Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔

    عثمان بزدار نے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دیا۔

    اجلاس میں لاہور میں پہلے مرحلے میں 100 فیڈر بسیں چلانے کے فیصلے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا اہم ضرورت ہے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے بس پراجیکٹ لا رہے ہیں، ایکو فرینڈلی اربن بسیں چلنے سے اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں میں عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل لیول بس اسٹینڈ منصوبے پر رپورٹ طلب کرلی گئی، وزیر اعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ بس ٹرمنل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمنل سے شہر میں ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔

  • پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی دی جائے گی، پنجاب میں کرکٹ کے 2 نئے ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی، کمیٹی کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کراچی پہنچ گئے

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کراچی پہنچ گئے

    کراچی: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کراچی پہنچ گئے ہیں، انھوں‌ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آج کراچی میں سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر ان سے ان کے والد عطا اللہ مینگل کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    عثمان بزدار نے گفتگو میں کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل مدبر اور وضع دار سیاست دان تھے، وہ سیاست میں ایک الگ مقام رکھتے تھے، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عطا اللہ مینگل کے انتقال پر وہ ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

    بزرگ بلوچ رہنما سردار عطا اللہ مینگل انتقال کر گئے

    یاد رہے کہ رواں ماہ 2 ستمبر کو سردار عطا اللہ مینگل کا انتقال ہوا تھا، ان کی عمر 93 برس تھی، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے، اور ایک نجی اسپتال میں کچھ دنوں سے زیر علاج تھے۔

    سردار عطااللہ مینگل 1929 کو پیدا ہوئے، 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کے سردار مقررہوئے، وہ بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے، ان کا شمار بلوچستان کی قوم پرست سیاست کے ابتدائی رہنماؤں میں ہوتا ہے، اور وہ بلوچستان کی تاریخ اور قبائلی لحاظ سے ایک اہم شخصیت تھے۔

    سردار عطا اللہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی رہے، موجودہ سربراہ سردار اختر جان مینگل ان کے صاحب زادے ہیں۔

  • صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے: عثمان بزدار

    صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے، اپوزیشن نے شور مچا کر اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے، پارلیمنٹ کے 3 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا، شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔

    انہوں نے کہا کہ نااہل اپوزیشن نے اس اہم موقع پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی، اپوزیشن جماعتوں کا اخلاق سے گرا رویہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا شور مچانا ان کی فرسٹریشن کو ظاہر کرتا ہے، اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ، نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ، نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق

    لاہور: پی ٹی آئی کے نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ملک اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے صوبائی وزیر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر عرف گوگا اور ایک نامعلوم شخص زخمی ہو گئے تھے، جنھیں اسپتال لے جایا گیا تاہم ملک گوگا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے، تقریب میں صوبائی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی شریک تھیں، شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ حملہ آوروں نے وزیر اعلیٰ کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی نے حملہ آور کو پکڑا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسد کھوکھر کے بھائی کو ٹارگٹ کر کے ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، فائرنگ کرنے والا شخص پکڑا جا چکا ہے اور اس کا نام ناظم ہے اور وہ مانا والا کا رہائشی ہے، جب کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت عمر مظہر کے نام سے ہوئی ہے۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کی آئی جی سے رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، عثمان بزدار نے حکم دیا ہے کہ سیکیورٹی کے انتظامات سے متعلق بھی جامع انکوائری کی جائے، اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔

    ترجمان پنجاب حکومت مسر جمشید چیمہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ میں تقریب میں پہنچی ہی تھی کے فائرنگ کے واقعے کا پتا چلا اور اسی وقت ایک جیپ تیزی سے باہر نکلی تھی، ملک اسد کھوکھر فائرنگ کے واقعے میں محفوظ ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت تمام اعلیٰ شخصیات بھی محفوظ ہیں۔

    ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق شادی کی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب 3 منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورہ ڈیرہ غازی خان کے دوران 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    وزیر اعلی ٰ جناح فیملی پارک کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے، جناح پارک کی بحالی پر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ وزیر اعلی آفیسر کلب میں نئی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ آفیسر کلب میں سہولیات کی فراہمی پر 4 کروڑ 72 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

    عثمان بزدار ملٹری پولیس سرائے کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔

    اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب زچہ و بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام پر 2 ارب سے زائد کی لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار وقار کینٹین تاگدائی 2 رویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ سڑک کی تعمیر پر 26 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

    عثمان بزدار 371 واٹر فلٹریشن پلانٹ اور 31 ہینڈ پمپس کی تنصیب کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 46 کروڑ 59 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

  • سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں کے حوالے سے اچھی خبر

    سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں کے حوالے سے اچھی خبر

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دورکرنے کے لئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا بجٹ میں ملازمین کو اچھی خبر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے لئے کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں ڈی آراے کمیٹی نےوزیر اعلیٰ پنجاب اور شرکا کو سفارشات اور تجاویزپیش کیں۔

    اجلاس میں محکموں کی غیرضروری اسامیوں کو ختم کرنےپرغور کیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سرکاری ملازمین کوان کا حق ضرور دیں گے، مہنگائی کےتناسب سےتنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا احساس ہے،چھوٹےسرکاری ملازمین کے معاشی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل ہوں گے ۔

    عثمان بزدار نے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دورکرنے کے لئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا تنخواہوں میں تفاوت سےملازمین کااحساس محرومی بڑھ رہا ہے، بجٹ میں ملازمین کو اچھی خبر دیں گے۔

  • رنگ روڈ اسکینڈل، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل، پبلک کرنے کی منظوری

    رنگ روڈ اسکینڈل، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل، پبلک کرنے کی منظوری

    لاہور: رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہو گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے دی ہے، وزیر اعلیٰ کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے متن میں موجود سفارشات پر من و عن عمل درآمد کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، کمیٹی کی جانب سے سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں محمد محمود اور وسیم علی تابش کا کیس نیب بھجوانے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں، دونوں افسران نے غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن پر 2.3 ارب روپے تقسیم کیے، اتنی بڑی رقم کی ادائیگی اٹک لوپ کے رینٹ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق وسیم علی تابش نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ضلع اٹک میں 2 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی، رینٹل سینڈیکیٹ میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی، جس میں فائدہ اٹھانے والے بے نامی حصہ دار بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

    راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں بے قاعدگیوں کا انکشاف

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن قواعد و ضوابط اور انتظامی قوانین کی دھجیاں اڑانے پر محمد محمود کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے، محمد محمود کے بھائی کا مکہ سٹی کے ساتھ تعلق کا بھی انکشاف ہوا ہے، سابق کمشنر نے اپنے بھائی کو فائدہ پہنچانے کے لیے یا اس کے ذریعے بے نامی طریقے سے خود کو فائدہ پہنچانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    رپورٹ کے مطابق توقیر شاہ اور نیسپاک کے چند افسران کو بھی ان بے ضابطگیوں میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، سفارش کی گئی ہے کہ میسرز Zeeruk کو پی اینڈ ڈی پنجاب کی جانب سے بلیک لسٹ کیا جائے، اور ممبر پی اینڈ ڈی فرخ نوید کو عہدے سے ہٹایا جائے اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔

    یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ایف بی آر اور ایف آئی اے کو 12 مختلف ہاؤسنگ سوسائیٹیز اور پراپرٹیز کے حوالے سے چھان بین کی ذمہ داری دی جائے، اور ان میں موجودہ یا ریٹائرڈ افسران کے بے نامی حصہ دار ہونے کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔

    سفارش کی گئی ہے کہ بورڈ آف ریوینیو پنجاب تشہیر کی گئی الائنمنٹ کے حوالے سے ریوینیو اسٹیٹس کے ڈی سی ریٹس کی موجودہ مارکیٹ ریٹس کے ساتھ تصدیق کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دے، اور ایف آئی اے کا سائبر ونگ غیر منظور شدہ سوسائیٹیر کی آن لائن اور دیگر تشہیر اور نووا سٹی کی جانب سے منظور شدہ ایریا سے زائد سیلز کے حوالے سے تحقیقات کرے۔

  • جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے: وزیر خارجہ

    جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے: وزیر خارجہ

    لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں جنوبی پنجاب کے معاملات زیر بحث آئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شاہ محمود قریشی کو جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب تحریک انصاف کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقی کرے گا، اسکولوں کی اپ گریڈنگ میں جنوبی پنجاب کو 38 فیصد حصہ دیا گیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شکست خوردہ عناصر جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ ختم کرنے کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں عوام نے فیصلہ کن برتری سے نواز، تحریک انصاف جنوبی پنجاب سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو ہی حاصل ہوگا، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو بااختیار کر رہے ہیں تاکہ عوام کو لاہور نہ آنا پڑے، باقاعدگی سے ہر ماہ ملتان جا کر ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کا جائزہ لوں گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس بھی ملتان میں ہوگا، صوبائی وزرا ایک ایک دن جنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے، جنوبی پنجاب کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، ملازمتوں کا کوٹہ مخصوص کرنے پر قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہے، انہوں نے بروقت ایکشن لے کر افواہوں کا خاتمہ کردیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا راجن پور کی ترقی کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا راجن پور کی ترقی کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان

    راجن پور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے شہر راجن پور کی ترقی کے لیے 20 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور میں ایک تقریب سے خطاب میں عثمان بزدار نے علاقے کے لیے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پیکیج عوام کا حق ہے، کوئی احسان نہیں۔

    انھوں نے کہا پس ماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں ہے، راجن پور میں 804 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں، ان منصوبوں کو تقریباً 20 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ قائم ہو چکا ہے، اب راجن پور کے لیے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر آیا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تمام تر پراجیکٹس آئندہ 2 برس میں مکمل کرائیں گے، راجن پور کے عوام کے لیے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال نعمت کے مترادف ہے، اس منصوبے کو 8 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، آج ایک ارب سے زائد کے 7 منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے راجن پور کے لیے یونی ورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا، اور کہا یونیورسٹی کو 100 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، راجن پور میں سیوریج سسٹم کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا، جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر سے خوش حالی آئے گی، اس منصوبے کا اپریل میں آغاز کر دیا جائے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا راجن پور میں 10 بنیادی مراکز صحت اور 20 اسکول بنائے جائیں گے، قبائلی علاقے میں واقع ماڑی کو سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا جن میں لائیو اسٹاک سروسز ٹریننگ سینٹر فاضل پور کا افتتاح، 34 ویٹرنری کلینکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد، سیوریج اور ڈرینج اسکیم کا سنگ بنیاد، کاٹن ریسرچ سب اسٹیشن کا سنگ بنیاد، تحصیل کمپلیکس روجھان کی تعمیر کا سنگ بنیاد، جنرل بس اسٹینڈ کے منصوبے کا سنگ بنیاد شامل ہیں۔