Tag: وزیر داخلہ چوہدری نثار

  • چوہدری نثار کالعدم جماعتوں کے ترجمان بن گئے، سعید غنی

    چوہدری نثار کالعدم جماعتوں کے ترجمان بن گئے، سعید غنی

    کراچی: پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کالعدم تنظیموں کے ترجمان بن گئے، پی پی شدت پسندوں کی مخالف ہے اور انہیں اسی بات کی تکلیف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چوہدری نثار علی کے بارے میں ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا، وفاقی وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کے ترجمان بن گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شدت پسندوں کی مخالف ہے اور چوہدری نثار کو بھی اسی بات کی تکلیف ہے، نواز حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔

    پڑھیں: ’’ پیپلزپارٹی کومجھ سےجوتکلیف ہےوہ سب جانتے ہیں،چوہدری نثار ‘‘

    سعید غنی نے وفاقی وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے کمشین کی رپورٹ کے بعد چوہدری نثار علی خان کا عہدے پر رہنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

    قبل ازیں چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’’سب جانتے ہیں کہ پی پی کو مجھ سے کیوں تکلیف ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں میں فرق ہے تاہم کسی تنظیم کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • وفاق کی ڈی جی رینجرز سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    وفاق کی ڈی جی رینجرز سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کو وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے ملاقات کی۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے وزیرِ داخلہ کو کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    ملاقات میں ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    ڈی جی رینجرز سندھ سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے اور جرائم کی شرح میں کمی لانے میں رینجرز نے کلیدی کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی اور امن وامان کے قیام کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے جانب سے رینجرز کی مکمل سپورٹ اور ہر ممکنہ معاونت جاری رہے گی۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میجر جنرل محمد سعید کو بطور ڈی جی رینجرز سندھ تعیناتی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔

  • صوبائی حکومت کا وفاق پر حملہ کرنا ٹھیک نہیں، نثار

    صوبائی حکومت کا وفاق پر حملہ کرنا ٹھیک نہیں، نثار

    اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نےسابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کو غلط خبر کی تردید کرکے اسے اشاعت سے نہ روکنے کا ذمہ دار ٹھہرا کرسول ملٹری قیادت میں تلخ کلامی کے واقعات کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نےقومی سلامتی سے متعلق خبر پر اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈان کی خبر کی مکمل تردید کردی۔

    انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزارتِ داخلہ نے ہرپہلو پر تحقیقات کی ہیں جس میں سامنے آیا ہے کہ سرل المیڈا نامی صحافی نے خبر کی تصدیق کے لیے سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید سے رابطہ کیا ۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز رشید نے غلطی کی کہ انہوں نے المیڈا کو خبر کی تردید کرتے ہوئے نہ چھاپنے کی ہدایت نہیں کیِ اگر صحافی خبر کی تردید کے باوجود نہیں مانتا تو انہیں ڈان کی انتظامیہ سے رابطہ کر نا چاہیے تھا جو کہ انہوں نے نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سانحہ پولیس ٹریننگ کے موقع پر کوئٹہ میں آرمی چیف سے ملاقات کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں‘ انہوں نے اس ملاقات میں جھوٹی خبر کی تحقیقات کی بابت استسفار کیا جس پر انہیں جواب دیا کہ پہلے تحقیقات وزیراعظم کے ساتھ شیئر کی جائیں گی اور اسی طرح پہلے وزیراعظم اور پھر آرمی چیف کو بریفنگ دی گئی۔

    انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جس نے جھوٹی خبر ڈان کو لیک کی‘ اسے سزا ملنا ضروری ہے جس کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ جھوٹی خبر سے دنیا بھر میں پاکستان کا تشخص متاثر ہوا۔

    تحریک انصاف کا دھرنا

    تحریک انصاف کے دھرنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں نظامِ زندگی کو جاری و ساری رکھنا وزارتِ داخلہ کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور اگر اس کا دارالحکومت اس طرح سے بند کردیا جائے اور مطالبات منظور ہونے تک بند رکھنے کی دھمکی کی دی جائے، ایسے واقعات سے عالمی سطح پر ملک کا تشخص خراب ہورہا ہے۔

    انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مخاطب کرکےکہا کہ ایسی روایات کی داغ بیل ڈالنا درست نہیں ہے ‘ حکومت آنی جانی چیز ہے اگر ایک صوبائی حکومت ملک کے وفاق پر حملہ آور ہوگی تو اس سےعالمی دنیا میں پاکستان کا تشخص خراب ہوگا۔

    انہوں نے خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد کو محتاط بیا ن دینے چاہیے‘ انہوں نے کنٹینرز سے راستے کی بندش کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ کا تنازعہ بنانے کی کوشش کی حالانکہ کنٹینر کے پی کے سے آنے والے مسلح جھتے کو روکنے کے لیے لگائے گئے ‘ تحریک انصاف کے لوگوں کی گاڑیوں سے کثیر تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    بعد ازاں چوہدری نثار ایک صحافی کے پوچھے گئے سوال کو ٹال کر اچانک پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے،صحافی نے سوال اُٹھایا تھا کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ مذکورہ خبر کو لیک کرنے میں محترمہ مریم نواز شریف کا کردار بھی ہے کیا اس حوالے سے بھی تحقیقات ہو رہی ہیں؟

    اس سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر زیر بحث سوال اور جواب اتنےضروری نہیں ہوتے ہیں کہ اُن کا جواب دیا جائے،اس کے بعد وفاقی وزیر پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے قائد کے معاملے پر برطانوی ہائی کمشنر نے چوہدری نثار سے ملاقات کی ہے جس میں وزارت داخلہ جانب سے قائد متحدہ کے خلاف کارروائی کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی جس میں قائد ایم کیوایم کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پربات چیت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے ضروری شواہد برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کردیئے، چوہدری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے ذریعے اشتعال انگیزی کی اور بد امنی پھیلائی، برطانوی حکومت اپنے قوانین کے مطابق متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کرے۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے ہائی کمشنر سے کہا کہ قائد ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے،برطانوی ہائی کمشنر نے الطاف حسین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں تشدد پراکسانے کے قوانین بہت سخت ہیں۔

  • چوہدری نثار نے محمود خان اچکزئی کو متنازعہ بیان پر آڑے ہاتھوں لے لیا

    چوہدری نثار نے محمود خان اچکزئی کو متنازعہ بیان پر آڑے ہاتھوں لے لیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے محمود خان اچکزئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ قوم کو بتایا جائے کہ وہ کون سماج دشمن ہے جو ایجنسیوں سے تنخواہ لیتا ہے؟۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے محمود اچکزئی کے اسمبلی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اچکزئی کے بھائی گورنر اور حکومت کا حصہ ہیں، حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود محمود اچکزئی کا بیان حکومت اتحادی کی عکاسی نہیں کرتا۔

    پڑھیں :   پاکستان میں کسی ملک کی پراکسی وار نہیں لڑیں گے، محمود خان اچکزئی

    چوہدری نثار نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ ’’محمود اچکزئی نے مودی کے بیان پر کوئی ردعمل کیوں نہیں دیا؟، انہوں نے محمود اچکزئی سے مزید سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’وہ بتائیں ایسا کون سا سماج دشمن ہے جو  ایجنسیز سے تنخواہ دار ہیں ؟‘‘۔

    یاد رہے سانحہ کوئٹہ کے بعد پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے سکیورٹی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہر بات کا الزام را پر عائد نہیں کیا جاسکتا، ہمیں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی پڑے گی‘‘۔

     

  • رینجرز اختیارات پر وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی، وزیر اعلیٰ سندھ

    رینجرز اختیارات پر وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی، وزیر اعلیٰ سندھ

    سیہون شریف: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے آبائی علاقہ سیہون شریف کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے رینجرز اختیارات سے متعلق سمری وفاق کو بھیجنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز اختیارات کا معاملہ بدستور سرخیوں کی زد میں ہے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کردی جبکہ وزیر اعلیٰ سمری ارسال کرنے سے ہی انکاری ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ رینجرز اختیارات سے متعلق وفاق کو سمری نہیں خط بھیجا ہے۔ وفاق کو سمری نہیں خط ہی بھیجا جاتا ہے۔

    رینجرز اختیارات پر وفاق احکامات نہ دے، سندھ حکومت *

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج اپنے آبائی علاقہ اور حلقے سیہون شریف پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے اپنے والد عبداللہ شاہ کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور اس کے بعد اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع افراد سے ملاقات کی۔

    نو منتخب وزیر اعلیٰ نے سندھ کے تمام مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کے معاملے پر کسی کو سیاسی ایشو نہیں بنانے دیں گے۔ انہوں نے کراچی میں رینجرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز امن وامان کے لیے اچھا کام کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی حلف برداری کے دوسرے ہی روز رینجرز اختیارات کی توسیع کی سمری پر دستخط کردیے تھے۔ سمری کے مطابق رینجرز پورے صوبے میں سال بھر تک قیام کرے گی جب کہ اس کے خصوصی اختیارات میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔

    سمری کے مطابق رینجرز کے خصوصی اختیارات صرف کراچی تک محدود ہوں گے اور اس کا اطلاق 19 جولائی 2016 سے ہوگا۔

    وفاقی وزارت داخلہ نے سمری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔

    وزارت داخلہ نے سمری کے لیے قانونی مشاورت بھی شروع کردی تھی جس کے بعد قانونی ماہرین نے سمری کا جائزہ لیا اورا بتدائی طور پر اسے مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی اور یہ آئین کے آرٹیکل 147 کے مطابق نہیں ہے۔

    کراچی میں رینجرز آپریشن سے دہشت گردی میں 80 فیصد کمی *

    دوسری جانب معروف قانون داں اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ رینجرز سمیت کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے، جو صوبے میں کام کر رہا ہو، کے اختیارات کا معاملہ صوبائی حکومت کے پاس ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کو اس معاملے میں مداخلت کا حق ختم ہوچکا ہے۔

    اس سے قبل سندھ میں رینجرز کی جانب سے کسی بھی شہری کو 90 روزہ تحویل میں رکھنے کے خصوصی اختیارات میں 77 روز کا اضافہ کیا گیا تھا جس کی مدت 19 جولائی کو ختم ہوچکی ہے۔

  • عمران خان کو پی ٹی وی پر خطاب کی اجازت کسی صورت نہیں ملے گی، چوہدری نثار

    عمران خان کو پی ٹی وی پر خطاب کی اجازت کسی صورت نہیں ملے گی، چوہدری نثار

    اسلام آباد: چوہدری نثار نے عمران خان کو پانامہ لیکس پر ایف آئی اے سے تحقیقات کرانےکی پیش کش کردی۔کہتے ہیں عمران خان جس افسر سے چاہیں تحقیقات کرانےکوتیار ہیں، پی ٹی وی پرخطاب کی اجازت بالکل نہیں ملے گی۔

    میڈیا سے گفتگو میں ایک موقع پر چوہدری نثار جارحانہ لب و لہجے میں آئے اور ایک سابق وفاقی وزیرداخلہ کا ذکر مطالبے کیساتھ کر دیا۔

    وزیر داخلہ نے عمران خان کو پناما لیکس کی تحقیقات ایف آئی سے کرانے کی پیش کش کرڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جس ایف آئی اے کے جس افسر سے چاہیں تحقیقات کرانےکوتیار ہیں۔

    چوہدری نثارنے صاف صاف یہ کہہ دیا کہ عمران خان کوسرکاری ٹی وی سے خطاب کی اجازت بالکل نہیں دی جائے گی۔

    چوہدری نثارنے پی ٹی آئی کو ڈی چوک اورایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت سے بھی دو ٹوک انکار کر دیا، چوہدری نثار کے بقول پورا پاکستان پڑا ہے، اسلام آباد میں آئے روز جلسے جلوس کا مذاق برداشت نہیں۔

  • منی لانڈرنگ کیس: مشاورت کے بعد تعاون کا فیصلہ کروں گا ،سرفرازمرچنٹ

    منی لانڈرنگ کیس: مشاورت کے بعد تعاون کا فیصلہ کروں گا ،سرفرازمرچنٹ

    لندن: برطانیہ میں مقیم سرفراز مرچنٹ منی لانڈرنگ کے بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کمیٹی سے تعاون کا فیصلہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

    سرفراز مرچنٹ نے کہا ہے کہ انھیں اس منی لانڈرنگ کے معاملے پر چوہدری نثارکی کمیٹی کا میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے، ابھی تک نہ ہی لندن ہائی کمیشن آفس اور نہ پاکستان ہوم آفس نے کوئی رابطہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب رابطہ ہوگا تو اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد تعاون کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

  • گورنرسندھ کا چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرز سے رابطہ

    گورنرسندھ کا چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرز سے رابطہ

    کراچی: گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نےوفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبر سےرابطہ کیااورنائن زیرو پر چھاپےاور گرفتاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    ایم کیوایم کےمرکزنائن زیرو پر رینجرز کے چھاپہ پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے رابطہ کیا۔

    گورنر سندھ نے چوہدری نثار کو چھاپے اور گرفتاریوں کے بعد پیداہونے والی صورتحال اور ایم کیو ایم کی قیادت کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

    ڈی جی رینجرز سےرابطے میں گورنر سندھ نےگرفتار افرادکےمتعلق تبادلہ خیال کیا، نائن زیرو پر چھاپے کے بعد وزیر اعلی سندھ بھی حرکت میں آئے، واقعےکانوٹس لیتےہوئےآئی جی سندھ سےتفصیلات طلب کر لی۔

    ایڈیشنل آئی جی غلام قادرتھیبونےکہاکہ امن تباہ کرنےکی ہرکوشش کو ناکام بنائیں گے، کسی کو دھمکی ملتی ہے تو پولیس سےرابطہ کرے۔

  • جنگیں کبھی بھی مسئلےکاحل نہیں ہوتیں، چوہدری نثار

    جنگیں کبھی بھی مسئلےکاحل نہیں ہوتیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نائن الیون کےحملےمیں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن اس کے اثرات سب سے زیادہ پاکستان پر پڑے ہیں۔

    ہیوسٹن میں انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں خطاب میں چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ جنگیں کبھی بھی مسئلےکاحل نہیں ہوتیں، مذاکرات سے ہی مسائل ہی کیے جاسکتے ہیں۔

     ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن اس کے اثرات کا سب سے زیادہ سامنا پاکستان کو کرنا پڑا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ پاکستان اب بھی تیس لاکھ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کررہاہے۔