Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بل منظور: نئی تاریخ رقم کر دی، عثمان بزدار

    پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بل منظور: نئی تاریخ رقم کر دی، عثمان بزدار

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بل منظور کر لیا گیا، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں جس پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، بل نامنظور کے نعرے لگائے اور بنچوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔

    بل کی منظوری پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہم نے فرسودہ بلدیاتی نظام ختم کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، آج کا دن اہمیت کا حامل ہے، نئے بلدیاتی نظام سے پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، ماضی کے بلدیاتی ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں نا کام رہے تھے۔

    انھوں نے نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری پر ارکان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار حقیقی معنو ں میں بلدیاتی اداروں کو خود مختاری دی جائے گی، 8 ماہ میں نیا بلدیاتی نظام لا کر عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ہم باتیں نہیں کام کرتے ہیں اور کر کے دکھاتے ہیں۔

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ وزیر اعظم نے پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ کیا تھا، آج الحمدلله پنجاب اسمبلی نے بلدیاتی نظام کا بل منظور کر لیا، پنجاب حکومت کپتان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے، ممبران مبارک باد کے مستحق ہیں۔

    عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ایڈمنسٹریٹر کا تقرر ہوگا، بلدیاتی الیکشن ہونے تک تمام معاملات ایڈمنسٹریٹر چلائے گا، پنجاب حکومت کا 33 فی صد بجٹ بلدیاتی حکومت کو جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے دن سے باتیں کی جا رہی ہیں کہ آج جا رہا ہوں کل جا رہا ہوں، وزیر اعظم عمران خان اور صوبائی ارکان کا مجھ پر اعتماد ہے، اعتماد کی بنیاد پر مجھے بہ طور وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں ہٹایا جائے گا۔

  • عثمان بزدار، پرویز الہیٰ ملاقات، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید

    عثمان بزدار، پرویز الہیٰ ملاقات، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید

    لاہور: وزیر اعلیٰ‌ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر  پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں‌ مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا.

    تفصیلات کے مطابق ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں.

    پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے دن سے وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑےتھے اور کھڑے رہیں گے.  دعا کریں کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اتحاد کو نظر نہ لگے.

    پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے، امید ہے، پنجاب اسمبلی کااجلاس اب نئی عمارت میں ہوگا.

    مسلم لیگ ق کے رہنما نے کہا کہ ایم پی اے ہاسٹلزکی تعمیر رواں سال مکمل کرلی جائے گی، اتحادی جماعتوں میں اختلاف نہیں، ساتھ آگے بڑھیں گے.

    مزید پڑھیں: عثمان بزدار کو میرٹ پر وزیر اعلیٰ لگایا گیا: صمصام بخاری

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی کابینیہ میں‌تبدیلی کے بعد یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ پنجاب میں‌بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیلی کیا جاسکتا ہے، البتہ بعد میں ان خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے واضح‌کیا گیا کہ وزیر اعظم کو وزیر اعلیٰ پنجاب میں مکمل اعتبار ہے.

  • تنقید کی پروا نہیں، صرف عوام کی رائے کو اہمیت دیتا ہوں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    تنقید کی پروا نہیں، صرف عوام کی رائے کو اہمیت دیتا ہوں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تنقید کی پروا نہیں، صرف عوام کی رائے کو اہمیت دیتا ہوں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے کہا. انھوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ ہرقیمت پر جیتنی چاہتے ہیں.

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کے فلاحی ریاست کے خواب کی تعبیرکے لئے جان لڑا دیں گے، ملک مقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کر سکتے ہیں. کرپشن کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، قوم آگے بڑھ جائے گی.

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا کرپشن فری پاکستان قوم کے دل کی آواز بن چکا، عوام کی خدمت کے مشن سے بخوبی آگاہ ہیں، ارکان مثالی صوبہ بنانے کے مشن میں میرے دست و بازو ہیں، سچ بولتے ہیں اور سچی لگن سےعوام کی خدمت کر رہے ہیں.

    مزید پڑھیں: ہمارا وژن غریب اورامیر میں فرق کوختم کرنا ہے، عثمان بزدار

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو دھوکا نہیں دیں گے اور نہ ہی شوبازی کریں گے، تنقید کی پروا نہیں.

    یاد رہے کہ  17 اپریل 2019 کو امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی، جس میں انھوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان ناقابل فراموش ہے، میں پاکستان سے محبتیں اور خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں، پاکستان کے عوام نے بہت عزت و احترام اور پیار دیا۔

  • مجھے تنقید کی پروا نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مجھے تنقید کی پروا نہیں،عوامی خدمت کاسفرآگے بڑھاتے جائیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی وزرا سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ملاقات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اچھی طرزحکمرانی پر طویل مشاورت کی گئی.

    اس ملاقات میں انتظامی اموربہتر بنانے، عوامی سہولتوں کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا. ساتھ ہی مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے. وزیر اعلیٰ‌ نے ذخیرہ اندوز، ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیازکریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا.

    اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کومزید متحرک کردار ادا کرنا ہوگا، عوام کو کسی صورت مصنوعی مہنگائی کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑسکتے، گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے، میرٹ کو فروغ دیا جائے.

    مزید پڑھیں: ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا: عثمان بزدار کا شہباز شریف کی تنقید کا کرارا جواب

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گندم خریداری مہم میں چھوٹے کاشت کار کو تحفظ فراہم کریں‌ گے، کسانوں سے 1300 روپے فی من پرگندم خریدی جائے گی. عوامی خدمت میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے، مجھے تنقید کی پروا نہیں ہے.

    یاد رہے کہ گذشتہ دونوں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی، جس میں صوبائی سطح پر ہونے والے فیصلے زیر بحث آئے.

  • ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا: عثمان بزدار کا شہباز شریف کی تنقید کا کرارا جواب

    ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا: عثمان بزدار کا شہباز شریف کی تنقید کا کرارا جواب

    لاہور: وزیر  اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسلم لیگ ن کے صدر  شہباز شریف کو  ٹویٹر پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹویٹر پر شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بطور قیدی آپ کے حقوق سے بڑھ کر سہولیات فراہم کیں.

    یاد رہے کہ آج شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے کوٹ لکھپت میں‌ ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر  حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

    انھوں نے لکھا کہ میں اور خاندان کے دیگر افراد ہفتے میں دو تین بار ملتے تھے، تا کہ ان کی صحت کے بارے میں با خبر رہ سکیں، لیکن اب صرف جمعرات تک محدود کر دیا گیا۔ ماں، بہن، بھائی اور  بیٹی سے یہ حق چھیننا سراسرظلم و زیادتی ہے.

    اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لکھا کہ شہباز شریف کو لگتا ہے کہ آج بھی تمام حکومتیں ان کی اپنی ماضی کی حکومت کی طرح قانون کے برخلاف کام کرتی ہیں۔ ماضی میں مخالف پارٹیوں کے قیدیوں کو ہر طرح کی اذیتیں دی جاتی تھیں، طبی سہولیات تو کُجا، ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا تھا۔

    کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف سےملاقات نہ ہونے پر شہبازشریف ناراض

    انھوں‌نے مزید لکھا کہ اس کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے بطور قیدی آپ کے حقوق سے بڑھ کر سہولیات فراہم کیں۔ جیل مینوئل کے مطابق ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے جو ضرور کروائی جائے گی، حکومت پنجاب جیل مینوئل کے مطابق دیگر تمام سہولیات بھی فراہم کرتی رہے گی۔ یقین رکھیے ہمارا رویہ آپ کے رویے سے بہتر رہے گا۔

  • پنجاب میں متعدد وزرا کو ہٹایا جا سکتا ہے: ترجمان پنجاب حکومت

    پنجاب میں متعدد وزرا کو ہٹایا جا سکتا ہے: ترجمان پنجاب حکومت

    لاہور: حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ پنجاب میں آدھے سے کم وزرا کو تبدیل یا ہٹایا جا سکتا ہے، وزیرِ اعلیٰ کو وزرا ہٹانے کا اختیار حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ کچھ صوبائی وزرا کو ہٹایا بھی جا سکتا ہے اور تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

    شہباز گل نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج وزرا کی کارکردگی سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو 15 دن پہلے اجازت دے دی تھی، کہ وہ جس وزیر کو چاہیں ہٹا یا تبدیل کر سکتے ہیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں تنخواہوں کا معاملہ زیرِ بحث نہیں آیا، اس معاملے پر وزیر اعظم اپنے غم و غصے کا اظہار پہلے کر چکے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ سے گورننس کے معاملات پر بات ہوئی، عثمان بزدار نے پولیس کی کارکردگی رپورٹ پر بات کی۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی کو دیکھ کر آئی جی کو ہدایات کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں بیوروکریسی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران پر گفتگو ہوگی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وسائل نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلا جواز ہے۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت

    ملتان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ڈیرہ غازی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ملتان اور ڈی جی خان سیف سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں آر پی او ڈی جی خان نے امن و امان کی صورتِ حال پر وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں کہا کہ ڈولفن فورس کی نفری ڈی جی خان میں فراہم کر دی گئی، ڈی جی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تونہ شریف میں مددگار اور خدمت سینٹرز اب ایک عمارت میں ہوں گے۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تھانوں کی نئی عمارتوں کے لیے مقامات کا تعین کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان پولیس کاپنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے تکنیکی معاونت لینے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ اتھارٹی ایک کام یاب ادارہ سمجھا جاتا ہے، گزشتہ ماہ بلوچستان پولیس نے اپنے محکمے میں اصلاحات کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ اس سے قبل خیبر پختون خواہ پولیس نے بھی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد طلب کی تھی۔

    رواں ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ دوران اجلاس وزیر اعظم کی جانب سے پنجاب کے بڑے شہروں میں زرعی اراضی پر ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے سے روک دیا گیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں رقبے کے زیادہ استعمال کو روکنے کے لیے بھی نئی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق زمین پر پھیلاؤ کی بجائے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، فیصلے کا مقصد رقبے کا کم استعمال عمل میں لانا ہے۔

    اس سے قبل لاہور پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نے نماز جمعہ ایوان وزیر اعلیٰ کی مسجد میں ادا کی، نماز کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جبکہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے کے فیصلے کو سراہا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے 10 دسمبر کو لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس سے خطاب کیا تھا۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکل حالات سے نکلنے کے لیے بنیادی اقدامات اور جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب، عرب امارات اور چین سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ 2013 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ڈھائی ارب تھا، اوور سیز کو سہولیات دینے سے ترسیلات زر 10 ارب تک پہنچ سکتی ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ ایک سرمایہ کار پیسہ بنائے گا، تو دوسرا اسے دیکھ کر سرمایہ کاری کرے گا۔ سرمایہ کار وہیں آتا ہے جہاں اسے فائدہ ہو۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے وزیر اعظم کا دورہ کراچی کا بھی امکان ہے جہاں وہ امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ لیں گے۔

  • لاہور پولیس کا نو سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ذمہ دار افسر کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور پولیس کا نو سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد، ذمہ دار افسر کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور : پولیس نے نو سالہ بچے کو موبائل فون کی چوری کے الزام میں پکڑ کر سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، گرم استری اور ہیٹر لگا کر بچے کا جسم جلا ڈالا، وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس پر ذمہ دار افسر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسٹریٹ کرمنل نے موبائل چوری کے لیے نوسال کے بچے کو پھنسا دیا, دکان سے موبائل فون گھر پر دکھانے کے بہانے لیا اور ضمانت کے طور پر ایک بچے کو دکاندار کے پاس چھوڑ کر چلا گیا۔

    ملزم کے واپس نہ آنے پر دکاندار نے نو سالہ احمد کو تھانہ رائیونڈ پولیس کے حوالے کردیا، پولیس اہلکار تین دن تک بچے تشدد کرتے رہے، بچے پر بدترین تشدد کرتے ہوئے جلتے ہیٹر پر بٹھا کر چور کا پتہ پوچھتے رہے۔

    اس حوالے سے نو سالہ احمد کا کہنا ہے کہ تین روز پہلے ایک لڑکا مجھے یہ کہہ کر ساتھ لے گیا کہ ابو کے پاس چلو، لڑکا مجھے اپنے ساتھ موبائل شاپ پر لے گیا، لڑکے نے دکاندار سے موبائل لیا اور کہا گھر موبائل دکھا کر واپس آرہا ہوں، لڑکے نے دکان دار سے کہا یہ میرا چھوٹا بھائی ہے اسے ساتھ بٹھاؤ، لڑکے کے واپس نہ آنے پر دکاندار نے مجھے پولیس کےحوالےکر دیا۔

    بچے کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ احمد کے والد سات سال سے پہلے وفات پاچکے ہیں، اس نے اپنے ابو کو کبھی نہیں دیکھا، ہم نے3روز پہلے تھانہ گرین ٹاؤن میں احمد کی گمشدگی کی درخواست جمع کرائی تھی، آج تھانہ رائیونڈ سے کال آئی کہ اپنے بچے کو لے جاؤ,انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے احمد کو برہنہ کرکے ہیٹر پر بٹھائے رکھا۔

    علاوہ ازیں میڈیا پر خبر چلنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے گرین ٹاؤن تھانے میں بچے پر پولیس اہلکاروں کے تشدد کا سختی سے نوٹس لیا، عثمان بزدار نے بچے کے علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچے پرپولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے۔

    وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور تشدد کے ذمہ داراہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد تشدد کےذمے دار افسر سعید کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور قیام امن کے لیے شاندار خدمات پر پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے شہید افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف انمٹ کامیابیاں سمیٹی ہیں، ملک میں امن کا کریڈٹ پاک وطن کے بہادر سپوتوں کو جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ قوم نے بھی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جرأت کی نئی تاریخ رقم کی۔ قوم کی عظیم قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوا ہے۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عظیم اور لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن بحال ہوا، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مائنڈ سیٹ کو بھی کچلنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان میں امن لائی ہیں، شہدا کے خاندان ہمارے اپنے ہیں، تنہا نہیں چھوڑیں گے۔