Tag: وزیر خارجہ

  • بلاول بھٹو نے فیس بک استعمال کرنے والے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    بلاول بھٹو نے فیس بک استعمال کرنے والے نوجوانوں کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد / سنگاپور: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے فیس بک پر مواد تخلیق کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، انہوں نے سنگاپور میں میٹا کے ایشیا پیسفک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سنگا پور میں میٹا کے ایشیا پیسفک ہیڈ کوارٹر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں بلاول نے کہا کہ میں میٹا کا دورہ کرنے پر بہت خوش ہوں اور میٹا کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جو میری میزبانی کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹا نے پاکستانیوں کے لیے بھی اسٹار مونیٹائزیشن کا فیچر شروع کردیا ہے جس کے بعد فیس بک پر مواد تخلیق کرنے والے افراد پیسہ کما سکیں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں میٹا کا شکر گزار ہوں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پاکستانیوں کو مواقع فراہم کر رہا ہے، میٹا نوجوانوں کی تعلیم اور خواتین کے آن لائن کاروبار کے فروغ میں مدد دے رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میٹا پہلے بھی کووڈ 19 اور سیلاب کے مواقعوں پر پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہا ہے اور امید ہے کہ یہ اشتراک جاری رہے گا۔

  • سندھ میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جارہا ہے: بلاول بھٹو

    سندھ میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جارہا ہے: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق غضب کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کی ہے، محکمہ انسانی حقوق سندھ غریب لوگوں کو قانونی امداد فراہم کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کے متعلق ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، پیپلز پارٹی نے عوام کے حقوق غضب کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں ہماری حکومت نے انسانی حقوق سے گہری وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے پالیسی فریم ورک تیار کیا ہے، محکمہ انسانی حقوق سندھ غریب لوگوں کو قانونی امداد فراہم کر رہا ہے، انسانی حقوق پارٹی کا سنگ بنیاد ہے۔

  • ضلع دیامر میں لڑکیوں کا اسکول نذر آتش: وزیر خارجہ کی سخت مذمت

    ضلع دیامر میں لڑکیوں کا اسکول نذر آتش: وزیر خارجہ کی سخت مذمت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں لڑکیوں کے اسکول کو جلانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں لڑکیوں کے اسکول کو جلانے کی سخت مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کے اسکول کو جلانا قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان پر حملہ ہے، اس جرم میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، پاکستان ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام میں مردوں اور خواتین کے لیے حصول علوم کی اہمیت واضح ہے، اسلام معاشرے میں مرد اور خواتین میں مساوات اور عدل قائم کرنے کا نام ہے، پیپلز پارٹی خواتین کی تعلیم، ترقی اور خود مختاری پر کسی مفاہمت کا شکار نہیں ہوگی۔

  • وزیر خارجہ کی میٹا کےاہم عہدے دار سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی میٹا کےاہم عہدے دار سے ملاقات

    نیویارک: امریکا میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے سائیڈ لائنز میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کےاہم عہدے دار سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے عالمی امور کے صدر نک کلیگ سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ پر بات چیت ہوئی، وزیر خارجہ نے میٹا کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 125 ملین روپے کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اس سے قبل وزیر خارجہ نے امریکا کی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او سکاٹ ناتھن سے بھی ملاقات کی جس میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت کی گئی۔

    پاکستانی وزیر خارجہ اور کارپوریشن کے سی ای او کے درمیان توانائی اور زراعت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بلاول بھٹو نے اسکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

  • وزیر خارجہ کی اسلامو فوبیا کے خلاف اہم تجاویز

    وزیر خارجہ کی اسلامو فوبیا کے خلاف اہم تجاویز

    نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے مسلمانان یورپ کے اجلاس میں، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کی نگرانی کے لیے آبزرویٹری قائم کرنے کی تجویز دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے مسلمانان یورپ کے اجلاس میں شرکت کی۔

    وزیر خارجہ نے او آئی سی کو یورپ سمیت دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کو درپیش مشکلات کے حل کی تجاویز دیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یورپ سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور نفرت انگیز جرائم کے واقعات کی نگرانی کرنا ہوگی، او آئی سی کو نگرانی کے لیے اپنی آبزرویٹری مزید مضبوط بنانا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ نگرانی سے رجحانات کو سمجھنے، مؤثر حکمت عملی بنانے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے میں مدد ملے گی۔

    وزیر خارجہ نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور انسانی حقوق کمشنر کونسل آف یورپ سے آبزرویٹری کے قیام کا مطالبہ کیا جائے۔ دونوں اہم اداروں کی آبزرویٹری مسلم دشمنی، مذہبی منافرت اور تشدد کی نگرانی کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر، کونسل آف یورپ کی آبزرویٹری پالیسی اداروں کو باقاعدگی سے رپورٹ کرے۔

    وزیر خارجہ نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل پر اسلامو فوبیا پر خصوصی ایلچی یا فوکل پرسن مقرر کرنے پر زور دیا جائے، او آئی سی ارکان، یورپی ممالک کے ساتھ مسلمانوں کو درپیش چیلنجز کو اٹھائیں اور مسائل حل کریں۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات ہوئی۔

    بلاول نے 29 ویں اے آر ایف وزارتی اجلاس میں وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے کمبوڈین وزیر اعظم کو آسیان اور اے آر ایف کی کمبوڈیا کی قیادت پر مبارکباد دی، انہوں نے آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

    بلاول زرداری نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو سراہا اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کمبوڈین وزیر اعظم نے بھی تکنیکی معاونت کے پروگرام سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور مثبت جذبات اور مضبوط دو طرفہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

  • وزیر اعظم سے وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    وزیر اعظم سے وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں چین سے ملنے والے فنڈز اور آئی ایم ایف سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ون ٹو ون اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں اتحادیوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چین سے ملنے والے فنڈز اور آئی ایم ایف سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر بلاول بھٹو کو مبارکباد بھی دی۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اسلام آباد پہنچنے کے فوری بعد وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل کراچی کا دورہ کیا تھا جس کے بعد وہ نواب شاہ بھی گئے تھے۔ وزیر اعظم نے آصف زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کی تھی۔

  • فیٹف میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان، وزیر خارجہ کا خیر مقدم

    فیٹف میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان، وزیر خارجہ کا خیر مقدم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول زرداری نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف میں پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیٹف اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، امید ہے ٹاسک فورس کی آمد کے بعد پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فیٹف کے اہداف پورے کرنے پر تمام ٹیم تعریف کی مستحق ہیں۔

  • بھارتی وزیر خارجہ کی یورپی ممالک پر شدید تنقید

    بھارتی وزیر خارجہ کی یورپی ممالک پر شدید تنقید

    نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یورپی ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپ کو اس سوچ سے باہر نکلنا ہوگا کہ یورپ کا مسئلہ ساری دنیا کا مسئلہ ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یورپی ممالک پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین کو اس مائنڈ سیٹ سے نکلنا ہوگا کہ یورپ کا مسئلہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے جبکہ دنیا کے مسائل سے یورپ کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

    سلواکیہ میں گلوب سیک 2020 کے فورم میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی محض اس بات پر منحصر نہیں ہے کہ اس کی پالیسی کچھ دیگر ممالک کے موافق نہ ہو۔

    بھارتی وزیر خارجہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان چین کے ساتھ اپنی صورتحال میں عالمی برادری سے مدد کی امید کرتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال کہ ہندوستان کسی کی مدد کرتا ہے تو بدلے میں وہ دوسرے سے مدد بھی لے گا کیونکہ اگر ہندوستان ایک جدوجہد کی صورتحال میں ہے تو اس سے دوسرے سے مدد ملے گی مگر دنیا اس طرح سے کام نہیں کرتی ہے۔

    ایس جے شنکر نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری بہت ساری پریشانیوں کا یوکرین اور روس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، وہ اس جنگ کی شروعات کے کافی پہلے سے ہی ہیں۔

    کیا ہندوستان روس سے تیل خرید کر یوکرین کے ساتھ جاری جنگ کی فنڈنگ نہیں کر رہا؟ اس سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتا مگر کیا روسی گیس خریدنا جنگ کے لیے فنڈنگ جیسا نہیں ہے؟ یورپ جانے والی روسی گیس کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟