Tag: وزیر خارجہ

  • شاہ محمود قریشی کا سیکیورٹی کونسل کو خط

    شاہ محمود قریشی کا سیکیورٹی کونسل کو خط

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کا سال مکمل ہونے پر سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    خط کے متن میں کہا گیا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے علاقائی وعالمی امن کو خطرات لاحق ہیں، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ،انٹرنیٹ وکمیونیکیشن بلیک آؤٹ جاری ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری رہنماؤں کو قیداور نوجوانوں کو جبری حراست میں لیا جاتا ہے،بھارت تشدد، ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،بھارت کی جانب سے کشمیریوں سے جبروبربریت روا رکھی جاتی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی 2 سرکاری دستاویزات بھی سرکولیٹ کی ہیں،ایک جموں وکشمیر تنازعہ کے قانونی پہلوؤں پر ہے جبکہ دوسری مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی خلاف ورزیوں سےمتعلق ہے۔

    عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے خلاف جرم کی دستاویز ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل خطے کی سلامتی کو بھارت سے درپیش خطرات کا نوٹس لے۔

  • کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    مظفرآباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے، مظلوم لوگوں کوگولیوں کا نشانہ بناتے ہیں،آپ کے درمیان بیٹھے یہ زخمی اشخاص ان مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں آپ کے عزم و ہمت اور حوصلے کی داد دیتا ہوں،انشا اللہ فتح آپ کی ہوگی کیونکہ آپ حق پر ہیں، یہ اور بات ہے کہ دنیا تجارتی،دیگر مصلحتوں کے تحت کھل کر آواز بلند نہیں کرتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ،عسکری وسیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر اتفاق رائے رکھتے ہیں،ہم آپ کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،عمران خان بطور سفیر اور میں کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹا تاثر دے رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں،اگر حالات معمول پر ہیں تو مساجد کے تالے کھول دو؟ حالات معمول پر ہیں تو شہدا کی میتیں کیوں واپس نہیں کر رہے؟

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج بلا وجہ تعینات نہیں کی، بھارت نفسیاتی طور پر انحطاط کا شکار ہو رہا ہے،نفسیاتی طور پر کشمیری فتح یاب ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیری، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہم سب ایک ہیں۔وزیر خارجہ کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ کشمیر ہائی وے اب سری نگر ہائی وے کہلائےگی،ہماری منزل سری نگر ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیری سری نگر جامع مسجدمیں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

  • گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

    گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی کوشش رہی ہےکہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلے،جس کے ملک کی معیشت پر اثرات بہت برے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جگہ آئیں اور اس کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 8 قوانین پر وزارت خزانہ ،وزارت قانون اور دیگراداروں سے مشاورت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ ہم نے 8 بل تیار کر لیے ہیں،اس حوالے سے 24 رکنی کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے،جس میں سب کی نمائندگی ہے، وزیراعظم کی خواہش ہے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے،ہمیں وقت پر اقدامات کر کے رپورٹ اے پی جی میں پیش کرنی ہے۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے نیب کے قانون پر اپنے تحفظات کا ذکر کیا ہے،5 سال ن لیگ حکومت میں رہی وہ نیب قانون میں تبدیلی نہ کرسکی،موجودہ اپوزیشن کے 10 سالہ دور میں نیب قانون میں تبدیلی نہ کی جاسکی۔

    کرونا سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی،بہت سے ممالک پیروی کر رہے ہیں،متاثر ہونے اور اموات کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔

  • کلچرل، ڈیجیٹل اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں،وزیر خارجہ

    کلچرل، ڈیجیٹل اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں،وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کلچرل، ڈیجیٹل اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آرٹس اینڈ کلچر گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مثبت تشخص کے لیے کلچرل ڈپلومیسی اہمیت کی حامل ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کلچر کے حوالے سے اللہ تعالیٰ نے بہت نوازا ہے،خوبصورت تاریخی،تفریحی مقامات کے ساتھ شہرت یافتہ فنکار بھی ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان کے امیج میں بہت بہتری آئی ہے،گزشتہ ایک سال میں جمہوری اداروں کو فروغ ملا ہے، سیاحت کو کھولا ، ای ویزہ کی سہولت متعارف کرائی،الحمداللہ پاکستان آنے والے ہر سیاح نے واپس جا کر بہترین تصویر کشی کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کلچرل ڈپلومیسی، ڈیجیٹل ڈپلومیسی،اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم جلد ڈپلومیٹک کور کو بھی وزارت خارجہ میں مدعو کریں گے ،کلچرل ڈپلومیسی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔

  • ’’بھارتی سفارتکار کلبھوشن کی بات سنے بغیر روانہ‘‘

    ’’بھارتی سفارتکار کلبھوشن کی بات سنے بغیر روانہ‘‘

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتکار نے کلبھوشن یادیو سے بات تک کرنا گوارا نہیں کیا اور اس کی بات سنے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دو سفارتکاروں کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دی، بھارتی سفارتکار نے کلبھوشن سے بات تک کرنا گوارا نہیں کیا، کلبھوشن بھارتی سفارتکار کو پکارتا رہا اور وہ چلے گئے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی بدنیتی سامنے آگئی یہ قونصلر رسائی ہی نہیں چاہتے تھے، کلبھوشن کہتا رہا مجھ سے بات کریں اور سفارتکار چلے گئے، بھارتی سفارتکاروں کا رویہ حیران کن تھا، انہیں کلبھوشن سے بات ہی نہیں کرنی تھی تو رسائی کیوں مانگی تھی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی سفارتکاروں کو درمیان میں شیشے پر اعتراض تھا وہ بھی ہٹا دیا گیا تھا، سفارتکاروں نے آڈیو ویڈیو ریکارڈ پر اعتراض کیا وہ بھی نہیں کی، ان کی تمام خواہشات پوری کیں پھر بھی وہ چلے گئے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بار قونصلر رسائی دے دی

    انہوں نے کہا کہ قونصلر رسائی کی ضرورت کے مطابق تمام اقدامات اٹھائے گئے، بھارتی سفارتکاروں نے کلبھوشن تک رسائی کی بجائے راہ فرار اختیار کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلررسائی فراہم کردی، بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی، کلبھوشن کو پہلی قونصلررسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی جبکہ 25 دسمبر2017 میں کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی تھی۔

    یاد رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔

  • بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی

    بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کو ناکامیوں کا سامنا ہے، بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو اپنے منہ سے دہشت گردی کا اعتراف کرچکا ہے، ہم نے عالمی عدالت کے فیصلے کو قبول کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے اس نے کبھی تعاون نہیں کیا، ہماری سوچ مثبت ہے ہمیشہ حقائق دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم قانون کے دائرے میں آگے بڑھ رہے ہیں، بھارت میں انتہا پسند طبقے کی حکومت ہے، انسانی تقاضوں اور قانون کو نہیں دیکھا جاتا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی انتہا پسند حکومت اپنی رائے مسلط کرنے کی کوشش کرتی ہے، چین نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بہت کوشش کی، بھارتی انتہا پسند حکومت نے چین کو بھی نہیں بخشا۔

    یہ پڑھیں: بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو بھی نشانہ بنایا، سری لنکا سے رویہ بھی سب کے سامنے ہے، ہندوتوا سوچ برقرار رہی تو بھارت سے بہتری کی توقع نہیں کرسکتے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کردی، بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو پہلی قونصلر رسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی، کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ، اہلیہ کی 25 دسمبر 2017 کو ملاقات کرائی گئی تھی۔

  • جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے: شاہ محمود قریشی

    جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہفتے میں 3 دن موجود رہیں گے، جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے انتظامی معاملات میں ملتان نظر انداز نہیں کیا جائے گا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں بھی مکمل فعال ہوگا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہفتے میں 3 دن موجود رہیں گے، تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب سے متعلق وعدے اور منشور پر عمل کر کے دکھا دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی کی تعیناتی ہو چکی، جنوبی پنجاب والوں کو اب اپنے کاموں کے لیے لاہور نہیں جانا پڑے گا، پولیس اور انتظامی معاملات اب ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اب ماضی کی طرح جنوبی پنجاب کے فنڈز دوسری مد میں خرچ نہیں ہوں گے، اب جنوبی پنجاب کا پیسہ صرف جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا اور جنوبی پنجاب والوں کو ان کے گھروں کے قریب انصاف میسر آئے گا۔

  • انشا اللہ پاکستان بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لائے گا، وزیرخارجہ

    انشا اللہ پاکستان بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لائے گا، وزیرخارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انشا اللہ پاکستان بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز سے وابستہ محققین کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری خارجہ،اسپیشل سیکریٹری،ڈی جی فارن سروس اکیڈمی،وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ کو انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزکی کارکردگی،پبلیکیشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزکی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بین عالمی سطح کی تحقیق کو منظرعام پر لانا ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،پاکستان جیسےترقی پذیرممالک کے لیے عالمی چیلنج سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امید ہے انسٹی ٹیوٹ کرونا تدارک کے لیے قابل عمل تجاویز سامنے لائیں گے،انشااللہ پاکستان بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لائے گا۔

  • حالات سنجیدہ ہیں، اپوزیشن بھارتی سازشوں کو سمجھے: وزیر خارجہ

    حالات سنجیدہ ہیں، اپوزیشن بھارتی سازشوں کو سمجھے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حالات سنجیدہ ہیں، اپوزیشن بھارتی سازشوں کو سمجھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک اہم بیان میں اپوزیشن کی کوتاہیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو سنجيدگی سے سمجھنا ہوگا، اپوزيشن نے ہماری باتوں پر توجہ نہیں دی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اپوزیشن کو خطے کی صورت حال سے آگاہ کرنا چاہتا تھا اس کے برعکس اپوزيشن نے اپنی توجہ بجٹ پر مرکوز رکھی، اپوزيشن جماعتوں کو بھارتی سازشوں کو سمجھنا چاہيے، بلاول کو جو کہنا تھا وہ کہہ ليا، اپوزيشن کا کام تنقيد کرنا ہے لیکن بلاول نے قیاس آرائیوں سے کام لیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزيشن نے وزير اعظم کے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر تنقيد کی، بلاول بھٹو کی اسمبلی میں تقرير بچپنا لگتی ہے، ن ليگ کا ايجنڈا عمران خان سے چھٹکارہ ہے، اس لیے بلاول بھٹو کی تنقيد بھی ن ليگ نے ہضم کر لی۔

    بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو 2 آپشن دے دیئے

    وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کچھ قوتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں، پاکستان استحکام کی جانب بڑھتا ہے تو یہ قوتیں رخنہ ڈالنے لگتی ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے سی پیک پر بھی انگلیاں اٹھاتے ہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہمیں مقبوضہ کشمير کی صورت حال کو سمجھنا ہوگا، بھارت دوسری طرف افغانستان میں بھی امن نہیں چاہتا کیوں کہ امن سے بھارت کی اہمیت کم ہو جائے گی، بھارت کو چين سے منہ کی کھانا پڑی، بھارت اب اپنے عوام کی توجہ پاکستان کی طرف موڑنا چاہتا ہے۔

  • بھارت او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورےکی اجازت دے،وزیر خارجہ

    بھارت او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورےکی اجازت دے،وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورےکی اجازت دے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے،بھارت کی اشتعال انگیزی سے خطے کا امن متاثر ہوسکتا ہے، بھارت مسلسل سیزفائرکی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل یو این بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی بھارت کو پابند بنائے مقبوضہ کشمیرمیں استصواب رائے کرائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دے۔

    بھارت کوئی حماقت نہ کرے، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، شاہ محمود قریشی

    اس سے قبل رواں ماہ 8 جون کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے فضائی حملہ کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کوئی حماقت نہ کرے، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔