Tag: وسیم اجمل

  • سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل گرفتار

    سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل گرفتار

    لاہور: قومی احتساب بیورو ( نیب) نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کیس میں سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے کارروائی کرتے ہوئے سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔ ملزم وسیم اجمل پر 1 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔

    نیب لاہور کے مطابق ملزم وسیم اجمل نے 2014 میں ایک کمپنی کو مہنگے داموں ٹھیکہ دیا، میسرز البیراک کمپنی کو غیرقانونی طور پر ویسٹ مینجمنٹ کا ٹھیکہ دیا گیا، ملزم نے لیبرکاسٹ کی مد میں1 ارب کی رقم کنٹریکٹرز کو ادا کروائی۔

    نیب حکام کے مطابق کنٹریکٹ کے مطابق لیبر کی مکمل رقم کنٹریکٹر کوعلیحدہ سے واپس کی جانی تھی، ملزم کنٹریکٹر کو لیبرکی مد میں 1ارب کی دہری ادائیگی میں ملوث ہے۔

    نیب لاہور کے مطابق ملزم کی جانب سے جعلی ایگزیمپشن پر 96 ہزار ڈالرز کی چھوٹ بھی دی گئی، ملزم نے کمپنی سیکریٹری کی پوسٹ پرغیرقانونی بھرتی میں کردار ادا کیا۔ نیب لاہور ملزم وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیب لاہور نے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز کیس میں بیوروکریٹ منظر حیات کو گرفتار کیا تھا۔

  • صاف پانی کیس: سابق سی ای او‘ شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

    صاف پانی کیس: سابق سی ای او‘ شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

    لاہور : پنجاب صاف پانی کیس میں سابق چیف ایگزیکٹیوآفسر وسیم اجمل وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگئے اور مہنگے ٹھیکے دینے کا ذمہ دار شہباز شریف کو قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، پنجاب صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم اجمل وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وسیم اجمل نے صاف پانی میں مہنگے ٹھیکے دینے کا ملبہ بھی شہباز شریف پر ڈال دیا۔ وسیم اجمل نے ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کروا دیا، چیئرمین سے ملاقات میں حتمی منظوری ہوگی۔

    وسیم اجمل نے ابتدائی بیان میں کہا کہ شہباز شریف کے احکامات پر لوکل کمپنیوں کے بجائے انٹرنیشنل کمپنیوں کو بلایا اور شہبازشریف کی میٹنگ سے پہلے حمزہ شہباز کو ٹھیکوں سے متعلق بریفنگ دینے کا کہا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف سمیت 4 افسران اور 2 بورڈ ممبران نے بھی صاف پانی کمپنی کے معاملات میں مداخلت کی ہے۔

    یاد رہے 25 جون کو نیب لاہور نے صاف پانی کمپنی کیس میں قمر الاسلام اور کمپنی کے سابق سی ای او وسیم اجمل کو گرفتار کیا تھا ، جس کے بعد احستاب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    نیب عدالت نے صاف پانی کمپنی کیس میں ملزمان قمر الاسلام اور وسیم اجمل کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

    دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد صاف پانی کمپنی کیس میں نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کیا تھا اور ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنے ساتھ صاف پانی کمپنی کے تمام افسران کی تنخواہوں اور مراعات کا ریکارڈ لے کر آئیں۔

    سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔