Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں گندم اور آٹے کے اسٹاک و قیمتوں اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

    عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک آٹے کی مناسب سپلائی ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے، نوٹیفائیڈ ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پھر ثابت کیا وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، مایوس عناصر کی اے پی سی بھی مایوس کن رہی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک سے گمراہ نہیں کر سکتے، عوام با شعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے واقف ہیں۔ باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکا نہیں دے سکتے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہیں، اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔ ماضی کی طرح اے پی سی کا یہ ڈرامہ بھی ناکام رہا۔

    سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے ذریعے اپوزیشن کی منفی سیاست آشکار ہوگئی، اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل ختم ہو چکی ہے۔

  • اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر

    اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر

    لاہور: پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

    کابینہ نے 50 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز دی تاہم وزیر اعلیٰ نے ٹرین کا کرایہ 50 روپے مقرر کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے لاہور کے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں ٹرانسپورٹ رجسٹریشن کے لیے اختیارات عارضی طور پر موٹر وہیکلز ایگزامنرز کو دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    جولائی میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا منصوبہ ہے، اسے جلد از جلد چلانے کی کوشش کریں گے، تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا، افتتاح کے لیے سازگار حالات کا انتظار کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سی پیک منصوبہ جات کو بریفنگ میں کہا تھا کہ اورنج لائن منصوبے کے لیے 1600 افراد بھرتی کیے جائیں گے۔

    گزشتہ برس پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن ٹرین کے الیکٹرک ٹرین ٹیسٹ رن کا افتتاح بھی کیا جا چکا ہے۔ اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اورنج لائن ٹرین منصوبے کا ڈیزل لوکوموٹیو کے ٹیسٹ رن کا افتتاح کر چکے ہیں۔

  • سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کیا ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے کی متاثرہ خاتون سے متعلق متنازع بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے 7 دن میں جواب طلب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کر لیا ہے، ان کا جواب آنے کے بعد قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی سی پی او نے کہا تھا کہ زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو رات کو اکیلے نہیں نکلنا چاہیے تھا اور گاڑی میں پٹرول چیک کرنا چاہیے تھا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ ہوا ہے، انھیں انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو۔

    ادھر آئی جی پنجاب انعام غنی نے آج اہم نیوز بریفنگ میں گرفتاریوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے تاہم ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو پچیس، پچیس لاکھ انعام دیا جائے گا، اور ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے۔

    انھوں نے کہا ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو، ملزم عابد علی پر 7 اور ملزم وقار پر 2 مقدمات پہلے بھی درج ہیں، ملزم عابد علی پر زیادتی اور ڈکیتی کے مقدمات ہیں، جب کہ ملزم وقارالحسن 14 دن پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

    ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: آئی جی پنجاب

    وزیر اعلیٰ نے کہا گجرپورہ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    واضح رہے کہ بدھ کی رات تین بجے کے قریب گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، خاتون بچوں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہو گئی، اس دوران دو ملزمان کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے ایک لاکھ نقدی اور زیورات بھی لوٹ لیے تھے۔

  • کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض مقامات کی ناقص صفائی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ نے صوبے میں بعض مقامات کی ناقص صفائی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے، کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ بلدیاتی عملے اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈ بحال کیے جا چکے ہیں، گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں مکمل کر رہی ہے۔ بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئرز کی میرٹ پر پروموشن تیز کی جائے، بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی اسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیہ آن لائن ایپ کے صارفین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے، ایپ سے پیدائش اور شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام گھر بیٹھے بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ناخواندہ افراد کو بلدیاتی دفاتر میں بھی اندراج کی سہولت فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے شرکا کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا تعلیمی اداروں کے لیے اہم ریلیف

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا تعلیمی اداروں کے لیے اہم ریلیف

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تعلیمی اداروں کو اہم ریلیف کی فراہمی کا مژدہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی سستی بجلی کے لیے متبادل توانائی کے ذرائع پر توجہ ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 51 فیصد بجلی گھریلو صارفین کے لیے استعمال ہوتی ہے، صوبے میں 28 فیصد بجلی صنعتی شعبے میں استعمال ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں، تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں اشیائے ضروریہ کے نرخ کم ہیں، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عوام کو ریلیف مہیا کرنے کے اقدامات کو خود مانیٹر کرتا ہوں، مہنگائی کے مستقل سدباب کے لیے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنا رہے ہیں، لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔

  • ق لیگ سے ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے: عثمان بزدار

    ق لیگ سے ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنائیں گے، اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لے کر چلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے خصوصی ملاقات کی، جس میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے، پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق آگاہ کیا۔

    ملاقات میں اسمبلی عمارت کی تعمیر کے لیے فنڈ جاری کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اور 2 ستمبر کو حکومت اور اپوزیشن کے بلائے گئے اسمبلی اجلاس پر مشاورت کی گئی، پرویز الٰہی نے کہا نئی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرانے کے لیے 3 شفٹ میں کام کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں نومبر میں ہونے والا اجلاس نئی عمارت میں ہو۔

    وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا عوام کی خدمت کے سفر میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے، پرویز الٰہی نے 2 برس میں پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلایا، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، ہمارا اتحاد آگے بڑھتا جائے گا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے تحت کرونا کا پھیلاؤ رکا ہے، جب کہ اپوزیشن نے کرونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی، آج اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی بیوروکریسی کو سخت ہدایات

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی بیوروکریسی کو سخت ہدایات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بیوروکریسی سے خطاب کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع وزیر اعلیٰ ہاؤس نے بتایا ہے کہ عثمان بزدار نے بیوروکریسی کو سخت ہدایات کی ہیں، اجلاس کے دوران کہا گیا کہ سب کو عزت دیں لیکن اب میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے بیوروکریسی سے کہا کہ اب ہر کسی کو ڈیلیور کر کے دکھانا ہوگا، تمام معاملات میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    عثمان بزدار نے بیوروکریسی پر واضح کیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح سے اب نتائج آنے چاہئیں، کام نہ کرنے والے افسران کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں کام نہ کرنے والے افسران کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزرا کی خصوصی کمیٹی کے فیصلے پر بیوروکریسی کی جانب سے مکمل تعاون کی ہدایت بھی کی گئی۔

    واضح رہے کہ آج شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وزارتی کمیٹی قائم کر دی ہے، اس کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن بعد ہوگا اور متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے۔

    عثمان بزدار نے محکموں کو لاہور میں سہولتوں کی بہتری کے لیے ٹاسک بھی سونپے۔ عثمان بزدار نے پارکنگ مسائل حل کرنے کے لیے مربوط پلاننگ، اوور چارجنگ کے سدِ باب اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

    اجلاس میں لاہور کی اہم سڑکوں کی تعمیر اور مرمت ترجیحی بنیادوں پر کرنے اور رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے رجحان کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ بھی ہوا۔

  • محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے جبکہ فرقہ واریت کے سدباب کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محرم میں ضابطہ اخلاق پر عمل 200 فیصد یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کرونا وائرس پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے، ایس او پیزکی خلاف ورزی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے، جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ محرم میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، فرقہ واریت کے سدباب کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے ہیں جن میں دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام اور سینی ٹائزر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    ایس او پیز کے مطابق شرکا کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیا کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو اور کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔

    پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جس ہال میں مجلس کا اہتمام کیا گیا ہو وہاں کوڑا بشمول ماسک کے تدارک کے لیے ڈھکن والے کوڑے دان لازمی ہوں، بلا ضرورت کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کیا جائے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا کے پاس ہر وقت سینی ٹائزر ہونا لازم ہے، محرم الحرام کے جلوس اور ریلیوں میں تمام شرکا اور عزاداران کا ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہوگی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی ہو۔

  • لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر عثمان بزدار سخت برہم

    لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر عثمان بزدار سخت برہم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہری انتظامیہ اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) حکام سے رابطہ کیا، وزیر اعلیٰ نے لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بارش کے پیش نظر پیشگی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے، بارش ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے پانی کیوں کھڑا ہے؟

    انہوں نے ہدایت کی کہ واسا حکام مرکزی اور رابطہ سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی پر توجہ دیں، جہاں جہاں پانی جمع ہے افسران اپنی نگرانی میں وہاں سے نکاسی مکمل کروائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پانی کھڑا ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، نکاسی آب کا عمل فوری توجہ کا متقاضی ہے، غفلت کی گنجائش نہیں۔

    انہوں نے لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں پانی کی نکاسی نہ ہونے پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ نے صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کرتی رہیں اور صفائی کا کام جلد مکمل کریں۔