Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: پتنگ بازی کے دوران ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی، نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کی، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیا اور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق نوجوان کے خاندان سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا۔

    ادھر گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازع بھی کھڑا ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی گردن پر رومال سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈور کہیں اور پھری، زخمی حالت میں آنے والا موٹر سائیکل سوار ساندہ میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    بعد ازاں دونوں علاقوں کے ایس پیز کے درمیان حدود کے تعین پر جھگڑا ختم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2189 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

  • مولانا کے مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے: اسد عباس نقوی

    مولانا کے مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے: اسد عباس نقوی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی اسد عباس نے کہا ہے کہ مولانا کے آزادی مارچ میں متشدد گروہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے، وہ مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فوکل پرسن اسد عباس نقوی نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا مولانا فضل الرحمان مذہب کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، خدشہ ہے کہ متشدد گروہ پیدا ہو جائے گا، مولانا کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے۔

    انھوں نے کہا احتجاج سب کا حق ہے لیکن مذہب کارڈ کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے، مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے لیکن انھوں نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    اسد عباس نقوی کا کہنا تھا مولانا احتجاجی مارچ کر کے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ملک میں اس وقت مذہبی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے، لیکن آزادی مارچ سے اس ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فضل الرحمان کشمیرکاز سے توجہ ہٹانے کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں: میاں اسلم

    فوکل پرسن برائے وزیر اعلیٰ پنجاب اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں وہ درحیققت مولانا کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتی ہیں۔

    قبل ازیں، وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے بھی ساہیوال سے اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا تھا کہ فضل الرحمان کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور آزادی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں۔

  • صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر مملکت کو سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری اور سانحہ چونیاں جیسے واقعات کے تدارک کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی جبکہ سڑکوں کے پروگرام ’نیا پاکستان منزلیں آسان‘ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر برائے صحت یاسمین راشد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفر مرزا بھی موجود تھے۔ وزیر صحت یاسمین راشد نے پنجاب میں صحت کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق شعبہ صحت میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

  • ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عثمان بزدار کی افسران کو آخری وارننگ

    ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عثمان بزدار کی افسران کو آخری وارننگ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری وارننگ دے دی، انہوں نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد ڈینگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری تنبیہ دے دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور راولپنڈی کو ڈینگی کے باعث تبدیل کیا، اب جو کوتاہی کرے گا اس کی باری ہے۔

    عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

    خیال رہے کہ ڈینگی وائرس نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا کے مطابق ملک بھر میں 10 ہزار ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں ڈینگی مریضوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں 2363، سندھ میں 2258، پختونخواہ میں 1514 اور بلوچستان میں 1752 ڈینگی کے مریض ہیں۔

    دوسری جانب پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی غلط ٹیسٹ رپورٹس جاری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ لاہور کے شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں عملے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیگم کوٹ کےرہائشی کی ڈینگی سے متعلق منفی رپورٹ جاری کی۔

    مذکورہ شہری کو صحت مند قرار دے کر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تاہم شہری نے نجی اسپتال سے ڈینگی ٹیسٹ کروائے تو رپورٹ مثبت آئی۔

  • چونیاں: عثمان بزدار کی متاثرین سے تعزیت، قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کا اعلان

    چونیاں: عثمان بزدار کی متاثرین سے تعزیت، قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کا اعلان

    چونیاں: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چونیاں واقعے کے بعد قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کا اعلان کر دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے چونیاں میں متاثرین سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہا تھا کہ چونیاں واقعے کی جیسے ہی اطلاع ملی، فوری اقدامات کی ہدایت کی.

    ذمہ دارافسران کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، متعلقہ افسران کے خلاف چارج شیٹ کردی ہے، ملزم کی اطلاع دینےوالے کے لئے انعام کااعلان کیا ہے.

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اطلاع دینے والے کو 50 لاکھ نقد انعام دیاجائے گا اور اس  کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا.

    قصور میں ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوچکے ہیں، اسی باعث قصورکو  فوری طور پر سیف سٹی سے جوڑا جا رہا ہے، قصور میں فوری طورپرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کی منظوری دی ہے.

    مزید پڑھیں: چونیاں میں ایک اور لڑکے کے اغوا کی کوشش، لڑکا بھاگنے میں کامیاب

    عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جوبھی ہوسکتا ہے، کریں گے، پولیس میں کالی بھیڑیں برداشت نہیں کریں گے، جوافسران فارغ ہو رہے ہیں، ان کی دوبارہ پوسٹنگ نہیں ہوگی.

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کررہے ہیں، بہترین اور قابل افسران پرمشتمل جے آئی ٹی بنائی ہے.

    سیاسی ہویاانتظامی کسی صورت کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، چونیاں میں ڈولفن فورس بھی تعینات کر رہے ہیں.

  • وزیراعلیٰ پنجاب کل عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب کل عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار عمرہ کی ادائیگی کے لئے کل سعودی عرب روانہ ہوں گے.

    تفصیلات کے مطابق سردار عثمان بزدار عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جمعے کے لیے روز سعودی عرب کا رخ کریں گے.

    وزیراعلیٰ پنجاب مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر بھی حاضری دیں گے اور مسجد نبوی  میں نوافل ادا کریں گے.

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی. اس موقع پر انھوں نے وزیر اعطم کو پنجاب پولیس میں‌ اصلاحات سے متعلق آگاہ کیا.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں پولیس کی کارکردگی سے سخت ناخوش تھے، جس پر انھوں نے وزیر اعلیٰ کو اسلام آباد طلب کیا۔

    مزید پڑھیں: تنقید کی پرواہ نہیں عوامی خدمت کا ایجنڈا لے کر بڑھ رہے ہیں: عثمان بزدار

    یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی ملاقات ہوئی تھی.

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تنقید کی پرواہ نہیں عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر بڑھ رہے ہیں، اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔

  • وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات، سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال

    وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات، سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی، اس موقع پر صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا.

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں امن کی صورت حال پروزیر اعظم عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی.

    پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سےمتعلق بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم نے منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی.

    خیال رہے کہ یوم دفاع کے حوالے آج وزیر اعظم نے مصروف دن گزرا، وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور آرمی چیف لائن آف کنٹرول پہنچ گئے

    دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے، البتہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا. وزیر اعظم اور آرمی چیف ایل او سی پر جوانوں سے ملاقات کی۔

  • حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا: عثمان بزدار

    حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس رویوں میں بہتری لا کر ہم تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے، پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے، پنجاب پولیس کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے پولیس کے محکمے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ہم اس میں موجود خامیوں کو درست کر کے عوام دوست پولیس نظام لائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پولیس نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے، پولیس میں کرپٹ افسروں اور اہل کاروں کی رتی بھر گنجایش نہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پولیس حراست میں صلاح الدین کی ہلاکت، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں پولیس نے اے ٹی ایم توڑ کر پھنسے ہوئے کریڈٹ کارڈ چرانے والے ایک ایسے چور کو پکڑا تھا جس کے بارے میں اس کے والد کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی معذور تھا۔

    مذکورہ چور صلاح الدین بعد ازاں پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوا، اس کے والد نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ پولیس اہل کاروں کے خلاف درج کروایا۔

  • پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کا فیصلہ

    پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں موت کے سوداگروں کے خلاف سخت ترین آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ منشیات کی روک تھام کے لیے خصوصی میٹنگ کی۔

    میٹنگ میں انسداد منشیات کے ادارے اے این ایف پنجاب کے سربراہ اور آئی جی پنجاب محمد عارف بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن میں منشیات فروشوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کی جائے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اے این ایف اور پنجاب پولیس جلد مشترکہ آپریشن شروع کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغانستان سے پاکستان آئس منشیات اسمگلنگ کرنے والا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا

    آپریشن کے دوران اسکولوں اور کالجز پر خاص توجہ دی جائے گی جہاں منشیات سپلائی کو کنٹرول کیا جائے گا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نشے کےعادی افراد کو بحالی سینٹر میں داخل کرایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ملک میں منشیات کا کاروبار، تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال اور اس کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، آئے دن لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی کے ایئر پورٹس پر منشیات پکڑی جاتی ہیں لیکن ان واقعات میں کمی نہیں آئی۔

    16 جولائی کو خیبر پختون خوا پولیس نے پشاور میں منشیات کا عالمی نیٹ ورک پکڑا تھا جو افغانستان سے پاکستان میں آئس منشیات کا دھندا کرتا تھا۔

  • لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور میں شدید بارش، وزیر اعلیٰ کی پانی میں پھنسی خواتین کی مدد، ویڈیو وائرل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں شدید بارش کے بعد سیف سٹیز اتھارٹی کا ہنگامی دورہ کیا، انھوں نے بارش میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار لاہور کے دورے پر نکل پڑے، انھوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا اور ایک مقام پر بارش کے جمع پانی میں پھنسے افراد کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔

    بارش میں پھنسے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب گاڑی خود ڈرائیو کر رہے تھے۔

    وزیر اعلی نے شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، عثمان بزدار نے خود گاڑی چلا کر شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، اور بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اور بچوں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی۔

    [bs-quote quote=”لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    دریں اثنا، ایم ڈی علی عامر ملک اور چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے نکاسی آب کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو شہر سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی، خیال رہے کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسیٔ آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔

    ادھر لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں خراب ہو کر بند ہو گئیں، فلائٹ شیڈول متاثر اور 100 فیڈر ٹرپ کر گئے۔

    ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ 86 میں سے 50 فیڈرز بحال کیے جا چکے ہیں، متاثرہ دیگر فیڈرز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لکشمی چوک پر 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، پانی والا تالاب پر 213 ملی میٹر، فرخ آباد میں 203 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سمن آباد میں 166، ایئر پورٹ پر 136، واسا ہیڈ آفس کے اطراف 144 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    ادھر وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر قانون پنجاب نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا، اس موقع پر انھوں نے عملے کو ہدایت کی کہ پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک افسران اور عملہ فیلڈ میں رہیں۔