Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • مسلم لیگ ن نے سیکیورٹی کے نام پر 55 کروڑ روپے جاتی امرا پر خرچ کیے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    مسلم لیگ ن نے سیکیورٹی کے نام پر 55 کروڑ روپے جاتی امرا پر خرچ کیے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے سیکیورٹی کے نام پر 55 کروڑ روپے جاتی امرا پر خرچ کیے، اتفاق فاؤنڈری سے 240 کنال اراضی وا گزار کروائی گئی۔ اس میں سے 71 کنال اراضی وفاقی حکومت کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا، سرکاری زمینوں پر تجاوزات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاکھوں ایکڑ اراضی واگزار کروائی۔ اتفاق فاؤنڈری سے 240 کنال اراضی وا گزار کروائی گئی۔ اس میں سے 71 کنال اراضی وفاقی حکومت کی تھی۔ کوشش کی ہے انسداد تجاوزات آپریشن میں عام آدمی متاثر نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ کے پاس 2 ہزار سے زائد، ہمارے پاس صرف 60 سیکیورٹی اہلکار ہیں۔ سرکاری زمینوں پر قبضے میں اداروں کے افسران شامل تھے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا بھی پتہ چلایا گیا۔ ہفتے میں ایک دن عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔ میرے دروازے عام آدمی کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

    عثمان بزدار نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے سیکیورٹی کے نام پر 55 کروڑ روپے جاتی امرا پر خرچ کیے، جس نے بھی سرکار کا پیسہ کھایا اسے واپس کرنا پڑے گا۔ جہاں جس اقدام کی ضرورت ہوئی ہم کریں گے۔

  • لاہور: پنجاب بھر میں بیوروکریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلے

    لاہور: پنجاب بھر میں بیوروکریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلے

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے صوبے بھر میں بیورو کریٹس کے بڑے پیمانے پر تقرری و تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے۔

    جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی سی لاہور انوارالحق کی خدمات وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے سپرد کی گئیں ہیں، تقرری کی منتظر صالحہ سعید ڈی سی لاہور تعینات کردی گئیں۔

    ڈی سی حافظ آباد عدنان ارشد ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ تعینات کیے گئئے ہیں، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نوید شہزاد ڈی سی حافظ آباد جبکہ سہیل خواجہ ڈی سی جہلم تعینات کیے گئے ہیں، عمران قریشی کی خدمات رنگ روڈ اتھارٹی کے سپرد کی گئیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن اینڈ کلچر ڈی سی اٹک تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی سی میانوالی زاہداقبال کا تبادلہ کرکے ڈائریکٹرمحکمہ بلدیات فیصل آباد تعینات کردیا گیاہے۔

    شعیب جدون ڈی سی میانوالی تعینات اور ڈی سی چکوال غلام صغیر کا بھی تبادلہ کردیا گیا، عبدالستارڈی سی چکوال اورارشد منظور ڈی سی خوشاب تعینات کیے گئے ہیں، ڈی سی ساہیوال زمان وٹو کو تبدیل کرکے سید اللہ ڈوگر کو تعینات کیا گیا ہے۔

    ڈی سی لودھراں ثاقب علی کا بھی تبادلہ کردیا گیا، راؤامتیاز ڈی سی لودھراں تعینات کیے گئے ہیں، ڈی سی بہاولپور ایوب خان کو تبدیل کرکے ایڈیشنل سیکریٹری یوتھ افیئرز تعینات کیاگیا ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ کے اسٹاف آفیسر شوزب سعید ڈی سی بہاولپور تعینات، احتشام انور ڈی سی مظفر گڑھ اور بابر بشیر ڈی سی لیہ تعینات کیے گئے ہیں، الطاف بلوچ ڈی سی راجن پور، امان انورڈی سی چنیوٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

    ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ مریم خان ڈی سی قصور تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن احمد کمال کو ڈی سی پاکپتن تعینات کیا گیا ہے۔

  • بجٹ الفاظ کی جادوگری نہیں، حقیقت پسندانہ اہداف پر مبنی ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بجٹ الفاظ کی جادوگری نہیں، حقیقت پسندانہ اہداف پر مبنی ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پہلا بجٹ عوامی امنگوں کے مطابق ترتیب دیا ہے۔ بجٹ الفاظ کی جادوگری نہیں، حقیقت پسندانہ اہداف پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تبدیلی سب کو نظر آئے گی، عوامی خدمت کے سفر میں جو ممکن ہوا کریں گے۔ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں وزیر اعلیٰ ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے، پہلا بجٹ عوامی امنگوں کے مطابق ترتیب دیا ہے۔ بجٹ الفاظ کی جادوگری نہیں، حقیقت پسندانہ اہداف پر مبنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی میں آ کر لگتا ہے میں اپنے گھر آیا ہوں، ’ہم نے مل کر اپنے گھر کو خوبصورت بنانا ہے‘۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ پر پری بجٹ بحث کروائیں گے، گڈ گورننس اور مالیاتی نظم و ضبط ہمارا نصب العین ہے۔ بجٹ میں کوئی ہیر پھیر نہیں کیا عوام سے کچھ نہیں چھپایا۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے کابینہ اجلاسوں کا آغاز کریں گے۔ بڑا ترقیاتی بجٹ رکھا ہے جس پر ارکان کی مشاورت سے عمل کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں خوشحالی لے کر آنا ہمارا منشور ہے۔

  • وزیراعظم نے منشا بم کے معاملے پرسخت ایکشن لے لیا، ایم این اے کرامت کھوکھرکی طلبی

    وزیراعظم نے منشا بم کے معاملے پرسخت ایکشن لے لیا، ایم این اے کرامت کھوکھرکی طلبی

    لاہور : وزیراعظم نے منشا بم کے معاملے پر سخت نوٹس لے لیا، عمران خان نے پی ٹی آئی ایم این اے کرامت کھوکھر کو طلب کرلیا، محمودالرشید کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے ایم پی اے کرامت کھوکھرکو بلا کر منشا بم سے متعلق وضاحت طلب کرلی، کرامت کھوکھر ملاقات کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو قبضہ مافیا کیخلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ کرامت کھوکھر سے فوری وضاحت طلب کریں، چاہے پارٹی کا کوئی بھی رہنما ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ منشا بم جیسے لوگ گزشتہ دس سال سابق حکومت کے ساتھ رہے لیکن کبھی سابق حکومت نے منشا بم پر ہاتھ نہیں ڈالا، سب ملے ہوئے تھے۔

    محمودالرشید نے مزید کہا کہ قبضہ گروپ کی مانیٹرنگ کیلئے سیل بنارہے ہیں، انشااللہ جلد قوم کو خوشخبری ملے گی، اینٹی انکروچمنٹ مہم جاری رہے گی۔

    بڑے مگرمچھوں پرہاتھ ڈال رہےہیں۔ کرامت کھوکھر نے کبھی کسی قبضہ گروپ کاساتھ نہیں دیا، انکوائری کرائی، کرامت کھوکھر کسی بھی مسئلےمیں ملوث نہیں۔

  • نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چند عاقبت نااندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے ملاقات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلٰی نے کہا کہ آپ کی کامیابی عمران خان کے نئے پاکستان کی جیت ہے، نئے پاکستان کی تعمیر میں ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا، اب عوام کی خاطر سب کچھ بدلنا ہے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم پنجاب سے سینیٹ کی نشست پر کامیاب

    یاد رہے گذشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ سے پنجاب میں خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پرانتخاب ہوا، پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم نےایک سو اکاسی ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ حسان کو ایک سو انہتر ووٹ ملے۔

    یہ نشست پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سرور کے استعفے کےبعد خالی ہوئی تھی، چوہدری سروراس وقت پنجاب کے گورنرہیں۔

  • موجودہ حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

    موجودہ حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور :  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 100 روزہ پروگرام پر عمل کے لیے وزارتوں کو اہداف دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ متعین کردہ اہداف پر پیش رفت کی نگرانی خود کر رہا ہوں، 100 روزہ ایجنڈا عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کی منصوبہ بندی ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 100 روزہ پروگرام پر ہر قیمت پر عملدر آمد کیا جائے گا، موجودہ حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے، حکومت عوام کے مسائل ان کے دروازے پر حل کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت انصاف کی بالادستی، میرٹ اور گڈ گورننس کو فروغ دے گی۔


    مزید پڑھیں : نئے بلدیاتی نظام سے موجودہ اسٹیٹس کو ختم ہوجائے گا: عثمان بزدار


    یاد رے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اور خواہشات کےمطابق ہوگا، بلدیاتی نمائندوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا تھا کہ مسائل دہلیز پر حل کرنے کے عمل میں نظام اہم کردارادا کرے گا، بلدیاتی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے نظام میں شفافیت کو ہر قیمت پرملحوظ خاطررکھا جائے گا، ایسانظام وضع کیاجارہاہے، جس سے مسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے۔

  • مسائل کے حل کے لیے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے، عثمان بزدار

    مسائل کے حل کے لیے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی و چیف سیکریٹری کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران اپنے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھیں، عوامی شیاکات اور حل کے لیے 2 گھنٹے مختص کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیف سیکریٹری، آئی جی اور اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو افسران و اہلکاروں کے رویّے میں تبدیلی کا احساس ہونا چائیے اور افسران بھی اپنے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوامی شیاکات اور حل کے لیے 2 گھنٹے مختص کیے جائیں، عوامی شکایات کے اوقات کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثما بزدار کا کہنا تھا کہ معاشرے کی ترقی اور عوام کے خدمت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، مسائل کے لیے حل پر مانیٹرنگ کا جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کی تقدیربدلیں گے،عثمان بزدار


    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کاسفر شروع ہو چکاہے، ان کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کی تقدیربدلیں گے۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ڈی جی خان اور قبائلی علاقوں کے وفود سے ملاقات میں کہنا تھا کہ عوام کی نبض پرہمارا ہاتھ ہے، میں عوام سے ہوں اور ان کے مسائل جانتا ہوں۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 100 روزہ ایجنڈا عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہے، پوری تندہی سے اس ایجنڈے کو مکمل کریں گے، میرے دروازے کھلے ہیں، عوام سے ہروقت رابطہ رکھتا ہوں۔

  • نئے بلدیاتی نظام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    نئے بلدیاتی نظام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ نئے بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں صدر کے انتخاب کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسمبلی میں صحافیوں سے ملاقات کی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا کے معاملے پر اجلاس بلایا تھا، دروازے سب کے لیے کھلے ہیں جو بھی آتا ہے مسئلہ حل کرتا ہوں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ آئی جی آپ کے کہنے پر تبدیل ہوا جس پر انہوں نے کہا کہ میں اب اس پر کیا کہوں، معاملہ عدالت میں ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آج آخری ووٹ تک اسمبلی میں موجود رہوں گا، بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ نئے بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 56 کمپنیز میں کرپشن کا معاملہ نیب میں ہے۔ صاف پانی کی فراہمی کا ٹاسک چوہدری سرور کو دیا ہے۔ چیف سیکریٹری اکبر درانی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سنجیدہ کیس ہے آئی سی یو میں رکھا جائے گا۔ آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی جائے گی، اورنج لائن سمیت اچھے منصوبے جاری رہیں گے۔ کسی کے منصوبوں پر تختی لگانے کا شوق نہیں۔

  • عثمان بزدارکومخلص اورایماندار پایا، وہی وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوارہیں، عمران خان

    عثمان بزدارکومخلص اورایماندار پایا، وہی وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوارہیں، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر  واضح کیا ہے کہ عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہے، دو ہفتے تک اس کے نام پر غور کیا اور اسے ایماندار پایا۔

    یہ بات انہوں نے وزیر اعظم بننے کے بعد اپنے پہلے ٹوئٹر پیغام میں کہی، وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جانب سے نامزد ہونے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار عثمان بزدار کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

    انہوں نےکہا ہے کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے انتہائی پسماندہ علاقے ڈی جی خان سے ہے، عثمان بزدار مضبوط شخصیت اور نئے پاکستان کے نظریے کو اچھی طرح جانتا ہے۔ اس نام پر دو ہفتےتک غور خوص کیا گیا جس کے بعد ہی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا گیا۔

    عثمان بزدار پر مقدمہ سیاسی نوعیت کا تھا، فواد چوہدری کی وضاحت

    علاوہ ازیں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے متعلق پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے بھی وضاحت کی ہے کہ عثمان بزدار کے حوالے سے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، عثمان بزدار پر نیب کا کوئی مقدمہ نہیں ہے، ان کیخلاف سیاسی بنیاد پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا مقدمہ اس وقت ان کے مخالف امیدوار نے درج کروایا تھا، انتخابات میں سیاسی امیدواروں پر ایسے مقدمات بنائے جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا جس کے بعد میڈیا میں عثمان بزدار سے متعلق مختلف قسم کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

    میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار پر 1998میں قتل کی منصوبہ بندی کے مقدمہ کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی آر میں عثمان بزدار، ان کے والد اور بھائی کو نامزد کیا گیا تھا، ڈیرہ غازی خان کی عدالت نے 2000 میں فیصلہ سنایا، جس میں انہوں نے چھ افراد کے قتل کی دیت75لاکھ روپے بھی ادا کی تھی۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر قتل کا مقدمہ سامنے آگیا

    اس کے علاوہ گزشتہ رات عثمان بزدار کی وزرات اعلیٰ کی نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ہنگامہ کھڑا کر دیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ وہ نیب زدہ ہیں اور ان کی جائیداد اور قتل کے منصوبے کے بارے میں تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

  • عمران خان جسے چاہیں گے وہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب بنے گا، علیم خان

    عمران خان جسے چاہیں گے وہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب بنے گا، علیم خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے وسطی پنجاب کے رہنما عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان جسے چاہیں گے وہی پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ بنے گا، میں اس عہدے کے لیے امیدوار نہیں ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ وزارتیں دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی چیئرمین ہی کریں گے، خان صاحب جس کو چاہیں وزارت دیں گے۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے لیے رابطے جاری ہیں، مجھ پر الزامات نہ لگائے جائیں، شریف بردران کے پاس میرے خلاف ثبوت ہیں تو پیش کرے۔

    پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے مزید کہا کہ میری سیٹ پردوبارہ گنتی ہو رہی ہے، ضرور کام یاب ہوں گا، ٹکٹ نہ ملنے پر کچھ دوست آزاد حیثیت میں کھڑے ہو گئے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کے مکمل نتائج جاری کر دیے


    علیم خان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی میں آزاد امیدواروں کی شمولیت بارش کا پہلا قطرہ ہے، جلد مزید آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پنجاب کے 29 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہوں۔

    واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما علیم خان نے این اے 129 لاہور کی سیٹ مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق کے مقابلے میں ہاری ہے، جب کہ پی پی 162 کی سیٹ بھی محمد یاسین کے مقابلے میں ہار دی ہے۔

    این اے 129 لاہور سے علیم خان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی گئی ہے، انھوں نے پی پی 162 میں بھی یاسین کی کام یابی کو چینلج کر دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔