے لیے مختص تمام رقم 2004 ملین روپے جاری کیے گئے، محکمہ کھیل کے لیے تمام 500 ملین روپے بھی جاری کر دیے گئے، شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 4089 ملین بھی یکمشت جاری کیے گئے- رنگ روڈ، نیا جنرل بس اسٹینڈ، اپ لفٹ پروگرام اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے تمام فنڈز بھی جاری کیے گئے-

    فنڈز کی ریلیز سے تمام زیر تکمیل منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکیں گے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی مزید بہتری کے لیے بھی 300 ملین جاری کیے گئے ہیں-