Tag: وزیر خارجہ

  • پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے: وزیر خارجہ

    پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے مابین وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کر رہے ہیں۔

    دوران مذاکرات باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مذاکرات میں حالیہ دورہ ایران میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدر آمد پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ کشیدگی میں کمی کے لیے مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج صبح پاکستان پہنچے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران وہ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ملاقات میں پاک ایران تعلقات، امریکا، ایران کشیدگی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ وزیر اعظم کے دورہ ایران کا فالو اپ ہے، دورے میں دو طرفہ مسائل کے حل باالخصوص سرحدی سیکیورٹی کے امور زیر غور آئیں گے۔

    ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔

  • خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے: وزیر خارجہ

    خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرغزستان کے دارالحکومت بشکک روانہ ہوگئے۔ بشکک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا، اس کے علاوہ 3 اہم دو طرفہ ملاقاتیں طے ہیں۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ چاہوں گا کہ مستقل 5 ارکان سے مشاورت کروں، واپسی پر خصوصی اجلاس میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ جائزے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ کو واضح نقطہ نظر دے سکیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے، 2 روزہ اجلاس آج کرغزستان کے شہر بشکک میں شروع ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے بھی وزیر خارجہ کی ملاقات متوقع ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

  • پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں: وزیر خارجہ

    پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ بہت سی کمپنیاں پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کمپنیاں حکومتی مثبت کاروباری پالیسیوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ چینی کمپنی کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ تھوڑی دیر قبل ہی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینے کی پابند ہوں گی۔

    فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مخصوص مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں اور باہر سے لوگ لانا ضروری ہیں تو انجینیئرنگ کونسل سے عارضی رجسٹریشن لینی ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پابندی پاکستان کی جاب مارکیٹ کا مفاد ہے۔

  • پاکستان کوغیرمستحکم کرنے والی قوتوں کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں، شاہ محمود قریشی

    پاکستان کوغیرمستحکم کرنے والی قوتوں کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں، شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے کچھ قوتیں ہیں، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والی قوتوں کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے کچھ قوتیں ہیں جو سی پیک کو ترقی کرتے دیکھنا نہیں چاہتیں، سی پیک سے خطے میں تجارت بڑھے گی، نیا کوریڈور بنے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پلواما کا الزام لگایا مگر ثابت نہ کرسکا، بین الاقوامی سطح پر بھارت کو شرمندگی ہوئی، بھارت کو ایف 16 گرانے، 300 لوگوں کو مارنے کے دعوے پر شرمندگی ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سوچنا ہوگا آئی ایم ایف کے پاس جانے کی نوبت کیوں آئی، جب پی ٹی آئی حکومت آئی تو پتا چلا مالیاتی خسارہ کتنا تھا، برآمدات اور درآمدات میں 19 ارب روپے کا فرق تھا۔

    مزید پڑھیں: بھارت معاملات میں شدت اورپاکستان معاملات کا پرامن حل چاہتا ہے،شاہ محمودقریشی

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جب آئی تو ملک میں سرمایہ کاری نہیں تھی، حالات بگڑ رہے تھے، حالات کو سنبھالنے کے لیے حکومت نے کوشش کی، مالیاتی خسارہ اتنا بڑھ گیا کہ خطرے کی گھنٹیاں بج رہی تھیں، کوشش ہے زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں، لوگ ٹیکس دینا شروع کردیں گے تو عام آدمی پر بوجھ کم ہوجائے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں پیٹرول 24 ڈالر فی بیرل تھا، ہم نے جی ایس ٹی کو 56 سے کم کرکے 17 فیصد کیا، روپے کو عارضی مستحکم رکھنے کے لیے وقتی کام چلتا ہے دیرپا نہیں، مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی آئی اور ڈالر میں اضافہ ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف مذاکرات میں دیری کی وجہ ٹرم اینڈ کنڈیشن میں نرمی لانا ہے۔

  • وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی، چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین نادرا نے ای ویزا کے اجرا پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کی سہولت مکمل طور پر تمام مشنز میں آپریشنل ہو چکی ہیں۔ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ 11 سو 52 درخواست کنندگان کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، 560 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے 95 مسترد کی گئیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ای ویزا کا کامیاب اجرا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کے لیے ای ویزا سہولت متعارف کروائی۔

    وزیر خارجہ نے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں حکومت نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 50 ممالک کے سیاحوں کو آن ارائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔

  • بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا: وزیر خارجہ

    بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا۔ نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں خارجہ پالیسی کو چیلنجز اور طے شدہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے معاشی سفارت کاری کو مؤثر بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، نئی ویزا پالیسی کے اجرا سے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح اور مسائل کے حل کی ہدایات دے دیں، کونسلر سیکشن کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر خارجہ نے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزا کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں وزرا نے تارکین وطن کے لیے امیگریشن کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔

  • بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں: وزیر خارجہ

    بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا حامی ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے مشاورتی کونسل امور خارجہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پاک بھارت آبی مسائل ان کی قانونی حیثیت، سیاسی مضمرات پر طویل مشاورت ہوئی.

    اجلاس میں‌ افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر بھی مشاورت ہوئی، وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کو اپنے حالیہ دورہ جاپان، چین کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا.

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امورمذاکرات سے حل کرنے کے خواہاں ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لئے افغان امن عمل میں اپنی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں، معاشی استحکام کےلیےاہم ممالک سےدوطرفہ روابط کوفروغ دےرہےہیں.

    مزید پڑھیں: پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہوں گے، شاہ محمود قریشی

    اس موقع پر وزیرخارجہ نے مشاورتی کونسل کو اہم علاقائی، بین الاقوامی دنیا کے ساتھ روابط پر بریفنگ دی.

    یاد رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام سے بلدیاتی اداروں کوبراہ راست فنڈز دیے جائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھرمیں 309 رمضان بازارقائم کیے جا رہے ہیں، رمضان بازاروں میں مختلف اشیا پر13 ارب سے زائد کی سبسڈی دی جائے گی۔

  • دوست ممالک کی امداد کے باوجود آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا: وزیر خارجہ

    دوست ممالک کی امداد کے باوجود آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جب گزشتہ حکومت کے باعث جی ڈی پی کا مالی خسارہ 6.6 فیصد ہو جائے تو پھر تشویش ہوتی ہے۔ دوست ممالک کی امداد کے باوجود آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ وزیر خزانہ نے این ایف سی ایوارڈ کے لیے نمائندوں کا کہا، صوبوں کی جانب سے تاخیر کی گئی۔ سندھ کی جانب سے خصوصاً نمائندوں کی نامزدگی نہیں کی گئی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب گزشتہ حکومت کے باعث زر مبادلہ کے ذخائر 6 ہفتے کے رہ جائیں، جب جی ڈی پی کا مالی خسارہ 6.6 فیصد ہو جائے تو پھر تشویش ہوتی ہے۔ اداروں کی جانب دیکھا جائے تو سب ہی خسارے میں ہیں۔ بڑے پیمانے پر مالی استحکام کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کون سا ادارہ منافع میں رہا؟ کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، کون سا ایسا ادارہ تھا جو منافع دے رہا تھا، شاید کوئی ایک آدھ ہوگا۔ چین، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے تعاون کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی امداد کے باوجود آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت پیش آئی، گزشتہ حکومت کو آئینی اور قانونی طور پر این ایف سی ایوارڈ دینا چاہیئے تھا۔ معاشی عدم استحکام ملکوں کو پریشان کرتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کو اہلیت کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اپوزیشن حب الوطنی کی ٹھیکے دار نہیں، باقر رضا زیادہ تنخواہ چھوڑ کر ملک کے لیے کم تنخواہ پر آرہے ہیں۔ سندھ میں صوبے کی بربادی ہوگئی ہے۔ سندھ کے تمام وسائل پی پی کے پاس ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک کو کوئی خطرہ نہیں ہے، غم نہ لگائیں۔ پاکستان کے جوہری اثاثوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان میں کوئی صدارتی نظام نہیں آرہا۔ ملک کو لوٹا گیا اس کے باوجود این ایف سی ایوارڈ آئے گا۔

    اس سے 2 روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتیں معیشت کا بہت بگاڑ کر کے گئی ہیں، معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے ہمیں ذمہ داریاں سونپی ہیں، جو وزیر کارکردگی دکھائے گا وہی آگے آئے گا، تحریک انصاف حکومت نے غریبوں کے لیے احساس پروگرام شروع کیا ہے۔

  • ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے وزیر خارجہ کی سری لنکن ہائی کمیشن آمد

    ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے وزیر خارجہ کی سری لنکن ہائی کمیشن آمد

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے سری لنکن ہائی کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہر طرح کی معاونت کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن پہنچے۔ وزیر خارجہ نے ایسٹر پر سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے تاثرات کی کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔

    بعد ازاں میڈیا سے باقاعدہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا میں دہشت گردی کی مذمت کی۔ پاکستان اور سری لنکا بہت قریبی دوست ہیں، پاکستان اور سری لنکا نے مل کر ایسے واقعات کا سامنا کیا۔ کل بھی ہماری ایک چوکی پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردی ایک چیلنج ہے ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہر طرح کی معاونت کے لیے تیار ہے۔ پاکستان سری لنکن عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، 2 مئی کو سری لنکا کا دورہ سیکیورٹی خدشات پر ملتوی کرنا پڑا۔ رمضان کے بعد دورہ سری لنکا کے لیے روانہ ہوں گا۔ سری لنکا میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، جیسا ایکشن لیا جانا چاہیئے تھا اس پر گزشتہ حکومت نے توجہ نہ دی۔ موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا اور آگے بڑھی۔ ہمیں اس میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ کا واقعہ افسوسناک تھا، پاکستان نے مذمت بھی کی۔ ہندوستان نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی۔ ہندوستان نے بغیر سوچے سمجھے پاکستان کو نیچا دکھانے کی مہم شروع کی۔ بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کو کچھ اقدام اٹھانے پڑے، ہم نے تب بھی تعاون کی بات کی تھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے واقعے کو مسعود اظہر اور کشمیر تحریک سے جوڑنا شروع کیا۔ پاکستان نے اپنا مؤقف پیش کیا اور اللہ نے کامیابی دی۔ بھارت کو اپنے پروپیگنڈے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ سیکیورٹی کونسل میں بھی ہندوستان کو پیچھے ہٹنا پڑا۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارتی سرکاری واقعے کو استعمال کر کے ضرورتیں پوری کرنا چاہتی تھی، بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی تھی، میڈیا اور عوام نے انہیں مسترد کیا۔ سری لنکا دہشت گردی کے پیچھے کون ہے ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا، خاص طبقے نے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

    خیال رہے کہ سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں خوفناک دھماکے ہوئے تھے۔

    واقعے کے نتیجے میں 259 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سری لنکا میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ سری لنکا بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ کو 3 سے 5 مئی تک سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم سری لنکا میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے پر دورہ منسوخ کیا گیا۔

    وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دوسری بار منسوخ کیا گیا، اس سے قبل وزیر خارجہ کو مارچ کے پہلے ہفتے میں سری لنکا جانا تھا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ سری لنکا منسوخ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ سری لنکا منسوخ

    اسلام آباد: سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ مالدیپ اور سری لنکا منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ مالدیپ اور سری لنکا منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے 2 مئی کو ایک روزہ دورہ مالدیپ جبکہ 3 سے 5 مئی تک سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم سری لنکا میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے پر دورہ منسوخ کیا گیا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دوسری بار منسوخ کیا گیا ہے، اس سے قبل وزیر خارجہ کو مارچ کے پہلے ہفتے میں سری لنکا جانا تھا۔

    وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دہشت گردی سے پہلے شیڈول کیا گیا تھا، تاہم اب سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے بعد صورتحال تاحال معمول پر نہیں آئی جس کی وجہ سے ان کا دورہ منسوخ کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں خوفناک دھماکے ہوئے تھے۔

    واقعے کے نتیجے میں 259 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔