Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • 50 ہزار ملازمین، پنجاب حکومت کا بڑا اعلان

    50 ہزار ملازمین، پنجاب حکومت کا بڑا اعلان

    لاہور: پنجاب حکومت نے کنٹریکٹ اور ورک چارج پر تعینات 50 ہزار ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملازمین کو سہولیات دینے کا حکم دے دیا ہے، پنجاب کے سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے محکمہ ریگولیشن کو احکامات جاری کر دیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریگولیشن نے احکامات ملنے کے بعد سرکاری محکموں سے رپورٹس لے کر سمری بھجوانے کی ہدایت جاری کی ہے، سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری کابینہ اجلاس میں رکھی جائے گی۔

    عوام کو ریلیف دینے کے ہرممکن اقدام کریں گے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ہر ممکن اقدام کرے گی، سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات میں انھوں نے کہا عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور فرض بھی، صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔

  • خواجہ داؤد کے عثمان بزدار پر الزامات، پی ٹی آئی ارکان کا تنظیمی کارروائی کا مطالبہ

    خواجہ داؤد کے عثمان بزدار پر الزامات، پی ٹی آئی ارکان کا تنظیمی کارروائی کا مطالبہ

    ڈی جی خان: پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ داؤد سلیمانی کے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر الزامات پر ڈیرہ غازی خان کے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی عثمان بزدار کے حق میں بول پڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی خان سے پی ٹی آئی ارکان نے خواجہ داؤد کے وزیر اعلیٰ پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خواجہ داؤد کے خلاف تنظیمی کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    پی ٹی آئی رکن سردار احمد علی خان دریشک کا کہنا تھا خواجہ داؤد کے پیچھے کون ہے، ہم بے نقاب کریں گے، اور بہت جلد ثبوت بھی منظر عام پر لے آئیں گے۔

    سردار دریشک نے کہا کہ خواجہ داؤد سینیٹ انتخاب سے قبل کسی اشارے پر متحرک ہوئے ہیں، اور وہ اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں، خواجہ داؤد حلقے میں جاتے نہیں لوگ بھی ان سے نالاں ہیں۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے کی پرویز الہٰی سے وزیر اعلیٰ کی شکایت

    انھوں نے کہا خواجہ داؤد کے پیچھے موجود قوتوں کو بے نقاب کیا جائے گا، حکومت کو چھوڑ کر کوئی اپوزیش میں نہیں جانا چاہتا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تمام پی ٹی آئی ارکان متحد ہیں۔

    حنیف پتافی نے بھی خواجہ داؤد کے حلقے میں کام نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کر دیا، انھوں نے کہا خواجہ داؤد کے حلقے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کا پیکج دیاگیا، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے، مجموعی بجٹ کا 33 فی صد جنوبی پنجاب کے لیے لازم قرار دیاگیا ہے، اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا سے صحت یابی پر اللہ کے شکر گزار، ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا سے صحت یابی پر اللہ کے شکر گزار، ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اللہ اور عوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا سے صحت یابی پر اللہ کا اور دعائیں کرنے پرعوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی میرا اوڑھنابچھونا ہے، محنت،جذبے اورعزم سےفلاح عامہ کاسفر جاری رکھیں گے، عوام سے اپیل ہے وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

    عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا جان لیوا مرض ہے،احتیاطی تدابیرمیں ہی تحفظ ہے، کوروناکی دوسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے ، شہری باہرنکلتے وقت ماسک پہننے کی پابندی پرعمل کریں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ کورونا کے دوران بھی سرکاری امور نمٹاتا رہا، پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں، صحتیابی کے بعد مزید محنت اور جذبے سےعوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

  • لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانے کا اعلان

    لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ پنجاب پاکستان کا سیاحتی مرکز بنے، لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسوں کو متعارف کروا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آج کا دن سیاحت کے حوالے سے اہم ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے 83 کروڑ روپے سے 6 نئی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں، سیاحت پر ورلڈ بینک کا فوکس ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں چکوال میانوالی کو فوکس کیا جا رہا ہے، اس کے بعد روہتاس اور لاہور قلعے پر کام کیا جائے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی 4.5 ارب سے شہر میں کام کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میں چاکر اعظم رند کے مقبرے پر کام شروع کر دیا گیا، 176 ریسٹ ہاؤسز کی آن لائن بکنگ ہو رہی ہے۔ لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی ڈبل ڈیکر بسوں کو متعارف کروا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹور ازم ڈپارٹمنٹ کے فنڈز میں کمی نہیں آنے دیں گے، محکمہ آبپاشی کی جانب سے ٹور ازم ڈپارٹمنٹ کو اثاثے منتقل کیے ہیں، سیاحت کے ساتھ ثقافت کو بھی پروموٹ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں پنجاب پاکستان کا سیاحتی مرکز بنے، سیاحت سے بہت زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

  • کرونا وائرس: پنجاب میں مزید اہم فیصلے

    کرونا وائرس: پنجاب میں مزید اہم فیصلے

    لاہور: کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے مزید اہم فیصلے کر لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت آج لاہور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سول اور عسکری سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    شرکا نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کےلیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورت حال یہی رہی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے۔

    اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے تحفظ کے لیے عسکری و سول قیادت مل کر کاوشیں جاری رکھے گی، اسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ماسک پہننے کی پابندی پر دفاتر، عوامی مقامات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    اجلاس میں مارکیٹس، بازاروں اور عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کی تجویز دی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر عمل درآمد کیا جائے گا، معاشی سرگرمیوں کو بند کیے بغیر ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائی جائے گی، اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کے علاقوں میں آمد و رفت مزید محدود کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم کرونا کی دوسری تشویش ناک لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کر کے پسپا کرنا چاہتے ہیں، مزدور طبقے کے معاشی مسائل مدنظر رکھ کر ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں، ہماری توجہ اب اسپتالوں میں کرونا مریضو ں کے لیے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے پر ہے۔

    اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب میں کرونا کی صورت حال جون 2020 کی سطح پر پہنچ گئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولتوں میں اضافہ کیا گیا، پنجاب کے اسپتالوں میں 207 نئے وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا۔

    دریں اثنا، ایپکس کمیٹی نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کور کمانڈر نے کرونا و دیگر چیلنجز میں بھرپور تعاون کیا، ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

  • عوام کی  شکایات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایکشن ،  ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عہدے سے فارغ

    عوام کی شکایات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایکشن ، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عہدے سے فارغ

    لاہور : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے عوام کی جانب سے سہولت بازارمیں چینی اورگھی کی عدم دستیابی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنراوکاڑہ کوعہدےسے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے عوامی دوروں کے دوران عوام کی سہولت بازار اوکاڑہ میں چینی ، گھی کی عدم دستیابی سے شکایات پر ڈپٹی کمشنراوکاڑہ کوعہدےسےہٹادیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو ڈی سی اوکاڑہ کا اضافی چارج دے دیا۔

    عثمان بزدار نے دیپالپورمیں صفائی کےناقص انتظامات پراسسٹنٹ کمشنرسٹی کو بھی عہدے فارغ کرکے اورنگزیب کو اے سی سٹی دیپالپور تعینات کردیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اچانک دوروں سے اصل زمینی حقائق سےعلم ہوتاہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ افسر،افسرشاہی چھوڑدیں،عوام کی خدمت کوشعاربنائیں ، عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

  • اپوزیشن کے سینے میں عوام کا کوئی درد نہیں: عثمان بزدار

    اپوزیشن کے سینے میں عوام کا کوئی درد نہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیئے، اپوزیشن کے سینے میں عوام کا کوئی درد نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ملکی مفادات داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اپوزیشن کا حالیہ بیانیہ پاکستان کے بیانیے کے یکسر خلاف ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیئے، عوام ملک کے خلاف مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کرونا وائرس کے باوجود اجتماعات کی سیاست سے گریز نہ کیا، اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں عوام کا کوئی درد نہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل سے بے خبر اپوزیشن سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہے، اپوزیشن نے عوام کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش کی۔ اپوزیشن کا منفی کردار قابل مذمت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے، اپوزیشن نے ذاتی مفاد کی خاطر پاکستان کے مفادات کو نظر انداز کیا، اپوزیشن رہنماؤں کو پاکستان مخالف بیانیے کا حساب دینا پڑے گا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے تاجروں کو خوشخبری سنا دی

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے تاجروں کو خوشخبری سنا دی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کاروبار دوست حکومت ہے، صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق کی ملاقات ہوئی۔ عثمان بزدار نے میاں طارق کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

    ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو ہوئی، وزیر اعلیٰ نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے، صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا دفتر آپ کے لیے ہمہ وقت کھلا ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ لاہور چیمبر میں ون ونڈو آپریشن کے ماڈل کو انڈسٹریل اسٹیٹس تک پھیلائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حج و عمرے کے لیے ٹور آپریٹرز کی سالانہ فیس کے خاتمے کا جائزہ لیں گے، واٹر ٹیرف کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔ لاہور میں نئے پارکنگ پلازے بنائیں گے، تاجر برادری پارکنگ پلازوں کے لیے جگہ کی نشاندہی کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

  • عثمان بزدار کا عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک اور قدم

    عثمان بزدار کا عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک اور قدم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک اور احسن قدم اٹھا لیا، وزیر اعلیٰ نے لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سستے سہولت بازار لگانے کی اصولی منظوری دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں 171 سہولت بازاروں کو مکمل فعال کر دیاگیا ہے، 25 اضلاع میں سہولت بازاروں کی جیو ٹیگنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا، اس سلسلے میں چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں سہولت بازاروں کی تعداد بڑھانے پر غور کیا گیا۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو سہولت بازار کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جب کہ اسپیشل سیکریٹری کو سستے سہولت بازار لگانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔

    ادھر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور میں مزید 6 سستے سہولت بازار قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر ملیں گی، عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ریلیف کے لیے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتے رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ سبزی، پھل، دالوں کی قیمتوں میں از خود اضافہ برداشت نہیں، عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔

  • بزدار حکومت کا پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے لیے بڑا قدم

    بزدار حکومت کا پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے لیے بڑا قدم

    لاہور: پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے پیش نظر صوبے میں سیمنٹ فیکٹریز لگانے کے لیے مختلف محکموں کو این او سی کا اجرا آسان بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے 23 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 5 سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے این او سی اگلے ماہ جاری کر دیے جائیں گے، جب کہ دیگر درخواستوں پر بھی فوری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیمنٹ پلانٹ پر تقریباً 40،30 ارب روپے لاگت آتی ہے، فیکٹریاں لگانے کے لیے این او سی کے اجرا کو ٹائم لائن سے منسلک کر دیا گیا ہے، اجلاس میں غیر استعمال شدہ مائننگ لیز کے حوالے سے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے نرسوں کے سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کریں گے، این او سی جاری کرنے کے طریقہ کار کو مزید تیز کیا جائے، سرمایہ کارو ں کے لیے قواعد و ضوابط آسان بنائے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ نے این او سی کے اجرا کے حوالے سے پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا، اور محکمہ صنعت و دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا، اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی جو این او سی کے اجرا کے حوالے سےعمل کا جائزہ لے گی۔

    یہ کمیٹی فیکٹریز لگانے کے لیے این او سی کے بر وقت اجرا کو یقینی بنائے گی، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صنعتیں لگیں گی تو سرمایہ کاری آئے گی، نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔