Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • نیب غیر مطمئن، عثمان بزدار کی شراب لائسنس کیس میں دوبارہ طلبی کا امکان

    نیب غیر مطمئن، عثمان بزدار کی شراب لائسنس کیس میں دوبارہ طلبی کا امکان

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شراب لائسنس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شراب لائسنس کیس میں نیب وزیر اعلیٰ پنجاب کے جواب سے مطمئن نہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کو نیب آفس دوبارہ طلب کرنے کا امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 12 اگست کو نیب میں پیش ہوئے تھے، ذرایع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے نیب سے جواب جمع کرانے کے لیے 4 ہفتے مانگے تھے، تاہم نیب نے انھیں صرف ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔

    عثمان بزدار کی جانب سے 18 اگست کو 4 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ شراب لائسنس کے اجرا میں وزیر اعلیٰ نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

    شراب لائسنس اجرا کیس : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نیب میں جواب جمع کرا دیا

    وزیر اعلیٰ کی جانب سے نیب کے پوچھے گئے 17 سوالوں کے جواب میں کہا گیا تھا کہ عثمان بزدار نے شراب لائسنس کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، شراب لائسنس کے اجرا میں وزیر اعلیٰ کا کوئی کردار نہیں تھا۔

    جواب میں کہا گیا کہ شراب کا لائسنس دینے کا اختیار ڈی جی ایکسائز کے پاس ہے، شراب کے کل 11 لائسنس جاری ہوئے تھے، 9 ڈی جی ایکسائز نے خود جاری کیے، جب کہ 2000 اور 2001 میں گورنر نے لائسنس جاری کیے تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے جواب میں کہا کہ نجی ہوٹل کے لائسنس پر آج تک ایک بھی شراب کی بوتل فروخت نہیں ہوئی، نجی ہوٹل نے لائسنس کو رینیو کرانے کے لیے بھی اپلائی کر رکھا ہے ، نیب انکوائری میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

  • آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا، حکام اور انتظامی افسران قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بر وقت اور مؤثر اقدامات سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر ہ نرخوں پر دستیاب ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں استحکام کے لیے آئندہ بھی ہر انتظامی قدم اٹھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا میری ذمہ داری ہے، کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ حکام اور انتظامی افسران قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھیں گے، عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک رہیں، گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • شراب لائسنس کیس، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نیب سوالات منظر عام پر

    شراب لائسنس کیس، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نیب سوالات منظر عام پر

    لاہور: نجی ہوٹل کو شراب لائسنس کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نیب کے سوالات کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 12 اگست کو نیب میں پیش ہوئے تھے تاہم وہ نیب کے سوالات کے جواب نہ دے سکے تھے، جس پر انھیں 12 صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار سے ان کی تنخواہ اور ذرایع آمدن کے بارے میں تفصیل پوچھی گئی ہے، اگر کوئی کاروبار ہے تو اس کی تفصیل مانگی گئی ہے، نیب نے گیس، بجلی، فونز بلوں سمیت ملازمین کی تعداد سے متعلق بھی تفصیل طلب کی ہے۔

    ذرایع کے مطابق نیب نے عثمان بزدار سے وراثت میں حاصل جائیداد سمیت منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیل طلب کی ہے، اور کہا ہے کہ لیز پر یا بذریعہ نیلامی اور تحفوں کی صورت میں اگر کوئی اثاثے ہیں تو ان کی تفصیل بھی دی جائے۔

    ان اثاثوں کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے جو اب ان کی ملکیت نہیں رہے، ایسے اثاثوں کے بارے میں پوچھا گیا ہے کہ انھیں کب اور کسے فروخت کیا گیا، عثمان بزدار سے بیرون ملک دوروں سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، نیب نے کہا ہے کہ بینک اکاؤنٹ سمیت اہل خانہ یا ان کے نام کریڈٹ کارڈز، قرض اور دیگر تفصیلات ہوں تو فراہم کی جائیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نیب دفتر میں تحقیقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    عثمان بزدار سے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور دیگر تفصیلات فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے، سیاست میں کب داخل ہوئے کون کون سے الیکشن میں حصہ لیا، نیب نے اس کی تفصیل بھی طلب کی ہے، عثمان بزدار سے الیکشن اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب نے عثمان بزدار سے فیملی ممبرز کے نام جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

    یہ تفصیلات نیب آرڈیننس کے سیکشن 19 اور 27 کے تحت طلب کی گئی ہیں، واضح رہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں شیڈول 4 کے تحت 5 برس سزا ہو سکتی ہے۔

  • سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولتیں دیں گے: عثمان بزدار

    سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولتیں دیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولتیں دیں گے، پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، سعودی سفیر نے وزیر اعلیٰ کو یوم آزادی کی مبارک باد دی، اور پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جب کہ عثمان بزدار نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی صحت سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی، پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، بہت جلد بہاولپور میں اسپیشل اکنامک زون پر کام شروع کیا جائے گا، جہاں سرمایہ کاروں کو مراعات دی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولتیں دی جائیں گی، سرمایہ کاروں کو اربوں کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

    سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوامی ترقی کے اقدامات کو سراہا، انھوں نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں دل چسپی کا اظہار کیا اور کہا سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا، پاکستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

  • نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، آبادی کے اس بڑے حصے کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں ہے، پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ذہانت سے مالا مال ہیں، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    خیال رہے کہ موجودہ صوبائی و وفاقی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیِں۔ وفاقی حکومت کی انہی کوششوں کی وجہ سے پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بن چکا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا کامیاب جوان پروگرام اور یوتھ کونسل کا قیام درست فیصلہ تھا۔ نوجوان اب ایس سی او کی یوتھ کونسل اجلاس میں شریک ہو سکیں گے اور اسکل ڈویلپمنٹ کے پروگرامز میں نوجوانوں کی شرکت ممکن ہوسکے گی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب  کا نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعے کا نوٹس

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعے کا نوٹس

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئےذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعےکا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ا جازت نہیں دی جا سکتی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا اور ہنگامہ آرائی کرنیوالوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    یاد رہے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں۔

    پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی گیہ اور نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی ، لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378میں پتھر سےبھرے شاپرلیکرآئے تھے ، لیگی کارکنوں نے گاڑی کےاندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے۔

    لیگی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پرکھڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنےکی کوشش کی گئی۔

    بعد ازاں نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، تاہم مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشی آج ہی کی جائے۔

  • نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس عثمان بزدار نے جاری کیا یا کسی اور نے؟ حقیقت سامنے آ گئی

    نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس عثمان بزدار نے جاری کیا یا کسی اور نے؟ حقیقت سامنے آ گئی

    لاہور: نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس کس نے جاری کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یا کسی اور نے، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز نے اہم سرکاری خطوط کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر نجی ہوٹل کو شراب کا غیر قانونی لائسنس جاری کرنے کا الزام ہے، نیب نے انھیں 12 اگست کو طلب کیا ہے، نیب کا کہنا ہے کہ شراب کا پرمٹ جاری کرتے ہوئے پالیسی اور قانون نظر انداز کیے گئے، ڈی جی ایکسائز کے اختیارات کا غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے لائسنس کے اجرا سے متعلق سرکاری خطوط کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ نجی ہوٹل کو شراب کا لائسنس ڈی جی ایکسائز پنجاب نے جاری کیا، عثمان بزدار نے شراب کا لائسنس دیے جانے کی کوئی سمری منظور نہیں کی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے سمری وزیر اعلیٰ تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لی تھی، لائسنس کی درخواست پر مبنی سمری 2 مرتبہ وزیر اعلیٰ کو بھیجنے کی کوشش کی گئی تھی، سمری براہ راست وزیر اعلیٰ کو بھیجنے کی کوشش پر متعلقہ ادارے کے افسران کی سرزنش بھی ہوئی تھی۔

    ذرایع نے بتایا کہ پرنسپل سیکریٹری نے سمری براہ راست وزیر اعلیٰ کو بھجوانے پر اظہار ناراضگی کیا، خط میں متعلقہ ادارے سے کہا گیا کہ غیر ضروری طور پر کیسز وزیر اعلیٰ کو نہ بھجوائے جائیں، پرنسپل سیکریٹری نے چیف سیکریٹری کی ہدایات کو بھی خط کا حصہ بنایا۔

    وزیر اعلیٰ سے منظوری نہ ملنے پر ڈی جی ایکسائز نے سمری کی منظوری دے دی تھی، بعد میں تعینات ہونے والے دوسرے ڈی جی نے شراب کا لائسنس منسوخ کر دیا، نجی ہوٹل نے لائسنس منسوخ ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا تھا، لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے لائسنس بحال کرنے کی استدعا منظور کی گئی۔

    معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا لائسنس کی منظوری یا منسوخی سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا۔

  • صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    صفائی نہ ہونے کی شکایت پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے بعد صفائی آپریشن جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بر وقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں، شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، شہری صفائی کے لیے قائم سیل پر رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوائیں۔

    دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دوسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے، لاہور میں شدید بارش کے باوجود صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رہا۔

    ترجمان مینجمنٹ کمپنی کے مطابق گزشتہ روز 16 ہزار 500 ٹن آلائشوں کو اکٹھا کیا گیا تھا، عید کے دوسرے روز 3 ہزار ٹن آلائشیں اکٹھی کی گئیں، کل سے اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 500 ٹن آلائشیں اکٹھی کی جا چکی ہیں۔

    ترجمان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ آخری آلائش تک صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

  • ناقص کارکردگی پر عثمان بزدار نے کئی افسران معطل کر دیے

    ناقص کارکردگی پر عثمان بزدار نے کئی افسران معطل کر دیے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناقص کارکردگی پر متعدد افسران کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے شہر کا دورہ کیا، اس دوران ناقص کارکردگی پر انھوں نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او مغلپورہ سمیت متعدد افسران کو معطل کر دیا۔

    پناہ گاہوں کے ناقص انتظامات پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بھی معطل کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ایس پی صفدر کاظمی کی ناقص کارکردگی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اظہار برہمی کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوپر روڈ، منٹگمری روڈ، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، ریلوے اسٹیشن روڈ، مغلپورہ لنک روڈ، گڑھی شاہو روڈ کا بھی دورہ کیا، عثمان بزدار باغبانپورہ، کینال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیو وارڈ روڈ بھی گئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے تھانہ مغلپورہ اور تھانہ شادمان سمیت، ریلوے سٹیشن کے قریب پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا، دورے کے دوران عثمان بزدار نے لاہور میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا، متعدد افسران کو ناقص کارکردگی پر معطل کرتے ہوئے انھوں نے کہا جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انھوں نے 3 گھنٹے تک شہر میں صفائی کی صورتحال، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا، تھانوں میں بھی گیا اور لوگوں کے مسائل سنے، پناہ گاہ میں بھی مقیم لوگوں سے ملا اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ جہاں کمی، کوتاہی نظر آئی، ذمہ داران کا تعین کر کے کارروائی کی گئی، میں آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروں گا۔

  • عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور: چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا جس کی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کے بجائے اچانک ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے 2 تین روز قبل بند کردی جائیں گی۔

    ذرائع چیف سیکریٹری کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن مجبوری ہے، مارکٹیوں سے زیادہ عوام کی زندگی عزیز ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

    اجلاس میں محکمہ صحت پنجاب نے بھی عید سے قبل مارکیٹس بند کرنے کی تجویز دی تھی، تجویز میں کہا گیا تھا کہ منگل یا بدھ سے صوبے کی تمام مارکیٹس بند کردی جائیں۔

    تجویز میں کہا گیا کہ مارکیٹس 2 اگست تک بند رکھی جائیں، صرف گروسری، فارمیسز اور بیکریوں سمیت ضروری اشیا کی دکانوں کو کام کی اجازت دی جائے۔