Tag: وزیر خارجہ

  • وزیر خارجہ دورہ امریکا کے بعد لندن کے لیے روانہ

    وزیر خارجہ دورہ امریکا کے بعد لندن کے لیے روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کا 6 روزہ دورہ کامیابی سے مکمل کر کے لندن کے لیے روانہ ہوگئے، ان کا دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکا کا 6 روزہ دورہ کامیابی سے مکمل کر کے لندن کے لیے روانہ ہوگئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

    20 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 76 واں اجلاس ہوا تھا جس میں شاہ محمود قریشی نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، وزیر خارجہ نے کونسل آن فارن ریلیشنز میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے پاک امریکا تعلقات اور افغانستان و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کی اور ان کے سامنے بھی مختلف امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    وزیرخارجہ نے امریکی ہم منصب انٹونی جے بلنکن سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغان صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ امریکی وزیر خارجہ نے انخلا کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    وزیر خارجہ یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی کے سربراہ بوریل جوزف سے بھی ملے۔ وزیر خارجہ او آئی سی رابطہ گروپ کشمیر کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، صدر ریڈ کراس اور یو این کمشنر سے بھی ملاقاتیں کی جس میں انہوں نے عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں انسانی المیے کی جانب مبذول کروائی۔

    شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، انڈونیشیا، پرتگال، بیلجیئم، آئر لینڈ، سوئیڈن، ناروے، آسٹریا جاپان و دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کی۔

    وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کیا، ڈی ایٹ فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا، اتحاد برائے اتفاق فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا جبکہ آبی وسائل اور ماحولیاتی تبدیلی پر ورچوئل فورم سے بھی خطاب کیا۔

    وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کی اور انہیں افغانستان کی صورتحال اور اہم امور پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی اجلاس سے ورچوئل خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور جنرل اسمبلی ہال میں موجود رہے، وزیر خارجہ کا دورہ سفارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

  • وزیر خارجہ کی بیلجیئن ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی بیلجیئن ہم منصب سے ملاقات

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں تجارتی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سوفی ولیمز سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیلجیئم کو یورپی یونین میں پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتے ہیں، اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر پاکستان کی حمایت پر بیلجیئم کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ میں افغانستان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، عالمی برادری افغان عوام کی معاونت کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

    بیلجیئم کی وزیر خارجہ نے افغانستان سے سفارتی عملے کے محفوظ انخلا میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

  • وزیر خارجہ تاجکستان پہنچ گئے

    وزیر خارجہ تاجکستان پہنچ گئے

    دوشنبے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے پہنچ گئے، وہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانسستان اور ایران کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی علیٰ الصبح تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے پہنچ گئے، وزیر خارجہ 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں مصروف دن گزاریں گے۔

    بعد ازاں شاہ محمود قریشی تاجکستان کی وزارت خارجہ پہنچے، اس موقع پر نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    وزیر خارجہ تاجک ہم منصب سراج الدین سے ملاقات کریں گے، بعد ازاں وہ تاجک صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کے لیے صدارتی محل جائیں گے۔

    وزیر خارجہ دوپہر کے بعد ازبک دارالحکومت تاشقند کے لیے روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ تاشقند میں ازبک ہم منصب اور ازبک صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اگلے روز وزیر خارجہ ترکمانستان اور ایران بھی جائیں گے جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوں گی، ان کا یہ دورہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ہے۔

    وزیر خارجہ کا دورہ علاقائی ممالک کے ساتھ متفقہ اور مربوط لائحہ عمل اپنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • وزیر خارجہ کو بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم کا فون

    وزیر خارجہ کو بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم کا فون

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز نے رابطہ کیا، انہوں نے بیلجیئم کے سفارتی عملے کے انخلا میں معاونت پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سوفی ولیمز نے فون پر رابطہ کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ میں افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کابل سے عالمی اداروں اور سفارتی عملے کے جلد انخلا میں مدد دے رہے ہیں۔

    سوفی ولیمز نے بیلجیئم کے سفارتی عملے کے انخلا میں معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ 4 ہزار افراد کو ویزے جاری کر چکا ہے۔ سفارت کاروں، عالمی نمائندوں اور صحافیوں سمیت 14 سو افراد کو پاکستان لایا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ابل میں پاکستانی سفارت خانے کا کردار دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔

  • عاشورہ کے بعد افغانستان کے ہمسائیوں سے رابطہ کروں گا: وزیر خارجہ

    عاشورہ کے بعد افغانستان کے ہمسائیوں سے رابطہ کروں گا: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کبھی کی، نہ ہی کرنے کا ارادہ ہے، ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے کہتا آیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا عسکری حل نہیں، پاکستان کے مؤقف کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ دنیا اور پاکستان اس وقت ایک صفحے پر ہیں، افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ افغان قیادت کی آزمائش کے لمحات ہیں، افغان عوام امن اور استحکام چاہتے ہیں، پاکستان افغان امن عمل کا حصہ رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی اجازت سے عاشورہ کے بعد افغانستان کے ہمسائیوں سے رابطہ کروں گا، اطلاع ملی ہے کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ مجھ سے رابطہ کر رہے ہیں، انشا اللہ آج شام برطانیہ کے وزیر خارجہ سے بات چیت بھی ہوگی، افغانستان کے اہم رہنماؤں کا وفد عنقریب پاکستان تشریف لا رہا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کی، نہ ہی کرنے کا ارادہ ہے، ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے کرنا ہے۔ افغانستان سے کوئی پاکستانی یا کوئی اور باہر جانا چاہے تو پاکستان سہولت دے سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کام مائیکرو مینجمنٹ نہیں ہے، پاکستان کا کام عالمی سوچ میں رہتے ہوئے امن پر توجہ دینا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے سہولت کار کردار ادا کیا آئندہ بھی کریں گے۔ ہم نے مہاجرین کو عزت دی اور پاکستان میں جگہ دی۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کوئی اضافی افغان مہاجرین پاکستان نہیں آئے، افغانستان کے ساتھ بارڈر کی فینسنگ کی ہے، ریگولیٹ سسٹم لگائے ہیں۔ پاکستان نے اپنی سرحد کے اندر خاطرخواہ ڈپلائمنٹ بھی کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صورتحال واضح ہونے پر پاکستان زمینی حقائق دیکھ کر مفاد میں فیصلہ کرے گا۔

  • پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کی بات کی جارہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلائمٹ چینج سے مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، وزیر اعظم نے عوام کو ماحولیات سے متعلق آگاہ کیا، شجر کاری مہم میں عوام کی دلچسپی نظر آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، عوام کے بغیر شجر کاری مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں شجر کاری مہم اکتوبر میں شروع ہوگی، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

  • یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہیں۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی اقدامات کو مکمل مسترد کیا۔

    اس سے قبل یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔

    وزیر خآرجہ نے مزید کہا تھا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے حق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا۔

  • مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے: وزیر خارجہ

    مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں فرق صاف ظاہر ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دے گا؟

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے دوران سیاسی قیادت کا بڑا حصہ قید میں ہوتا ہے، یہاں آزاد کشمیر الیکشن میں گہما گہمی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرق صاف ظاہر ہے، مقبوضہ کشمیر میں انتخابات میں ہو کا عالم ہوتا ہے، کیا بھارت مقبوضہ کشمیر الیکشن میں غیر جانبدار مبصروں کو جانے کی اجازت دے گا؟

    انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت مخالف جماعت حکومت کرتی رہی، لوگوں کو واضح رجحان تحریک انصاف کی طرف دکھائی دیتا ہے۔ بیلٹ باکس کھلے گا تو نتیجہ سامنے آئے گا۔ ووٹر زمینی حقائق دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ٹکٹوں کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں آئیں، اپوزیشن جماعتیں آزاد کشمیر گئیں اپنی انتخابی مہم چلائیں، امید ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں ہوگا۔

  • برطانوی وزیر مملکت کی پاکستان آمد، وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    برطانوی وزیر مملکت کی پاکستان آمد، وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    اسلام آباد: برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پنجاب کے گورنر و وزیر اعلیٰ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ اور تنازعات میں جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے برطانوی وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔

    اپنے دورے میں وہ وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ملاقاتوں میں لارڈ احمد کلائمٹ چینج سمیت عالمی طور پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے برطانیہ و پاکستان کی دو طرفہ شراکت داری کے مزید استحکام کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    علاوہ ازیں ملاقاتوں میں پاکستان کی کووڈ سے متعلق حکمت عملی اور برطانیہ و پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں ممکنہ اضافے جیسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    لارڈ احمد کا یہ دورہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اسلام آباد میں منعقدہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کیے جانے والے حالیہ ویڈیو خطاب کے فوراً بعد کیا جارہا ہے۔ اس خطاب کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لارڈ احمد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے نقصانات نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔ لیکن یہ وبا ہمیں قریب بھی لائی ہے۔ دنیا کو اس وقت کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

  • افغانستان پاکستان کے خلاف، اور ہم ان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے: وزیر خارجہ

    افغانستان پاکستان کے خلاف، اور ہم ان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا افغان امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے، افغانستان پاکستان کے خلاف اور ہم ان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم امن اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا افغان امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے۔ افغان امن پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگلے چند ہفتے اور مہینے نہایت اہم ہیں، معاملات سلجھ بھی سکتے ہیں اور ان میں بگاڑ بھی آسکتا ہے، افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا کا عمل 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے، افغان قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے مل بیٹھ کر سیاسی حل نکالیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگ و جدل سے افغانستان میں پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے، حالات 90 کی دہائی کی طرف پلٹتے ہیں تو افغانوں کے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔ پاکستان میں آئے افغان دانشوروں کے وفد سے ملاقات ہوئی، ہم نے ان کے سامنے پاکستان کا نکتہ نظر رکھا، وفد کے سوالات کے مفصل جوابات دیے تاکہ کوئی ابہام نہ رہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا، ہم بھی کسی کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر دونوں اطراف سے اس بات کا احترام ہوتا ہے تو یہ آسانی کا باعث ہوگا۔