Tag: وزیر اعلیٰ

  • عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا: عثمان بزدار

    عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل چیز پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کر دیا ہے، وزارت اعلیٰ کا منصب عمران خان اور عوام کی امانت ہے۔ ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ استعفے کی منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا، وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور سپاہی رہوں گا۔ عمران خان میرے قائد ہیں، ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل چیز پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ محض عوام کی خدمت کے لیے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا، عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سردار عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردیا ہے، وزیر اعظم نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدات اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب خطے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا، دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔ ایئر ایمبولینس سروس کا اجرا وقت کا تقاضہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بر وقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے، ایئر ایمبولینس کے اجرا کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں، ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

  • پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے گئے

    پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خزانوں کے منہ کھول دیے، اربوں روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف شہروں میں نئے منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر نئے منصوبوں کے لیے اربوں کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

    پنجاب میں رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کا دائرہ کار کالجوں اور یونیورسٹیز تک بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسکالر شپ کے لیے 477 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    اگلے برس مذکورہ اسکالر شپ کے لیے 834 ملین روپے مختص کیے جائیں گے۔

    صوبائی دارالحکومت لاہور کے 10 مقامات پر بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے واٹر اسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں لاہور کے 3 مقامات پر واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔

    مختلف شہروں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 2 ارب روپے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سمن آباد میں بی ایس بلاک کی تعمیر کے لیے 180 ملین روپے کے فنڈز، ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے اور وہاں مختلف بلاکس کی تعمیر کے لیے 500 ملین کے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    ڈویژنل پبلک اسکول ڈیرہ غازی خان کے لیے 50 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں پولیس کی سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کی 565 خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی۔

    بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان کے 4 نئے تھانوں اور 4 نئی چیک پوسٹوں کے لیے 68 ملین روپے کے فنڈزی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں سیاحتی مقامات ڈویلپ کرنے کے لیے فنڈز بھی جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ قلعہ نندانہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 125 ملین روپے، کہوٹہ، کھیوڑہ اور پتریاٹہ میں 60 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کی ڈویلپمنٹ کے لیے فنڈز کے اجرا اور کھرڑ بزدار کے بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر کے دیہی مرکز صحت کا درجہ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • پنجاب میں نئے ڈیمز بنائے جائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب میں نئے ڈیمز بنائے جائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں میں ڈیمز بنائے جائیں گے جبکہ کوہ سلیمان میں مرحلہ وار 4 انٹر میڈیٹ ڈیمز بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 13 دروں پر ڈیمز کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے نیسپاک سے معاہدہ کیا گیا ہے، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں میں ڈیمز بنائے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فزیبلٹی رپورٹ کے لیے 1 ارب 25 کروڑ کے فنڈز فراہم کردیے ہیں، کوہ سلیمان میں مرحلہ وار 4 انٹر میڈیٹ ڈیمز بنیں گے۔ پہلے ڈیم کی تعمیر کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز جون میں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیمز بننے سے 2 لاکھ سے زائد ایکڑ اراضی سیراب ہوگی، ڈی جی خان اور ر اجن پور کے 13 دروں کے پانی کو ذخیرہ کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہاتھی موڑ، جلیبی موڑ، کھر منرو اور تھلانگ میں بھی آبی ذخیرے بنائیں گے۔

  • فلم حقیقت میں تبدیل!!

    فلم حقیقت میں تبدیل!!

    نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور فلم نائیک حقیقت بن گئی، 19 سالہ لڑکی کو ایک دن کے لیے ریاستی وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے طابق 19 سالہ شریشتی گوسوامی کو نیشنل گرل چائلڈ ڈے کے موقع پر ریاست اتر کھنڈ کا ایک دن کا وزیر اعلیٰ بنادیا گیا۔

    اس حوالے سے لڑکی کی والدین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بیٹی پر فخر ہے، ہر بیٹی یہ سنگ میل عبور کر سکتی ہے ہمیں صرف ان کی مدد کی ضرورت ہے۔

    شریشتی گوسوامی کے والدین نے بیٹی کو اس اعزاز کے لیے منتخب کرنے پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    شریستی کے والدین نے دیگر والدین کو بھی تجویز دی کہ اپنی بیٹیوں کی سپورٹ کرنا نہ چھوڑیں، اس دور میں بیٹیاں سب کچھ حاصل کرسکتی ہیں، ہماری بیٹی سب کے لیے ایک مثال ہے۔

    وزیر اعلیٰ منتخب ہونے والی 19 سالہ شریستی کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ مجھے ایک دن کا وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز ملا، وہ اس پر وزیر اعلیٰ اتر کھنڈ تری ویندرا سنگھ راوت کی مشکور ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی فلم نائیک میں بھی اسی طرح ایک نوجوان صحافی (انیل کپور) کو ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بنتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

  • لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری

    لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی گئی، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تقریباً 48 فیصد آبادی 18 سال سے کم ہے لیکن ہماری جامعات میں پیڈیا ٹرکس اسپیشلائزیشن کی سیٹیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی ہے، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں صحت و تعلیم کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے 3 پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔

    اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلی فورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہوگئے۔

    بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے 1 لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا ہے۔

  • سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رواں برس ہونے والی بارشوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رواں سال بارشوں کے نقصانات پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس بارشوں میں 17 سو 52 دیہات ڈوب گئے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بارشوں میں 22 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے، 1.49 ملین ایکڑ فصلیں اور 29 لاکھ گھر تباہ ہوئے، گھر گرنے کے سبب 12 لاکھ 90 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق بارشوں میں 149 افراد جاں بحق اور 103 زخمی ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سوشل پروٹیکشن کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غریب اور متاثر شدہ لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے متاثرین کا ڈیٹا ایک بار پھر ویریفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ فرد کا شناختی کارڈ دیکھ کر رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

  • قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے: عثمان بزدار

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی ضروری ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے، کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں مؤثر رسپانس میکنزم ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچاؤ کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستان کی تاریخ کا تباہ کن زلزلہ تھا، 15 سال بعد بھی بدترین زلزلے کی تباہی کو لوگ نہیں بھول سکے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زلزلے کے بعد پاکستانی قوم نے متاثرین کی بھرپور مدد کی، پاکستانی قوم نے ثابت کیا آزمائش کی ہر گھڑی میں ہم ایک ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا، قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے عوام میں آگاہی بے حد ضروری ہے، کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں مؤثر رسپانس میکنزم ضروری ہے، تربیت یافتہ ہیومن ریسورس ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پیشگی اقدامات سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر، بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔

  • مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبوں کے پہلے 2 سال پلاننگ میں لگنے تھے، اب ہم سرمایہ کاری کی طرف جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، آج کے دورے میں مامد گٹ اسپتال کا افتتاح بھی ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے، تمام وعدے پورے کریں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے مہمند کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔

    وزیر اعظم نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں کی روایتیں تبدیل نہیں ہوں گی، قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا، طے کیا جا رہا ہے ترقیاتی کاموں پر فنڈز کا کیسے استعمال کیا جائے۔

  • لاہور: صفائی کی ناقص صورتحال پر اہم افسر عہدے سے فارغ

    لاہور: صفائی کی ناقص صورتحال پر اہم افسر عہدے سے فارغ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی وارننگ کو عملی جامہ پہنا دیا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہ زیب حسن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہ زیب حسن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، شاہ زیب حسن کو لاہور میں صفائی کے ناقص اقدامات پر ہٹایا گیا۔

    گزشتہ روز لاہور ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میٹنگ میں ایم ڈی پر تحفظات کا اظہار ہوا تھا جبکہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی لاہور میں صفائی کی ناقص صورتحال پر افسران کو وارننگ دی تھی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ کے بعد کہا تھا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ نے شہر میں صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ شہروں کی صفائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کردیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کے دوران انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال دیکھ کر غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا تھا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے۔