Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائیں گے: عثمان بزدار

    جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائیں گے: عثمان بزدار

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو سیاسی وعدوں سے بہلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو سیاسی وعدوں سے بہلایا گیا، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے دھوکا دینے والوں کو مسترد کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا، ہم اس مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے وعدے ہر صورت نبھائے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کر دیا ہے۔

    ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا ہر ضلع، ہر شہر اور ہر گاؤں ترقی کے عمل میں شریک ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دیہات تک رسائی پراجیکٹ کے تحت دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، جنوبی پنجاب میں نئے اسپتال، کالج اور  یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہیں۔

  • بلوچ کلچر ڈے، منفرد روایات اور خوب صورت ثقافت کی پہچان

    بلوچ کلچر ڈے، منفرد روایات اور خوب صورت ثقافت کی پہچان

    کوئٹہ: آج پورے پاکستان میں بلوچ کلچر ڈے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، پاکستان کے چاروں صوبوں میں آباد بلوچ پرجوش طریقے سے اس ثقافتی دن کو منائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلوچ کلچر ڈے کو پنجاب میں حکومتی سطح پر منانے کے کی منظوری دی تھی، اس سلسلے میں مختلف مقامات پر رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچ کلچر ڈے پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام اور قبیلوں کا گل دستہ ہے، منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب یہاں کے لوگوں کی پہچان ہے، با شعور قومیں اپنے ثقافتی ورثے کا ہمیشہ تحفظ کرتی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں، بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے، بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کا فروغ ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے، میرا اپنا قبیلہ بلوچستان میں آباد ہے، دیگر ثقافتوں کے دن بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔

  • پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ پیدا ہونے دیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ پیدا ہونے دیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات ہوئی، دونوں نے آب پاک اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں کے درمیان پنجاب آب پاک اتھارٹی کے امور کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے تاریخی اقدامات کر رہی ہے، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی سے پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ پیدا ہونے دیں گے، حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے اور سازشیں کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

    دونوں کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صاف پانی کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں صاف پانی کی فراہمی جیسے امور میں کوتاہی برتی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے اتھارٹی سے متعلقہ امور کو جلد طے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی اسکیموں کے لیے آپریشنل اینڈ مینٹننس یونٹ بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی کے لیے بہترین ٹیم موجود ہے، اس منصوبے کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لیڈ لینا ہوگی۔

  • وزیر اعظم کا دورہ لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    وزیر اعظم کا دورہ لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ گئے جہاں ان کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں، وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں صوبہ پنجاب کی مجموعی صورتحال، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم ہربنس پورہ میں وزیر اعظم ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے، افتتاح کے بعد وہ ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کو ملکی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں وہ ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی الگ سے ملاقات ہوگی، یاسمین راشد حکومت پنجاب کے صحت کے شعبے میں اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گی۔

    وزیر اعظم کو گزشتہ حکومت کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بھی بریف کیا جائے گا جبکہ کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق بھی وزیر اعظم سے بات چیت کی جائے گی۔

  • نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے اور نوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں قرض کی فوری ادائیگی پر مشاورت ہوئی۔

    پنجاب میں نوجوانوں کو 15 دن میں قرض کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان خود نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔

    اس مقصد کے لیے وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے، ملاقات میں وزیر اعظم کے دورے اور شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان اور ہنر مند پروگرام نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے، ماضی میں کسی نے نوجوانوں پر اتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی۔ پروگرام سے روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی آسکے گی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا، پنجاب سے 8 لاکھ نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے آچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں نوجوانوں کو بہترین رہنمائی اور تربیت دیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر قرض کی فوری تقسیم شروع کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو جلد روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • عثمان بزدار کا پختون خوا میں آٹے کے بحران کے خاتمے کے لیے بڑا قدم

    عثمان بزدار کا پختون خوا میں آٹے کے بحران کے خاتمے کے لیے بڑا قدم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خیبر پختون خوا میں گندم اور آٹے کی قلت دور کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر کے پی کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس سلسلے میں اپنی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے کی منظوری دی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے، پنجاب اپنے اسٹاک سے کے پی کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم فراہم کرے گا، اس اقدام سے کے پی میں آٹے کی قلت دور کرنے میں مدد ملے گی۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹے کی قیمت میں استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے، ان کے حکم پر محکمہ خوراک نے صوبے بھر میں ایکشن شروع کر دیا ہے، جس کے دوران 542 فلور ملوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور گندم کا کوٹہ معطل کر دیا گیا۔

    کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے

    وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر 88 فلور ملوں کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں، آٹے کے مختلف ملوں پر 14 کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

    ادھر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، آٹے کا بحران سندھ میں ہے، پچھلے ماہ پنجاب حکومت نے فلور ملز کو بھرپور گندم دینے کا فیصلہ کیا تھا، اب جنوری میں فلورملز کو زیادہ کوٹہ دیا جائے گا۔

  • عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر اتفاق

    عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر اتفاق

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں نے اتفاق کیا کہ رکاوٹوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پر اسپیکر پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ رکاوٹوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

    اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے سال میں بھی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اپوزیشن کے پاس ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی۔ پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کا ریکارڈ دیگر صوبوں میں سب سے بہتر ہے۔

  • وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا گیا

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا گیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے وکالت کے لائسنس معطل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بار نے عثمان بزدار اور راجہ بشارت کے لائسنس معطل کر دیے ہیں، بار کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار اور راجہ بشارت نے عہدہ سنبھالنے سے قبل بار کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس معاملے میں وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اسماعیل شاہ نواز نے ایکشن لیا ہے، پنجاب بار کونسل نے 4 جنوری کو عثمان بزدار اور راجہ بشارت کو طلب بھی کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس معطل

    خیال رہے کہ پی آئی سی پر وکلا کی جانب سے افسوس ناک حملے کے واقعے کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار اور راجہ بشارت نے سخت رویہ اپنایا تھا۔

    اس سے قبل 2 دسمبر کو پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر قانون کا حلف اٹھانے کے بعد بیرسٹر فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس بھی معطل کر دیا تھا۔ پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ فروغ نسیم وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد وکالت نہیں کر سکتے، اُن کا لائسنس وزارت سے استعفے کے بعد بحال کر دیا گیا تھا۔ وزارت ختم ہونے پر فروغ نسیم کو لائسنس بحالی کے لیے پاکستان بار کو دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔

    خیال رہے کہ کسی سرکاری عہدے یا وزارت کے ساتھ بہ طور وکیل کوئی بھی شخص عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا اور نہ اُسے کوئی کیس لڑنے کا اختیار ہوتا ہے، سرکاری نوکری یا وزارت ملنے کی صورت میں مذکورہ شخص کو عدالتی قوانین کے تحت وکالت کا لائسنس معطل کرانا پڑتا ہے۔

  • پولیو قومی مسئلہ ہے، نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں: عثمان بزدار

    پولیو قومی مسئلہ ہے، نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 50 ہزار سے زائد خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

    انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو خود جا کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرا کو بھی انسداد پولیو مہم کے لیے ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔ پولیو کے بعض کیس سامنے آنے پر بہت تشویش ہے۔ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔

    صوبہ پنجاب میں آج سے خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی گئی ہے جو 5 روز جاری رہے گی، یاسمین راشد سمیت صوبائی وزرا نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 16 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے سزا سے نہیں بچیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے سزا سے نہیں بچیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، وکلا کی ہنگامہ آرائی کی انکوائری کا آغاز ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والے سزا سے نہیں بچیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے میں قانون کی عملداری یقینی بنائے گی۔ ہنگامہ آرائی اور تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، اسپتال میں توڑ پھوڑ، عملے، مریضوں اور ورثا پر تشدد قابل برداشت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مریضوں اور لواحقین پر تشدد کر کے بدترین فعل کا ارتکاب کیا گیا۔ دل کے اسپتال میں وکلا کی ہنگامہ آرائی کی انکوائری کا آغاز ہوگیا۔ کیمروں کی مدد سے ذمہ داروں کی نشاندہی کا عمل شروع کر دیا گیا۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ بروقت علاج نہ ہونے سے 3 مریضوں کی موت پر دکھ اور افسوس ہوا۔ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مریضوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں قانون دانوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دی تھیں، وکلا نے مبینہ طور پر ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے اپنے خلاف ایک ویڈیو وائرل کیے جانے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا جس سے مریضوں اور تیمار داروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    وکلا نے ایمرجنسی میں توڑ پھوڑ کی، عمارت کے شیشے توڑ دیے جبکہ وکلا آپریشن تھیٹر میں بھی گھس گئے۔ وکلا نے ڈاکٹرز، مریضوں، اور ان کے لواحقین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

    وکلا نے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔