Tag: وزیر اعلیٰ

  • وزیر اعلیٰ پنجاب ڈسٹرکٹ جیل کے بزرگ قیدی کے لیے امید کی کرن بن گئے

    وزیر اعلیٰ پنجاب ڈسٹرکٹ جیل کے بزرگ قیدی کے لیے امید کی کرن بن گئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے قیدی محمد حنیف کا آج کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان میں بائی پاس ہوگا، علاج کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ ملتان ڈسٹرکٹ جیل کے بزرگ قیدی کے لیے زندگی کی نوید بن گیا، عثمان بزدار کے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے حالیہ دورے میں قیدی محمد حنیف نے علاج کی درخواست کی تھی۔

    محمد حنیف ڈسٹرکٹ جیل میں قید اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محمد حنیف کا آج کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان میں بائی پاس ہوگا، عثمان بزدار کی ہدایت پر کمشنر ملتان نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں قیدی کی عیادت بھی کی۔

    کمشنر ملتان نے محمد حنیف کو وزیر اعلیٰ کی طرف سے علاج کی بہترین سہولتوں کی یقین دہانی کروائی، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مریض قیدی کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

    محمد حنیف کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے وزیر اعلیٰ کو نئی زندگی کا وسیلہ بنا کر بھیجا، علاج کے لیے حکومت کا بے حد مشکور ہوں۔

  • سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں بارشوں سے نقصانات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، وزیر اعلیٰ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر سندھ میں بارشوں سے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔ خط میں انہوں نے اربوں روپے نقصانات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لوگوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ انہوں نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے، چاہتے ہیں کہ ہر متاثرہ خاندان کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے اپنے دور میں ہر متاثرہ خاندان کو 60 ہزار روپے دیے تھے، چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے اس مرتبہ 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، میں متاثرین کی مدد کرنے اور ان کو سنبھالنے کے لیے ہر جگہ گیا ہوں۔ گڈو سے کوٹری بیراج تک وزرا کی کمیٹیز بنا دی ہیں، بلاول بھٹو 3 دن کے دورے پر آج نکل رہے ہیں۔

  • سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، دوںوں صوبوں میں مہم کا افتتاح وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ اور عثمان بزدار نے کیا۔

    سندھ اور پنجاب میں 3 روزہ پولیو مہم جاری رہے گی جبکہ ایک روز کیچ اپ ڈے ہوگا، کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم ہوگی جبکہ 2 دن کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    بلوچستان اور آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 17 اگست سے ہوگا، بلوچستان کے 25 اضلاع میں 21 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد ہوگا، انسداد پولیو ٹیموں کو کرونا ایس او پیز سے متعلق تربیت دی جا چکی ہے۔ پولیو ورکرز ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز اور ٹشو کے استعمال سمیت سماجی فاصلے کا خیال رکھیں گے۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، وٹامن اے کے قطرے 6 ماہ سے 6 سال تک کے بچوں کو پلائے جائیں گے۔ وٹامن اے سے بچوں میں وبائی امراض کے خلاف قوت مدافعت بڑھے گی۔

  • بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، پارٹی امور، سیاسی صورتحال و دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ نے پارٹی عہدیداروں کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ملک کسی انتشار یا افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والے عناصر کا کوئی مستقبل نہیں، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ یہ عناصر صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں عوامی خدمت میں رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی بار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کا دورہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی بار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کا دورہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ کھرڑ بزدار کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں آپ کا بھائی اور لاہور میں آپ کا وکیل ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ کھرڑ بزدار پہنچ گئے، عثمان بزدار بطور وزیر اعلیٰ پہلی بار یہاں پہنچے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد پر قبائلیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    عثمان بزدار سے کھرڑ بزدار کے مقدمین جرگہ اور عمائدین کی ملاقاتیں ہوئیں، ملاقات میں عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ قبائلی لوگوں سے گھل مل گئے اور خود تحریری درخواستیں وصول کیں، عثمان بزدار خود قبائلی لوگوں کی نشستوں پر گئے، بلوچی میں سلام و دعا ک، اور بلوچی میں حال احوال بھی پوچھا۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے عوامی اجتماع سے بلوچی زبان میں خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے کو جانتا ہوں، علاقے کے مسائل حل کروں گا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کو مسائل دکھانے لایا ہوں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میں آپ کا بھائی اور لاہور میں آپ کا وکیل ہوں۔

    وزیر اعلیٰ نے علاقے میں بنیادی مرکز صحت کو دیہی مرکز صحت کا درجہ دینے، ریسکیو سینٹر, موٹر سائیکل ریسکیو سروس شروع کرنے اور بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام کا اعلان کیا۔

    انہوں نے رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے پراجیکٹ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کردیا ہے، مختص بجٹ کا 33 فیصد اس علاقے پر خرچ ہوگا۔

  • ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

    ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر تعلیم یار محمد رند کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں صوبے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں گے، بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محنتی ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بلوچ بہن بھائیوں کی جو بھی خدمت ہوگی پنجاب پیچھے نہیں رہے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے فنڈز مہیا کر دیے، مقبرے کی بحالی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاریخی مقبرے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مقبرے کے ساتھ بنائی ہوئی دیوار کو ہٹا کر احاطے کو وسیع کیا جائے گا، مقبرے کی دیواروں اور بنیادوں کو محفوظ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے نواح میں ست گرہ کو سیاحتی مقام بنایا جائے گا، تاریخی حیثیت کو بحال رکھنا آثار قدیمہ کی حفاظت کا اولین تقاضہ ہے، ست گرہ گاؤں میں رابطہ سڑکیں اور سیوریج سسٹم بنایا جا رہا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بلوچ بہن بھائیوں کو خیر سگالی کا پیغام دیا گیا ہے، مقبرے سے ملحقہ سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی و مرمت کی جائے گی۔ بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں میر چاکر اعظم رند کا اپنا مقام ہے، پنجاب کو بھی اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یار محمد رند کی طرف سے دورہ بلوچستان کی دعوت قبول کرلی، عثمان بزدار نے سردار یار محمد رند کو مقبرہ میر چاکر اعظم رند کی تصاویر کا تحفہ بھی پیش کیا۔

  • چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے کے لیے 56 ارب کی ٹیکس چھوٹ دی: عثمان بزدار

    چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے کے لیے 56 ارب کی ٹیکس چھوٹ دی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہے، چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے کے لیے 56 ارب کی ٹیکس چھوٹ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے حکومتی ہدایت پر عمل سے متعلق بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہے، چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے کے لیے 56 ارب کی ٹیکس چھوٹ دی۔ کرونا سے متاثرہ کاروبار کو اس تاریخی اقدام سے بہت ریلیف ملے گا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث معمولات زندگی بدل رہے ہیں، شہری ایس او پیز پر عملدر آمد کر کے بیماری کا پھیلاؤ کم کر سکتے ہیں، شدید متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جا رہا ہے، عوام کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ماضی کا روایتی طریقہ کار اب نہیں چلے گا، اراکین اسمبلی کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔ اراکین اسمبلی کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلنا ہوگا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    کرونا وائرس سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلنا ہوگا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلنا ہوگا، کرونا سے بچاؤ کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، احتیاط صحت مند زندگی کے لیے بے حد ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلنا ہوگا، سماجی طور طریقوں میں تبدیلی لا کر کرونا سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گھروں سے باہر نکلتے ہوئے منہ اور ناک کو ڈھانپنا ہوگا، ناک، منہ ڈھانپ کر خود اور اپنے خاندان کو بھی بیماری سے بچا سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، احتیاط صحت مند زندگی کے لیے بے حد ضروری ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام سے اپیل ہے حفاظتی اقدامات یقینی بنا کر کرونا وائرس سے محفوظ رہیں۔ ماسک پہن کر اپنے بچوں اور والدین کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کردی، انہوں نے مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال 21-2020 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کو سخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہوگا، ہر سطح پر اخراجات کنٹرول کر کے کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ محکمے از خود غیر ضروری اخراجات کم کریں، مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لیا جائے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے جامع پروگرام وضع کیا جائے، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم نے کمزور طبقوں کا تحفظ کرنا ہے۔

  • گھر میں قرنطینہ کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ پنجاب حکومت کی ہدایات جاری

    گھر میں قرنطینہ کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ پنجاب حکومت کی ہدایات جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کو گھر میں قرنطینہ کرنے کی ہدایات اور قواعد و ضوابط جاری کردیے گئے، صرف معمولی علامات والے مریضوں کو ہی گھر میں قرنطینہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہوم آئسولیشن کی اجازت دے دی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہوم آئسولیشن کے لیے عالمی ادارہ صحت کا ایس او پی مد نظر رکھا گیا ہے، صرف معمولی علامات والے مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھا جا سکے گا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مریض کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی نگرانی میں عمارت میں رکھا جائے گا، جہاں مریض کو رکھا جائے گا اس بلڈنگ کو روز ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آئسولیشن کے مریض کو ڈسپوزبل برتن میں کھانا مہیا کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہوم آئسولیشن کی اجازت ڈپٹی کمشنر کی نامزد کردہ ہوم آئسولیشن کمیٹی دے گی، کمیٹی میں اے سی یا ان کا نمائندہ ڈی ڈی او ہیلتھ اور چیف آفیسر شامل ہوں گے، پاپولیشن ویلفیئر، لائیو اسٹاک اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مانیٹرنگ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر اربن یونین کونسل میں 3 کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ہر کمیٹی میں ایک ڈاکٹر شامل ہوگا۔ دیہی یو سی میں کمیٹی بنائی جائے گی، ڈاکٹر کا ہوناضروری ہے۔

    دوسری جانب پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ہوم آئسولیشن کے لیے قواعد جاری کر دیے ہیں، ہوم آئسولیشن کے لیے خصوصی کمیٹی بنے گی، متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوم آئسولیشن کمیٹی کے اراکین کو نامزد کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ضلعی ہوم آئسولیشن کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر کرے گا، کمیٹی میں محکمہ صحت و دیگر محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے، شہری اور دیہی یونین کونسل کی سطح پر سب کمیٹیاں بنیں گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کمیٹی گھروں کے سائز اور اہل خانہ کے تعداد کی جانچ کے بعد اجازت دے گی، کرونا کی ہلکی علامات پر ہی مریض ہوم آئسولیشن کا اہل ہوگا۔ مریض کی حالت خراب ہو تو گھر میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ گھر میں قرنطینہ میں مریض روزانہ اپنی صحت کی تفصیل محکمے کو بھجوانے کا پابند ہوگا، محکمہ صحت کی ہدایت پر مریض طریقہ کار کے تحت ٹیسٹ بھی کرواتا رہے گا، مریض کو ہر 10 دن بعد ٹیسٹ کروانا ہوگا، 2 بار ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر مریض ہوم آئسولیشن ختم کر سکے گا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 2 بار منفی ٹیسٹ کروانے میں درمیانی مدت 24 گھنٹے ہونی چاہیئے، دوسری بار بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تو اگلا ٹیسٹ 5 دن بعد کروانا ہوگا۔ ٹیسٹ کے لیے محکمہ صحت کا عملہ گھر سے سیمپل لے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مریض کو منظور شدہ نجی لیبارٹری سے بھی ٹیسٹ کی اجازت ہوگی، ٹیسٹنگ سہولت میسر نہ ہونے پر مریض مزید 2 ہفتے آئسولیٹ رہے گا۔

    گھر میں قرنطینہ کے حوالے سے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت نے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔