Tag: وزیر حج

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔

  • وزیرمذہبی امور کی سعودی وزیرحج سے ملاقات، حج انتظامات پر تفصیلی گفتگو

    وزیرمذہبی امور کی سعودی وزیرحج سے ملاقات، حج انتظامات پر تفصیلی گفتگو

    جدہ: وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کی سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن طاہر سے ملاقات ہوئی اس دوران حج تیاریوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امور نورالحق اور سعودی وزیرحج کے درمیان ملاقات سعودی شہر جدہ میں ہوئی، ملاقات میں حج کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

    اس موقع پر نورالحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کا حج کوٹہ بڑھانے پر خادم حرمین شریفین اور وزیر حج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر بھی مشکور ہیں۔

    وزیرمذہبی امور نے سعودی وزیرحج سے اسلام آباد کے ساتھ کراچی اور لاہور کو بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرنے کی استدعا کی۔

    سعودی وزیرحج ڈاکٹر صالح بن طاہر کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کے آرام اور سہولت کا خیال رکھنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، پاکستان کے دیگر شہروں کا روڈٹومکہ میں شمولیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی،ذرائع

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی، اس سلسلے میں 14 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی وفد یکم اپریل کو پاکستان بھی پہنچا تھا۔

    یاد رہے روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں پاکستان کو شامل کرنے کا پہلے اعلان ہوچکا ہے۔ حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج قرعہ اندازی کر کے حج پر جانے والے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔