Tag: وسیم اختر

  • کراچی پیکج پرجلد عمل درآمد ہوگا، وسیم اختر

    کراچی پیکج پرجلد عمل درآمد ہوگا، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی پیکیج پر جلد عمل درآمد ہوگا، حلقہ پی ایس 114 ایم کیوایم کی سیٹ ہے اور رہے گی، کام کرنا چاہتا ہو ں لیکن میری راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ فلائی اوور کو سرسید احمد خان کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں ہمیں خالص ووٹ پڑے، 18 ہزار ووٹ ہماری جیت ہے، وسائل ہوں یا نہیں جدوجہد جاری رکھیں گے، پی ایس 114 کی سیٹ ہماری تھی اور رہے گی، ٹھپے نہیں چاہئیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں صحیح فیصلہ سامنے ہوگا، 2011 کی جادوگری2018  میں کام نہیں آئے گی، زبردستی ووٹ بینک نہیں توڑا جاتا، ایسا لگ رہا ہے کہ الیکشن کے دن آ گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہر میں کچھ قوانین درست نہیں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی کے کاموں میں ہمارا ساتھ دینا چاہئے، مجھے تو تنخواہ مکمل نہیں ملتی، لوگوں کوپینشن کہاں سے ادا کروں؟ شہر میں گٹر کے ڈھکن تک موجود نہیں ہیں۔


    مزید پڑھیں: نامکمل ترقیاتی منصوبے اوروزیراعظم کی میئرکراچی کو یقین دہانیاں


    میئرکراچی نے کہا کہ کراچی پیکیج کے حوالے سے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، پیکیج پراگلے ہفتے بہتر نتیجہ آجائے گا، وزیراعظم نے منصوبوں میں بلدیہ، میئر کو آن بورڈ لینےکی ہدایت کی ہے۔

    وسیم اختر نے بتایا کہ پانچ انڈسٹریل ٹریٹمنٹ پلانٹ کا پروجیکٹ جلد شروع کیا جائے، کراچی پروجیکٹس پر لاگت کا تخمینہ وزیراعظم کوپیش کردیا ہے۔

    کراچی میں دس ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں اور فلائی اوورز بنانے کی تجویز دی ہے، اس کے علاوہ پانچ ارب روپے سے فائربریگیڈ کی بحالی پر وزیراعظم سے بات کی ہے۔

  • باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

    باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نےآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے باغ ابنِ قاسم بحریہ ٹاؤن کو دیے جانے کا نوٹی فیکیشن بھی معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے ایک دن میں سندھ حکومت کے 2 نوٹی فکیشن معطل کردیئے، قائم مقام آئی جی سندھ  کی تعیناتی کے نوٹیفیکشن کے بعد بعد باغ ابن قاسم حوالے کرنے سےمتعلق سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر آج ہی معطل کردیا گیا ہے.

    واضح رہے کہ وسیم اختر نے باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کو دینے کا معاہدہ کالعدم قراردینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔ وسیم اختر کا کہنا ہے باغ ابن قاسم کے ایم سی کے پاس ہی ہے‘ کسی کو نہیں دیا۔


    قائم مقام آئی جی سندھ کا نوٹی فیکیشن معطل‘ عدالت کی اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت


     یاد رہے کہ آج ہی سندھ ہائی کورٹ نے قائم مقام آئی جی سندھ کا نوٹی فیکیشن معطل کرکے اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی تھی.


    ملک ریاض کا اسٹیک ہولڈرزکے اتفاق کے بغیربن قاسم پارک لینے سے انکار


    اس حوالے سے بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ باغ ابن قاسم کو عالمی معیارکاپارک بنانا چارہے تھے، میں اس معاملے کو متنازع بنانا نہیں چاہتا ہوں. کچھ لوگوں کو ہمارے کام سے تکلیف ہے،جب تک سب میں اتفاق نہ ہوجائے میں یہ پارک نہیں لوں گا، ہم عوامی سہولت کے لئے پارک کی حالت بہتر کرنے کی ذمہ داری لے رہے تھے، یہ خود کام کرتے ہیں نہ دوسروں کو کرنے دیتے ہیں.

  • وزیراعلیٰ سندھ پہلے اپنے اختیارات تو لے لیں، وسیم اختر

    وزیراعلیٰ سندھ پہلے اپنے اختیارات تو لے لیں، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لوگ کچی آبادیوں میں چائنہ کٹنگ کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ پہلے اپنے اختیارات تو لے لیں پھر کسی اور کی بات کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پہلے اپنے اختیارات تو لے لیں وہ جس پولیس افسر کو ہٹاتے ہیں وہ دوسرے دن واپس آجاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خاتمے کے لئے کام کررہا ہوں، پیپلزپارٹی کے لوگ کچی آبادیوں میں چائنہ کٹنگ کررہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کر کے انہیں ایک اسکیم بناکردی تھی اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو بھی اسکیم سے متعلق آگاہ کیا تھا، جس کے بعد 26دسمبر 2016 کو وہ سمری وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی تھی لیکن سمری وزیراعلیٰ کے پاس اب تک پڑی ہے ان کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں : میئر کراچی کو اختیارات دے کر چائنا کٹنگ کا رواج زندہ نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان نے میئر کراچی کے پریس کانفرنس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت ایسے اختیارات کسی کو نہیں دے سکتی جس کے ذریعے شہر میں چائنا کٹنگ کا رواج دوبارہ زندہ ہو جائے۔

    مزید پڑھیں : صفائی مہم، میئر کراچی کو 100 نمبر دیتے ہیں، رابطہ کمیٹی

    ترجمان نے کہا کہ میئر کراچی نے 100 دن کی صفائی مہم میں صرف ایک دن صفائی کا کام فوٹو سیشن کے لیے کیا اور بقیہ ننانوے دن اختیارات کا رونا روتے رہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، میئر کراچی

    وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کسی کا تبادلہ کرتے ہیں تو وہ واپس آجاتا ہے، موجودہ اختیارات اور وسائل میں کچھ بھی نہیں کرسکتا،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ سے اچھے تعلقات ہیں۔

    یہ بات انہوں نے وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں کہی، یہ پروگرام کراچی کےعلاقے لیاقت آباد کی سڑکوں پر ریکارڈ کیا گیا۔

    پروگرام میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر علاقے اور کراچی کے مسائل پیش کیے، حکومت پر تنقید کی، ووٹ لینے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کئی مسائل کے جواب میں میئر کراچی نے فنڈز کی عدم فراہمی کا عذر پیش کیا اور کئی مسائل حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ جو اختیارات اس وقت میرے پاس ہیں ان میں کچھ نہیں کرسکتا تھا لیکن محدود اختیارات کے باوجود ہم کام کر رہے ہیں اور ہم نے 100 روزہ مہم کا اعلان کیا، صفائی مہم میں ہر ڈسٹرکٹ میں ٹیموں کا اعلان کیا تھا

    ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی ہے کہ حکومت کو بتائیں کہ ہم کام کرسکتے ہیں،ماضی میں سیاسی لیڈر ٹھیکے دے کر بھول جاتے تھے، آج کل ٹھیکے دینے کے بعد لیڈران سوجاتے ہیں،پیچھے بہت خامیاں ہیں لیکن اب ہم آگے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کسی کا تبادلہ کرتے ہیں تو وہ واپس آجاتا ہے،موجودہ اختیارات اور وسائل میں کچھ بھی نہیں کرسکتا،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ سے اچھے تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی صفائی کے لیے لوگوں میں شعور کو اجاگر کیا، کراچی کی صفائی کے لیے لوگوں نے بھی ہمارا ساتھ دیا، ٹوٹی سڑکوں کا اندازہ ہے اور اس پر بھی کام جاری ہے،کراچی کا شہری ہوں اور شہر کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔

    مختلف سوالات پر انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ان علاقوں میں ہوتی ہے جہاں وی آئی پیز ہوتے ہیں،ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بہت کمی آئی ہے، ہمیں 2018 میں پہلے سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔

  • میئر کراچی کو بیرون ملک جانے کی اجازت

    میئر کراچی کو بیرون ملک جانے کی اجازت

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کو بیرون ملک جانےکی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم سے متعلق کیس میں میئر کراچی وسیم اختر کا پاسپورٹ ضبط تھا۔ وسیم اختر نے ایران جانے کے لیے پاسپورٹ واپس دینے کی درخواست کی تھی۔

    عدالت نے وسیم اختر کو 20 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ آج عدالت نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر دہشت گردوں کے علاج و معاونت کے سلسلے میں دائر ڈاکٹر عاصم کے کیس میں جیل میں قید تھے تاہم کچھ عرصے قبل عدالت نے وسیم اختر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا تھا۔

  • میئرکراچی کی طبیعت ناساز، ادارہ امراض قلب منتقل

    میئرکراچی کی طبیعت ناساز، ادارہ امراض قلب منتقل

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کو سینے میں تکلیف کے بعد ادارہ امراض قلب منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کے مختلف ٹیسٹ اور انجیو گرافی کی، اسپتال انتظامیہ نے رپورٹس اطمینان بخش قرار دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کو اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد ادارہ امراض قلب منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کے مختلف ٹیسٹ کیے اور انجیوگرافی بھی کی، ڈاکٹرز نے رپورٹس اطمینان بخش قرار ہونے کے باوجود وسیم اختر کو 24 گھنٹے نگہداشت میں رکھا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی رافع حسین کے مطابق وسیم اختر کو آج رات یا پھر کل صبح ڈسچارج کردیا جائے گا، میئر کراچی کی طیبعت ناسازی کی خبر سنتے ہی ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان اسپتال پہنچے اور اُن کی عیادت کی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ’’وسیم اختر کی دل کی شریانیں بالکل ٹھیک ہیں، کام کے دباؤ کی وجہ سے اُن کا بلڈ پریشر ہائی ہوا تاہم وہ جلد صحت یاب ہوکر شہر کی خدمت کے لیے میدان میں اتریں گے‘‘۔

  • کراچی کوعمارتوں کاجنگل بنادیاگیا ہے، وسیم اختر

    کراچی کوعمارتوں کاجنگل بنادیاگیا ہے، وسیم اختر

    کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کاکہناہےکہ کراچی کوعمارتوں کاجنگل بنادیاگیاہے،صوبائی حکومت پانی کہاں سے دی گی۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئرکراچی وسیم اختر کا کہناتھاکہ شہرسے غیرقانونی ہائیڈرنٹس ختم کرائے جائیں۔

    میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وسیم اخترنےکہا کہ بطور میئر کراچی کے ایم سی کا موقف دیناچاہتاہوں،انہوں نےکہاکہ واٹر بورڈ کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہاہے۔

    میئرکراچی کا کہناتھا کہ شہر کے لیے اربوں،کھربوں روپے جاری ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود نالے صاف نہیں ہوتے،انہوں نےکہا کہ ایس تھری کامنصوبہ 34 ارب پرپہنچ گیاہے۔

    مزید پڑھیں:جان کو خطرہ ہے،وسیم اختر کا کور کمانڈر کو خط

    خیال رہےکہ دو روزقبل میئر کراچی وسیم اختر نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھ کر سیکیورٹی مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیاتھا۔

    مزید پڑھیں:تیس بڑے نالوں کی صفائی کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں،وسیم اختر

    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ میئرکراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ شہر کے تیس بڑے نالوں کی صفائی کے لیے یکمشت فنڈز مہیا کیا جائے،تمام نالوں کی ایک ساتھ صفائی کرنے سے شہر سے نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو جائےگا۔

  • میئر کراچی کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، فیصل سبزواری

    میئر کراچی کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ قتل کے حوالے سے وزارتِ داخلہ کے خط کا علم تھا، میئر کراچی سمیت پوری قیادت کی سیکیورٹی کے لیے وزیر اعلیٰ اور حکومت سندھ کو کئی بار درخواست دی تاہم سیکیورٹی نہیں دی گئی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ قتل کے حوالے سے وزارتِ داخلہ کے خط کا علم تھا، ہم 23 اگست کی پالیسیوں پر گامزن ہیں اور کسی دھمکی یا دھونس سے نہیں ڈریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میئرکراچی سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے تمام رہنماؤں کو سیکیورٹی کے خدشات ہیں، جس کے باعث وزیر اعلیٰ اور حکومت سندھ سے کئی بار سیکیورٹی کی درخواست کرچکے ہیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ درخواست کے باوجود حکومت سیکیورٹی دینے کے معاملے میں دلچسپی نہیں لے رہی، اگر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اُس کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔

    پڑھیں: وسیم اختر کی جان کو ایم کیو ایم لندن سے خطرہ ہے، حساس ادارے 

    ایم کیو ایم کے رہنماء نے شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ابھی تک کوئی پلان پیش نہیں کیا جبکہ ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔

  • میئر کے پاس پانی اور صفائی کے اختیارات ہیں، ذمہ داری پوری کریں، ناصر حسین شاہ

    میئر کے پاس پانی اور صفائی کے اختیارات ہیں، ذمہ داری پوری کریں، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیرٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ میئر کراچی کے پاس کافی اختیارات ہیں پہلے اُس پر کام کریں، ترقیاتی کام کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے جبکہ میئر کراچی شہر صرف پانی کی ترسیل اور شہری کی صفائی کے ذمہ دار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میئر کراچی اچھے انسان ہیں اور حکومت سندھ اُن کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے، سندھ حکومت ہر ماہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی ) کو 50 کروڑ روپے دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے پاس پہلے ہی بہت اختیارات ہیں مگر وہ اُن پر کام کرنے کے بجائے مزید اختیارات مانگ رہے ہیں، وسیم اختر کو چاہیے کہ جتنے اختیارات ہیں پہلے اُن پر کام کرلیں۔

    پڑھیں: ’’ کچرا اٹھانے اور صفائی کے لیے اختیارات کی ضرورت نہیں، مصطفیٰ کمال ‘‘

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں اختیارات دیے گئے تو بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے اداروں میں بے تحاشہ بھرتیاں کی گئیں، اختیارات میں توازن ہونا بہت ضروری ہے تاکہ کوئی بھی شخص حد سے تجاوز نہ کرسکے۔

    سندھ اسمبلی میں کے واقعے پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ امداد پتافی کو چیئرمین کی ہدایت پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، خاتون ایم پی اے قابل احترام ہیں اس طرح کے واقعات ہونا اچھی بات نہیں۔

    مزید پڑھیں: بلاول کی ہدایت پر امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری

    وزیر ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا تھا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری حکومت سندھ کی ہے جبکہ میئر کراچی اور اُن کی ٹیم پر شہر کی صفائی اور پانی کی ترسیل کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

  • مسئلہ فلسطین عالمگیر انسانی مسئلہ ہے، میئرکراچی

    مسئلہ فلسطین عالمگیر انسانی مسئلہ ہے، میئرکراچی

    کراچی: میئرکراچی وسیم اختر نےکہا ہے کہ مسئلہ فلسطین ایک عالمگیر انسانی مسئلہ ہے، اسرائیل کا غاصبانہ تسلط انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کی نفی اور توہین کا منہ بولتا ثبوت ہے، اقوام متحدہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کرے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد کی میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت طلباء بھی موجود تھے۔

    فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس کے لیے جد وجہد کرنا ایک عظیم فریضہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے جاری مسلسل انسانی حقوق کی پامالی افسوس ناک ہے اور سرزمین فلسطین پر غاصب اسرائیل کا قبضہ درا صل انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کی نفی اور توہین کے مترادف ہے۔

    mayour-karachi-1

    میئر کراچی نے فاؤنڈیشن کے وفد کو یقین دلایا کہ کراچی شہر کے عوام فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ ہیں اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میں بطور میئر کراچی فلسطین کاز کے لئے اپنا تعاون جاری رکھوں گا، علاوہ ازیں میئر کراچی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں جاری ظلم و ستم کو روکنے کے لئے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کیے  جائیں۔

    پڑھیں: ’’ فلسطین تنازعہ، علیحدہ ریاستوں کی صورت میں‌ حل ہوگا، امن کانفرنس اعلامیہ ‘‘

    اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسیم اختر کووفد کی جانب سے میئر کراچی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے قیام اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

    فلسطین فاؤنڈیشن کے وفد نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کی طرف سے درخواست کی کہ شہر کراچی کی کسی ایک سڑک کو ’’شارع قدس‘‘ قرار دے کر قبلہ اول اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا عملی نمونہ کیا جائے تا کہ آنے والی نسلوں تک مسئلہ فلسطین زندہ رہے۔