Tag: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

  • عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،اسد قیصر

    عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات سمیت ملکی مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عزیز میمن کا بہیمانہ قتل آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے۔ انہوں نے سندھ کے صحافی عزیز میمن کے قتل کی فوری تحقیقات کی ہدایت کردی۔

    اسد قیصر نے کہا کہ تحقیقاتی عمل میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، عزیزمیمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

    دوسری جانب وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے، عزیز میمن کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافی برادری کو فرائض کی انجام دہی پر ہرممکن تحفظ دیا جائے گا۔

  • وزیر داخلہ کی مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں عوام سے ریلیاں نکالنے کی اپیل

    وزیر داخلہ کی مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں عوام سے ریلیاں نکالنے کی اپیل

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں عوام سے اپیل کی ہے کہ کل بروز جمعہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے عوام سے کشمیریوں کے حق میں ریلیاں نکالنے کی اپیل کر دی ہے، انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم کو کل 60 دن ہو جائیں گے، عوام ریلیاں نکال کر مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کریں۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ہم ایک پرامن قوم ہیں اور حق کے لیے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں بھی خطاب میں یہی پیغام دیا۔

    تازہ ترین:  مادر  وطن کا ہر قیمت پردفاع یقینی بنایا جائے گا، کشمیر ہماری شہ رگ ہے: آرمی چیف

    انھوں نے کہا حق خود ارادیت کشمیری بھائیوں کا انسانی اور قانونی حق ہے، کسی کو بھی کشمیریوں کا حق سلب کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، بھارتی سرکار نے کشمیری بھائیوں کا رابطہ پوری دنیا سے منقطع کر دیا ہے۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا مودی سرکار اور بھارتی فوج حیوانیت کے آخری درجے پر جا چکے ہیں، اس کا ایجنڈا ہٹلر کی طرح فاشسٹ ہے، پاکستان نے عالمی طور پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

    اعجاز شاہ نے کہا باقی ممالک کو بھی اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے، ہر کسی کو انسانیت کے ناطے اس معاملے پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔

  • وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد

    وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے برطانوی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، وفد نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے برطانوی وفد نے ملاقات کی، برطانوی وفد کا کہنا تھا اعجاز شاہ کے وزارت میں آنے سے سیکورٹی اقدامات میں بہتری آئی، اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن ہونے کا اسٹیٹس واپس مل گیا ہے۔

    ملاقات کے دوران پاکستانی وفد کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا سہولتوں کو بہتر بنانے کی درخواست پر برطانوی وفد نے کہا پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے، پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات میں مزید بہتری چاہتے ہیں۔

    برطانوی وفد نے کہا کہ برطانوی شہریوں کا رحجان پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    دریں اثنا، وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وفد کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کو 58 روز بیت چکے ہیں، بھارت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، حق خود ارادیت کشمیریوں کا انسانی اور قانونی حق ہے، بھارت سے کشمیریوں کی حق تلفی کی جواب طلبی ہونی چاہیے۔

    برطانوی وفد نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے، بھارتی حکومت سے کشمیر پر جارحیت کا جواب طلب کیا جانا چاہیے۔

    برطانوی ہوم سیکریٹری نے کہا مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کی آواز کے ساتھ ہیں۔

  • ماضی کو چھوڑیں مستقبل کو دیکھیں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے: وزیر داخلہ

    ماضی کو چھوڑیں مستقبل کو دیکھیں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی فکر ہونی چاہیے کہ کسی کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں، ماضی کو چھوڑیں مستقبل کو دیکھیں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا آج ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر ایک ہونا ہوگا، ذاتی مفاد ایک طرف رکھ کر ملک کے مفاد کے لیے مل کر کام کریں۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا آج جن کا شکریہ ادا کر رہے ہیں یہ موومنٹ ان کی وجہ سے آئی تھی، محسن داوڑ، علی وزیر کی ڈیمانڈز کیا ہیں ہمیں بتائیں انھیں سنیں گے، گورنر کے پی اور وزرا پر مشتمل جرگہ بنا، یہ لوگ وہاں جاتے ہی نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہمارا ایمان خدا کی ذات پر ہے، بھارت کو اندازہ ہوگیا، اعجاز شاہ

    انھوں نے کہا دہشت گرد کس نے بنائے کس نے حمایت کی یہ ایک تاریخ ہے، سب کو معلوم ہے کس نے دہشت گرد بنائے اور کیسے بنے، ماضی کو چھوڑیں مستقبل کو دیکھیں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ 21 ستمبر کو پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو عدالتی حکم پر ضمانت منظور ہونے کے بعد ہری پور جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

    محسن داوڑ اور علی وزیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے خڑ کمر میں 25 مئی کو سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس پر ان کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • کشمیریوں کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    کشمیریوں کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے، وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو فخر ہے انہوں نے عمران خان جیسے لیڈر کو چنا ہے، دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے رکھ دیا، وہ پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان اور اسلام کی بھی نمائندگی کی ہے۔

    اعجاز شاہ نے کہا کہ آج کشمیری بھائیوں کو یقین ہوگیا ہم ہر صورت ان کے ساتھ ہیں اور کشمیر کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ مودی سمجھتا ہے کہ کرفیو کے بعد کشمیری خاموشی سے اسے قبول کرلیں گے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر شدت پسندی کی طرف آیا تو اس کی وجہ اسلام نہیں ناانصافی ہوگی، جب ناانصافی ہوتی ہے تو انسان انتہائی قدم اٹھانا ہے، ناانصافی کے خلاف انسانی ردعمل کا تعلق مذہب سے نہیں ہوتا ہے، کشمیریوں کو شدت پسندی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، بہت نازک وقت ہے، دو نیوکلیئر طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

  • آزاد کشمیر کے متاثرین کی ہر قسم کی امداد کے لیے رابطہ رکھا جائے، وزیر داخلہ

    آزاد کشمیر کے متاثرین کی ہر قسم کی امداد کے لیے رابطہ رکھا جائے، وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے متاثرین کی ہر قسم کی امداد کے لیے رابطہ رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو کل کے زلزلے کے بعد ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی، وزیر داخلہ کو زلزلہ متاثرین کے لیے، انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر طرح کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

    اعجاز شاہ نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کے لیے دواؤں اور طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ایمبولینسز اور تمام ایمرجنسی الرٹ سروس کو تیار رکھیں۔

    مزید پڑھیں: زلزلے میں جاتلاں سب سے زیادہ متاثر ہوا: چیئرمین این ڈی ایم اے

    واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ میرپور کے مطابق آزاد کشمیر میں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی اور 452 زخمی ہوئے، جاتلاں کا روڈ انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ جبکہ منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ اور متعدد پل زمین بوس ہوگئے ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو مصائب کا سامنا ہے، لوگوں خے گھر اور کاروبار تباہ ہوگئے جبکہ اب تک بجلی بحال نہ کی جاسکی ہے، کھمبے اور ٹرانسفارمر زمین پر گرے ہوئے ہیں، پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہے۔

    یاد رہے کہ پاک فوج کے دستے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں، پنجاب حکومت کی ہدایت پر ریسکیو ٹیمیں بھی میرپور پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 کی 5 امدادی گاڑیاں اور جان بچانے والا دیگر سامان بھی ہمراہ ہے۔

  • وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا سول کیس حل کر نےکےلئے بڑا فیصلہ

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا سول کیس حل کر نےکےلئے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ سول کیس میں پولیس کی مداخلت نہیں ہوگی ،فیصلے سول عدالتوں میں ہوں گے اور ہدایت کی بلا مجاز مداخلت پر بھی معاملات سول عدالت کے زریعے پراسس کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سول کیس حل کر نے کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا ، اب سول کیس میں پولیس کی مداخلت نہیں ہوگی ،فیصلے سول عدالتوں میں ہوں گے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیرداخلہ اعجازاحمدشاہ نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو خط لکھا ، جس میں کہا کہ عدالت کے احکامات کے بغیر پولیس کی مداخلت کی ممانعت ہے ، کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کی صورت میں سخت نتائج کاسامنہ کرنا ہوگا۔

    اعجازشاہ نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ہدایت کی پولیس کے حکام کی بلا مجاز مداخلت پر بھی معاملات سول عدالت کے زریعے پراسس کئے جائیں۔

    وزیرداخلہ نے ذاتی مفادات کی بنیاد پر کئے جانے والے اقدامات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔

    دوسری جانب وفاقی پولیس اصلاحات کے حوالے سے بھی ایک بڑا فیصلہ کیا گیا ، جس کے مطابق پولیس سول یا دیوانی مقدمات ڈیل نہیں کرے گی جبکہ اراضی اور فیملی معاملات پرپولیس کو مقدمات کا اختیار ختم کردیا ہے اور وزارت داخلہ نے اختیار ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول معاملات میں عدالتی احکامات پرپولیس مداخلت کرسکے گی ، پولیس مداخلت کر کے غیر قانونی سپورٹ فراہم کرتی تھی۔

  • اسلام آباد میں کھوکھوں کے لیے متعدد مقامات تجویز

    اسلام آباد میں کھوکھوں کے لیے متعدد مقامات تجویز

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت انسداد تجاوزات کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی دار الحکومت میں کھوکھوں کے لیے متعدد مقامات تجویز کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج تجاوزات کمیٹی کے اجلاس میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے کھوکھوں کے لیے 12 شہری، 7 دیہی مقامات کی تجویز دی ہے۔

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کو ایک عام آدمی کی سہولت کو یقینی بنانا چاہیے، تمام شہریوں کو ہر سطح پر سہولت فراہم کرنا ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر داخلہ سے معاہدے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے علاقوں کی نشان دہی کی حمایت کی۔

    جن علاقوں میں کھوکھے لگانے کی تجویز دی گئی ہے ان میں راول ڈیم پل کے قریب پارک روڈ، شہزاد ٹاؤن کے سامنے پارک روڈ، ترامڑی چوک، مری روڈ، بارہ کہو، کھنہ پل، چیمبر روڈ سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔

    انسداد تجاوزات کمیٹی نے اجلاس میں شناخت کیے گئے علاقوں پر متفقہ طور پر اتفاق کیا جب کہ آیندہ اجلاس میں دی گئی تجویز پر عمل درآمد منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کھوکھوں کا ڈیزائن یکساں رکھا جائے گا، کمیٹی کا اگلا اجلاس اگست کے وسط میں ہوگا۔

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے مؤثر انتظامیہ کو یقینی بنا کر لوگوں کو سہولت دیں، ہم اسلام آباد کو مثالی دارالحکومت بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

  • ایک لاکھ سے زائد جعلی شناختی کارڈ بلاک

    ایک لاکھ سے زائد جعلی شناختی کارڈ بلاک

    اسلام آباد: غیر ملکیوں کو جعلی  شناختی کارڈ جاری کرنے کے جرم میں نادرا کے 120 ملازمین برطرف جبکہ ایک لاکھ سے زائد  مشکوک آئی ڈی کارڈ بلاک کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سیشن کے دوران وقفہ سوالات میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ایوان کے سامنے نادرا ملازمین کی برطرفی اور  جعلی شناختی کارڈوں کی معطلی کے حوالے سے تفصیلات پیش کردیں۔

    اعجاز شاہ نے ایوان کو بتایا کہ غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر نادرا سے 120 ملازمین برطرف کئے گئے جبکہ جعل سازی پر 9554 قومی شناختی کارڈز منسوخ کیے جاچکے ہیں۔

    آج بروز  جمعہ ہونے والے اجلاس میں اپنے تحریری جواب میں  وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ ایک لاکھ اکیس ہزار 117 کارڈز مشکوک ہونے پر بلاک کردیئے گئے  ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں بھی 22072 کارڈز مشکوک ہونے پر ضبط کرلیے گئے  ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح کی کمیٹی کی رپورٹ پر بلوچستان کے 1450 کارڈ منسوخ بھی کردئیے گئے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا کے 120 ملازمین کو بھی نوکریوں سےبرطرف کیاجاچکا ہےاور ان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دورِحکومت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر دو لاکھ شناختی کارڈ بلاک کردیے گئے تھے، اور ان کی تصدیق کی گئی تھی۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، فرشتہ قتل کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا

    اسپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، فرشتہ قتل کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں ننھی فرشتہ قتل کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات کر کے کہا کہ معصوم فرشتہ قتل کیس کی عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور ظلم کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا، انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فرشتہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز، لواحقین کے بیانات قلم بند

    خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فرشتہ کے والد اور خاندان سے ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے فرشتہ کے خاندان کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    یاد رہے کہ فرشتہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز گزشتہ روز کر دیا گیا ہے اور لواحقین کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، جوڈیشل کمیشن کو 7 روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ نامی 10 سالہ بچی کو چار روز قبل اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا، ملزمان فرشتہ کی لاش قریبی جنگل میں پھینک کر فرار ہو گئے، اسپتال انتظامیہ نے بھی پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ ساڑھے 6 بجے کے بعد وقت ختم ہوجاتا ہے۔