Tag: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

  • نہ پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ حکومت کہیں جا رہی ہے: فواد چوہدری

    نہ پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ حکومت کہیں جا رہی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی اختلاف ہے نہ حکومت کہیں جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی ہے، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں جہموریت اور عمران خان کو لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ہمارا اتفاق ہے جمہوری نظام کی کام یابی کے لیےعمران خان کی کام یابی ضروری ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ نظر دوڑائیں ہمارے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک کہاں کھڑے ہیں؟ تب احساس ہو گا کہ اس عرصے میں ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔

    دریں اثنا ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے ماضی کی حکومتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ سِول ادارے آج مکمل تباہ شدہ حالت میں ہیں، جس ادارے کا جائزہ لیں معلوم ہوگا کہ میرٹ کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر اقربا پروری اور سفارش کے ذریعے ان اداروں کو تباہ کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منتخب افراد کو اہمیت دی جائے: فواد چوہدری کا مشورہ

    سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر کا کہنا تھا کہ ایک دو سالوں میں ان اداروں میں بہتری کی کوئی توقع نہیں، وزیر اعظم کو ایک ریزہ ریزہ نظام ملا ہے وہ اس نظام کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے پارٹی فیصلوں پر تنقید کی، کہا پارٹی سے کہا تھا شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی نہ لگائیں، میرے کہنے کے باوجود انھیں چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، اس وقت پارٹی میں منتخب اورغیر منتخب افراد کی جنگ ہے، فیصلے منتخب افراد کو ہی کرنے چاہییں۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پارٹی کے فیصلوں میں سیاسی کم زوریاں رہیں جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔

  • اسلامی دنیا میں پاکستان اسپیس سائنس میں سب سے آگے ہے: فواد چوہدری

    اسلامی دنیا میں پاکستان اسپیس سائنس میں سب سے آگے ہے: فواد چوہدری

    کراچی: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 1962 میں پاکستان اس وقت سوویت یونین کے بعد دوسرا ملک تھا جس نے خلا میں راکٹ بھیجا، اسلامی دنیا میں اسپیس سائنس میں پاکستان سب سے آگے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی میں پریس بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان اسپیس سائنس میں سب سے آگے ہے اور یہ برتری قائم رہے گی۔

    انھوں نے کہا حکومت کے لیے معیشت اور گورننس دو بڑے چیلنج ہیں، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، اور ملک میں بڑے سائنسی و تحقیقی اداروں کو مضبوط کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہندو مت میں صرف برہمن ہی مذہب پر بات کر سکتا ہے اسلام میں ایسا نہیں ہے، ہر شخص اپنا خیال پیش کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فواد چوہدری کا چاند دیکھنے کے لئے ایپ تیار کرنے کا اعلان

    دریں اثنا وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی نے انکشاف کیا کہ ان کی وزارت کے تحت ماہرین ایک ایسی موبائل اپلیکیشن تیار کر رہے ہیں جس سے عوام براہ راست چاند کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے تحت 15 رمضان تک قمری کلینڈر تیار کر لیا جائے گا جس کا اطلاق عید کے چاند پر بھی ہوگا۔

  • پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، فواد چوہدری

    پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، فواد چوہدری

    سوہاوا: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان انسانیت کی قدر کرنے والے رہنما ہیں، پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم نے انقلاب برپا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق القادر یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ 30 سال سے اقتدار پر بیٹھے لوگ خود کو ہر چیز سے بالاتر سمجھتے تھے، اقتدار سے چمٹے لوگ چوہے کی طرح بلوں میں گھستے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کبھی لندن جاتے ہیں کبھی کسی کو معافی دلوانے کا کہتے ہیں، نواز شریف جیل جارہے ہیں، زرداری کیس بھگت رہے ہیں، شہباز شریف بھاگ رہے ہیں یہ سب عمران خان کی کوشش کا نتیجہ ہے۔

    مزید پڑھیں: رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، فواد چوہدری

    فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں، دال سبزی کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو دل دکھتا ہے، ملک میں مہنگائی کا سامنا ماضی کے حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔

    وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے دل میں غریب کا خیال ہوتا تو یہ حالات کا سامنا نہ ہوتا، پی ٹی آئی نے سیاسی کامیابی حاصل کی ہے متوسط طبقے کا راج قائم کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ یقین ہے حکومت عوام کو مسائل سے باہر نکالے گی، عمران خان کی قیادت پر جہلم کے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، نظام کے خلاف جدوجہد ختم نہیں ہوئی ہے، عمران خان کی قیادت میں پسماندہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

  • عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا: فواد چوہدری

    عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کہی، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ آج پاکستان نے اقوام متحدہ میں سفارتی محاذ پر بڑی کام یابی حاصل کی۔

    وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں نے کشمیر کی جدوجہد کو تسلیم کر لیا، عالمی طاقتوں کے مؤقف میں تبدیلی بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔

    فواد چوہدری نے لکھا کہ پلواما حملے کے بعد عالمی سطح پر بھارتی ساکھ متاثر ہو چکی ہے، میں پاکستانی سفارت کاروں کو اَن تھک محنت پر خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی: ترجمان دفتر خارجہ

    واضح رہے کہ آج سفارتی محاذ پر بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں بڑی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے، یو این میں پلوامہ حملے کے سلسلے میں بھارت نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے مسعود اظہر کا نام پلواما حملے سے نکال دیا ہے۔

    بھارت اور مغربی ممالک نے مسعود اظہر کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد دی تھی، جس میں مسعود اظہر کو پلواما حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب پلواما حملے سے ان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

    تاہم اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، جس پر دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ اس معاملے کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، نہ ہی یہ بھارت کی کوئی فتح ہے۔