Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، علیم خان کو خراج تحسین پیش، بیان بازی سے گریز کا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، علیم خان کو خراج تحسین پیش، بیان بازی سے گریز کا فیصلہ

    لاہور: پی ٹی آئی کے سینئر وزیر علیم خان کی گرفتاری کے معاملہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں‌ گرفتاری کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق اس موقع پر اجلاس کے شرکا نے عبدالعلیم خان کے وزارت سےمستعفی ہونے کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور پارٹی کے لئے خدمات کو سراہا.

    اجلاس میں عبدالعلیم خان کے ساتھ مکمل طورپر اظہار یکجہتی کیا گیا، ساتھ ہی فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر سیاست نہیں کی جائے.

    شرکا کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان کے معاملے میں سیاسی بیان بازی نہ کی جائے، کیس میں انصاف کی توقع رکھتے ہیں، تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے.

    یہ بھی پڑھیں: علیم خان کو حراست میں لینے سے ظاہر ہوا قانون سب کیلئے ایک ہے، وزیر ریلوے شیخ رشید

    اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ماضی کی طرح اب کسی ادارے پر کوئی حکومتی دباؤ نہیں، ماضی میں اداروں پر تنقید کر کے تشخص مجرو ح کرنے کی کوشش کی گئی، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، عبدالعلیم خان کو انصاف ملے گا.

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کو حراست میں لے لیا ہے، ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • سانحہ ساہیوال پر 72 گھنٹے میں جو کر سکتے تھے، وہ کیا: وزیراعلیٰ پنجاب

    سانحہ ساہیوال پر 72 گھنٹے میں جو کر سکتے تھے، وہ کیا: وزیراعلیٰ پنجاب

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر 72 گھنٹے میں جو کر سکتے تھے، وہ کیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق مانیٹرنگ کر رہے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں‌ پانی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا، جلد سٹرکوں اور صفائی کا نظام ٹھیک کریں گے.

    وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ موٹروے پر انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا، فراہمی آب کےمنصوبے کی انکوائری کرائی جائے گی، پنجاب کے 36 اضلاع میں ترقیاتی فنڈز 2 دن میں مل جائیں گے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میرا لیڈر میری تعریف کرتا ہے، تو مخالفین کو کیوں گلہ ہے؟

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ‌ پنجاب نے ملتان میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام کا تحفظ حکومتی ترجیحات میں سر فہرست ہے، پولیس عوام کےساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے.

    مزید پڑھیں: سانحہ ساہیوال: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے جے آئی ٹی کو مسترد کردیا

    یاد رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال میں‌ کار پر فائرنگ سے خواتین اور بچی سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے.

    واقعے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا. وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ‌ کو متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہدایت کی.

    بعد ازاں واقعے کی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، جس کی تفتیش جاری ہے.

  • سانحہ ساہیوال ، وزیراعظم عمران خان  نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا

    سانحہ ساہیوال ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا، وزیراعلیٰ ساہیوال واقعے پر ابتدائی جےآئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ دیں گے اور پنجاب پولیس کےنظام میں اصلاحات سےمتعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد پہنچ گئے، عثمان بزدار خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے، وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں وزیر اعلیٰ سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دیں گے اور واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت سےوزیر اعظم کوآگاہ کریں گے۔

    عثمان بزدار وزیراعظم کو سی ٹی ڈی کے ہٹائے گئے افسران اور اپنے دورہ ساہیوال سے متعلق بریف کریں گے جبکہ پنجاب پولیس میں اصلاحات پر بھی اپنی سفارشات پیش کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پنجاب پولیس کےنظام میں اصلاحات سےمتعلق اہم فیصلےکئےجائیں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے زیرِ صدارت مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس میں ساہیوال واقعے پرجوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ انسانی المیہ ہےاس کومثالی بنائیں گے، اپوزیشن کےمطالبے پرجوڈیشل کمیشن بنانے پرتیارہیں اپوزیشن اپنےممبرز دیناچاہتی ہےتو دے سکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم نےپنجاب پولیس میں اصلاحات کیلئے سفارشات طلب کرلیں

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کو سانحہ ساہیوال پر رپورٹ پیش کی گئی تھی ، جس پر وزیراعظم نےپنجاب پولیس میں اصلاحات اورمسقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات طلب کرلیں تھیں۔

    واضح رہے 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی،جبکہ سی ٹی ڈی نے متضاد بیان دیا تھا۔

  • سانحہ ساہیوال : جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پیش ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہارعدم اطمینان

    سانحہ ساہیوال : جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پیش ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہارعدم اطمینان

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ انکوائری کو سنجیدگی سے نہ لینا نامناسب رویہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، وزیرقانون پنجاب راجا بشارت ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام بھی موجود تھے۔

    اجلاس  میں سانحہ ساہیوال کی ابتدائی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جےآئی ٹی کے سربراہ اعجازشاہ وزیراعلیٰ پنجاب کو سانحہ کی ابتدائی رپورٹ میں مطمئن نہ کرسکے، وزیراعلیٰ نے جے آئی ٹی کے سربراہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کو سنجیدگی سے نہ لینا نامناسب رویہ ہے۔

    جےآئی ٹی اصل ذمہ داروں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی، اصل ملزمان کو بچا کر نچلے عملے کو ذمہ دارقراردیاجارہا ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں سی ٹی ڈی کے سربراہ اورایس ایس پی آپریشن کی تبدیلی کے فیصلے کا بھی امکان ہے۔

    ساہیوال واقعے کی مزید تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن کے قیام کا امکان

    علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں ساہیوال واقعے کی مزید تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن بنائےجانے کا امکان طاہر کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب وزیر اعظم عمران خان کو جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ سے آگاہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے جےآئی ٹی سربراہ کو میڈیا بیانات سے روک دیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب جو ڈیشل کمیشن بنانے پر وزیراعظم سے مشاورت کریں گے، واضح رہے کہ اپوزیشن نے بھی ساہیوال واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

    خلیل اور اس کے اہل خانہ بے گناہ جبکہ ذیشان کا کردار مشکوک قرار

    جےآئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ میں خلیل اور اس کے اہل خانہ کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے، جےآئی ٹی نے ذیشان کے کردار کو مشکوک قرار دیا، جے آئی ٹی کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں نے طے شدہ حد سے تجاوز کیا۔

  • پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری

    پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے اجلاس میں پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تاریخی شہر سیاحت کے فروغ کا باعث ہیں، اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کو بھی سیاحت کے لیے مزید پرکشش بنایا جائے۔

    انہوں نے پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کے شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں، محکمہ صحت میں 9 ہزار نئی بھرتیاں کی ہیں، وزرا اور افسران کی ہر ضلع میں ڈیوٹیاں لگا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جامع روڈ میپ تیار کر لیا ہے، ترقی اور خوشحالی کے پروگرام پر عمل سے مثبت نتائج نکلیں گے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، فلاح عامہ کے پروگراموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

  • لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کے پسے ہوئے افراد کا خیال رکھنا ہماری ذمے داری ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔ لاہور میں پناہ گاہوں کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے خود دورہ کر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں، لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گی۔ عارضی پناہ گاہ بنا کر سڑکوں پر سونے والوں کو چھت فراہم کر دی۔ پناہ گاہوں میں مفت علاج کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیام کرنے والوں کو رات کا کھانا اور ناشتہ فراہم کیا جاتا ہے، عارضی پناہ گاہوں تک ٹرانسپورٹ بھی شروع کی گئی ہے۔

  • وزیر خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات

    وزیر خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات

    لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے ہر سطح پر بھارتی ظلم کو بے نقاب کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خود مختار پاکستان ہماری منزل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے بعد کابینہ اجلاس دیگر ڈویژن میں بھی ہوں گے، جنوبی پنجاب کے لیے الگ سیکریٹریٹ کا قیام جلد عمل میں آئے گا۔ جنوبی پنجاب کے لیے ترقیاتی پروگرام بھی الگ ہوگا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، ملتان میں کینسر اسپتال کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا، حکومت تمام ممالک سے برادرانہ تعلقات کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

  • صوبہ جنوبی پنجاب کے لیے کام ہو رہا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صوبہ جنوبی پنجاب کے لیے کام ہو رہا ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کسی کی لڑائی نہیں سب ایک پیج پر ہیں۔ تجاویز لے رہے ہیں، صوبہ جنوبی پنجاب کے لیے کام ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں ہوا۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا سب سے پہلے بہاولپور میں اجلاس کریں گے۔ ہم پورے صوبے میں جائیں گے سب سے ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سیکریٹریز کی ذمہ داری لگائی ہے جو مسائل ہیں پیش کریں، جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے نام سے ہم نے الیکشن لڑا۔ تمام کام میرٹ کے مطابق ہوں گے کوئی سفارشی پروگرام نہیں چلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے کے مطابق تمام کمیٹیاں فعال ہیں۔ جو بھی کمی اور مسائل ہیں انہیں حل کریں گے۔ کسی کی لڑائی نہیں سب ایک پیج پر ہیں۔ تجاویز لے رہے ہیں، صوبہ جنوبی پنجاب کے لیے کام ہو رہا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چولستان یونیورسٹی اسی سال مکمل اور فعال ہوجائے گی، کابینہ اجلاس میں 23 رکنی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ بہت سارے وائس چانسلر تعینات کرنے جا رہے ہیں۔ سرکار صرف لاہور میں بیٹھ کر مانیٹر نہ کرے بلکہ موقع پر جائے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی دیہی علاقوں سے آئے سائلین سے ملاقات

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی دیہی علاقوں سے آئے سائلین سے ملاقات

    لاہور: آج وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دیہی علاقوں سے آنے والی سائلین سے ملاقات کی.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار دیہی علاقوں سے آنے والے افراد کے مسائل سنے.

    وزیراعلیٰ پنجاب نے سائلین کو اپنے ساتھ بٹھایا اور موقع ہی پر ان کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے. ساتھ ہی انھوں نے سائلین کو بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی.

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا گیا، ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں.

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خود نامزد کیا تھا، اس موقع پر وزیر اعظم نے موقف اختیار کیا تھا کہ عثمان بزدار پس ماندہ علاقے سے ہیں، وہ ایمان دار شخص ہیں اور  غریبوں کے مسائل کا اقدار رکھتے ہیں۔

  • شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے: عثمان بزدار

    شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے، شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ قوم کے ہیرو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم شہدائے آرمی پبلک اسکول کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے۔ شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ قوم کے ہیرو ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔