Tag: وزیر خارجہ

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ صدارتی سیکریٹریٹ کولمبو پہنچے۔ صدارتی سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر وزیر خارجہ کی سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ اور سری لنکا میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گوٹا بایا راجا پاکسا کو سری لنکن صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے سری لنکن صدر کو صدر عارف علوی کا تہنیتی خط بھی دیا۔ خط میں سری لنکن صدر کو مبارک باد کے ساتھ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، قابل مسرت ہے کہ 70 کی دہائی میں آپ نے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکن عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جو قابل تحسین ہے۔ قدرتی آفت میں بھی پاکستان کے عوام سری لنکن بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئے۔

    شاہ محمود قریشی نے سری لنکن صدر کو پاکستان کی طرف سے معاشی سفارت کاری سے بھی آگاہ کیا۔

    سری لنکن صدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ تہنیتی پیغامات اور دورہ پاکستان کی دعوت پر صدر پاکستان اور اعلیٰ قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

    اس سے قبل سری لنکن وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے نئے مقرر کردہ وزیر خارجہ ڈائنش گناور دینا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے عالمی کرکٹ بحال ہوئی، پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کے لیے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔

    انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں پاکستان تشریف لانے اور بدھ مذہب کا تاریخی ورثہ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔

    ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی کی ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی سارہ زید کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی شہزادی سارہ زید دفتر خارجہ پہنچیں جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ شہزادی سارہ زید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بالمشافہ ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں نادار اور کمزور طبقات کی خوراک اور آبی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت زچہ و بچہ سے متعلق آگاہی کے عزم کو سراہا۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، خوراک کی کمی اور بچوں کی نشوونما کے مسائل سے نمٹنا ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر خارجہ نےشہزادی کو خواتین کو بااختیار بنانے اور غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ کی دعوت پر 3 عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

    اس سے قبل اردن کی شہزادی نے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا سے ملاقات کی تھی۔

    ڈاکٹر ظفرمرزا کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں نیوٹریشن اور اسٹنٹنگ کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ نیوٹریشن کے حوالے سے پاکستان شہزادی سارا کے لیے اہم ملک ہے، وہ نیوٹریشن کے حوالے سے فنڈ قائم کرنا چاہتی ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی و نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحییٰ وزارت خارجہ پہنچے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ایلچی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید اور حمایت پر ملائیشیا کے ممنون ہیں۔

    ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کوالالمپور کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں، ہمیں مل کر ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جلد ہی دونوں ممالک میں سفارتی اور سیاسی وفود کے تبادلے بڑھ جائیں گے۔

  • خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین پر تشدد کے خلاف قانون موجود ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے، ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس مسئلے پر قانون ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔ ایسے مسائل پر عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی واضح ہے، حکومت نے خواتین پر تشدد سے متعلق سخت اقدامات کیے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے وزیر قانون کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ معاشرے سے اس برائی کے خاتمے کے لیے آگاہی کو بڑھانا ہوگا۔

  • ناروے حکومت نے ہمارے احتجاج پر فوری ایکشن لیا: وزیر خارجہ

    ناروے حکومت نے ہمارے احتجاج پر فوری ایکشن لیا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ باہمی احترام اور قدروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، مہذب معاشروں میں ایک دوسرے کے مذہب،عقائد کا احترم کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کی حکومت نے ہمارے احتجاج پر فوری ایکشن لیا، ناروے سفیر کو دفترخارجہ طلب کر کے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین مذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک دوسرے کے جذبات کی قدر کرنا ہوگی، باہمی احترام اور قدروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایک دوسرے کے مذہب،عقائد کا احترم کیا جاتا ہے، مسلم امہ کو ایسے معاملات پر یکسوئی دکھانا ہوگی۔

    ناروے حکومت نے پولیس کو قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کا حکم دے دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی جانب سے سخت ردِ عمل کے بعد ناروے حکومت بھی اقدامات پر مجبور ہو گئی۔ ناروے کی حکومت نے قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کا حکم جاری کر دیا۔

    پولیس کو قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کے احکامات کے ساتھ ناروے حکومت نے ایسے واقعات کی روک تھام کو بھی لازمی قرار دے دیا ہے۔

  • کوئی کہتا ہے کہ سی پیک سے ہمارا قرضہ بڑھے گا تو یہ غلط ہے: وزیر خارجہ

    کوئی کہتا ہے کہ سی پیک سے ہمارا قرضہ بڑھے گا تو یہ غلط ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک گیم چینجر ہے معاشی طور پر ہماری تبدیلی کا باعث بنے گا، کوئی کہتا ہے کہ سی پیک سے ہمارا قرضہ بڑھے گا تو یہ غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا پاکستان امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کی رائے سے متفق نہیں ہے اس لیے ان کی رائے کو مسترد کر دیا گیا ہے، ایلس ویلز کی رائے کا سی پیک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    شاہ محمود نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو پھر سے اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کشمیر کمیٹی چیئرمین فخر امام اور عسکری حکام نے صورت حال سے آگاہ کیا، اب وزارت خارجہ میں اہم اجلاس بلایا جائے گا جس کی صدارت کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کی جائے گی، اجلاس میں وزیر اعظم کو آیندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا امریکی کانگریس میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اٹھایا گیا، یورپی یونین میں بھی اس مسئلے کو اجاگر کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انٹرنیشنل اور یو این آبزرورز کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے، بھارتی سپریم کورٹ میں بھی دیر سے ہی صحیح مگر معاملہ اٹھا ہے، جس نے تقاضا کیا کہ بھارتی حکومت کشمیر پر مؤقف پیش کرے، لیکن بھارتی حکومت اپنی ہی عدالت میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نےسی پیک پرامریکی تنقید مسترد کردی

    وزیر خارجہ نے کہا میڈیا سے بھی گزارش ہے مسئلہ کشمیر سے نظر نہیں اٹھانی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں جو شہادتیں ہو رہی ہیں ان کا سرٹیفکیٹ بھی جاری نہیں کیا جاتا، شہادتوں کی تعداد پر میڈیا کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے حقائق دنیا سے چھپائے جا رہے ہیں، یو این نے کہا سلیکٹڈ یورپی یونین ممبرز کو کشمیر لے جایا جا سکتا ہے، یو ایس ڈپلومیٹ کو بھی کشمیر جانے کی اجازت ملنی چاہیے۔

    شاہ محمود نے کہا کل ناروے سفیر کی فوری طلبی کی گئی تھی اور انھیں تشویش سے آگاہ کیا گیا تھا، ناروے میں مقدس قرآن پاک کی بے حرمتی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ناروے سفیر کو بتایا گیا کہ اس اقدام سے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔

    انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ زرداری کا کیس اس لیے پنڈی شفٹ کیا گیا کہ سندھ کے ادارے ان کے تابع ہیں، سندھ حکومت ان کی تابع ہے وہ عدالت سے تعاون نہیں کر رہی تھی، سندھ حکومت احتساب کے عمل میں رکاوٹ اور ڈھال بنی ہوئی تھی، میرے خیال میں یہی وجہ ہے کہ آصف زرداری کا کیس پنڈی منتقل کیا گیا، خواہشات ایسی رہی ہیں کہ کوئی بھی احتسابی عمل سے گزرنا نہیں چاہتا۔

  • سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اتھارٹی قائم کردی ہے: وزیر خارجہ

    سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اتھارٹی قائم کردی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ’سی پیک اتھارٹی‘ قائم کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین سے آئے وفد نے سفیر کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی راہداری اور ون بیلٹ ون روڈ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کامیابی کی عظیم مثال بن چکی ہے، باہمی قربت خطے کی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ جیسے منصوبوں سے رکاوٹیں ختم ہوں گی، دونوں ممالک کے عوام قریب آئیں گے اور روابط کو فروغ ملے گا۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جلد خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے جا رہے ہیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل پر ’سی پیک اتھارٹی‘ قائم کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ معاشی بہتری کے لیے اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا کے لیے مثال ہے، مشترکہ تعاون سے دونوں ممالک آگے بڑھیں گے۔ پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبوں کی شراکت ضروری ہے۔

  • وزیر خارجہ سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومتی پالیسوں پر مثبت رد عمل سامنے آنا انتہائی خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے اسٹیٹ بینک، زرمبادلہ شرح اور مالیاتی اشاریوں پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج تواتر سے سامنے آرہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عالمی ادارے معاشی صورتحال میں بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔ حکومتی پالیسوں پر مثبت رد عمل سامنے آنا انتہائی خوش آئند ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کی معیشت بالآخر درست سمت میں جارہی ہے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں پاکستان کے جاری کھاتے سرپلس ہوگئے، جاری کھاتوں کا یہ سر پلس 4 سال میں پہلی بار آیا ہے۔ جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ سال اکتوبرمیں جاری کھاتوں میں 1 ارب 28 کروڑ ڈالر کا خسارہ تھا۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ثقافتی سفارت کاری کے آغاز کا اعلان

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ثقافتی سفارت کاری کے آغاز کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارت کاری کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ثقافتی سفارت کاری کے آغاز کا اعلان کردیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وزیر سیاحت و ثقافت پختونخواہ عاطف خان سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں پاکستانی ثقافت پر دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لیے سیاحت کے فروغ پر غور کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے انتہائی اہم ملک بن چکا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پرغیر ملکی سیاحوں کو آن لائن ویزہ دے رہے ہیں جس سے سیاح آسانی سے پاکستان آسکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیاح تاریخی اور ثقافتی ورثے سے بھی مستفید ہوں گے، ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

    عاطف خان نے وزیر خارجہ کو خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔