Tag: وزیر صحت

  • وزارت صحت کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

    وزارت صحت کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد وزارت قومی صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کرتے ہوئے وزارت کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت میں کفایت شعاری کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے وزارت کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قومی صحت کی جانب سے ذیلی اداروں کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں پہلے مرحلے میں ذیلی اداروں سے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افسران و عملے کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، وزارت کی ملکیت سرکاری و عطیہ شدہ گاڑیوں کی تفصیل فراہم کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت کی متعدد گاڑیاں غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال ہیں، جونیئر افسران خلاف قواعد بڑی گاڑیوں کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں، وزارت صحت کے افسران کو گاڑی کے ساتھ پیٹرول بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

    اس سے قبل وزارت قومی صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کا آغاز کرتے ہوئے کفایت شعاری سے متعلق ہدایات بھی جاری کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔

    وزیر صحت عامر کیانی نے دن کےاوقات میں غیر ضروری لائٹس جلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران بجلی کا غیر ضروری استعمال روک کر بچت کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی ہے کہ اجلاسوں، کانفرنسز میں صرف چائے پیش کی جائے گی۔

    عامر کیانی نے وزارت کے لیے کسی بھی خریداری کو پیشگی اجازت سے مشروط کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت کے لیے کسی بھی بڑی خریداری سے پہلے پیشگی اجازت لی جائے۔

  • ہیپا ٹائیٹس ادویات کی خریداری میں گھپلوں کی تحقیقات ہوں گی، وزیر صحت عذرا پیچوہو

    ہیپا ٹائیٹس ادویات کی خریداری میں گھپلوں کی تحقیقات ہوں گی، وزیر صحت عذرا پیچوہو

    کراچی : وزیرصحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ادویات کی خریداری میں گھپلوں کی تحقیقات ہوں گی، صحت کے شعبے میں اصلاحات کریں گے، اب سفارش نہیں چلے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہیپا ٹائیٹس پروگرام اور ادویات کی خریداری میں گھپلوں کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔

    پروگرام کو از سرنو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس سے متعلق ٹیم بھی بنادی گئی ہے۔ وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ صحت کی وزارت اہم ہے، اس کے مسائل بھی بہت پیچیدہ ہیں، اس لیے اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    صوبے بھرکے اسپتالوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، ایم ایس، ڈی ایچ او، پروگرام منیجر کو ٹیسٹ لے کرتعینات کیا جائے گا، محکمہ صحت میں اب سفارش نہیں چلے گی۔

    لیڈی ہیلتھ ورکرز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کمی کا سامنا ہے اس لیے ورکرزکی جلد بھرتیاں شروع کر رہے ہیں، یہ بھرتیاں امیدواروں سے این ٹی ایس کے ذریعے امتحان لینے بعد کی جائیں گی۔

    عذرا فضل پیچوہو نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے عمر کے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں، پولیو ویکسینیٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔