Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • مخالفین کو پتا ہی نہیں سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں، مریم نواز

    مخالفین کو پتا ہی نہیں سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں، مریم نواز

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مخالفین کو پتا ہی نہیں کہ سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی خان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اسکالر شپ تقسیم کرنے کے بعد طلبا سے گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں اور طالبہ سے کہا کہ آپ نے مجھ سے بھی اچھی تصویر بنادی۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین میری عوام سے محبت کو ناٹک، ڈراما کہتے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی اس محبت کو کیا نام دیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ کوئی کہہ دے اسکالر شپ سفارش پر ملی ہے تو استعفیٰ دے کر گھر چلی جاؤں گی، انہوں نے جھوٹ میں آنکھ کھولی، پلے بڑھے اور جھوٹ میں ہی چلے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل میں ٹی وی دیکھ رہی تھی تو کہا جارہا تھا کہ یہ سارا پہلے سے طے ہوتا ہے چند بچوں کو اکٹھا کیا ہوتا ہے وہ سب یہ کرتے ہیں تو میں یہ سمجھ رہی تھی ان کا کا قصور نہیں ہے انہیں پتا ہی نہیں سچی محبتیں کیا ہوتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں جو آپ نے محبت دی ہے اب میرے کندھوں پر ذمہ داریوں کا بوجھ اور بھی بڑھ گیا ہے، اس کا جواب اور زیادہ محبت، خدمت اور اسکیم لاکر دوں گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ میں لاہور سے ڈی جی خان آئی ہوں کہ مجھے احساس ہے کہ پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے جسے آپ کے ساتھ مل کر ادا کرنا چاہتی ہوں۔

  • وائس چانسلرز کی تقرری اور آب پاک اتھارٹی پر گورنر اور حکومت پنجاب میں ٹھن گئی

    وائس چانسلرز کی تقرری اور آب پاک اتھارٹی پر گورنر اور حکومت پنجاب میں ٹھن گئی

    لاہور: وائس چانسلرز کی تقرری اور آب پاک اتھارٹی پر گورنر اور حکومت پنجاب میں ٹھن گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کر کے سمری واپس بھیج دی، جس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کی منظوری سے پنجاب کی 13 یونیورسٹیوں میں سے 7 وائس چانسلرز کی تقرری کر دی گئی ہے۔

    ذرائع کہنا ہے کہ گورنر کی منظوری کے بغیر 7 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا تقرر کیا گیا ہے، سفارشات مسترد کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کچھ اعتراضات بھی اٹھائے تھے، تاہم وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب کا کہنا ہے کہ گورنر کا کام صرف دستخط کرنا ہے، سمری واپس نہیں بھیج سکتے، وائس چانسلرز کا تقرر وزیر اعلیٰ کی منظوری سے قانون کے مطابق ہوا ہے۔

    دوسری طرف گورنر پنجاب کی سربراہی میں بنائی گئی پنجاب آب پاک اتھارٹی ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب آب پاک اتھارٹی ختم کر کے پنجاب صاف پانی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

    نئی بنائی گئی پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی سربراہی حکومت پنجاب کے پاس ہوگی، اور اس میں گورنر پنجاب کا عمل دخل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس اتھارٹی کے اختیارات حکومت پنجاب کے پاس ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کی گورننگ باڈی میں گورنر کے پرنسپل سیکریٹری بھی شامل تھے، نئی پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں اس کا کردار ختم کیا جائے گا، پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف گورنر تھے اب نئی پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبران کا تقرر پنجاب حکومت کرے گی۔

  • مریم نواز نے اپوزیشن کو ساتھ چلنے کی دعوت دیدی

    مریم نواز نے اپوزیشن کو ساتھ چلنے کی دعوت دیدی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپوزیشن کو ساتھ چلنے کی دعوت دیدی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی نشست پر جاکر سنی اتحاد کونسل کے رکنِ پنجاب اسمبلی رانا آفتاب سے گفتگو کی اور اپوزیشن  کو ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

    مریم نواز نے کہا کہ جمہوریت کے سفر میں اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کی خدمت کر کے  اپنے مخالفین کے دعوؤں کو غلط ثابت کروں گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام  کی خدمت میرا فرض ہے اور اسے میں پوری طرح نبھاؤں گی، مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی کہ ہم کیا کرنے جارہے ہیں، اللہ خیر کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ میرا کام پنجاب کی عوام کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے، مشکل برداشت کرلوں گی لیکن عوام پر مشکل برداشت نہیں کروں گی میری ہدایت کے باجود ٹریفک رکتی ہے، یہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہوجائے گا۔

  • ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں 6 افراد کے کار حادثے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور تمام آرپی اوزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس  کم عمر ڈرائیورز کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔

    ’6 افراد کی موت ٹریفک حادثہ نہیں قتل ہے‘

    نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کیلئے بھی خطرات کا سبب بنتے ہیں، کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی بند کی جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، ہر زندگی  قیمتی ہے کمسن ڈرائیور کی ذرا سی غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب نے عمران خان کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی ہٹانے کی وجہ بتادی

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے عمران خان کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی ہٹانے کی وجہ بتادی

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی سیکیورٹی ہٹانے کی وجہ بتادی۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان اس وقت زمان پارک میں نہیں اسلئے سیکیورٹی ہٹالی ہے، جب وہ  واپس آئینگے تو سیکیورٹی دینے کے معاملے پر نظرثانی کرینگے۔

    نگراں وزیر اعلی کا الیکشن کے حوالے سے کہنا تھا کہ جیسے ہی آرڈر آئے گا الیکشن کرائیں گے، الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

    عمران خان کے جاتے ہی پولیس نے زمان پارک سے بیریئرز ہٹانا شروع کر دیے

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے معاہدہ ہوگیا ہے، پی سی بی لائٹس خرید لے گا تو کرائے پر نہیں لینا پڑےگی۔

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کہنا تھا کہ مجھے جیلوں میں موجود کارکنوں کی تعداد نہیں پتہ، محکمہ داخلہ صحیح تعداد بتا سکتا ہے، جن جیلوں میں جگہ تھی وہاں انہیں منتقل کیا گیا ہے۔

  • علیم خان ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہو گئے

    لاہور: علیم خان ن لیگ کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر عبد العلیم خان نگراں وزارت اعلیٰ کے لیے لابنگ کر رہے ہیں، وہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے لیے سرگرم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سامنے اس وقت تین نام ہیں جن پر وہ نگراں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے غور کر رہی ہے، ان ناموں میں سابق بیوروکریٹ احد چیمہ کا نام بھی شامل ہے، جب کہ نجم سیٹھی بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ کے لیے کوشاں ہیں۔

    مسلم لیگ ن نے مذکورہ تینوں ناموں پر اپنے اتحادیوں سے بھی مشاورت کی ہے، نجم سیٹھی پر ایک اتحادی جماعت نے اپنے اعتراضات سے ن لیگ کو آگاہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور اتحادیوں کی اس معاملے میں یہ رائے ہے کہ معاملہ الیکشن کمیشن جانے دیا جائے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف حکومت میں علیم خان اور احد چیمہ نیب کی حراست میں رہے، اور علیم خان نے وزیر اعلیٰ نہ بنائے جانے اور کیسز کیے جانے پر ناراض ہو کر پی ٹی آئی چھوڑ دی تھی۔

  • ’ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب ان کی باری ہے‘

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب ان کی باری ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے لکھا کہ  پی ٹی آئی آٗندہ الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی اب عام انتخابات ہوں گے عمران خان نے بہترین حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ’گھر والوں کو بھی علم نہیں ہوسکا جس طرح اسمبلی تحلیل کی گئی ہے۔‘

    پرویز الٰہی نے لکھا کہ شریفوں کی زبانیں باہر نکلی ہوئی ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کیا کرنا ہے، شہباز شریف ادھر اُدھر بھاگ رہے ہیں، نواز شریف نے کہہ دیا کہ میں واپس نہیں آؤں گا ن لیگ اور نیچے چلی گئی ہے۔‘

    پرویز الٰہی نے لکھا کہ شریفوں کی زبانیں باہر نکلی ہوئی ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کیا کرنا ہے، شہباز شریف ادھر اُدھر بھاگ رہے ہیں، نواز شریف نے کہہ دیا کہ میں واپس نہیں آؤں گا ن لیگ اور نیچے چلی گئی ہے۔‘

    انہوں نے لکھا کہ ’شہباز شریف کام کرنے والا نہیں بلکہ یہ لیٹ گیا ہے اور صرف مانگنے کے قابل رہ گیا ہے جب مانگنے جاتا ہے تو لوگ کہتے ہیں کہ پتہ کریں واپسی کا ٹکٹ ہے یا نہیں۔‘

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’اب کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے عوام نے ان سے 30 برس کا حساب لینا ہے، شریفوں کے سارے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اب ان کو اپنی جان بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں ان کی سیاست زیرو ہوچکی ہے۔‘

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا بلوچستان کو گندم کا خصوصی کوٹہ دینے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے بلوچستان کو گندم کا خصوصی کوٹہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ  پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کے ذخائر اورآٹے کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی، بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان نے پنجاب حکومت سے 10 ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی درخواست کی  ہے، ہم نے اپنے بھائی کو ضروریات سے زیادہ 21 ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیوں کیا گیا؟ اہم لیگی رہنما پھٹ پڑے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے معاملے پر پی ڈی ایم کے بعد متعدد لیگی رہنما بھی برہم ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے پر بہت سے اہم رہنما لیگی اعلیٰ قیادت کے سامنے پھٹ پڑے ہیں، لیگی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ کمزور قانونی نکات پر ڈی نوٹیفائی کیے جانے سے پارٹی بیانیے کو نقصان پہنچا۔

    ذرائع ن لیگ کے مطابق اہم لیگی رہنماؤں نے ناقص حکمت عملی پر ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی بھی اختلاف کا پیغام دے چکی ہے۔

    پی ڈی ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کی جانب سے عجلت میں ڈی نوٹیفائی کا عمل ن لیگ کی جانب سے سولو فلائٹ تھی، بغیر منصوبہ بندی تحریک عدم اعتماد واپس لینے سے سیاسی و قانونی مؤقف کمزور ہوا۔

    رہنماؤں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیتا ہے تو ان کے پاس پلان بی موجود ہی نہیں ہے۔

    ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا کہا گیا تھا، اب اہم لیگی رہنماؤں نے تجویز دی ہے کہ قیادت ایک الگ قانونی ٹیم تشکیل دے، جو صرف قانونی امور پر توجہ دے سکے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے لاہور میں 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 21واں اجلاس ہوا ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے انہیں بسوں کی خریداری پر بریفنگ دی۔

    انہوں نے ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹائم لائن مقرر کی جائے اور بسوں کی خریداری کو جلد مکمل کیا جائے۔

    پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور میں پہلے مرحلے میں 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، تمام ضروری امور جلد طے کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نئی بسوں میں خواتین، اسپیشل اور نابینا افراد کے لیے علیحدہ سیٹیں مختص کی جائیں گی، لاہور میں خواتین کے لیے خصوصی بس اسٹاپ بھی بنائے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپیشل نابینا افراد کے لیے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مخصوص ہوں گی، ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلنے سے ماحولیاتی آلودگی، اسموگ میں کمی واقع ہوگی جبکہ شہریوں کو آمدورفت کی سستی، معیاری سہولت ملے گی۔