Tag: وزیر داخلہ بلوچستان

  • گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں: وزیر داخلہ بلوچستان

    گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں: وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے گوادر باڑ سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ باڑ لگانے کے حوالے سے ریاست کے خلاف عوام کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور گوادر کے عوام کو بد ظن کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا گوادر کے حوالے سے جو بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے وہاں کے عوام کی منشا اور مفاد میں کیے جائیں گے، گوادر پر سب سے پہلے گوادر کے لوگوں کا ہی حق ہے۔

    میر ضیا لانگو نے کہا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے حوالے سے نہ کوئی فیصلہ ہوا ہے نہ ہی کوئی اجلاس یہ محض ایک پروپگنڈا ہے، گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی بے بنیاد افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ غلط بیانیے کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی جا رہی ہے، ذاتی رائے کو زمینی حقائق اور سچائی کے پیمانے سے ناپنا ضروری ہے۔

  • شرپسندوں کے لیے پیغام ہے قوم متحد ہے: وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ

    شرپسندوں کے لیے پیغام ہے قوم متحد ہے: وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ

    کوئٹہ: آج کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے افسوس ناک واقعے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ شرپسندوں کے لیے پیغام ہے کہ اس مشکل وقت میں قوم متحد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ بم دھماکے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گہرے دکھ کا کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

    اعجاز شاہ نے دہشت گردی کے واقعے کی فوری تحقیقات پر زور دیا، اور کہا کہ اس قسم کے واقعات کرانے والے ملک دشمن ہیں، امن و امان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

    وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دھماکے کے شہدا پر فخر ہے، ہر اجلاس میں سیکورٹی کی خامیاں دور کرتے ہیں، یہ دھماکا گنجان آباد علاقے میں ہوا جہاں لوگوں کا رش تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: سٹی تھانے کے قریب دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 28 زخمی

    ضیا لانگو نے کہا کہ ہماری فورسز دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، دہشت گردوں کو ہم شکست دے چکے ہیں، بزدلانہ حملوں سے فورسز کا مورال پست نہیں ہوگا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور افغان بارڈر پر باڑ کا کام جاری ہے، سرحد پر باڑ لگنے سے دہشت گردی میں کمی آئے گی۔

    یاد رہے کہ آج کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 28 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہل کار بھی شامل تھے۔

  • چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

    چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہیں ہونے دینگے، اور نہ ہی چیک پوسٹ پر کسی قسم کی بھتہ خوری کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بلوچستان کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان کابینہ نے آج کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے ہیں، صوبائی کابینہ نے میر چاکر خان یونیورسٹی سبی کا بل بھی منظورکر لیا ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحبت پور ضلع بحال اور لہڑی کو ضلع سبی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور معذور افراد کے لیے خصوصی کارڈ بنائے جائیں گے جن پر انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

    سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہ ہو، سرحدی علاقوں میں دونوں طرف تجارت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس، لیویزاور سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، ہم شہداء کو کبھی نہیں بھولے ان ہی کی قربانیاں ہیں کہ آج ہم امن سے رہتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسٹم کے اختیارات سے پولیس اور لیویز کو نکالا جا رہا ہے، ایف سی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کریں گے، سول ڈیفنس کو ضلعی سطح پر فعال کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • صوبے میں‌ تمام لشکروں‌ کو را فنڈنگ کرتی ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    صوبے میں‌ تمام لشکروں‌ کو را فنڈنگ کرتی ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرانی روڈ پر بس میں فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے ، بلوچستان میں جتنے لشکر کام کررہے ہیں سب کے سب را سے فنڈڈ ہیں۔


    یہ پڑھیں: کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق


    اپنے بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ایسا حملہ انتہائی افسوس ناک ہے ، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ڈبل سوار پر موجود بہت سے افراد کو پکڑا تاہم دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے، دہشت گردوں کے بہت سے نیٹ ورکس ہم نے توڑے، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے اور بلوچستان میں جتنے لشکر کام کررہے ہیں سب کے سب را سے فنڈنگ حاصل کررہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے بس میں گھس کر خواتین کو نشانہ بنایا جو کہ انتہائی ظالمانہ عمل ہے، محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان تیار کررہے ہیں۔

  • مودی کے یاروں کوبِلوں سے گھسیٹ کرنکالیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

    مودی کے یاروں کوبِلوں سے گھسیٹ کرنکالیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : بھارتی مداخلت اور وزیراعظم نریندر مودی کے شرمناک بیان کے خلاف بلوچستان کے عوام سراپا احتجاج ہیں،احتجاجی مظاہروں سے وزیراعلیٰ بلوچستان اوروزیرداخلہ بلوچستان نے بھی خطاب کیا۔

    بھارت مداخلت کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں،مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے اورکئی مقامات پر بھارتی پرچم اور مودی کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے،مظاہروں کااہتمام سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی اورشہریوں نےکیا۔

    balochistan-post-1

    احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے صوبائی وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی بلوچستان میں را کی کارروائیوں کی اطلا ع دی تھی لیکن کسی نے یقین نہیں کیا تھا تا ہم اب مودی کے بیان نے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کون کروا رہا ہے۔

    balochistan-post-2

    اس موقع پروزیرداخلہ بلوچستان نے نہ صرف مودی کی متعصبانہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ مظاہرین کے شرکاء سے مودی سرکار کے خلاف نعرے بھی لگوائے۔

    بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجینسی را ملوث ہے۔

    balochistan-post-4

    بھارتی وزی اعظم نریندرمودی کی جانب سے بلوچستان کے حوالے سے دیے گئے بیان کی سخت الفاط میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے باور کرایا کہ ہم آج سے نہیں 500سال سے دھرتی کے وارث ہیں ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا،بلوچستان کے اصل وارث ہم ہیں غیرملک میں بیٹھے غدار بلوچ سردار نہیں۔

    balochistan-post-3

    اس موقع پرانہوں نے کہا کہ براہمداغ ،حیربیارمری اور دیگر بھارت سے فنڈز لےرہےہیں کیا تم لوگ بلوچستان کونام نہاد آزادی دلا ہندو کی غلامی میں دینا چاہتے ہو؟ تم ہندوؤں سے چند ٹکوں کیلیے بلوچستان میں اپنے بھائیوں کو شہید کراتے ہو۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ ذہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے بلوں سے نکال کر باہر لائیں گے چاہے اس کے لیے کیسی بھی قربانی کیوں نہ دینی پڑے،مجھ سےمیرابیٹا،بھتیجااور بھائی چھین لیاگیا ہے لیکن پھر بھی میں کبھی دہشت گردوں کےخلاف ہارنہیں مانوں گا۔

    آخر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نریندر مودی کے بیان پر مذمتی بیان پڑھ کر سنائی جسے مظاہرے کے شرکاء نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

  • بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرداخلہ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے اہلکار بھارتی خفیہ ایجنسی را اور این ڈی ایس سے رابطے میں تھے اور ملک میں بدامنی پھیلا رہے تھے۔

    گرفتار دہشت گرد محبوب، عصمت اللہ کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند ، عبداللہ شاہ ،نور احمد اور احمد اللہ کا تعلق قندھار جبکہ محمد شفیع کا تعلق پشین سے ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ایف سی اور دیگر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور انہوں نے دوران تفتیش 40 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

    گرفتار اہلکار مہاجر کیمپ میں مقیم تھے جبکہ ایک اہلکار کے اہلخانہ بلوچستان کے علاقے کچلاک میں رہائش پذیر ہے، تمام افراد کے پاس قومی شناختی کارڈ موجود ہیں۔

    دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نادرا میں موجود کالی بھیڑوں نے بیس ہزار روپے کے عوض قومی شناختی کارڈ جاری کیے ہیں۔

    اس موقع پر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ افغانستان کے لوگ پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں اور پاکستان میں امن و امان خراب کررہے ہیں،  اب افغان مہاجرین کو ہرصورت اپنے وطن افغانستان جانا ہوگا۔

    اگرعالمی برادری نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے اقدامات نہ کیے تو پاکستانی حکام اور عوام انہیں دھکے دے کر ملک سے نکال دیں گے۔

    اس موقع پر گرفتار دہشت گردوں نے اقبالی بیانات کی ویڈیو چلائی گئی، جس میں تمام افراد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو افغان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں امن و امان خراب کرنے کے لیے بھیجا تھا اور اس کے لیے انہوں نے کوئٹہ میں کارروائیاں کی ہیں۔