Tag: وزیر مملکت

  • جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ

    جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مافیا ہے جس نے ملک کو جکڑا ہوا ہے، ایسی راہ پر چل پڑے ہیں جہاں صرف اندھیرا ہے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔ موجودہ حکومت نے پاکستانیوں کا پیسہ پاکستان پر ہی لگانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر 3 سال تک خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کو برا بھلا کہا گیا، جو سوچتے ہیں حکومت گھبرا جائے گی وہ سن لیں، عمران خان گھبراتے نہیں۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ مجھ سے وزارت کا حال احوال معلوم کرتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ چائلڈ پورنو گرافک کون کر رہا ہے، یہ سب کچھ منشیات سے جڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جی 11 کے سگنل پر منشیات کے خلاف پمفلٹ تقسیم کیے، کسی نے میرے ساتھ سگنل پر تصاویر بنوائیں اور وہ بعد میں پکڑا گیا۔ پکڑے گئے شخص سے متعلق خبر چلی کہ وہ میرا کوئی خاص ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ قانون سب پر لاگو ہے۔ میں، میرے گھر کے افراد ہوں یا کوئی اور۔ وزیر کا رشتہ دار ہونے کی وجہ سے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے اگر وزیر کا رشتے دار ہوتا تھا تو ایف آئی آر خارج ہوجاتی تھی، اب وزیر کا رشتہ دار ہو یا نہیں مقدمہ درج ہوتا ہے اور سزا بھی ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ منشیات میں پیسہ بہت ہے، بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں۔ منشیات کی وجہ سے مائیں بہنیں اور دیگر اپنے پیاروں کو کھو بیٹھے ہیں۔

  • مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ان کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کے بعد انہیں اس عہدے پر فائز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مواصلات کے وزیر مملکت مراد سعید کو وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ مراد سعید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل مراد سعید کا کہنا تھا کہ 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کردی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

  • احتجاج کے دوران فتنہ پرور عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    احتجاج کے دوران فتنہ پرور عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے معاونت مانگ لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے فتنہ پرور عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز کو نقصان پہنچانے والوں کو کٹہرے میں لانے کا اعلان کردیا ہے۔

    احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے معاونت مانگ لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں بنائی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیر مملکت مراد سعید کا کہنا ہے کہ آئین پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، احتجاجی قیادت کی جانب سے شرپسندوں سے لا تعلقی خوش آئند ہے۔ احتجاج کی آڑ میں املاک کے نقصان کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ احتجاج میں ملک بھر میں نیشنل ہائی ویز کی قیمتی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ املاک کی تعمیر و مرمت پر اربوں کے اخراجات اٹھیں گے۔ قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کریں گے۔

    مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں کٹہرے میں لائیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری تھا اور ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دیے جارہے تھے۔

    مظاہروں کے دوران کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا جبکہ کاروباری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

  • بادشاہ سلامت کا کلچر ہم نے ختم کردیا ہے: مراد سعید

    بادشاہ سلامت کا کلچر ہم نے ختم کردیا ہے: مراد سعید

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو جیل میں نہ ڈالیں تو کیا انہیں ہار پہنائیں؟ بادشاہ سلامت کا کلچر ہم نے ختم کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ بادشاہ سلامت کا کلچر ہم نے ختم کردیا ہے، جناب کو فکر تھی کہ دودھ خالص ہونا چاہیئے۔ ’ہم پر تنقید کی جا رہی ہے کہ بھینسیں فروخت کی جارہی ہے‘۔

    مراد سعید نے کہا کہ ایم او یو ہوگیا، لوٹا گیا پیسہ برطانیہ سے واپس لائیں گے، پاکستان بدل رہا ہے ابھی مشکل وقت ہے۔ تبدیلی کی جانب جا رہے ہیں، مخلص لیڈر ہے ادارے ٹھیک ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے، ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول میں لائیں گے۔ شاہ خرچیاں ختم کردی ہیں، مجموعی طور پر 219 گاڑیاں فروخت ہوں گی۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ہر سال 10 ارب ڈالر کالے دھن کو سفید کیا جاتا ہے۔ وزارت مواصلات میں 5 بڑے منصوبوں کے آڈٹ کا حکم دے دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو جیل میں نہ ڈالیں تو کیا انہیں ہار پہنائیں؟ ’نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدل رہے ہیں،‘۔

  • ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا: وزیر داخلہ

    ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک کی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک کی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا، پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے، ڈو مور نہیں سنیں گے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ عوام کو عزت دینا ریاست کی ذمے داری ہے، میری وزارت کے ذیل میں 18 محکمے ہیں۔ میرے محکموں کے افراد بزنس کمیونٹی کے ساتھ بیٹھیں گے۔ بزنس کمیونٹی سے مشاورت کے بغیر فیصلوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان سمیت تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جن کو عوام نےمنتخب کیا، ان کو وفاقی حکومت عزت دے گی۔ ’یہ نہیں کہہ سکتے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہمارا اختیار نہیں ہے‘۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، سب کو پتہ ہے کراچی، بنوں سمیت جیلوں میں کیا ہوتا رہا ہے۔ صورتحال کا اندازہ لگانے کے لیے لازمی ہے تمام لوگوں سے بات کی جائے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ سیاحت، نیشنل سیکیورٹی اور ایکشن پلان حکومت کے پلان کا حصہ ہے، ہم نے دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، انہیں اپنی طاقت کا بتانا ہے۔ ’جب پاکستان کو اپنا سمجھ کر سب کو گلے لگائیں گے تو حالات بہتر ہوں گے‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیات، سیاحت اور تعلیم سمیت ہر شعبے کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ چیمبر آف کامرس کو باور کرواتا ہوں میں آپ سے رابطے میں رہوں گا۔ ’محکمہ داخلہ سے متعلق تمام معاملات پر آپ سے مشاورت ہوگی‘۔

    وزیر مملکت نے مزید کہا کہ معاشی طور پر جو لوگ مقروض ہو، ان کی آزادی صلب ہوجاتی ہے۔ جب گھر کو دیوالیہ بنا دیا جائے تو ملک ترقی کیسے کرے گا؟ ’جب کسی پر برا وقت آتا ہے تو وہ شخص اور زیادہ محنت کرتا ہے، ملک اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہوگی‘

  • وفاقی وزیر نہ بنائے جانے پر دانیال عزیز ناراض ہوگئے

    وفاقی وزیر نہ بنائے جانے پر دانیال عزیز ناراض ہوگئے

    اسلام آباد: پاناما کیس کے دوران سپریم کورٹ کے باہر شریف خاندان کا پرزور انداز میں مقدمہ لڑنے والے دانیال عزیز وفاقی وزیر نہ بنائے جانے پر قیادت سے ناراض ہوگئے۔ وزیر مملکت مقرر کیے جانے کے بعد عہدے کا حلف اٹھانے کے لیے وہ ایوان صدر نہیں آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما ہنگامے کے دوران صبح صبح جوڈیشل اکیڈمی اور سپریم کورٹ، دوپہر اسلام آباد کی سڑکوں پر بیان بازی اور شام ٹی وی ٹاک شوز میں سیاسی مخالفین کو برا بھلا کہنے والے دانیال عزیز اپنی ہی قیادت سے ناراض ہوگئے۔

    شریف خاندان کے حق میں شب و روز بیان دینے والے لیگی رہنما کو امید تھی کہ انہیں وفاقی وزارت دی جائے گی تاہم اس وقت ان کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی جب انہیں وزیر مملکت مقرر کردیا گیا۔

    آج صبح ایوان صدر میں ہونے والی وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں دانیال عزیز شریک نہیں ہوئے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ نے حلف اٹھالیا

    وہاں موجود افراد کے مطابق وہ ایوان صدر تو آئے تاہم جب انہیں علم ہوا کہ وفاقی وزیر کے بجائے انہیں وزیر مملکت بنایا گیا ہے تو وہ خفا ہو کر واپس چلے گئے۔

    ذرائع کے مطابق لیگی رہنما مرضی کی وفاقی وزارت نہ ملنے پر خفا ہیں۔

    اس سے قبل پاناما کیس کے دوران تحریک انصاف کے فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما پہلے ہی دعویٰ کر چکے تھے کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی بیان بازی کا مقصد کابینہ میں شمولیت کے سوا کچھ نہیں۔

    طلال چوہدری نے تو جو ملا اس پر اکتفا کیا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز نے خود کو سینئر رہنما کہہ کر وزیر مملکت کے بجائے وفاقی وزیر کی کرسی مانگ کی ہے۔

    یاد رہے کہ آج نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی 47 رکنی وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ کے نئے اراکین سے حلف لیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی کھلی کچہری میں لوگوں نے شکایات کا انبار لگا دئیے، لوگوں کی بڑی تعداد کھلی کچہری میں پہنچ گئی، عابد شیر علی نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

    وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے گوجرانوالہ میں ریجنل ہیڈ کوارٹر گیپکو میں کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کے مسائل سنے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد بجلی کے اوور بلوں اور ریڈنگ کی کمی بیشی کی شکایات کرتی ہوئی نظر آئی ہے۔
    شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر ماہ انہیں بجلی کے بلوں میں زائد یونٹ ڈال دیئے جاتے ہیں جن کی درستگی کے لیے گیپکو ملازمین تعاون نہیں کرتے اور انہیں زائد بل جمع کروانا پڑتا ہے، شہریوں نے کہا کہ اگر کہیں بجلی کی سپلائی میں خرابی پیدا ہو جائے تو بار بار ٹیلی فون پر کمپلین درج کروانے کے باوجود گیپکو ملازمین لائن ٹھیک کرنے نہیں آتے جبکہ ایک بیوہ عذرا کی طرف سے چار مرلہ کے گھر میں ایک لاکھ پچہتر ہزار بل کی شکایت سامنے آئی ہے۔

    لوگوں نے عابد شیر علی کو بتایا کہ شہر کے پوش علاقوں کی نسبت چھوٹے اور دیہاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں بھی گیپکو حکام کوئی نوٹس نہیں لیتے ہیں۔

    شہریوں کے مسائل سننے کے بعد عابد شیر علی نے موقع پر ہی دو میٹر ریڈر، ایک لائن سپرٹنڈنٹ اور دو ایس ڈی او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیےہیں، اس موقع پر گیپکو چیف اور لیگی ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔