Tag: وزیر خارجہ

  • وزیر خارجہ سے ازبک ہم منصب کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے ازبک ہم منصب کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ عبد العزیز کاملوف دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

    بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ پاکستانی وفد کی سربراہی شاہ محمود قریشی جبکہ ازبک وفد کی سربراہی ازبک وزیر خارجہ نے کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان میں گہرے تعلقات ہیں، تعلقات افہام و تفہیم، مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ کے دورے سے باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

    خیال رہے کہ ازبک وزیر خارجہ عبد العزیز کاملوف آج صبح ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔ ازبک وزیر خارجہ کے ہمراہ 5 رکنی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

    ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ازبک وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال ازبک وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ پاکستان ہے۔

  • ازبک وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    ازبک وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: ازبکستان کے وزیر خارجہ عبد العزیز کاملوف ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ازبک وزیر خارجہ عبد العزیز کاملوف ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ازبک وزیر خارجہ اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔

    ازبک وزیر خارجہ کے ہمراہ 5 رکنی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ بعد ازاں ازبک وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال ازبک وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ پاکستان ہے۔

  • وزیر خارجہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ملکوں میں تجارت، سرمایہ کاری، امن اور منظم جرائم کے خاتمے پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں اثاثہ جات کی ریکوری سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے موجودہ دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

  • وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا

    وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے سے متعلق خبر بے بنیاد ہے جس کی تردید بھی آچکی ہے، سعودی عرب کے پیکج پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے، اس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کے حوالے سے خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جس چیز کی کوئی حقیقت نہیں اس پر جواب دینا مناسب نہیں۔

    نئے سفیروں کی تعیناتی سے متعلق ان کا کہنا تھا وزیراعظم کی خواہش تھی تجربہ کار سفارتکار تعینات کئے جائیں، پہلے جتنے بھی سفارتکار تعینات تھے وہ سفارت کار نہیں تھے بلکہ سیاسی لوگ تھے، امید ہے کہ تجربہ کار سفارت کار دنیا کے سامنے پاکستان کا مضبوط مؤقف پیش کریں گے۔

    سعودی پیکج سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے کوئی شرط عائد نہیں کی بلکہ پیکج کے ذریعے پاکستان کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، سعودی عرب کے پیکج پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے، اس سے معیشت کو استحکام ملے گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی، نکتہ چینی کے بجائےمثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے، ہرمشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا، وزیراعظم عمران خان کادورہ چین بہت اہم ہوگا، دورہ چین میں سی پیک سے متعلق تبادلہ خیال ہوگا، معیشت بہترہوگی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان پوری طرح مدد کررہا ہے، ہماری کی خواہش ہے افغانستان میں امن قائم ہو، محض بیان بازی سےمسائل حل نہیں ہوتے، قندھار دھماکوں کے بعد افغان حکام سے رابطہ کیا، پاکستان پر الزام لگانا بہت آسان ہے، مسئلے کا مل کرحل نکالنا مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پورے پاکستان میں آواز بلند ہورہی ہے، اس کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوناچاہئے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں بھرپور طریقے سے اٹھایا،اس کے حل ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، یہ مسئلہ7دہائیوں سے چل رہا ہے اسے حل ہونا چاہئے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد جمہوریت کی بحالی کا نہیں اپنی بحالی کا ہے، ایک دوسرے کے دست وگریباں ہونے والی جماعتیں ایک کیسے ہوگئیں، یہ دونوں ذاتی مفادات کیلئے ایک ہوئی ہیں، عوام انہیں جانتی ہے۔

  • پاکستان کا امریکا اور برطانیہ سمیت اہم ممالک میں نئی سفارتی تقرریوں کا اعلان

    پاکستان کا امریکا اور برطانیہ سمیت اہم ممالک میں نئی سفارتی تقرریوں کا اعلان

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اہم ممالک میں نئی سفارتی تقرریوں کا اعلان کردیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت امریکا میں نئے سفیر کی تعیناتی کا ارادہ رکھتی ہے.

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو امریکا میں سفیرتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ نفیس زکریا کو لندن میں ہائی کمشنرتعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ہے.

    شاہ محمود قریشی کے مطابق راجا علی اعجازکوریاض میں سفیر تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ریاض میں پہلےسفیرکی تعیناتی سیاسی بنیاد پرہوئی تھی.

    وزیرخارجہ نے کہا کہ پچھلی حکومت نےاپنی پسند کے افراد کوسفیر تعینات کیا تھا، اب نئی سفارتی تقرریوں کا فیصلہ ہوا ہے.


    مزید پڑھیں: سعودی عرب نے پیکیج دے کر کوئی شرط عائد نہیں کی، شاہ محمود قریشی


    ان کا کہنا تھا کہ کینیڈامیں بھی رضا بشیر تارڑ کو اور قطر میں سیداحسن رضا شاہ کوسفیرتعینات کرنے پر غور کر رہے ہیں.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سربیا میں شہریاراکبرخان کو سفیرتعینات کر رہے ہیں، مراکش میں حامداصغرکوسفیرتعینات کرنے کی تجویز ہے ۔

    انھوں نے کہا کہ دبئی میں سیاسی بنیاد پر تعینات قونصل جنرل کو واپس بلایا جائے گا، دبئی میں سینئرقونصل جنرل احمد امجدعلی کی تقریری کی تجویز زیر غور ہے.

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین انتہائی اہم ہے۔ چین کے صدر اورہم منصب سے ملاقات کریں گے، عمران خان شنگھائی انٹرنیشنل ایکسپو میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

    انھوں نے  وزیراعظم عمران خان سےمتحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات پر بھی بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سےسعودی عرب جیسےپیکج پربات ہوئی ہے۔

  • سعودی عرب نے پیکیج دے کر کوئی شرط عائد نہیں کی، شاہ محمود قریشی

    سعودی عرب نے پیکیج دے کر کوئی شرط عائد نہیں کی، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا پیکیج کل 6.2 ارب ڈالر ہے، سعودی عرب نے کوئی شرط عائد نہیں کی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان کو جب تک اپنے سسٹم میں نہیں لائیں گے تب تک حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، یہ کہنا کہ پاکستان سب کچھ کرے درست نہیں ہے، طالبان ہماری جیب میں نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کو پیغام بھجوادیا کہ آگے کا راستہ صرف مذاکرات ہی ہے، آج امریکا خود مذاکرات کے لیے کوشش کررہا ہے۔

    [bs-quote quote=”یمن میں فوج نہیں بھجوائی جائے گی” style=”style-6″ align=”left” author_name=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کا پیکیج کل 6.2 ارب ڈالر کا ہے، سعودی عرب نے کوئی شرط عائد نہیں کی، ہماری ویزا فیس 300 سے 2 ہزار ریال تک بڑھا دی گئی، سعودی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فیصلہ واپس لیا جائے گا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات دیرینہ ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران کو سعودی عرب سے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، یمن کے حوالے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، یمن میں فوج نہیں بھجوائی جائے گی، اسلامی فوجی اتحاد میں ہمارے کردار میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے، ایران کو سعودی عرب سے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا میں بہت سے بھارتی اسٹافر ہیں، ان کا اثرو رسوخ زیادہ ہے، نہیں لگتا بھارت الیکشن تک پاکستان سے مذاکرات کے لیے آگے آئے گا۔

    وزیر خارجہ کے مطابق چین کے ساتھ ہمارا تعلق سی پیک کے علاوہ بھی ہے، سی پیک کے اگلے فیز کا آغاز ہوگیا ہے۔

  • مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب اور سیکیورٹی کونسل چپ ہے: وزیر خارجہ

    مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب اور سیکیورٹی کونسل چپ ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 7 دہائیوں سے حل طلب ہے۔ سیکیورٹی کونسل چپ سادھے ہوئے ہے۔ سیکیورٹی کونسل کو مسئلہ کشمیر کی قراردادوں پر عمل کا کہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے 73 ویں عالمی دن پر وزارت خارجہ میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیر اور مندوبین شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے بہت سے شعبوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ غربت کے خاتمے اور صحت میں کارکردگی پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمگیر مقاصد کا حصول یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 7 دہائیوں سے حل طلب ہے۔ سیکیورٹی کونسل چپ سادھے ہوئے ہے۔ سیکیورٹی کونسل کو مسئلہ کشمیر کی قراردادوں پر عمل کا کہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرواؤں گا۔

  • وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔

    دفتر خارجہ کےمطابق وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے ویزہ معاملے پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے ویزے پر مختلف رپورٹس پر تشویش سے بھی آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، ضروری کوائف کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر آویزاں کیا جائے۔

    وزیر خارجہ نے زائرین کی واپسی کے لیے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    دوسری طرف عراقی سفیر نے بھی وزیر خارجہ کو سفارتخانے کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


     

  • شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے: وزیر خارجہ

    شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او ممبر ممالک کے لیے پاکستان میں باہمی فائدے کے مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کا 17 واں اجلاس ہو رہا ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا۔

    وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کا تاجک حکومت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، انہوں نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر تاجک حکومت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایس سی او ایک اہم پلیٹ فارم ہے، یہ پلیٹ فارم خطے میں قیام امن کے لیے اہم ہے، ایس سی او ممبر ممالک کے لیے پاکستان میں باہمی فائدے کے مواقع ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا معاشی ایجنڈا پاکستانی عوام سمیت خطے کے لیے فائدہ مند ہے، سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے بڑے ثمرات حاصل ہوں گے۔ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کے لیے اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کنٹیکٹ گروپ کی حمایت کرتا ہے۔ وزیر خارجہ پاکستان نے سیکریٹری جنرل ایس سی او کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رکن ممالک کے مابین تجارتی روابط پر پاکستان کردار ادا کر سکتا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، مشترکہ مفادات پر مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

  • وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان روانہ

    وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان روانہ ہوگئے جہاں وہ اپنے خطاب میں علاقائی تعاون کے لیے وزیر اعظم کے وژن سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہوگئے۔ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان حکومت کونسل کا 17 واں اجلاس 11 اور 12 اکتوبر کو ہوگا، پاکستان کے مکمل رکن بننے کے بعد سربراہان حکومت کونسل کا دوسرا اجلاس ہے۔

    اجلاس میں وزیر خارجہ اپنے خطاب میں علاقائی تعاون کے لیے وزیر اعظم کے وژن سے آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ خطے سے غربت کے خاتمے کے لیے ایس سی او کے ممکنہ کردار پر بات کریں گے۔ وزیر خارجہ رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

    شاہ محمود قریشی حکومتی معاشی پالیسیوں کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے، وزیر خارجہ خطے کو درپیش چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیں گے جبکہ وزیرخارجہ مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 8 مستقل اور 4 مبصر ملک رکن ہیں، سربراہی اجلاس میں تعاون کے فروغ اور ترقی کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔ اجلاس میں تجارت، معاشی تعاون اور علاقائی معاشی روابط بھی زیر غور آئیں گے۔