Tag: وزیر خارجہ

  • مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں سنسان کردیں، پاکستان میں مندر آباد ہیں: وزیر خارجہ

    مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں سنسان کردیں، پاکستان میں مندر آباد ہیں: وزیر خارجہ

    عمر کوٹ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں سنسان کردیں، عالمی میڈیا بھی دیکھے پاکستان میں مندر آباد ہیں۔ آج میں مندر بھی جاؤں گا اور دنیا کو کہوں گا دیکھو پاکستان میں اقلیتیں آزاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمر کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ سیاسی نوعیت کا نہیں، کشمیریوں سے یکجہتی کا مظاہرہ ہے۔ کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آج عمران خان کا پیغام لے کر اس جلسے میں حاضر ہوا ہوں۔ تھر پارکر اور عمر کوٹ میں بڑی تعداد میں ہندو آبادی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مودی اور جے شنکر کو پیغام دینا چاہتے ہیں، تم لوگ سرینگر میں مسلمانوں کے سامنے کھڑے نہیں ہو سکتے، ہم عمر کوٹ میں ہندو برادری کے ساتھ تمہارے خلاف کھڑے ہیں۔ مودی نے کشمیریوں کے لیے عید گاہ کے دروازے بند کیے۔ مودی نے کشمیریوں کو عید کے روز قربانی نہیں کرنے دی۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں سنسان کردیں، عالمی میڈیا بھی دیکھے پاکستان میں مندر آباد ہیں۔ آج میں مندر بھی جاؤں گا اور دنیا کو کہوں گا دیکھو پاکستان میں اقلیتیں آزاد ہیں، آج انسانیت کا پیغام لے کر شیو مندر میں حاضر ہوا ہوں، مودی نے کشمیر میں مسجدوں کو سنسان اور انسانیت قید کرلی ہے۔ آج مقبوضہ وادی میں کرفیو کا 27 واں روز ہے، لوگ محصور ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے آج کا ہندوستان نہرو اور گاندھی کا نہیں آر ایس ایس کا ہے، قائد اعظم نے کہا تھا پاکستان میں مسجد، مندر، گردوارے اور گرجا گھر کھلےرہیں گے، پاکستان میں رہنے والے ہندو، عیسائی اور دیگر اقلیتیں بھی پاکستانی ہیں۔ اقلیتوں کو پیغام دینے آیا ہوں آپ کی چادر اور چار دیواری کی حفاظت ہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں آزاد، آباد اور خوشحال ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ اقلیتوں کی حفاظت کرے گا۔ مودی نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کشمیری بچہ بلک بلک کر مر رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں انفارمیشن بلیک آؤٹ ہے، سماجی رہنماؤں کو جانے نہیں دیا جا رہا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو پیغام دیتے ہیں آؤ دیکھو آزاد کشمیر آزاد ہے جہاں جانا چاہتے ہو جا سکتے ہو، کیا مودی اور جے شنکر تمام لوگوں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دو گے؟ یہ اجازت نہیں دیتے کیونکہ وہاں کرنے والا ظلم چھپانا چاہتے ہو۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مخالفت کے باوجود سیکیورٹی کونسل کا مشاورتی اجلاس ہوا، یو این سیکریٹری جنرل نے تسلیم کیا مسئلہ کشمیر کا حل یو این چارٹر کے مطابق نکلے گا، جے شنکر کو منہ کی کھانا پڑی کیونکہ یورپی یونین ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر شامل کر لیا گیا۔ 2 ستمبر کو یورپی یونین اجلاس میں کشمیر میں انسانی حقوق کا معاملہ زیر بحث ہوگا۔

  • تاریخ گواہ ہے جب جب پاکستانی قوم جاگی اسے کوئی جھکا نہیں سکا: وزیر خارجہ

    تاریخ گواہ ہے جب جب پاکستانی قوم جاگی اسے کوئی جھکا نہیں سکا: وزیر خارجہ

    کراچی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج کے احتجاج سے نہتے کشمیریوں کو واضح پیغام گیا ہے، تاریخ گواہ ہے جب جب پاکستانی قوم جاگی اسے کوئی جھکا نہیں سکا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سندھ کے 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وزیر خارجہ کل دوپہر عمر کوٹ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

    کراچی آمد پر وزیر خارجہ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کروں گا، قوم نے وزیر اعظم کی کال پر کشمیریوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ہر شہر، ہر قصبے اور ہر صوبے سے اطلاعات حوصلہ افزا ہیں۔ آج کے احتجاج سے نہتے کشمیریوں کو واضح پیغام گیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ قوم کشمیریوں کے ساتھ جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے، بے شک ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا لیکن اللہ مدد کرنے والا ہے۔ تاریخ گواہ ہے جب جب پاکستانی قوم جاگی اسے کوئی جھکا نہیں سکا۔ قیادت کا فرض ہوتا ہے قوم کو حقائق بتائے اور ہم آگاہ کر رہے ہیں۔ ہم دنیا بھر کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی، کشمیری اور سکھ مودی سرکار کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہروں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں فکر ہے تو کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی کہانیاں منظر عام پر آرہی ہیں، کرفیو ہٹانے کے بعد مظلوم کشمیریوں پر مظالم کی کہانیاں سامنے آئیں گی۔ کشمیریوں کو جبر و تشدد سے دبا لیں گے تو یہ بھارت کی خام خیالی ہے۔ بھارت کشمیریوں کو جتنا دبائے گا یہ جدوجہد اتنی زیادہ ابھرے گی۔

  • وزیر خارجہ کی غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کومبارکباد

    وزیر خارجہ کی غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کومبارکباد

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا نے غزنوی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا میزائل ہماری قابل تسخیر دفاعی صلاحیت میں اضافہ ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر غزنوی بیلسٹک میزائل کےکامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا بیلسٹک میزائل، وطن کی ناقابل تسخیردفاعی صلاحیت میں اضافہ ثابت ہوگا۔

    وفاقی وزیر ہوابازی نے بھی غزنوی بیلسٹک میزائل کےکامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا میزائل ہماری دفاعی صلاحیت کے لاجواب ہونے کا ثبوت ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے پاک فوج کومیزائل کےکامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا بیلسٹک میزائل غزنوی کاکامیاب تجربہ قوم کیلئے نوید ہے، پاکستانی دفاع ناقابل تسخیر ہے، دشمن کے دانت کھٹے ہوں گے۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہا افواج پاکستان پیشہ ورانہ امور میں بھرپور مہارت کی حامل ہے ، موجودہ حالات میں میزائل کےکامیاب تجربے خوش آئند ہیں، مسئلہ کشمیر پر پاک فوج کی مضبوطی فیصلہ کن کردار ادا کرےگی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے ‘بیلسٹک میزائل غزنوی’ کا کامیاب تجربہ

    یاد رہے پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ، غزنوی میزائل290کلومیٹرتک مختلف نوعیت کےوارہیڈلےجانےکی صلاحیت رکھتاہے اور زمین سے زمین تک ہدف کوکامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے سائنسدانوں اور انجینئروں کو کاوشوں کو سراہا ہے۔

  • پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا، شاہ محمود قریشی

    پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران قائمہ کمیٹی امور خارجہ سمیت وزارت خارجہ حکام شریک ہوئے، شاہ محمود قریشی نے کمیٹی کو بھارتی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ میں موجود ہر پارٹی نے مسئلہ کشمیر پر موقف اپنایا، اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل، او آئی سی کو خطوط لکھے اور آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہیومن رائٹس کمشنر کو بھارتی اقدامات سے پہلے اور بعد میں خطوط لکھے، بھارتی اقدامات، مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 23 دن سے کرفیو جاری ہے، ذرائع مواصلات پر پابندی ہے تاکہ حقائق دنیا سے پوشیدہ رہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام بھارتی اقدامات یکسر مسترد کرچکے ہیں، بھارت میں بھی بڑا سیاسی طبقہ اقدامات پر آواز بلند کررہا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مخالفت کے باوجود سیکیورٹی کونسل اجلاس سفارتی کامیابی ہے، آج دنیا بھر کا میڈیا مقبوضہ کششمیر پر لکھ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے، بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، عوام بھی تیار ہے۔

  • بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں سفاکانہ قوانین لاگو کردئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے کو یرغمال بنادیا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں ہر دروازے کے باہر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ہٹلر کی دور کی کہانی نہیں ہے بلکہ کشمیر میں بھارت کی درندگی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے، بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، عوام بھی تیار ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی تاریخی حماقت نے قوم کو ایک بار پھر جگادیا ہے، بھارت میں جس طرح کی حکومت ہے اس سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 22 دن سے وادی میں غیرقانونی کرفیو ہے، کشمیر ایک بین الاقوامی حل طلب مسئلہ ہے جسے مودی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت کے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں، اس کا نام نہاد چہرہ بےنقاب ہوگیا، شاہ محمود قریشی

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہزاروں افراد کو بغیر کسی مقدمے کے گرفتار کیا گیا، لاکھوں کشمیری سخت محاصرے میں اذیت ناک زندگی بسر کررہے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سرینگر سے بھارتی اپوزیشن رہنماؤں راہول گاندھی سمیت دیگر کو ڈی پورٹ کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی ہے، بھارت کے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں، اس کا نام نہاد چہرہ بےنقاب ہوگیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھا بھارت کشمیر میں کیا سلوک کررہا ہے، مقبوضہ وادی میں جمعہ کےروزلوگ حصارتوڑکرباہرنکلے، مقبوضہ وادی سے انتہائی تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں، بھارت ایک چال چل رہاتھا۔

  • وزیر خارجہ کا جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ کا جاپانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب تارو کونو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ کمشیر کی حالت زار سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب تارو کونو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے جاپانی ہم منصب کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل کرفیو ہے، کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی تنظیمیں جینو سائیڈ الرٹ جاری کر رہی ہیں، آج کشمیری باہر نکلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بڑے پیمانے پر کشت و خون کا خدشہ ہے۔

    وزیر خارجہ نے اپیل کی کہ جاپان کشمیریوں کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر چکے ہیں اور انہیں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار سے آگاہ کر چکے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے کشمیر کے معاملے پر مؤثر کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

  • بھارت کے اقدامات نے پورے جنوبی ایشیا کو خطرات سےدوچار کر دیا: شاہ محمود قریشی

    بھارت کے اقدامات نے پورے جنوبی ایشیا کو خطرات سےدوچار کر دیا: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوئیڈش  ہم منصب سے رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سمیت خطے میں امن و امان سے متعلق بات چیت ہوئی.

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے سوئیڈش ہم منصب مارگوٹ وال سٹروم کو مطلع کیا کہ بھارت کے اقدامات نے پورےجنوبی ایشیا کو خطرات سےدوچار کر دیا.

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیو کی وجہ سے زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں، لاک ڈاؤن سے ادویات، خوراک کی عدم دستیابی کا سامنا ہے، بھارت کااقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے.

    مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے، جنوبی ایشیا میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے.

    سویڈن کی وزیر خارجہ نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات ہونی چاہییں.

    سوئیڈش وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے تنازع کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے، مقبوضہ کشمیرکی تمام صورت حال پرنظر رکھےہوئے ہیں، فریقین افہام وتفہیم سےمعاملات حل کریں.

  • وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈینش ہم منصب جیب کوفوڈ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈینش ہم منصب کو بھارتی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست سے کشمیر کا محاصرہ اور کرفیو لگا رکھا ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کے منافی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل نے نوٹس لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے مذاکرات کے لیے تیار تھے اور تیار ہیں، عمران خان نے کہا تھا ایک قدم بڑھائیں تو ہم 2 قدم بڑھائیں گے، دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

    ڈینش وزیر خارجہ نے بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت اور روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

    بعد ازاں وزیرخارجہ نے ناروے کی ہم منصب اینہ اریکسون سورائدے سے بھی فون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور دوائیں تک میسر نہیں۔ خواتین کو زچگی کی حالت میں اسپتالوں تک رسائی نہیں۔

    انہوں نے اپیل کی کہ ناروے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ خواہش ہے فریقین مل بیٹھ کر پر امن حل کی جانب پیش رفت کریں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اینہ اریکسون نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

  • ’’آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے یکجہتی کا پیغام ملے گا‘‘

    ’’آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے یکجہتی کا پیغام ملے گا‘‘

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے یکجہتی کا پیغام ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حالات کے پیش نظر وزیراعظم نے آئینی اختیار استعمال کیا ہے، ملک و خطے میں امن کے لیے وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی۔

    کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرفیو ختم ہونے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا علم ہوگا، کرفیو کی وجہ سے اصل صورت حال سامنے نہیں آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اے ایف پی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز کرفیو توڑنے کی کوشش کی گئی، بھارتی سیکیورٹی فورسز، کشمیریوں میں مڈبھیڑ کی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں: جنرل قمرباجوہ مزید تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا غیرذمہ دارانہ بیان اور عزائم سب کے سامنے ہیں، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کا نوٹیفکیشن سنجیدگی کا اراک ہے۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہم تاریخ کے اہم دوراہے پر ہیں، جنرل قمر جاوید باوجوہ سیکیورٹی پالیسی کے تسلسل کی علامت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے فیصلے کو تاریخ میں جگہ ملے گی یہ فیصلہ سنگ میل ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید تین سال کے لیے پاک فوج کا سالار مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

  • بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

    بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ اقدامات سے امن کو خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مکینوں کا بلاجواز محاصرہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارت کی بدترین صورت حال کی عکاسی کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں محاصرے کی مزید طوالت بہت بڑا انسانی المیہ ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے غیرمستحکم صورت حال کا نوٹس لیا ہے، عالمی قوانین، یو این چارٹر کے مطابق اپنے موقف پر قائم ہیں۔

    مزید پڑھیں: فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں: وزیر خارجہ

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات چاہتا تھا لیکن بھارت نے خود مذاکرات کو ٹھکرایا، مقبوضہ کشمیر میں زمینی حقائق اس وقت سامنے آئیں گے جب بھارت کرفیو ہٹائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سنہ 1965 کے بعد پہلی بار سلامتی کونسل نے کشمیر معاملہ متنازع ہونے کی تصدیق کی ہے، تاریخ بتاتی ہے فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے ایٹمی حملے میں پہل کرنے کا عندیہ دینے کے بعد ایک اور بیان میں کہا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعے اپنا تسلط قائم کیا ہوا تھا اور رواں ماہ پانچ اگست کو وہاں کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے وادی کو بھارت کا ہی حصہ بنا ڈالا جس پر عالمی دنیا نے بھی شدید احتجاج کیا۔