Tag: وزیر اعلیٰ پنجاب

  • نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی: عثمان بزدار

    نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی: عثمان بزدار

    راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی وہاں موجود رہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    انہوں نے نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لیے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو رویہ نالہ لئی روڈ وے پر یوٹیلٹی کوریڈور بھی بنائے جائیں گے، کٹاریاں پل سے براستہ عمار چوک 16 کلو میٹر طویل نالہ لئی تعمیر کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ نالہ لئی کے لیے 2 ہزار 750 کنال اراضی حاصل کی جارہی ہے، نجی اشتراک سے سینکڑوں ڈمپرز کے ذریعے نالہ لئی کی صفائی کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ نالہ لئی اور ایکسپریس وے منصوبے پر 85 ارب روپے لاگت آئے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نالہ لئی روڈ وے پر 4 انٹر چینج بنائے جائیں گے، نالہ لئی روڈ وے بننے سے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔

    وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی بر وقت صفائی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، عثمان بزدار کا یہ کام راولپنڈی کے لوگوں کے لیے بہت اچھا اقدام ہے، وزیر اعلیٰ عوامی خدمت کا حق ادا کر رہے ہیں۔

  • پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے جوابدہی ہوگی: عثمان بزدار

    پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے جوابدہی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے، پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد پولیو کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں انسداد پولیو کے لیے مربوط انداز میں مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے، پنجاب میں انسداد پولیو کی مہم میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ کرونا وائرس کے پیش نظر انسداد پولیو مہم کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متعلقہ اجلاس نہ کرنے پر بعض ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ جاری کی گئی، پولیو کیس پر متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے خلاف ایکشن ہوگا۔ پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انسداد پولیو مہم میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔

    اجلاس میں 50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو ورکرز ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کریں گے، فیلڈ میں جانے سے قبل انسداد پولیو ورکرز کی اسکریننگ ہوگی۔

  • تربت میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

    تربت میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تربت میں پنجا ب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشین میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسٹ ہاؤس میں قبائلی وسیاسی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو زیادہ فنڈ دے رہے ہیں،بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پنجاب اپنا کردار ادا کرےگا،دونوں صوبے مل کر وفاق سے اپنی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تربت میں پنجا ب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، تفتان میں زائرین کے لیے کمیونٹی سینٹر قائم کیا جائے گا، کمیونٹی سینٹر کے لیے ایک ارب کی گرانٹ منظور ہوچکی ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے،ماضی میں آتا رہا ہوں،بلوچستان آکر جو خوشی ملی ہے اسے بیان نہیں کرسکتا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے فنڈز فراہم کرنے پر حکومت پنجاب اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے کے لیے حکومت پنجاب کی معاونت خوش آئند ہے،ایسے کام کر کے جائیں گے جو آنے والی حکومت کے لیے مثال بنیں۔

  • آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    آندھی کے بعد کی صورت حال، عثمان بزدار بغیر پروٹوکول لاہور میں نکل آئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، اس دوران انھوں نے بارش اور آندھی سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار لاہور میں آندھی کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے شہر میں بغیر پروٹول کے نکل آئے، انھوں نے پانی کی نکاسی کے انتظامات پر اظہار اطمینان جب کہ بعض مقامات پر پانی کھڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے جیل روڈ، گلبرگ، کینال و مال روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا، اور واسا، انتظامی افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی، عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے دوروں سے حقیقی معنوں میں صورت حال کا علم ہوتا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کے لیے مون سون سیزن میں بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون منظور ہونے سے حقیقی تبدیلی کا خواب پورا ہوگا، وزیراعظم

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا ہے، صوبے میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو چکا ہے، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، راولپنڈی اور پشاور میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

    رات گئے سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، جھنگ، بھکر، منچن آباد اور حویلی لکھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، شیخو پورہ میں بارش ہوئی، فیصل آباد میں طوفانی بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق اور باپ زخمی ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مردان، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    لاہور میں بادلوں نے لیسکو کے فیڈرز کی بھی چھٹی کرا دی، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، راولپنڈی میں بھی تیز بارش کے بعد بجلی بند ہو گئی۔

  • اینٹی کرپشن پنجاب کی زبردست کارروائیاں، اربوں روپے کی رقم ریکور

    اینٹی کرپشن پنجاب کی زبردست کارروائیاں، اربوں روپے کی رقم ریکور

    لاہور: محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب نے ایک ماہ کے اندر زبردست کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ارب سے زائد رقم کی ریکوری کرلی جبکہ کنالوں سرکاری اراضی واگزار کروالی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر اینٹی کرپشن پنجاب نے زبردست ایکشن لیتے ہوئے جون 2020 میں 4 ارب 41 کروڑ 95 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی۔

    اینٹی کرپشن پنجاب نے 1 ماہ میں 10 کروڑ 39 لاکھ روپے کی کیش ریکوری بھی کی، ایک ماہ میں 4 ہزار 856 کنال اور 16 مرلے سرکاری اراضی واگزار کروائی۔ واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 3 ارب 36 کروڑ 3 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔

    1 ماہ میں 95 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ان ڈائریکٹ ریکوری بھی کی گئی۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ 1 ماہ میں رپورٹ کرپشن ایپ پر 523 شکایات موصول ہوئیں، 315 شکایات کا فوری ازالہ کردیا گیا جبکہ دیگر پر ضروری کارروائی جاری ہے۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق سابقہ شکایات سمیت 15 سو 74 شکایات کا 1 ماہ میں ازالہ کیا گیا، جون میں 324 انکوائریاں کی گئیں جبکہ 271 جاری انکوائریوں پر فیصلہ دیا گیا۔

    چھان بین کے بعد 97 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جبکہ 99 جاری کیسز کا فیصلہ ہوا، 1 ماہ میں 59 چالان پیش کیے گئے۔ اینٹی کرپشن نے مجموعی طور پر 132 افراد کو گرفتار کیا، 1 ماہ میں ایک عدالتی مفرور اور 8 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدر آمد جاری ہے، کرپٹ مافیا کی ہر سطح پر سرکوبی کریں گے۔ کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کردیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہونے والی بے حساب کرپٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • عثمان بزدار کا کارنامہ، سرکاری خزانے کے لیے کروڑوں کے فنڈز مہیا کر دیے

    عثمان بزدار کا کارنامہ، سرکاری خزانے کے لیے کروڑوں کے فنڈز مہیا کر دیے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کی ناکارہ گاڑیوں، فرنیچر اور مشینری کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عثمان بزدار کی ہدایت پر کی گئی شفاف ترین نیلامی سے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز سرکاری خزانے میں جمع کرا دیے گئے، یہ ناکارہ گاڑیاں، فرنیچر اور مشینری سال ہا سال سے سرکاری دفاتر میں پڑی تھی۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے بغیر فنڈز جاری کیے 75 کروڑ روپے کے فنڈز جنریٹ کیے، ہمارا یہ اقدام دفاتر کو صاف، نظام کو شفاف بنانے کی عمدہ مثال ہے۔

    عثمان بزدار نے بتایا کہ یہ نیلامی ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ پولیس میں کی گئی، نیلامی سے حاصل رقم صوبائی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے، دفاتر میں عملے، وزیٹرز کے لیے جگہ کم تھی اور بے کار سامان نے زیادہ جگہ گھیر رکھی تھی جس کے سبب ناکارہ سامان کی نیلامی کی گئی۔

    فضول خرچی کرنے والے افسران کے لیے عثمان بزدار کا دوٹوک پیغام

    انھوں نے کہا ہم عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، ماضی کے ادوار میں سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، سابق حکمرانوں نے سرکاری امانت میں خیانت کی۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خبردار کیا تھا کہ سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی گئی نہ ہی آئندہ دی جائے گی۔

  • بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: وزیر خارجہ

    بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور کرونا وائرس کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ وزیر اعظم، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فعال ہوجائے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر فنڈز اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت ہیں۔ بھارت بزدلانہ کارروائیاں کر کے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کر کے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی تاریخ رقم کی۔

  • قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا: عثمان بزدار

    قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے درگ میں نادرا سینٹر قائم کردیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے درگ میں نادرا سینٹر قائم کردیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اہل علاقہ کو گھر کی دہلیز پر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات مل سکیں گے۔

    نادرا سینٹر کے قیام پر اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بارتھی میں نادرا سینٹر آئندہ چند روز میں فعال کر دیا جائے گا، وہوا میں نادرا سینٹر کو بھی اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے رہائشی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے، ماضی کے حکمرانوں نے دور افتادہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا۔ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت کا پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو سابق ادوار میں یکسر نظر انداز کیا گیا، پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو آگے لے کر جانے کا وقت آگیا ہے۔

  • سرکاری خزانے سے ایک روپیہ خرچ کیے بغیر پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے لیے زبردست اقدام

    سرکاری خزانے سے ایک روپیہ خرچ کیے بغیر پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے لیے زبردست اقدام

    لاہور: پنجاب حکومت نے قابل تحسین علم دوست اقدام کرتے ہوئے سرکاری خزانے سے ایک روپیہ خرچ کیے بغیر 12 سے زائد سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کردی، دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے سے 16 ارب روپے بچائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری خزانے سے ایک روپیہ خرچ کیے بغیر پنجاب کے 12 سو 27 سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کردی گئی، محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں کی اپ گریڈیشن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم و دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایلی منٹری اسکولز کے اضافی 3 ہزار 315 اساتذہ اپ گریڈڈ اسکولوں میں خدمات انجام دیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایلی منٹری اسکولز کے اضافی 3 ہزار 933 کلاس رومز میں سکینڈری کلاس روم بنیں گے، اضافی ٹیچنگ اسٹاف اسی سکول میں خدمات سر انجام دیں گے، اضافی کلاس رومز کو سکینڈری ایجوکیشن کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے سے 16 ارب روپے بچائے گئے، فیصلے سے 1 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے، 6 ٹیچر اور 9 کلاس روم والے ایلی منٹری اسکولز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں سیکنڈری اسکولز کو ہائر سکینڈری پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ اسکول کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کیے جا رہے ہیں، اسکولز کھلے تو طلبہ کو ماسک دیے جائیں گے۔ اسکولوں میں سینی ٹائزر اور ہاتھ دھونے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔

  • اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وبا پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا: عثمان بزدار

    اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وبا پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وبا پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا، عملی طور پر اپوزیشن کی کارکردگی صفر رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ عوام کوغربت اور بھوک سے بچانا ہے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر زمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وائرس کے باوجود قومی یکجہتی کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی، ذاتی مفادات کی خاطر اکٹھی ہونے والی اپوزیشن نے قومی مفادات کو زک پہنچائی۔

    انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وبا پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنائی، وزیر اعظم نے وقت ضائع کیے بغیر مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن واویلا مچاتی رہی عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ اپوزیشن جان لے کہ یہ اہم وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے۔