Tag: وزیر داخلہ

  • وزارت داخلہ کا تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

    وزارت داخلہ کا تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے ملک بھر میں 3 اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ملک بھر میں 3 اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سیف سٹی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ بلوچستان حکومت کےساتھ مل کر پروجیکٹ مکمل کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق چمن بارڈر بھی آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضروری اقدامات کے بعد سرحد کو 3 ماہ میں کھول دیاجائے گا۔

    وزارت داخلہ نے تھانوں میں تشدد کی روک تھام اور شفاف تفتیش کے لیے بھی اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانوں میں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کنٹرول روم بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے تمام اقدامات جلد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کے تھانوں میں کیمرے والے موبائل فون پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ تھانے میں پولیس اہلکار اور افسران کو بغیر کیمرے والا فون استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ تھانے میں آنے والے سائلین سے بھی اسمارٹ فون لینے کی ہدایت جاری کردی گئی تھی۔

    گزشتہ روز وزیر داخلہ نے سول کیس حل کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا تھا، وزیر داخلہ نے ہدایت جاری کی تھی کہ کیس میں پولیس کی مداخلت نہیں ہوگی جبکہ فیصلے سول عدالتوں میں ہوں گے۔

    اس سلسلے میں وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ عدالت کے احکامات کے بغیر پولیس کی مداخلت کی ممانعت ہے، کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کی صورت میں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی کا اصل امتحان ہوگا، وزیر داخلہ

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی کا اصل امتحان ہوگا، وزیر داخلہ

    اسلام آباد : وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی، کشمیریوں کا اصل امتحان ہوگا، جتنا وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لیے کام کیا اتنا کسی رہنما نے نہیں کیا، عالمی برادری کو مسئلہِ کشمیر پر ردعمل دکھانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عرب میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت زیر انتظام جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے لہذا وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں ،مسلم اکثریتی کشمیر میں سخت پابندیاں اور لاک ڈاؤن ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مسئلہِ کشمیر پر ردعمل دکھانا ہو گا، جتنا وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لیے کام کیا اتنا کسی رہنما نے نہیں کیا۔

    اعجاز شاہ نے کہاکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو قونصلر رسائی دینے کے معاملے پر قدم عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اٹھایا گیا۔ اگر ہم کشمیر کی صورتحال کی وجہ سے کلبوشن کی قونصلر رسائی پر اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جانا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے پانچ اگست کے اقدامات کی وجہ سے اس فیصلے کو بدل نہیں سکتے، ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر کام کرنا ہے جو دیانت دار ہے۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی، کشمیریوں کا اصل امتحان ہوگا۔

  • وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے: وزیر داخلہ

    وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ مودی کشمیر کی جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ہار چکا ہے، قوم پیغام دے رہی ہے ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی صورت بھارت کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ کشمیر کے مسئلے کے حل تک ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تقریباً 80 لاکھ کشمیری گزشتہ 4 ہفتے سے کرفیو میں محصور ہیں، ہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انتہا پسند ہندو چاہتے ہیں بھارت سے مسلمانوں کو نکال دیں۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ آر ایس ایس چاہتی ہے بھارت میں صرف ہندو رہیں اور اس نظریے کی بنیاد پر کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔

  • جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ جس نے جو کچھ کیا ہے وہ بھگتے گا، ملک کسی ایک کا نہیں ہے ملک سب کا ہے، کسی نے کچھ کیا ہوگا جب ہی تو گرفتاری کی گئی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کے لیے عمران خان نے جو مناسب سمجھا وہ کیا۔ وزیر اعظم ہمیشہ ملکی مفادات میں ہی بات کرتے ہیں۔ اسمگلنگ روکنے کے لیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوئی ہے، ملک کو دیمک کی طرح جیسے کرپشن نے چاٹا ایسے اسمگلنگ بھی چاٹ رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہمارا مستقبل پہلے سے بہتر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی ہے، کریڈٹ تحریک انصاف کو جاتا ہے۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، احتجاج کے دوران تکلیف دیں گے تو حکومت کی ذمے داری ہے اسے روکے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہر سطح پر تبدیلی آئی، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی ادارہ احتساب (نیب) راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے تھوڑی دیر قبل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پر روک کر گرفتار کیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا اس کے بعد حراست میں لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبی پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ لاہور میں ہیں نہیں آسکتے، ان کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔

    سابق وزیر اعظم کو نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں آج طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ نیب کی جانب سے انہیں 4 مرتبہ طلب کیا گیا مگر وہ ایک بھی بار پیش نہ ہوئے، وہ نیب کے سوال نامے میں صرف چند سوالوں کا جواب دے سکے تھے۔

  • امریکا لبنانی فورسز کی تربیت اور انہیں مسلح کرنے میں مدد گار ہے، لبنانی وزیر داخلہ

    امریکا لبنانی فورسز کی تربیت اور انہیں مسلح کرنے میں مدد گار ہے، لبنانی وزیر داخلہ

    بیروت : لبنانی وزیر داخلہ ریا الحسن کا شامی مہاجرین سے متعلق کہنا ہے کہ اگر کسی شامی خاتون یا مرد کے تحفظ کی ضمانت نہیں دی جاتی تو ہم ان میں سے کسی کو بھی واپس نہیں بھیجنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کی پہلی خاتون وزیر داخلہ ریا الحسن کا کہنا ہے کہ امریکی ہمارے سب سے بڑے حامی اور معاون ہیں اور وہ ہماری داخلی اور جنرل سکیورٹی فورسز کی تربیت اور انھیں اسلحے سے لیس کرنے میں خاص طور پر مدد کررہے ہیں۔

    ریا الحسن کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ برطانیہ ، یورپی یونین اور فرانس بھی مالی امداد کررہے ہیں اور ہم خوش قسمت ہیں کہ وہ لبنان میں سرکاری سکیورٹی فورسز کی سنجیدگی سے معاونت کررہے ہیں۔

    انھوں نے عرب ممالک کی جانب سے امداد کے حوالے سے بتایا کہ وہ سکیورٹی کے علاوہ دوسرے شعبوں میں اپنی توجہ مرکوز کررہے ہیں۔وہ لبنان کو سماجی اور اقتصادی شعبوں کی بہتری کے لیے امداد مہیا کررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا:” ہمیں سکیورٹی اداروں کی تربیت اور دوسرے امور کے ضمن میں کچھ امداد درکار ہے لیکن یہ عرب ممالک پر منحصر ہے کہ وہ کیا امداد کرتے ہیں اور اس بات کا بھی انھیں فیصلہ کرنا ہے کہ کیا امداد مناسب رہے گی۔

    ریا الحسن نے لبنان میں مقیم شامی مہاجرین کے بارے میں بھی تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے ( یو این ایچ سی آر) کے مطابق اس وقت لبنان ساڑھے نو لاکھ رجسٹرڈ شامی مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ شامی مہاجرین کے بارے میں مستقبل تحریک کا موقف بڑا واضح ہے کہ انھیں تحفظ کی ضمانت کی صورت میں جلد ان کے وطن میں واپس بھیجا جانا چاہیے لیکن اگر کسی شامی خاتون یا مرد کے تحفظ کی ضمانت نہیں دی جاتی تو ہم ان میں سے کسی کو بھی واپس نہیں بھیجنا چاہتے ہیں۔

    عرب ٹی وی سے اپنے پہلے خصوصی انٹرویو میں لبنان کی داخلی سلامتی، دوسرے ممالک کی جانب سے سکیورٹی فورسز میں اصلاحات کے لیے امداد، سرحدوں پر سکیورٹی اور شامی مہاجرین کی صورت حال کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

    ریا الحسن لبنان اور مشرقِ وسطیٰ کے کسی ملک کی بھی پہلی خاتون وزیر داخلہ ہیں۔ انھیں جنوری میں وزیراعظم سعد الحریری کی نئی کابینہ میں یہ منصب سونپا گیا تھا۔ وہ لبنان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت مستقبل تحریک کی نائب سربراہ ہیں۔

    انھوں نے بطور وزیر داخلہ حال ہی میں عرب وزرائے داخلہ اور انصاف کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔

  • اتحادی طیاروں کی بمباری سے زخمی حوثی وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم ہلاک

    اتحادی طیاروں کی بمباری سے زخمی حوثی وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم ہلاک

    صنعاء : یمن کے ایران نواز حوثی باغی گروپ نے زخمی ہونے والے اپنے وزیر داخلہ کی لبنان کے ایک اسپتال میں موت کی تصدیق کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی حکومت کے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم الماوری کو حال ہی میں عرب اتحادی فوج کی بمباری میں زخمی ہونے کے بعد بیروت کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا، الماوری کی موت کو حوثی باغیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

    حوثیوں کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ عبدالحکیم الماوری حال ہی میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کے طیاروں کی صنعاء میں بمباری میں زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انہیں حوثیوں کی طرف سے خفیہ طورپر اقوام متحدہ کے ایک طیارے کی مدد سے بیروت لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج گذشتہ روز انتقال کرگئے۔

    حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم احمد الماوری کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان کو ایک برقی تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا اپنے ایک قیمتی فوجی رہ نما سے محروم ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ حوثی وزیر داخلہ اور کئی دیگر سرکردہ باغی لیڈر گذشتہ برس مئی میں صنعاء میں عرب اتحادی طیاروں کی بمباری میں ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

    بمباری کے بعد الماوری منظرعام پرنہیں آئے اور ان کی موت کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ تاہم حوثیوں کی طرف سے الماوری کی ہلاکت سے انکار کیاجاتا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حوثیوںنے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

  • جائیداد کے لالچ میں بیٹی کا ماں پر تشدد، وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

    جائیداد کے لالچ میں بیٹی کا ماں پر تشدد، وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

    لاہور: جائیداد کے لالچ میں غنڈوں کے ساتھ ماں اور بھائی پر تشدد کرنے والی بیٹی کے خلاف وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیٹی کا ماں پر تشدد کا واقعہ گزشتہ روز سامنے آیا تھا۔ لاہور کی رہائشی حنا ماں سے گھر خالی کروانے کے لیے غنڈوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوئی۔ غنڈوں نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی اور ماں اور بیٹے پر تشدد بھی کیا۔

    گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام مناظر محفوظ ہوگئے۔ بعد ازاں خاتون فوزیہ نے اپنی ویڈیو بناتے ہوئے بتایا کہ گھر خالی کروانے کے لیے ان کی بیٹی حنا نے ان پر تشدد کروایا۔

    بزرگ خاتون فوزیہ کا کہنا ہے کہ تشدد سے ان کا بازو ٹوٹ گیا، جاتے جاتے بیٹی نے ماں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ فوزیہ ہارون کے مطابق پولیس نے بھی ان کی مدد نہیں کی۔

    فوزیہ کے مطابق حنا نے ان کا زیور اور کار بھی چھین لی ہے، ان کی 2 بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک ملک سے باہر ہے۔ وجہ تنازعہ 5 کنال 12 مرلے کا گھر ان کے مرحوم خاوند کا تھا جو اب ان کی ملکیت ہے۔

    وزیر داخلہ کا نوٹس

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو رپورٹ پیش کرنے اور ملزمان کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خواتین کی حرمت، چادر اور چار دیواری کا تحفظ ریاست یقینی بنائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور غریب طبقات کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ترجیحات میں ہے۔

  • تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: شہریار آفریدی

    تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: شہریار آفریدی

    کراچی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ مدارس، مساجد، علما، چرچ، مندر کو عزت دینا ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے جامعہ بنوریہ میں خطاب یا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے لوگوں کو بدقسمتی سے عزت نہیں دی گئی۔ مدارس سے جڑے افراد کو بھی عزت ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسالک و مذاہب کے نام پر لڑایا جا رہا ہے، مسلمان تفرقے سے دور رہتا ہے۔ مدرسے میں غیر ملکی طلبا پاکستان کے سفیر ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خدا سے التجا ہے کہ ہمیں سود کے عذاب سے نکالے، بڑی رقم سود کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔

    شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، مدارس، مساجد، علما، چرچ، مندر کو عزت دینا ذمہ داری ہے۔ ’افواج، رینجرز اور پولیس کو امن کے لیے قربانیاں دینے پر سلام‘۔

    اس سے قبل کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس پریڈ سے مخاطب ہونا میرے لیے اعزازکی بات ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ رینجرز نے ہر میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سرحد کی حفاظت ہو یا کراچی میں امن، رینجرز نے ہرجگہ ذمے داری نبھائی۔ رینجرزنے کراچی میں تمام چیزوں کا مقابلہ کرکے امن برقرار رکھا۔

    وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ کراچی کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، کراچی پھر سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔

  • بھارت کو پیغام ہے الزام سے نکلو، دلائل سے بات کرو: شہریار آفریدی

    بھارت کو پیغام ہے الزام سے نکلو، دلائل سے بات کرو: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پیغام ہے الزام سے نکلو، دلائل سے بات کرو۔ ہم امن کے داعی ہیں، عزت دیں گے۔ ہمیں کوئی نہ بتائے کہ جنگ کیا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خواتین کی بڑی تعداد بنیادی تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں، ہم نے انسانیت کو عزت دینی ہے۔ انسان سے نفرت نہیں کرنی، عزت دینی ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پیغام ہے الزام سے نکلو، دلائل سے بات کرو۔ ہم امن کے داعی ہیں، عزت دیں گے۔ ہمیں کوئی نہ بتائے کہ جنگ کیا ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی عزت و وقار پر آج دنیا حیران ہے، اس دھرتی پر سب قربان ہے۔

    اس سے قبل ایک تقریب کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ دنیا کو پیغام دینا ہے پاکستانی قوم ایک ذمہ دار قوم ہے، ملک میں انصاف اور امن ہمارا مقصد ہے، انتہا پسندی اور تنگ نظری کا خاتمہ کردیا ہے۔ پاکستان کی پوری دنیا عزت کر رہی ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی، عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ دشمنوں نے پاکستانیوں کو آپس میں لڑانے کے لیے حربے استعمال کیے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دشمن کے حربے ناکام بنانے پر قوم کے سپوت ستائش کے قابل ہیں، پاکستانیوں جاگ جاؤ اور دشمن کو بتا دو کہ ہم متحد ہیں۔ ’اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے‘۔

  • اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے: شہریار آفریدی

    اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن کے حربے ناکام بنانے پر قوم کے سپوت ستائش کے قابل ہیں، اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پیغام دینا ہے پاکستانی قوم ایک ذمہ دار قوم ہے، چین ہمارا سچا اور بہترین دوست ہے، چین سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتے ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں بہترین ترقیاتی کام ہوں گے۔ فاٹا کا پختونخواہ میں انضمام ترقی کی راہیں کھولے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف اور امن ہمارا مقصد ہے، انتہا پسندی اور تنگ نظری کا خاتمہ کردیا ہے۔ پاکستان کی پوری دنیا عزت کر رہی ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی، عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ دشمنوں نے پاکستانیوں کو آپس میں لڑانے کے لیے حربے استعمال کیے۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن کے حربے ناکام بنانے پر قوم کے سپوت ستائش کے قابل ہیں، پاکستانیوں جاگ جاؤ اور دشمن کو بتا دو کہ ہم متحد ہیں۔ ’اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے‘۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ جب تک اکٹھے نہیں ہوں گے دشمن ہم پر حملہ کرتا رہے گا، منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارے کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صرف اسلام آباد ہی نہیں پوری دنیا کے لیے مثال بنانی ہے، دنیا کو بتانا ہے ہم نے ملک کے لیے کئی قربانیاں دی ہیں۔