Tag: وزیر زراعت

  • کاشتکاروں کے لیے پیپلز ہاری کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ

    کاشتکاروں کے لیے پیپلز ہاری کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے کاشتکاروں کے لیے پیپلز ہاری کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ کارڈ پر 3 ارب روپے سبسڈی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں پیپلز ہاری کارڈ لانے کا فیصلہ کرلیا۔

    صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اس سال پیپلز ہاری کارڈ پر 3 ارب روپے سبسڈی دے گی، 10 لاکھ کاشت کاروں کی رجسٹریشن کرنے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 1 ارب روپے فرٹیلائزر، 1 ارب روپے فیڈ اور 1 ارب روپے ڈی اے پی پر سبسڈی دیں گے، چھوٹے کاشتکاروں کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

    اس سے قبل اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کاٹن آئل سیڈ اور کپاس پر 17 فیصد سیلز ٹیکسز واپس لیا جائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ غلط پالیسیوں نے پہلے ہی زراعت کو بہت نقصان پہنچایا ، جننگ فیکٹریز پر پہلے کبھی بھی سیلز ٹیکس نہیں رہا۔ 5 سال پہلے 13 سو جننگ فیکٹریز تھیں اور اب 440 رہ گئی ہیں۔

  • اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا

    کراچی: اندرون سندھ کے علاقوں تھر، سانگھڑ اور دادو کے بعد ٹڈی دل نے کراچی پر بھی حملہ کر دیا، ملیر، بہادر آباد، گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں پر ٹڈی دل کی یلغار سے شہری پریشان ہو گئے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں ٹڈی دل نے میچ بھی رکوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے نوٹس پر اسپرے نہ ہوا تو ٹڈی دل کراچی بھی پہنچ گیا، کراچی میں ملیر، گڈاپ، بن قاسم، کورنگی، گلشن اقبال، حسن اسکوائر، بہادرآباد سمیت مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے یلغار کر دیا ہے جس کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

    ٹڈی دل کے جھنڈ نے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سندھ اور ناردن ٹیموں کا میچ بھی رکوا دیا، کھلاڑی ٹڈی دل کے حملے سے بچنے کے لیے دبک کر زمین پر بیٹھ گئے۔

    ٹڈی دل کی آمد پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق نومبر ٹڈی دل کی افزائش کا مہینہ ہے، ٹڈل دل سندھ کے صحرائی علاقوں سے بلوچستان کی جانب رواں دواں ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر زراعت نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    ادھر وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔