Tag: وزیر خارجہ شاہ محمود

  • شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    مکہ: او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے، شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

    سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر شاہ محمود کا بھی شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کا امن مقدس سرزمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے، حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے نے دلوں میں گہرے ان مٹ نقوش چھوڑے، ان کے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے دل جیت لیے۔ شاہ محمود نے گزارش کی کہ قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعے کے دوران سعودی عرب کے مخلصانہ کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابل قبول نہیں۔

    وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے، جہاں کویت کے ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر خارجہ نے شاہ محمود کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کویت پہنچ گئے ہیں، وہ دو روزہ سرکاری دورے پر کویت گئے ہیں، جہاں وہ کویتی قیادت کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔

    کویت کے ہوائی اڈے پر کویتی ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور صالم الحمدان، پاکستان میں کویت کے سفیر نثار مطہری، کویت میں پاکستانی سفیر غلام دستگیر اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پر تپاک استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود دورے کے دوران اپنے کویتی ہم منصب اور امیر کویت سمیت قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    ملاقاتوں میں تجارتی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دل چسپی کے امور زیر بحث آئیں گے، وزیر خارجہ کویتی قیادت کے ساتھ ویزوں کے مسئلے پر بھی بات چیت کریں گے۔

    اس دوران وزیر خارجہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور مؤثر کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

    قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود ایئر پورٹ پر وی آئی پی کی بہ جائے عام راستے سے امیگریشن کاؤنٹر پہنچے، مسافروں نے انھیں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنوائیں۔

    کویت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہو رہا ہوں، یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ وہ امیر کویت کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی خط لے کر جا رہے ہیں۔

  • ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ایم ایل این میں بہت سے لوگ صوبہ جنوبی پنجاب کے حق میں ہیں، ن لیگ سے صوبے پر منطقی بات کریں گے، ملتان 3 ضلعوں کا صوبہ ممکن نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار شاہ محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا کہ ہم منطقی بات کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی کاوش پروان چڑھانے میں ہماری مدد کریں۔

    وزیر خارجہ نے کہا ’شاہد خاقان کو کہوں گا بل قوانین کے مطابق پیش ہوا ہے، بل پر ووٹنگ ہوئی اور خصوصی کمیٹی میں بھیج دیا گیا، ن لیگ کا بل بھی موجود ہے ہم اس سے بھی انکار نہیں کرتے۔‘

    شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص دینے کا وعدہ وفا کریں گے، آئین میں ترمیم سے جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا، صوبے کی 120 نشستیں ہوں گی، اپناہائی کورٹ ہوگا، چیف جسٹس ملتان میں بیٹھے گا، بہاولپور بینچ ہائی کورٹ ملتان کا حصہ بن جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

    ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے، پیپلز پارٹی سے بل پر تبادلۂ خیال ہوا، پی پی نے مثبت جواب دیا، تجویز دی کہ جنوبی پنجاب پر بل کی تجویز مشترکہ لے کر چلیں۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی منظوری پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب 2 صوبے بننے چاہئیں۔

  • شاہ محمود قریشی کا قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ

    شاہ محمود قریشی کا قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، رابطے میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود نے قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر گفتگو کی۔

    گفتگو کے دوران پاک قطر دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے اے سی ڈی منسٹیریل کانفرنس کے کام یاب انعقاد پر قطری ہم منصب کو مبارک باد دی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ ہم قطر سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے خواہش مند ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دوحہ:پاک قطرتجارت وسرمایہ کاری کانفرنس، دوطرفہ تجارتی فروغ پر زور

    قطری وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دوحہ میں پاک قطر تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    کانفرنس کا انعقاد سرمایہ کاری بورڈ، پاکستانی سفارت خانے اور قطر فنانس سینٹر نے کیا، دنوں ممالک کے معاشی ماہرین نے دو طرفہ تجارتی معاملات کی بہتری اور مضبوطی پر گفتگو کی۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود  سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کا ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی کا ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی نے جان بولٹن کو بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی مشیر برائے سلامتی جان بولٹن کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، اس موقع پر پلوامہ واقعے کے بعد خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے امریکی عہدیدار کو26فروری کو جانے والی بھارتی جارحیت کی تفصیلات کے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ دراندازی یو این چارٹر کے بھی منافی تھی، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا بھرپور جواب اپنے دفاع میں تھا، ہم خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوایا، پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت کے بعد بھارت واپس پہنچ چکے ہیں،14مارچ کو کرتار پور راہداری معاہدے کیلئے وفد بھارت جارہا ہے۔

    ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو میں ایمبیسڈر جان بولٹن نے امن کیلئے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کی قیادت سے اہم مذاکرات میں مصروف تھے اس کے باوجود اس تمام صورتحال میں پاک بھارت قیادت سے رابطے میں رہے۔

    انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیر خارجہ نے بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا، ایمبیسڈر جان بولٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔