Tag: وزیر خارجہ پاکستان

  • پاکستانی پارلیمنٹ اور آئی پی یو میں روابط مستحکم کرنا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    پاکستانی پارلیمنٹ اور آئی پی یو میں روابط مستحکم کرنا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی پارلیمنٹ اور انٹر پارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) میں مستقل رابطہ رہتا ہے، ہم اس باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے متمنی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج آئی پی یو کی صدر گیبریلا کویس بیرن نے ایک وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے آئی پی یو کے پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لیے گیبریلا کویس کی خدمات کو سراہا، اور کہا پاکستان جمہوریت کے استحکام کے لیے پارلیمنٹ کی بالاد ستی پر یقین رکھتا ہے۔

    دوران ملاقات جمہوری نظام کو مستحکم بنانے میں پارلیمنٹ کے کردار اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے صدر آئی پی یو اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔

    شاہ محمود نے صدر آئی پی یو کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ہندوتوا سوچ اور یک طرفہ غیر آئینی اقدامات پورے خطے کے لیے خطرے کا باعث ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری گزشتہ ایک سال سے کرفیو کی صورت میں بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کی گیبریلا کیوس بیرن سے ملاقات

    انھوں نے کہا کشمیری اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پُر امن حل چاہتے ہیں، نہتے کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودارادیت دلوانے اور انھیں بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے آئی پی یو اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے صدر آئی پی یو کو کرونا کے عالمگیر وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی طرف سے اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے سبب ہم محدود وسائل کے باوجود کرونا جیسی عالمگیر وبا پر کافی حد تک قابو پانے میں کام یاب ہوئے۔

  • ترقی پذیر ممالک کی مدد کا اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: شاہ محمود

    ترقی پذیر ممالک کی مدد کا اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک اور آئی ایم ایف کی جانب سے ریلیف اعلانات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپیل کی تھی، اب جی 20 ممالک نے ترقی پذیر ممالک پر واجب الادا قرضوں کو مؤخر کرنے کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے جو قابل ستائش ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بھی ریپڈ ریلیف کا اعلان کر دیا ہے، امید ہے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو اس مد میں ریلیف ملے گا، جی 20 ممالک نے وزیر اعظم کی اپیل پر مثبت رد عمل دیا، ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے یہ اقدام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور یہ باور کرایا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ سے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی جا سکتی ہے، وزیر اعظم نے گلوبل اپیل لانچ کی اور عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے کہ دنیا کی معیشت کرونا سے متاثر ہو رہی ہے۔

    اقوام متحدہ کی وزیر اعظم عمران خان کے قرضے معافی کے مطالبے کی حمایت

    انھوں نے کہا وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کیا تھا کہ ترقی پذیر ممالک پر بوجھ زیادہ ہے، اس لیے قرضوں پر سود ختم کریں تاکہ وسائل غریبوں پر خرچ ہو سکیں، جی 20 نے بھی مثبت رد عمل دیا، پاکستان سمیت 76 ممالک کو اب ریلیف ملے گا، ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے یہ اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے وزیر اعظم عمران خان کی قرضوں سے ریلیف کے مطالبے کی حمایت کر دی ہے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں سے ریلیف کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، اس طرح کےاقدام کرونا وائرس سے نمٹنے کا ایک ’اہم حصہ‘ ہونا چاہیے۔

    ترجمان گوتریس نے کہا کہ قرضوں میں 2020 کے لیے سود کی ادائیگی پر فوری چھوٹ بھی ہونی چاہیے، ضروری ہے کہ غریب ممالک کے وسائل کرونا سے نمٹنے کے لیے استعمال ہوں۔

  • وزیر خارجہ ایران کا دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ

    وزیر خارجہ ایران کا دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کا دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ ایران کا دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہو گئے، مہر آباد ایئر پورٹ پر ایرانی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے عملے نے انھیں رخصت کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، جس میں خطے میں امن کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر خارجہ نے 12 اور 13 جنوری کو ایران کا دورہ کیا، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے مشرق وسطی کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر وزیر خارجہ کے دورۂ ایران کے حوالے سے کہا کہ اس دورے کا مقصد خطے میں کشیدگی میں کمی لانا اور سفارتی ذرایع سے مدد فراہم کرنا تھا۔

    پاکستانی سرزمین کسی جنگ کیلئے استعمال نہیں ہوگی، وزیرخارجہ

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقاتیں کیں، پاکستان کشیدگی میں کمی کی ایرانی ترجیح کو سراہتا ہے، امید ہے ایران درپیش صورت حال سے روایتی دانش مندی سے نبرد آزما ہوگا، وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی بھرپور حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

    ملاقاتوں میں وزیر خارجہ کا خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرایع سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں امن کے لیے پاکستان مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تشویش ناک صورت حال پر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمان او آئی سی پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو عید اور جمعے کی نمازیں بھی ادا کرنے نہیں دی گئیں، مقبوضہ وادی میں حقایق مخفی رکھنے کے لیے ذرایع مواصلات پر پابندی ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    دریں اثنا، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ساری صورت حال پر وہ گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں نے اس سلسلے میں مشاورت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔

    دوسری طرف آج وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پڑوسی ملک بھارت کو واضح تنبیہہ کی کہ اس کے خلاف حکومت، فوج اور عوام تیار ہیں۔

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو بھارتی قوانین کو ڈریکولائی قوانین قرار دیا، کہا کہ ہر کشمیری کے دروازے پر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، جب کہ دنیا بھارت کو خطے میں امن کو داؤ پر لگاتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔

  • پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا: شاہ محمود قریشی

    پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل کے لیے پاکستان سہولت فراہم کرتا رہے گا۔

    انھوں نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ افغانیوں پر مشتمل مفاہمتی عمل ہی سے پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے طالبان رہنماﺅں کو سفری سہولیات دینے پر شکر گزار ہیں، امید ہے پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  افغان امن عمل میں حالیہ اقدامات پر پاکستان کے شکر گزار ہیں: زلمے خلیل زاد

    زلمے خلیل زاد نے دورۂ پاکستان کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، کہا افغان امن عمل میں حالیہ اقدامات پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے پاکستان کا عزم سراہتے ہیں، افغان امن عمل کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے 5 اور 6 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس دوران انھوں نے اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔