Tag: وزیر خزانہ

  • ’چلے جائیں گے یار‘: کارکردگی سے متعلق سوال پر شوکت ترین ناراض

    ’چلے جائیں گے یار‘: کارکردگی سے متعلق سوال پر شوکت ترین ناراض

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ان کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہوئے تو وہ چلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سفیروں اور صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین وزیر اعظم ہاؤس پہنچے۔

    اس موقع پر انہوں نے صحافی کے ایک سوال کا نہایت بیزاری سے جواب دیا۔

    صحافی نے دریافت کیا کہ کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ 10 وزیروں میں آپ کا نام نہیں آیا، اسی حکومت میں اس سے قبل 3 وزرائے خزانہ تبدیل کیے جاچکے ہیں، اگر وزیر اعظم آپ کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہ ہوئے تو آپ کیا کریں گے؟

    شوکت ترین نے بیزار کن لہجے میں جواب دیا، چلے جائیں گے یار۔

    خیال رہے کہ 2 روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی دکھانے والے 10 وزرا کو تعریفی اسناد سے نوازا ہے، جن میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سرفہرست ہیں۔

  • عوام کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوا ہے: وزیر خزانہ

    عوام کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوا ہے: وزیر خزانہ

    واشنگٹن: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، ماہانہ بنیادوں پر آمدنی میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی سفارتخانے میں پریس بریفنگ دی، اس موقع پر سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، پاکستانی سفیر اسد مجید اور دیگر موجود تھے۔

    وزیر خزانہ نے میڈیا کو دورہ امریکا کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اسٹرکچرل اصلاحاتی اقدامات کو سراہا گیا، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ 4 سے 5 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے جائیں، عام آدمی کی بہتری اور آسانی کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جا رہے ہیں۔ حکومت بوٹم اپ اپروچ کے ساتھ سود سے پاک قرض اسکیم لا رہی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ستمبر کے دوران 2.7 ارب ڈالر کے ساتھ ترسیلات زر نے اپنی رفتار جاری رکھی، جون 202 سے ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زیادہ پر قائم ہے۔ ساتواں مہینہ ہے جب آمدن اوسطاً 2.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ شرح نمو کے لحاظ سے ستمبر میں ترسیلات زر میں 16.9 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر آمدنی میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا، پہلی سہ ماہی میں 8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا، ستمبر 2021 میں ترسیلات زر کی آمد بنیادی طور پر سعودی عرب سے ہوئی۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ستمبر میں سعودی عرب سےترسیلات زر 681 ملین ڈالر تھی، متحدہ عرب امارات سے 502، برطانیہ سے 370 اور امریکا سے 245 ملین ڈالر ترسیلات رہیں۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج، متعدد گرانٹس کی منظوری دیے جانے کا امکان

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج، متعدد گرانٹس کی منظوری دیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔ وزیر خزانہ شوکت ترین اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں گلگت بلتستان کے لیے گندم پر سبسڈی کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری کا امکان ہے، پختونخواہ کو 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہمی اور وزارت صنعت و پیداوار کی سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    سرکاری ٹی وی چینلز، نیوز ایجنسی کے لیے 27 کروڑ 40 لاکھ گرانٹ منظوری کا امکان ہے، پاک افغان سرحد پر لگائی گئی باڑھ کے لیے بھی 57 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    میری ٹائم امور، گوادر پورٹ اتھارٹی اور میرین اکیڈمی کے لیے گرانٹس کی منظوری اور پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

    اجلاس میں حکومتی آمدن میں اضافے کے لیے ایف بی آر کی 2 ارب 46 کروڑ کی سمری بھی شامل ہے۔

  • ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے‘ حماد اظہر کو قلم دان ملنے پر مبارک باد کا پیغام

    ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے‘ حماد اظہر کو قلم دان ملنے پر مبارک باد کا پیغام

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے حماد اظہر کو وزیر خزانہ کا اضافی قلم دان ملنے پر مبارک باد دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے حماد اظہر کے لیے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’آپ اس وزارت کے پوری طرح مستحق تھے۔‘

    وفاقی وزیر سائنس نے وزیر خزانہ کا قلم دان ملنے پر حماد اظہر کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، اور مزید ترقی کی دعا دی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ بنا کر اضافی چارج دے دیا ہے، حماد اظہر کے پاس پہلے ہی وزارت صنعت و پیداوار کا قلم دان ہے۔

    حماداظہر کو وزارت خزانہ کا اضافی چارج دیدیا گیا

    حفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا، اس سلسلے میں شبلی فراز نے بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان مطمئن نہیں تھے اور پریشان تھے، جب کہ حماد اظہر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چلیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر وزارتوں میں بھی رد و بدل کا امکان ہے، شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا قلم دان اور فواد چوہدری کو بھی اضافی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔

    اطلاعات اور نشریات کی وزارت کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے پر مشاورت ہو رہی ہے، امکان ہے کہ دونوں کے الگ الگ وزیر مملکت لائے جائیں۔

  • بلاول نے حفیظ شیخ کی برطرفی کو پی ڈی ایم کی فتح قرار دے دیا

    بلاول نے حفیظ شیخ کی برطرفی کو پی ڈی ایم کی فتح قرار دے دیا

    اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری نے حفیظ شیخ کی وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرفی کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی فتح قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حفیظ شیخ کی وزیر خزانہ کے عہدے سے برطرفی پی ڈی ایم کی فتح ہے۔

    انھوں نے لکھا ’پی ٹی آئی ایم ایف‘ وزیر کو سینیٹ کے عہدے کے لیے منتخب ہونے کی ضرورت تھی، لیکن سینیٹ میں شکست نے وزیر کے عہدے پر رہنا ان کے لیے نا ممکن بنا دیا تھا۔

    انھوں نے کہا اب حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ اس کی ناکام پالیسیوں سے مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی ہے۔ بلاول نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی حزب اختلاف نے خود کو حکومت کے مقابلے میں انتہائی مؤثر ثابت کر دیا ہے۔

    وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو کیوں ہٹایا گیا؟ وجہ سامنے آگئی

    واضح رہے کہ آج حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ حماد اظہر نئے وزیر خزانہ ہوں گے۔

    سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ حفیظ شیخ کو مہنگائی کی وجہ سے وزارت خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا، مہنگائی کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان مطمئن نہیں تھے اور پریشان تھے، حماد اظہر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چلیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، فنانس کی نئی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، ملکی حقائق کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں، کل تک چیزیں فائنل ہو جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم کا قلم دان دیے جانے کا امکان ہے، جب کہ اطلاعات اور نشریات کی وزارت کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے پر مشاورت ہو رہی ہے، امکان ہے کہ دونوں کے الگ الگ وزیر مملکت لائے جائیں، فواد چوہدری کو بھی اضافی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔

  • سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    سعودی حکومت کا اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور

    ریاض: کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکا ہے تاہم سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے پر غور کررہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرنے کی تجویز پر غور کررہی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت صحت عامہ کو نقصان پہنچائے بغیر اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی، اس حوالے سے جائزے تیار کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے نقصانات کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کرونا کی تازہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ شاہ سلمان نے جی 20 کے قائدین سے درخواست کر کے پہلی ہنگامی آن لائن سربراہی کانفرنس طلب کی تھی، کانفرنس کے موقع پر جی 20 کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ تمام ممالک مل کر وبا سے پیدا ہونے والے سماجی اور اقتصادی نقصانات کی تلافی کریں گے اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ کرونا بحران کئی ماہ تک چلے گا، ممکن ہے کہ اس سے پیدا ہونے والے صحت مسائل 2020 کے آخر تک چلتے رہیں، اگر صحت حالات نے اجازت دی تو حکومت اقتصادی سرگرمیاں بتدریج بحال کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے احتیاط، مسلسل نگرانی اور ضروری فیصلے جلد کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت سلامتی سعودی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے کو 47 ارب ریال کا اضافی بجٹ دیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق سعودی حکومت مزید مدد کے لیے کرونا بحران سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں کے حالات کا مسلسل جائزہ بھی لے رہی ہے، فیسوں کی ادائیگی یا بعض فیسیں نہ لینے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ فیسوں کی وصولی 6 ماہ سے 9 ماہ تک ملتوی کی جاسکتی ہے، جن فیسوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہیں مکمل طور پر معاف کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • پنجاب میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

    پنجاب میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

    لاہور: صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت اجلاس میں تمام محکموں کے غیر ضروری اخراجات، ضمنی گرانٹس کے اجرا اور نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر معاشی صورتحال، ترقیاتی پروگرام اور لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں شہروں میں ترقیاتی کام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے وسائل سے کروانے کی تجویز پر غور کیا گیا، اجلاس میں محکموں کے غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی کردی گئی۔

    حکومت نے محکموں کے لیے ضمنی گرانٹس کے اجرا اور نئی بھرتیوں، محکموں کے لیے نئی گاڑیاں اور دیگر پرتعیش اشیا کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی بھرتیوں کی اجازت ہوگی۔ محکموں کو مالیاتی نظم و ضبط اور بچت و کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کی ہدایت کی گئی۔

    وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے مالی مشکلات پر 18 ارب روپے کے ٹیکس کا ریلیف دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی مالی امداد کے لیے 10 ارب روپے کے فنڈز دیے گئے ہیں، رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔

  • خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ میں رد و بدل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اسد عمر کو اچھے الفاظ میں یاد کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ’اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں آنے کے لیے کہیں گے، اسد عمر واپس آئیں تو کابینہ کو فائدہ ہوگا۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آیا، عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا، باقی گھر جائیں گے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق عمران خان نے رہنماؤں سے کہا کہ وہ عوام کے لیے دل میں رحم پیدا کریں، حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر عمل درآمد ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے۔

    انھوں نے پارٹی ترجمانوں کو حکومتی مؤقف جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز میں مکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ جائیں اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں۔

  • دیکھو اور انتظار کرو: مریم نواز کا ٹویٹ

    دیکھو اور انتظار کرو: مریم نواز کا ٹویٹ

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ انتقام کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بس دیکھو اور انتظار کرو۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ انھیں سیاسی مخالفین سے کسی انتقام کی ضرورت ہی نہیں ہے بلکہ انھیں صرف دیکھنا انتظار کرنا چاہیے۔

    مریم نواز نے کارکنوں سے کہا کہ جنھوں نے آپ کو تکلیف پہنچائی آخر کار وہ خود اپنے آپ کو نقصان پہنچائیں گے۔

    سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ساتھ خوش قسمتی ساتھ رہی تو انھیں یہ نظارہ دیکھنے کا موقع بھی مل جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے سے شروع ہونے والی خبروں‌ کا سلسلہ اس وقت اپنے اختتام کو پہنچا جب وزیر اعظم ہاؤس سے اہم بیان جاری ہوا جس کے مطابق کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی، غلام سرور کو ایوی ایشن، اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، شہریار آفریدی کو سیفران، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کے قلم دان سونپے گئے جب کہ اسد عمر کی جگہ فی الحال عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت

    وزیر اعظم کی وزیر توانائی عمر ایوب سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب  کے درمیان انتہائی اہم ملاقات ختم ہوگئی ہے، ملاقات میں  وفاقی وزیر خزانہ کے منصب کے لیے کسی ٹیکنوکریٹ کو لائے جانے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسد عمر کے وزارتِ خزانہ چھوڑنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیربرائے توانائی عمرایوب  سے وزارتِ خزانہ سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کو بجٹ تک وزارت خزانہ کا اضافی چارج دینے کی تجویز  بھی دی گئی، تاہم وزارت خزانہ کے لیے کسی ٹیکنو کریٹ کولانے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ مشیر خزانہ کے لیے بھی کسی ٹیکنو کریٹ کو لانے پر غور و خوض کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کے علاوہ شوکت ترین،حفیظ شیخ،عشرت حسین ،اورشمشاداختر کے ناموں پر بھی زیرغور  کیا گیا۔

    یاد رہے کہ آج 18 اپریل 2019 کو تحریک انصاف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ وزیر خزانہ نے اپنا قلمدان چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہی پاکستان کے لیے سب سے بہتر امید ہیں اور انشا اللہ وہ نئے پاکستان کی تعمیر کریں گے۔

    اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی

    یاد رہےتین دن قبل اے آروائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پرپانچ وزراء کےقلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت برائےداخلہ اورپٹرولیم کےوزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔

    خبر میں کہا گیا تھا کہ اسد عمرکو وزارت پیٹرولیم دینے اورشہر یارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیاگیا، جبکہ وزارت خزانہ کے لیے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

    تاہم وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس وقت اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی وزیرکوتبدیل نہیں کیاجا رہا، وزیراعظم نےپیغام بھیجا کہ میڈیاپرغلط خبریں چل رہی ہیں، اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں، غلط خبروں سے ملک اور میڈیا کا بھی نقصان ہوگا۔