Tag: وزیر اعلیٰ

  • میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ محمود خان

    میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ محمود خان

    میران شاہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ لیویز اور خاصہ فورس کے مسائل پہلے اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں جلسے سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں آپ کے لیے کچھ کرنے آیا ہوں، لیویز اور خاصہ فورس کے مسائل پہلے اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ بجلی کے مسائل کے حل کے لیے پیسکو سے بات کر رہے ہیں۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ میران شاہ کے لوگوں کو ملازمتیں دی جائیں گے، میران شاہ میں اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت بہتر کریں گے اور یہاں پر نوجوانوں کو سود سے پاک قرضہ دیں گے۔

    جلسے سے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخص تھے جنہوں نے افغانستان پر امریکی حملے کی مخالفت کی، عمران خان کا نظریہ ہے کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ نہیں مذاکرات سے حل ہوگا۔

    مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے وزیرستان کے لوگوں سے کیے وعدے پورے کیے، وزیر اعظم عمران خان کا میران شاہ سے خصوصی رشتہ ہے۔ آج وزیرستان کے عوام کے لیے بہترین پیکج لے کر آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیرستان کے عوام کا درد رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان وزیرستان کے مسائل کے حل کے لیے پر عزم ہیں۔

  • کسی کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: عثمان بزدار

    کسی کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت نے وسائل کے درست اور بہترین استعمال کو یقینی بنایا ہے۔ کسی کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت کی شفافیت اور طرز حکمرانی سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، مثبت اقدامات کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرمایہ کار موجودہ حکومت پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، حکومت نے وسائل کے درست اور بہترین استعمال کو یقینی بنایا ہے۔ ’کسی کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنا کر تحریک انصاف نے تاریخ رقم کی ہے، عمران خان سے وابستہ توقعات پوری کرنے کے لیے دن رات ایک کر دیں گے۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ انہیں صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔ تحریک انصاف حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے اصل مسائل سے چشم پوشی کی۔ سابق ادوار میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کیے گئے، اصل عوامی مسائل کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ ملکی معیشت کی جو خراب حالت ہے اس کی ذمہ داری سابقہ حکومتیں ہے، انہوں نے قومی وسائل بے دردی سے ضائع کیے۔

  • ساہیوال واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے جےآئی ٹی سربراہ کو میڈیا بیانات سے روک دیا

    ساہیوال واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے جےآئی ٹی سربراہ کو میڈیا بیانات سے روک دیا

    لاہور: سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کے پاس رپورٹ تیار کرنے کی مہلت ختم ہوگئی، البتہ رپورٹ اب تک پیش نہیں‌ کی جاسکی.

    تفصیلات کے مطابق جےآئی ٹی نے ابھی تک رپورٹ کو حتمی شکل نہیں دی اور گاڑی کافرانزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق جےآئی ٹی رپورٹ کی تیاری کے لئے مزید وقت مانگ سکتی ہے.

    جے آئی ٹی سربراہ کا موقف

    اس ضمن میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) کے سربراہ سید اعجاز شاہ کا موقف  سامنا آیا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اتنے بڑے واقعے کی حتمی رپورٹ آج دینا ممکن نہیں.

    جے آئی ٹی سربراہ کے مطابق بڑے کیس کی تحقیقات دو یا تین دن میں نہیں ہوسکتی، عینی شاہدین کےبیان پرنتیجہ اخذنہیں کرسکتے.

    وزیر اعلیٰ کا اظہار برہمی اور  سرزنش

    دوسری وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحقیقاتی ٹیم کومزید وقت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی راہ میں ایک لمحے کی تاخیربرداشت نہیں کریں گے.

    وزیراعلیٰ پنجاب نے جےآئی ٹی کے سربراہ سیداعجازشاہ سے رابطہ بھی کیا، جس میں‌ میڈیا بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حساس معاملہ ہےبیان بازی سے گزیز کریں.

    اب کیا ہوگا؟

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اعجازشاہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے.

    رپورٹ میں ابہام پایاگیاتوانکوائری جوڈیشل کمیشن کوریفرکرنے کا امکان ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزرا سے معاملے پرمشاورت شروع کردی.

  • بلوچستان، سینیٹ کی نشست پر بی اے پی کامیاب، وزیر اعلیٰ پانچ سال پورے کرنے کے لیے پرامید

    بلوچستان، سینیٹ کی نشست پر بی اے پی کامیاب، وزیر اعلیٰ پانچ سال پورے کرنے کے لیے پرامید

    کوئٹہ:  بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر بی اے پی کامیاب رہی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت پانچ سال پورے کرے گی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں عوامی پارٹی پورے صوبے کی سیاسی جماعت ہے اور دن بدن مضبوط ہورہی ہے.

    جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹ میں توقع سے زیادہ ووٹ لیے، سینیٹ انتخابات میں مقبولیت بی اے پی کی پذیرائی کی عکاس ہے.

    وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ حقوق پروگرام بلوچستان سے متعلق ہرممکن اقدام کریں گے، بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں 5 سالہ حکومتی معیاد پوری کرے گی.

    یاد رہے کہ آج بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب ہوا، جس میں بلوچستان اسمبلی کے 65 میں سے 63 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے.

    مزید پڑھیں: وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    اس الیکشن میں بی اے پی کے منظور کاکڑ کامیاب ٹھہرے، انھیں 38 جب کہ ان کے مد مقابل بی این پی کے غلام نبی مری کو 23 ووٹ ملے۔

    یاد رہے کہ 11 جنوری 2019 کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہا کہ تھا کہ وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔

  • پی ٹی آئی نے سندھ میں‌ اپنا وزیر اعلیٰ لانے کا عندیہ دے دیا

    پی ٹی آئی نے سندھ میں‌ اپنا وزیر اعلیٰ لانے کا عندیہ دے دیا

    کراچی: پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لوگ خود پی ٹی آئی سے رابطہ کر رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئےکہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ارکان اسمبلی اپنے مستقبل کے لئے پریشان ہیں۔

    خرم شیرزمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کوسندھ میں حکومت کے لئے 20 ووٹوں کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کا حقیقی گروپ اب ان سے اظہارلاتعلقی کر دے گا. پیپلزپارٹی اب بے نظیروالی نہیں رہی، اب یہ زرداری کی پارٹی ہوگئی ہے.

    انھوں نے کہا کہ جےآئی ٹی رپورٹ کے بعد مرادعلی شاہ کوعہدے پر رہنے کا جواز نہیں، پیپلز پارٹی خود کوئی وزیر اعلیٰ لے کرآجائے، وزیر اعلیٰ کو تبدیل نہیں کریں گے، تو ہم مجبوری میں اپنا لے آئیں گے.


    مزید پڑھیں: سندھ میں ایسا وزیرِ اعلیٰ ہونا چاہیے جس کے خلاف انکوائری نہ ہو: افتخار درانی


    خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ ملک کولوٹنے والوں کو جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کو بہت لوٹ لیا، اب یہ اوربرداشت نہیں کرسکتے.

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلزپارٹی کے لوگوں کونہیں توڑ رہے، پیپلزپارٹی کے لوگ خود ہم سے رابطہ کر رہے ہیں.

  • ماضی میں سی پیک کے معاملے پر کے پی کے کو اندھیرے میں رکھا گیا: وزیر اعلیٰ محمود خان

    ماضی میں سی پیک کے معاملے پر کے پی کے کو اندھیرے میں رکھا گیا: وزیر اعلیٰ محمود خان

    پشاور: وزیر اعلیٰ کے  پی کے محمود خان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سب قانون کے تابع ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے کے پی کے کی سو روزہ کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کی بالادستی کے لئے آزاد اور بااختیار ادارے قائم کئے.

    انھوں‌ نے کہا کہ حکومتی سطح پر سزا و جزا کا قابل عمل قانون بنایا ہے، مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر حکمرانی کی بنیاد ڈالی. وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ صوبے میں وسائل کے استعمال کے مؤثر انتظامات کئے ہیں، وزیراعلیٰ ہاؤس کے اخراجات 50لاکھ سے کم ہوکر6لاکھ روپے پر لے آئے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں 2013 میں عوام نے مینڈیٹ دیا، صوبے میں نظام کی بہتری کے لئے ترجیحات کا تعین کرلیا ہے، خود کو سب سے پہلے احتساب کےلئے پیش کیا.

    وزیر اعلیٰ‌ کے پی کے نے کہا کہ ترقیاتی حکمت عملی کے لئے ٹی ڈی پی ایکٹ کے لئے ترامیم تجویز کی ہے، ماضی میں سی پیک کے معاملے پر صوبے کو اندھیرے میں رکھا گیا، اربوں روپے کے منصوبوں سے ہمارے صوبے کو نظراندازکیا گیا.

    ان کا کہنا تھا کہ مغربی روٹ کی توسیع ،گلگت چترال روڈ کو سی پیک میں شامل کرنے کی تجویز کی، سی پیک کے تحت جوائنٹ وینچر کی منظوری دی ہے.


    مزید پڑھیں: سی پیک میں نئے قبائلی اضلاع سے بھرتیاں کی جائیں گی: وزیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا


    انھوں نے کہا کہ صوبے کے تباہ حال انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے یکساں حکمت عملی وضع کی ہے، بہترصنعت کاری، سیاحت، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں، سوات موٹروے، بلین ٹری سونامی اور گومل زام ڈیم کے لئے رقم مختص کی ہے.

    وزیراعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ سب غریب کے لئے سوچیں کہ اس کے لیے کیا کیا جاسکتا ہے، پاکستان انشا اللہ ترقی ضرور کرے گا.

  • عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو سپورٹ کریں گے: فیصل واوڈا

    عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو سپورٹ کریں گے: فیصل واوڈا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں میں سندھ کے پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں، کے فور کا منصوبہ 75 بلین روپے کا ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 50 فیصد فنڈز دینے کا وعدہ کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد فیصل واوڈا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات مثبت رہی، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے پانی کے مسائل ہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ حکومت کے مطالبات وفاقی حکومت تک پہنچاؤں گا۔ ’سندھ حکومت کے وفاق کے ذمے فنڈز سے متعلق کام کروں گا‘۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پائلٹ پروجیکٹ سندھ حکومت کو دے رہا ہوں، کے فور سے متعلق پیشرفت ہوئی ہے، سندھ حکومت نے مثبت پروپوزل دیا۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ بلدیات سے متعلق بھی سندھ حکومت کی بھرپور مدد کریں گے، غیر قانونی ہائیڈرینٹس گرانے سے متعلق سعید غنی نے سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔ ’سیاسی اختلافات اپنی جگہ رہیں گے ملک کے لیے ہم سب متحد ہیں، ہر صوبے میں جاؤں گا اور حکام سے ملاقاتیں کروں گا‘۔

    وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے لیے کے فور منصوبہ بہت اہم ہے، منصوبے میں درپیش مسائل پر فیصل واوڈا سے گفتگو ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع ویسٹ پانی کی عدم موجودگی سے متعلق زیادہ متاثر ہے، بلدیہ میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ ضلع ویسٹ میں پانی کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

  • سندھ میں نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد

    سندھ میں نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ کابینہ نے نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی۔ نئی سرکاری گاڑیوں پر پابندی 3 سال تک رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری افسران کے لی ےگاڑیوں کی نئی پالیسی بنانا چاہتا ہوں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گریڈ 17 کے افسر کو لیز پر گاڑی خرید کر دی جائے گی، سرکاری افسر خود گاڑی کی اقساط اور مرمت کے اخراجات ادا کرے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقساط پوری ہونے پر گاڑی متعلقہ افسر کے حوالے کردی جائے گی۔

    اجلاس میں نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگا دی گئی۔ اجلاس میں نئی گاڑیوں پر پابندی 3 سال تک کے لیے رکھی گئی ہے۔

    صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گورنر، وزیر اعلیٰ، چیف جسٹس، چیف سیکریٹری، وزیر داخلہ، اسپیکر سندھ اسمبلی، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جیز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

    اگر کسی وزیر یا افسر کو کسی قسم کا خدشہ لاحق ہوگا تو کابینہ کی منظوری سے اسے بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں آئی جی پریزن اور ڈی آئی جی پریزن کی بھرتی کے قوانین پر بحث ہوئی۔ کابینہ نے 2015 اور 2018 کے قوانین کو مسترد کر کے 1978 کا اصل رول 890 بحال کردیا۔

    رول کے تحت آئی جی پریزن کی ترقی ڈی آئی جی پریزن سے کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جیل خانہ جات کا نام تبدیل ہونا چاہیئے، جیل پولیس کو اسپیشل فورس کا درجہ دیا جائے گا۔

    صوبائی کابینہ نے پولیس افسران کی تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں مرتضیٰ وہاب، شبیر بجا رانی، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ کو شامل کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ پختونخواہ کا اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کروانے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ پختونخواہ کا اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کروانے کا اعلان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے صوبے میں بچوں کے اسکولوں میں داخلے کے لیے مہم شروع کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری اسکولوں میں داخل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم کے دوران 8 لاکھ بچوں کے اسکولز میں داخلے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیا بنگش کا کہنا ہے کہ تعلیم سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر کام جاری رکھیں گے۔ تعلیم کے شعبے میں پچھلے دور میں پختونخواہ دیگر صوبوں سے آگے رہا۔

    انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی کام کریں گے۔ کوشش ہے مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے ہوں۔

    اس حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ 5 سال کی محنت ہے کہ عوام نے دوبارہ منتخب کیا، اب ذمے داری زیادہ ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کریں گے، گورنر ہاؤس کھولنے سے متعلق گورنر ہی بتاسکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کمیشن ملازمین کو کسی اور محکمے میں ایڈجسٹ کریں گے۔ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری اسکولوں میں داخل ہوں گے۔

  • جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب

    جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس آج ہوا۔ اجلاس اسپیکر میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا قائد ایوان کا انتخاب تھا۔

    وزیر اعلیٰ کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال اور متحدہ مجلس عمل کے یونس عزیز زہری مدمقابل ٹھے۔

    قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 2 لابیز بنائی گئی تھیں۔ جام کمال کے حمایت یافتہ اے لابی اور یونس زہری کے بی لابی میں گئے۔

    پولنگ میں جام کمال نے 39 ووٹ اور یونس عزیز زہری نے 20 ووٹ حاصل کیے۔ مسلم لیگ ن کے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بھی جام کمال کو ووٹ دیا۔

    اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب


    بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 16 اگست کو کیا گیا۔ رائے شماری میں 60 میں سے 59 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    سابق اسپیکر راحیلہ درانی کی زیر نگرانی خفیہ رائے شماری کا انعقاد ہوا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔

    انہوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عبد القدوس بزنجو نے 39 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمد نواز کاکڑ صرف 20 ووٹ حاصل کرسکے۔

    بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بی اے پی اور 6 اتحادی جماعتوں نے میر عبد القدوس بزنجو کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

    سابق اسپیکر نے عبد القدوس بزنجو سے نئے اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد وہ اپنی نئی نشست پر بیٹھ گئے۔

    تین گھنٹے کے وقفے کے بعد نو منتخب اسپیکر عبد القدوس بزنجو کی زیر نگرانی ڈپٹی اسپیکر کے چناؤ کے لیے انتخاب کیا گیا جس میں 58 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    پولنگ کا وقت ختم ہوا تو گنتی کا عمل شروع کیا گیا جس میں ایک ووٹ مسترد ہوگیا۔

    نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار سردار بابر موسیٰ خیل نے 36 جبکہ دوسرے امیدوار احمد نواز نے 22 ووٹ حاصل کیے۔

    نو منتخب ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل سے عبدالقدوس بزنجو نے حلف لیا۔