Tag: وزیر خارجہ پاکستان

  • پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ کا سرکاری دورہ، بلاول ہنگری پہنچ گئے

    پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ کا سرکاری دورہ، بلاول ہنگری پہنچ گئے

    بڈاپسٹ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ دورے پر ہنگری پہنچ گئے، اس سے قبل کسی پاکستانی وزیر خارجہ نے ہنگری کا سرکاری دورہ نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان ہنگری پہنچ گئے، ہنگری میں پاکستان کے سفیر اور ہنگری کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ بلاول ہنگری کے ہم منصب سے ملاقات کریں گے، دونوں ہم منصب رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزرائے خارجہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعاون کی یاداشتوں پر دستخط کریں گے، بلاول بھٹو ہنگری کے سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

    بلاول بھٹو پاکستان میں کام کرنے والی ہنگری کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملیں گے، واضح رہے کہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ہنگری کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

  • بھارت کو گستاخانہ بیانات پر معافی مانگنا ہوگی: وزیر خارجہ

    بھارت کو گستاخانہ بیانات پر معافی مانگنا ہوگی: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کو گستاخانہ بیانات پر معافی مانگنا ہوگی، گستاخانہ بیانات پر معافی نہ مانگی تو سیکولر بھارت کا نظریہ متاثر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے آج منگل کو اسلام آباد میں جرمن ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت سے گستاخانہ بیانات پر معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف پاکستان اور کشمیر ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات ان بیانات سے مجروح ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات پر ہمیں تشویش ہے، اور بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان بیانات سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ہم تنازع کو بڑھانے کے بجائے ختم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، دنیا میں جس فورم پر بھی گیا کشمیر کے معاملے کو اٹھایا، ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ اٹھایا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یک طرفہ اقدامات سے کشیدگی بڑھی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالے ہوئے مجھے ایک ماہ ہوا ہے، ہماری پالیسی ہے کہ دنیا سے رابطے بڑھائیں، رابطے نہیں بڑھائیں گے تو پاکستان کا مؤقف پیش نہیں کر سکتے، ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری سے بہتر انداز میں رابطے میں رہیں۔

    انھوں نے کہا چین ہو یا امریکا ہم ڈپلومیسی پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان چین اور عالمی دنیا کے درمیان روابط میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پاکستان پرامن مذاکرات کا حامی اور پل کا کردار ادا کرنے پر یقین رکھتا ہے، دنیا کو انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہنا چاہیے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، گزشتہ سال پاکستان نے جرمنی کے ساتھ 25 ملین ڈالر کی تجارت کی، پاکستان کا دورہ کرنے پر جرمن وزیر خارجہ کے شکر گزار ہیں، امید ہے جرمنی اور پاکستان میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    افغانستان سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے افغان حکومت اپنے کیے وعدوں اور عالمی برادری کی امنگوں پر عمل درآمد کرے گی، اس وقت افغانستان کو سب سے زیادہ عالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے، پاکستان نے افغانستان سے انخلا میں اپنی ذمہ داری سمجھ کر یورپ اور جرمنی کی مدد کی۔

    توہین رسالت کرنے پر نوپور شرما کو گرفتار کیا جائے، اسدالدین اویسی

    روس یوکرین تنازع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان کو یوکرین میں ہلاکتوں پر تشویش ہے، یوکرین تنازع پر پاکستان نے اپنا مؤقف نہیں بدلا، ہم کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتے، لیکن یوکرین میں جاری بحران کو نظر انداز نہیں کر سکتے، ہم یوکرین میں جنگ کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں دونوں ممالک اور یورپ سے رابطے میں ہیں۔

  • افغانستان میں انتقال اقتدار، پاکستان کا ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

    افغانستان میں انتقال اقتدار، پاکستان کا ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: افغانستان میں انتقال اقتدار کے سلسلے میں پاکستان نے ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد 4 ہمسایہ ممالک کا دورہ کریں گے، ان دوروں کے دوران شاہ محمود افغان صورت حال اور انتقال اقتدار سے متعلق گفتگو کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ جن چار ممالک کا دورہ کریں گے ان میں ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران شامل ہیں، وزیر خارجہ کا یہ دورہ 25 اگست سے 27 اگست تک ہوگا۔

    وزیر خارجہ پاکستان اپنے دوروں میں افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی خواہش کا اعادہ کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کے 4 ملکی دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

    طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی کابل میں پہلی باقاعدہ پریس کانفرنس

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے دوبارہ رابطہ کر کے افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم عمران خان جرمن چانسلر سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کریں گے۔

    دوسری طرف آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سیاسی رہنماؤں کے وفد نے اہم ملاقات کی، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ صلاح الدین ربانی کی سربراہی میں 8 رکنی وفد نے آرمی چیف سے ملاقات کی ہے، جس میں افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آرمی چیف نے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ وسیع تر تعلقات کا خواہاں ہیں، اور ہم افغانستان میں دیرپا امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے تیار ہیں، معاملات کے حل سے خطے میں دیرپا امن و استحکام آئے گا۔

    افغان وفد نے کہا کہ پاک فوج کی افغانستان میں امن کے لیے کوششیں قابل قدر ہیں، اس ملاقات میں افغان وفد نے مستقبل سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔

  • پاکستان کی ایٹمی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: شاہ محمود

    پاکستان کی ایٹمی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جوہری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، پاکستان چاہتا ہے دنیا جوہری ہتھیاروں سے پاک ہو۔

    انھوں نے کشمیر پر مودی کی اے پی سی کو ناٹک قرار دیتے ہوئے کہا کل کی نشست کا حاصل وصول کچھ نہیں، کشمیری آج بھی حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں، نئی دہلی میں کل کی نشست ناٹک تھا، جس میں کشمیری قیادت کو مدعو ہی نہیں کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا، مودی نے کل کی نشست میں کشمیر کی دہلی سے دوری کا بھی اعتراف کیا، ماحول کے نارمل حالات میں لوٹ آنے کا تاثر یک سر مسترد ہوگیا، پچھلے 2 سال میں کشمیر پر ظلم سے بھارت کی ساکھ متاثر ہوئی۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا نریندر مودی کی شخصیت پر بھی سوالات اٹھے ہیں، کل کی نشست میں 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کیا گیا، مودی نے اعتراف کیا کہ 5 اگست کے اقدامات سے کشمیری ناراض ہیں، کل کی نشست سے واضح ہوگیا کہ بھارتی حکومت پر کشمیر کو اعتماد نہیں۔

    وزیر خارجہ نے کشمیر کے سلسلے میں ایک اہم نکتے کی طرف توجہ مبذول کروائی، انھوں نے کہا بھارتی مظالم کے نتیجے میں کشمیر میں باغ اجڑ گئے ہیں، اور شعبہ سیاحت تباہ ہو گیا ہے، کشمیریوں کو شعبہ سیاحت سے آنے والی آمدن بھی رک گئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں 50 فی صد سے زائد انڈسٹری بند پڑی ہے، ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ الگ سے جاری ہے۔

    انھوں نے کہا کل نشست میں حریت رہنماؤں کی رہائی، اور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا، کشمیری آج بھی اپنی شناخت کی تلاش میں ہیں، وہ تحفظ چاہتے ہیں، ہم نے یو این ، سلامتی کونسل، جنیوا کنونشن سمیت ہر جگہ ڈیموگرافی تبدیلی کا مسئلہ اٹھایا، نہ صرف کشمیر بلکہ عالمی طاقتوں نے بھی 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔

  • سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے: شاہ محمود

    سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے: شاہ محمود

    ملتان: وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ پیسے کے بل بوتے پر سیاست کی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے ملتان دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ اور بوسیدہ نظام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ پیسے کے بل بوتے پر سیاست کی لیکن آج اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے، اس لیے شکست کے خوف سے اپوزیشن اوپن بیلیٹنگ کی مخالفت کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور کامیابی سے نواز کر اقتدار کی مسند پر فائز کیا، سینیٹ میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

    مہنگائی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ یہ ہماری حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اور اس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔

  • ’میرے بچے کو سمجھا دیں‘ کشمیر کے سودے کے بیان پر شاہ محمود کا بلاول کا نام لیے بغیر طنز

    ’میرے بچے کو سمجھا دیں‘ کشمیر کے سودے کے بیان پر شاہ محمود کا بلاول کا نام لیے بغیر طنز

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج سینیٹ میں کہا کہ میں شیری رحمان سے اتفاق کرتا ہوں خارجہ پالیسی طویل المدتی بننی چاہیے، لیکن اپنے زیر تربیت کو سمجھا دیں ایسے بیان نہ دیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود سینیٹ میں اظہار خیال کر رہے تھے، انھوں نے کہا ہم سے پہلے ایک حکومت تھی جس کے حلق میں کشمیر کا نام اٹک جاتا تھا۔ شاہ محمود نے شیری رحمان کو مخاطب کر کے کہا میرے بچے کو سمجھا دیں کہ کشمیر سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیں۔

    شاہ محمود نے بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا کوئی مائی کا لال کشمیر کا سودا نہیں کر سکتا، سمجھا دیجئےگا میرے بچے کو کہ ایسی بات نہ کرے۔

    اس سے قبل پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اظہار خیال میں کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ خارجہ پالیسی کے مسائل پارلیمان میں حل ہوں گے، کشمیر پر عالمی کانفرنس کیوں نہیں منعقد ہو رہیں؟ کشمیر پر مشترکہ اجلاس بھی ہمارے مطالبے پر بلایا گیا۔ انھوں نے کہا صدر بائیڈن پاکستان اور خطے کے معاملات سے آگاہ ہیں، امریکا پاکستان کو افغانستان کے زاویے سے دیکھ رہا ہے، لیکن حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آتی۔

    وزیر خارجہ نے کہا خارجہ پالیسی کے اثرات طویل المدت ہوتے ہیں، آج درپیش حالت کے ذمہ دار وہ لوگ بھی ہیں جو بار بار اقتدار میں رہے، وہ بھی ذمہ دار ہیں جو کشمیر کمیٹی میں رہے، تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ خارجہ پالیسی میں پاکستان تنہا رہ گیا، لیکن یہ صرف بھارت کی ناکام کوشش ہے، آج بھارت پر جو انگلیاں اٹھ رہی ہیں یہ پاکستان کے خلاف تھیں۔

    انھوں نے کہا میں ابھی یو اے ای سے ہو کر آیا ہوں، ان کے وزیر خارجہ سے 3 گھنٹے ملاقات ہوئی، دبئی کے لیے بھارت کے ساتھ تعلقات رکھنا پروفیشنلز کی بنیاد پر فطری بات ہے، دبئی کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بھارت کی وجہ سے متاثر نہیں ہو سکتے، یو اے ای نے واضح کہا کہ بھارت سے تعلقات پاکستان کی قیمت پر نہیں بنائیں گے۔

    شاہ محمود نے سعودی عرب سے تعلقات سے متعلق اعتراض پر کہا ہم سعودی عرب سے ادھار پر تیل تاحیات نہیں لے رہے تھے، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ معاہدہ محدود مدت کے لیے تھا، جب ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہم نے ادائیگیاں کر دیں، اس میں تعلقات خراب کرنے والی کیا بات ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بے چینی کی کوئی بات نہیں، ہمارے تعلقات اسٹریٹجک ہیں، وہ پاکستان کی اہمیت جانتا ہے۔

  • شاہ محمود کا امریکی وزیر خارجہ کو فون، ڈینئل پرل کیس پر گفتگو

    شاہ محمود کا امریکی وزیر خارجہ کو فون، ڈینئل پرل کیس پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ کو فون کر کے منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو وزیر خارجہ پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، شاہ محمود نے کہا ڈینئل پرل کیس میں قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

    فون پر گفتگو میں وزیر خارجہ نے اس کیس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا، انتونی بلنکن نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں پاک امریکا وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ، اہم علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔

    دریں اثنا، دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے امریکی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی، اور کہا امریکا کے ساتھ جامع شراکت داری کے قیام کے لیے پُر عزم ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان معاشی شراکت داری کے قیام، علاقائی روابط کے فروغ کا حامی ہے، ہم امریکا مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں، افغان مسئلے کے پر امن سیاسی حل کے لیے افغانستان میں پُر تشدد واقعات میں کمی لائی جائے۔

    شاہ محمود نے کہا پاکستان قیام امن کے لیے امریکا کی کاوشوں میں شرکت کا خواہاں ہے، پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا، آئندہ بھی اپنا کردار نبھاتا رہے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، انتونی بلنکن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

  • بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی: شاہ محمود

    بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آج وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے بھارتی چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔

    انھوں نے کہا بھارت نے عالمی قوانین، عالمی انسانی حقوق اور عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھ دیا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، لیکن اب بھارت کی پالیسیوں اور ہندوتوا سوچ کے خلاف اندر سے آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا ہم دنیا کو بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ کرتے آ رہے ہیں، بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی، کشمیر کی آواز ایک خطے کی نہیں بلکہ عالمی آواز بن چکی ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    گمراہ کن خبروں کا بھارتی نیٹ ورک بےنقاب، عالمی ادارے کے تہلکہ خیز انکشافات

    واضح رہے کہ چند دن قبل یورپی یونین کے تحقیقاتی ادارے ڈس انفولیب نے گمراہ کن خبریں پھیلانے والے بھارتی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا تھا، ڈس انفولیب نے اپنی رپورٹ میں جھوٹے پروپیگنڈے اور گم راہ کن خبروں کے لیے بنائے جانے والے بھارتی نیٹ ورک سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی نیٹ ورک گزشتہ 15 برسوں سے اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین کو جھانسا دے رہا ہے جب کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں بھی مصروف ہے، بھارتی نیٹ ورک نے جعلی فلاحی تنظیمیں (این جی اوز) اور میڈیا آرگنائزیشن وسیع پیمانے پر تشکیل دیں، یہ تمام تنظیمیں اور صحافتی ادارے نیٹ ورک کے لیے کام کر رہے ہیں۔

  • افغانستان میں کوئی گروہ فیورٹ نہیں: وزیر خارجہ

    افغانستان میں کوئی گروہ فیورٹ نہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں کوئی گروہ فیورٹ نہیں ہے، ہم سب سے یکساں سلوک کے حامی ہیں، اور متحد افغانستان کی خواہش رکھتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ پاکستان نے افغان اولسی جرگے کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، افغان پارلیمانی وفد کی قیادت اسپیکر رحمان رحمانی کر رہے تھے۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور خطے کی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شاہ محمود نے کہا پاکستان افغانستان سے تاریخی دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں افغان عوام کے لیے مثبت سوچ رکھتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد انھوں نے پہلا دورہ ہی افغانستان کا کیا تھا، شاہ محمود نے وفد سے کہا میری طرف سے 10 نکاتی واضح پیغام افغان پارلیمنٹ کو دیں، افغانستان میں ہمارا کوئی گروہ فیورٹ نہیں سب سے یکساں سلوک کے حامی ہیں، ہم متحد افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور خواہش رکھتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا پر امن، مستحکم اور خوش حال افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے، ہمیں دو طرفہ تجارت اور معیشت کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہیے، وزیر اعظم اور حکومت نے ہمیشہ یہی کہا افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، اس لیے افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ امریکا اور طالبان میں امن معاہدے کے موقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے، افغان مذاکرات طویل اور پیچیدہ ہو سکتے ہیں، اس لیے فریقین صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا نہایت ضروری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغان عوام کی رائے کا صدق دل سے احترام کرتا ہے، پاکستان افغان مذاکرات میں افغان قیادت کے فیصلوں کا بھی احترام کرے گا، پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں مستقل قیام امن کا خواہاں نہیں ہو سکتا۔

    اس موقع پر افغان اسپیکر میر رحمنٰ رحمانی کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور باہمی تجارت میں اضافے خصوصاً افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

    انھوں نے کہا افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انھیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔

  • توقع ہے پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا: وزیر خارجہ

    توقع ہے پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا سے ملاقات میں توقع ظاہر کی ہے کہ کرونا وبا کے بعد پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے وزارتِ خارجہ آ کر شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، کرونا صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی پاکستان کی بروقت معاونت پر شکریہ ادا کیا، اور ترقی پذیر ممالک کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت پر یورپی یونین کے کردار کو سراہا۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے، پاکستان نے معیشت کے پہیے کو بھی ازسر نو متحرک کیا، آج پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا سے ملاقات کر رہے ہیں

    وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین دیگر ممالک کے شہریوں کی طرح پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دے گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔

    وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی سفیر کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین انسانی حقوق کی داعی ہونے کے ناطے بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور بھارتی جیلوں میں مقید بے گناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔

    دوران ملاقات وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مصالحانہ کوششوں، بین الافغان مذاکرات اور اس سلسلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا بھی تذکرہ کیا۔ فریقین نے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔