Tag: وزیر اعلیٰ

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں، جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکمران سوال گندم جواب چنا پالیسی پر عمل پیرا رہے، حکمرانی کے دقیانوسی طریقوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے، رائز پنجاب پروگرام اور کرونا ورکنگ گروپ کا قیام مثالیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے رائز پنجاب فریم ورک تشکیل دیا، رائز پنجاب بنیادی سہولتوں سے متعلق ہے، معاشی استحکام، رسک کمیونیکیشن اور رسک فنانسنگ رائز پنجاب کا حصہ ہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ رائز پنجاب نجی سیکٹر اور سرکاری ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے، کرونا کے اثرات اور پالیسی کے لیے ورکنگ گروپ بھی پیشرفت ہے، ورکنگ گروپ کرونا اسمارٹ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا پر سفارشات دے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ریسرچ، ٹیکنالوجی اور اسمارٹ گورننس کا ہے، عثمان بزدار مشکل حالات کا دانشمندی سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

  • بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے وزرا و مشیران کے نام خط میں کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے نام مراسلہ روانہ کیا ہے، مراسلے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وطن کرونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب کے عوام بھی کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے وزرا اور مشیران سے کہا کہ امید ہے آپ اپنی تمام تر کوششیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائیں گے، حکومت پنجاب نے کرونا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، یقین ہے ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے، پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈپنڈنسی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے، احساس پروگرام سے مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے، ذخیرہ اندوزی مصد گرائ فروشی سے عام آدمی کو معاشی تکالیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

  • ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے 175 کرونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے، ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان میں سے 175 کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے بھی کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں جن کی بہترین نگہداشت کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور طبی عملہ تعریف کا مستحق ہے جو اس مشکل وقت میں زائرین کی بہترین نگہداشت کر رہا ہے اور ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر اس وبا کو شکست دیں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں۔

  • پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    پنجاب میں مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے منتقل کردیے گئے

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ معاشی پیکج کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو ڈیڑھ ارب روپے کی منتقلی کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد مستحقین کو زکوٰۃ کی رقم فوری منتقلی کی ہدایت کی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ باقی ڈیٹا بھی جلد از جلد حاصل کر کے اس کی تصدیق کی تاکید کی ہے، انشا اللہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ان تمام افراد کو 24 گھنٹے کے اندر شفاف طریقے سے ڈیڑھ ارب روپے ان کے موبائل فون نمبرز اور شناختی کارڈ نمبرز پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد یہ رقم کسی بھی موبائل فون شاپ سے نکلوائی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں میں 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا تھا، پیکج میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے کی ادائیگی بھی شامل تھی۔

  • صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکشن 245 کے تحت پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پاک فوج نے بھی سول انتظامیہ کی ہر جگہ مدد کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی اقدامات پر تعاون کریں اور سوشل فاصلہ رکھیں، ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنا رہے ہیں۔ ہماری پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بھرپور طریقے سے اقدامات کر رہے ہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 5 مخصوص اسپتال بھی بنا رہے ہیں، کابینہ کی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا حل نکال رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کے لیے اقدامات کی صلاحیت رکھتا ہے، عوام سے درخواست ہے حکومتی اقدامات پر مکمل تعاون کریں۔ صوبے بھر میں خوراک کی کوئی قلت نہیں۔ یہ ایک ایمرجنسی صورتحال ہے اس سے اسی طرح نمٹنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ میں کرونا آرڈیننس لا رہے ہیں، سوشل پروٹیکشن کے لیے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تفتان بارڈر پر سہولتوں کی کمی کا سامنا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تمام طبی سہولتوں کے لیے تعاون کریں گے۔

  • ہنر مند نوجوان ہر ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں: عثمان بزدار

    ہنر مند نوجوان ہر ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہنر مند نوجوان ہر ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں، نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر گھرانوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام کے لیے ڈیڑھ ارب رکھے گئے ہیں۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز کروائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سیکٹر پر فوکس نہیں کیا گیا، عدم توجہی پر افرادی قوت ضرورت کے مطابق ہنر مند نہیں بن سکی۔

    انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ہر ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں، پروگرام کے تحت 9 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر گھرانوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت 4 ٹیکنیکل یونیورسٹیز پر بھی کام کر رہی ہے، پروگرام کے تحت سی پیک میں نوجوانوں کو روزگار مہیا ہوگا۔ پنجاب حکومت خواتین کو با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے ہیں، خصوصی تعلیم کے 4 نئے ادارے تعمیر اور 8 اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ خصوصی بچوں کے لیے 9 کروڑ روپے سے 14 نئی بسیں فراہم کی گئیں۔ ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدر آمد یقینی بنایا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبائی معاملات پر مشاورت کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے کئی ہدایات بھی جاری کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل اور نئے وزرا شامل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ میں نئے وزرا کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو بہتر عوامی مفادمیں مشترکہ کام کرنے کی ہدایت کی جبکہ موجودہ وزرا کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی تاکید کی۔

    وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو کہا کہ وہ وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کریں جبکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں دینے کی ہدایت بھی کی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بے روزگار نہیں کر رہے، میرا خواب ہے کہ صوبے میں یکساں ترقی ہو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہماری حکومت میں صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تیز تر ترقی ہوگی۔

  • کے پی  کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو  اختیار دے دیا

    کے پی کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اختیار دے دیا

    پشاور: خیبرپختون خوا کابینہ اور انتظامیہ میں رد وبدل کا فیصلہ ہوا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو وزرا اور مشیروں کی برطرفی کا اختیار دے دیا.

    حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اہم اختیار سونپا ہے، آئندہ ہفتے چند  وزرا اور مشیروں کے قلم دان تبدیل کیے جاسکتے ہیں.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر  اعلیٰ محمود خان نے صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا.

    کئی محکموں کی سیکرٹریز اور اضلاع کے کمشنرز بھی تبدیل کر دیے جائیں گے، آئی جی خیبرپختون خوا کو تبدیل کیا جاسکتا ہے. وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کا بھی فیصلہ کر لیا ہے.

    مزید پڑھیں: پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

    خیال رہے کہ 23 جولائی 2019 کو وزیر اعلیٰ کے پی کے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نظام کو ہرحال میں ٹھیک کریں چاہے سختی دکھانا پڑے۔

    تمام وزرا اور نمائندگان اپنے حلقوں کو ٹھیک کریں، تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں.

  • 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا: عثمان بزدار

    65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے ہیں، صوبے میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بزرگ شہریوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ ہمارا سرمایہ ہیں ان کےحقوق کا تحفظ سب کی ذمے داری ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بزرگوں کا احساس کرنا اور خیال رکھنا ہمارا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے، حکومت نے بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے ہیں، صوبے میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، پروگرام کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر قیمتیں چیک کریں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے فعال انداز میں کام کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ نہیں عوام کو ریلیف کے لیے اقدامات نظر آنے چاہئیں، متعلقہ محکموں اور اداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر ڈلیور کرنا ہوگا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر متوقع بارشوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں تجاوزات اور بارش کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے متوقع بارشوں کے پیش نظر ہدایت کی کہ تمام ادارے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز بارش کی تیاری کر لیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیادہ جذبے اور محنت کی ضرورت ہے، آج حیدر آباد کا دورہ کروں گا، انتظامیہ کو ضروری ہدایات دوں گا۔ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بلدیاتی اداروں اور ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کریں۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے لیے واسا، ایچ ڈی اے اور ایچ ایم سی کو بے حد محنت کرنی ہوگی۔ سندھ حکومت نے کمپری ہینسو کراچی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ بنایا۔ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جمعے کی رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ’ویدر وارننگ‘ میں کہا گیا ہے کہ شمالی خلیج بنگال میں مون سون کا کم دب پیدا ہوا ہے، مون سون سسٹم 9 اگست کی صبح بھارتی گجرات پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 9 سے 12 اگست تک کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، حیدر آباد اور شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔ کراچی اور حیدر آباد میں ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے، متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔