Tag: وسکونسن

  • دانتوں پر چاندی کی تہہ چڑھانے والے شخص کو جان کے لالے پڑ گئے

    دانتوں پر چاندی کی تہہ چڑھانے والے شخص کو جان کے لالے پڑ گئے

    دنیا بھر میں مختلف افراد کو اپنے جسم کے ساتھ عجیب و غریب تجربے کرنے کا شوق ہوتا ہے جو ان کی صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے، ایسے ہی ایک نوجوان کو اس وقت جان کے لالے پڑ گئے جب اس کے دانتوں پر چڑھی چاندی کی تہہ جسم کے اندر چلی گئی۔

    امریکی نوجوان کے دانتوں پر چڑھی چاندی کی تہہ حادثاتی طور پر نگلنے کے باعث اس کے پھیپھڑوں میں جا کر پھنس گئی۔

    ریاست وسکونسن سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان کو اس کے بعد شدید کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی اور سانس لینے کے دوران سیٹی بجنے جیسی آواز آنے لگی۔

    اس کیفیت پر جب ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا تو وہ حیران رہ گئے کیونکہ دانتوں پر چڑھا چاندی کا ملمع اس کے ایک پھیپھڑے میں جا کر پھنس گیا تھا۔

    امریکا کے کیورس میڈیکل جرنل میں حال ہی میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے سے مذکورہ بالا کیس سامنے آیا، جس میں مذکورہ نوجوان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا لیکن وہ ایپی لیپٹک سیزر کے بعد اب روبصحت ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق 4 سینٹی میٹر لمبا ایک ماس اس کے پھیپھڑے میں موجود تھا، جسے ڈاکٹروں نے برونکو اسکوپی پروسیجر کے ذریعے باہر نکال لیا۔

  • دانتوں کے امریکی ڈاکٹر کا بڑا فراڈ پکڑا گیا، 100 مریضوں نے مقدمات دائر کر دیے

    دانتوں کے امریکی ڈاکٹر کا بڑا فراڈ پکڑا گیا، 100 مریضوں نے مقدمات دائر کر دیے

    وسکونسن: دانتوں کے ایک امریکی ڈاکٹر کا بڑا فراڈ پکڑا گیا ہے، وہ اپنے مریضوں کے دانت چالاکی سے قصداً توڑ دیتا تھا، تاہم اب وہ 100 مریضوں کی جانب سے دائر مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دانتوں کے ایک امریکی ڈاکٹر اسکاٹ چارمولی نے مریضوں کے دانت قصداً توڑ کر لاکھوں ڈالر کما لیے، وہ جان بوجھ کر مریضوں کے دانتوں کو نقصان پہنچاتا تھا، تاکہ وہ اس میں کراؤن لگا سکے اور اس طرح اضافی رقم اینٹھ سکے۔

    امریکی ریاست ونسکونسن میں اس اسکینڈل نے لوگوں کو چونکا دیا ہے، اسکاٹ چارمولی نے باقاعدگی کے ساتھ اپنے کلائنٹس کے دانت جان بوجھ کر ڈرل کیے اور ان سے علاج کی اضافی سروسز کے لیے معاوضہ لیا، وہ پہلے دانت چالاکی سے توڑ دیتا تھا اور پھر اسے ٹھیک کرتا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق وسکونسن میں عام طور سے ڈینٹسٹ فی 100 مریضوں میں صرف 6 مریضوں کو کراؤن لگاتے ہیں، لیکن 61 سالہ اسکاٹ نے فی 100 مریضوں میں 32 سے زیادہ کراؤن لگائے، یہ دانتوں کا ایک پروسیجر ہے جس میں دانتوں کی شکل کی کیپ خراب دانت پر جمائی جاتی ہے۔

    مریضوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے کراؤن کے لیے اس لیے رضامندی ظاہر کی کیوں کہ وہ سمجھتے تھے کہ ڈاکٹر اسکاٹ ایک پروفیشنل ہے اور اسی لیے انھوں نے اس پر اعتماد کیا۔

    واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق دندان ساز نے 2014 میں 434 کراؤنز لگا کر 1.4 ملین ڈالر کمائے، 2015 تک اس نے 1,000 سے زیادہ کراؤنز لگا کر 2.5 ملین ڈالر کمائے تھے۔ 2016 سے 2019 تک اس نے کراؤنز کے لیے 4.2 ملین ڈالر سے زیادہ کا بل کیا، اور 2019 میں یکم جنوری 2018 سے 7 اگست 2019 تک 20 ماہ کی مدت میں 1,600 سے زیادہ کراؤنز لگائے۔

    وہ اس وقت پکڑا گیا جب اس نے 2019 میں اپنی ڈینٹل پریکٹس فروخت کر دی، اور نئے مالکان نے اس کی فائلوں کا جائزہ لیتے ہوئے کراؤن کے پروسیجر کی بہت زیادہ شرح کو نوٹ کیا اور متعلقہ حکام کو اس کی اطلاع دی۔ چرمولی کے تقریباً 100 سابقہ ​​مریضوں نے اب ان کے خلاف طبی بد دیانتی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

    دفاعی وکیل نیلا رابنسن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اسکاٹ چارمولی ان الزامات سے انکار کرتا ہے، انھوں نے 40 سے 60 گھنٹے فی ہفتہ پریکٹس کے دوران کئی سالوں کی محنت، مستعدی اور اچھی کاروباری ذہانت سے یہ دولت کمائی۔

    وسکونسن کے مشرقی ضلع کے امریکی اٹارنی کے دفتر کے مطابق اگر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو چرمولی کو ہر فراڈ کی کے لیے 10 سال اور جھوٹے بیانات میں سے ہر ایک کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ چرمولی کا ڈینٹل لائسنس بھی فروری 2021 میں معطل کیا جا چکا ہے۔

  • کرسمس پریڈ میں‌ شہریوں‌ کو کچل کر مارنے والا گھر سے جھگڑ کر نکلا تھا

    کرسمس پریڈ میں‌ شہریوں‌ کو کچل کر مارنے والا گھر سے جھگڑ کر نکلا تھا

    وسکونسن: امریکی ریاست وسکونسن کے شہر واکیشا میں کرسمس پریڈ میں لوگوں کو گاڑی سے کچلنے والے شخص کے بارے میں پولیس نے بتایا ہے کہ وہ گھر سے جھگڑ کر نکلا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق واکیشا پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز کرسمس پریڈ میں 4 خواتین اور ایک مرد کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے والے 39 سالہ سیاہ فام شہری ڈیرل بروکس گھر سے جھگڑ کر نکلا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم اس کیس میں ڈیرل بروکس کو جان بوجھ کر قتل کے الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔

    پولیس کے مطابق اس واقعے میں چار خواتین سمیت 5 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں بچے بھی شامل تھے، دائیں بازو کے انتہاپسندوں نے اس واقعے کو نسل پرستی قرار دینے کی کوشش کی تھی۔

    کرسمس پریڈ میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے شواہد دیکھے بغیر ہی ٹوئٹ کر دیا تھا کہ لوگوں کو کچلنے والا شخص دہشت گرد ہے۔

    دوسری طرف امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیرل بروکس نے 2 نومبر کو بھی ایک خاتون کو گاڑی سے کچلا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی تھی، خاتون نے انکشاف کیا کہ وہ ڈیرل بروکس کے بچے کی ماں ہے۔

    اس کیس میں ڈیرل بروکس کو ایک ہزار ڈالرز کے عوض ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم وہ گھر سے باہر نہیں سکتا تھا، یعنی کیس کے خاتمے تک انھیں گھر ہی میں رہنا تھا۔

    ڈسٹرکٹ اٹارنی کے آفس کی جانب سے تازہ واقعے کے بعد ایک بیان میں کہا گیا کہ بروکس کو آخر کیوں اتنے کم بونڈ پر رہا کیا گیا تھا، یہ بالکل مناسب نہیں تھا۔

  • کرسمس پریڈ میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کرسمس پریڈ میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    وسکونسن: امریکا میں کرسمس پریڈ میں شہریوں پر اچانک ایک پاگل شہری نے گاڑی چڑھا دی، جس سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن کے شہر واکیشا میں کرسمس پریڈ جاری تھی، کہ اچانک ایک کار پریڈ کی ایک قطار میں کھڑے شہریوں پر چڑھ دوڑی۔

    ڈرائیور نہایت بے دردی کے ساتھ شہریوں کو رگیدتا ہوا گیا، جس سے پانچ افراد ہلاک جب کہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بچے بھی شامل تھے، فائر چیف سٹیون ہاورڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ اسپتال لے جانے والوں میں 12 بچے شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق پریڈ میں اسکول کے بچوں کا ایک بینڈ اور ایک ڈانس گروپ شامل تھا، جو ایک سڑک پر گزر رہا تھا، ایسے میں ایک سرخ رنگ کی SUV تیزی سے سڑک پر آئی، اور لوگوں کو کچلتی ہوئی گزر گئی۔

    گاڑی کی زد پر بچوں سمیت درجنوں لوگ آئے، جن میں پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مر گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ابھی ایسے شواہد نہیں ملے ہیں جن پر اسے دہشت گردی قرار دیا جائے۔

    سیکیورٹی حکام کی بریفنگ کے مطابق حادثے کے بعد ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس اہلکار نے گاڑی کو روکنے کے لیے فائرنگ بھی کی تھی، تاہم اس کی فائرنگ سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مشتبہ شخص کسی دوسری واردات سے فرار ہو رہا تھا، جب وہ پریڈ میں موجود لوگوں پر چڑھ دوڑا۔

    حادثے کے بعد آج پیر کے دن علاقے کے اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ آمدو رفت کے لیے سڑکیں بھی بند ہیں۔

  • ایک اور امریکی ریاست میں پراسرار دھاتی ستون نمودار

    ایک اور امریکی ریاست میں پراسرار دھاتی ستون نمودار

    واشنگٹن: امریکا کی ایک اور ریاست میں پراسرار دھاتی ستون نمودار ہوگیا، متعدد امریکی ریاستوں سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ان دھاتی ستونوں کے نمودار اور پھر غائب ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور تاحال ان کی حقیقت معلوم نہیں ہوسکی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں نمودار ہونے والا ستون ریاست وسکونسن کے ایک پارک میں دیکھا گیا ہے، ایک ہائیکنگ ٹریل پر نصب یہ ٹکڑا 8 سے 9 فٹ طویل ہے۔

    اسے ہفتے کے روز وہاں ہائیکنگ کے لیے آنے والے افراد نے دیکھا جس کے بعد اسے دیکھنے کے لیے مقامی افراد اور میڈیا وہاں پہنچنا شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ ایسا پراسرار دھاتی ستون سب سے پہلے گزشتہ برس نومبر میں امریکی ریاست یوٹاہ میں دیکھا گیا تھا، اس کے بعد مختلف امریکی ریاستوں اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ان ستونوں کے نمودار اور غائب ہونے کا سلسلہ چل نکلا۔

    یہ ستون عموماً سلور رنگ کے ہوتے تھے تاہم جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں سنہرے رنگ کا ستون دیکھا گیا، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہ اب تک نمودار ہونے والے تمام ستونوں پر حکمرانی کرنے والا ماسٹر ہے۔

    اکثر افراد کا کہنا ہے کہ یہ ستون خلائی مخلوق یہاں نصب کر جاتے ہیں اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    یہ پراسرار ستون سنہ 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔

  • دو سروں والا انوکھا بکری کا بچہ

    دو سروں والا انوکھا بکری کا بچہ

    امریکی ریاست وسکونسن میں ایک فارم پر دو سروں والے بکری کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، مالکان اس غیر معمولی میمنے کو دیکھ کر نہایت خوش ہیں۔

    فارم کی مالکہ کا کہنا ہے کہ اس انوکھے میمنے کی پیدائش 5 اپریل کو ہوئی اور انہوں نے اس کا نام دو سروں والے رومی دیوتا جینس کے نام پر رکھا ہے۔

    ان کے مطابق میمنے کے دو سر اور چار آنکھیں ہیں اور وہ بالکل صحت مند ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ میمنے کی درمیانی آنکھیں دیکھ سکتی ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ باہر کی طرف والی آنکھیں یقیناً تندرست ہوں گی۔

    مالکہ نے بتایا کہ جب انہوں نے اس میمنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں تو بہت سے لوگ اسے دیکھنے چلے آئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 6 برس سے بکریوں کا فارم چلا رہی ہیں اور انہوں نے دو سروں والی گائے یا چھپکلی کے بارے میں تو سنا تھا لیکن یہ نہیں جانتی تھیں کہ ان کے اپنے فارم پر بھی دو سروں والی بکری پیدا ہوجائے گی۔

  • امریکا کے خوبصورت برفانی قلعے کھول دیے گئے

    امریکا کے خوبصورت برفانی قلعے کھول دیے گئے

    امریکی ریاست وسکونسن میں موسم سرما کی مناسبت سے بنائے گئے برفانی قلعے عوام کے لیے کھول دیے گئے۔

    ہر سال کی طرح اس سال بھی امریکی ریاست میں مختلف مقامات پر عوام کی تفریح کے لیے برف سے قلعے بنائے گئے ہیں۔

    ہر قلعے میں خوبصورت مجسمے، برف کے تخت، برفانی خم دار کانیں، جھولے اور فوارے بنائے گئے ہیں۔

    ہر قلعے کی تعمیر میں ڈھائی کروڑ پاؤنڈ برف استعمال کی گئی ہے اور انہیں درجنوں ماہر فنکاروں نے دن رات کی محنت کے بعد تعمیر کیا ہے۔

    ان قلعوں کو خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس سے روشن کیا گیا ہے جنہیں دیکھنے کے لیے لوگ جوق در جوق وہاں کا رخ کر رہے ہیں۔