Tag: وسیم اختر

  • کچرا اٹھانا میری ذمہ داری نہیں،میئر کراچی

    کچرا اٹھانا میری ذمہ داری نہیں،میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کچرا اٹھانا میری نہیں سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سے پوچھا جائے کہ سندھ سالٹ ویسٹ بورڈ بنانے کا مقصد کیا ہے، سندھ سالٹ ویسٹ بورڈ کیا کام کر رہا ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کچرا اٹھانا میری نہیں سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2013 بلدیاتی ایکٹ کے بعد کچرا اٹھانا میری زمہ داری نہیں رہی۔

    میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں سولہ ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے،جس میں سے آٹھ ہزار ٹن لینڈ فل سائٹ اور آدھا نالوں اور سڑکوں پر نظر آتا ہے، پوری دنیا میں کچرا اٹھانے کی ذمہ داری میونسپل اداروں کی ہوتی ہے لیکن کراچی میں عجب قانون ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی کو پوائنٹس اس وقت دوں جب میرے پاس مکمل اختیارات ہوں، اگر میرے پاس ریونیو اور اختیارات ہے ہی نہیں تو میں اپنی ریٹنگ کیا بتاؤں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے پوچھنا چاہیئے 140A پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟

    میئر کراچی نے مزید کہا کہ اگر انہی اختیارات کے ساتھ اگلے بلدیاتی الیکشن کرانے ہیں تو میرا مشورہ ہے کہ نہ کرائے جائیں، ایسے الیکشنز کا کوئی فائدہ نہیں، یہ پیسے کا ضیاع ہے، اگر اگلا مئیر بھی آختیارات مانگتا رہا تو الیکشن سوالیہ نشان بنا رہے گا۔

  • سندھ حکومت کے ایم سی کو خصوصی گرانٹ فراہم کرے، وسیم اختر

    سندھ حکومت کے ایم سی کو خصوصی گرانٹ فراہم کرے، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت سے کے ایم سی کے لیے خصوصی گرانٹ کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے ایم سی میں معاشی بحران پر میئر کراچی وسیم اختر نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا ہے جس میں ریٹائر ملازمین کی پنشن ادائیگی کے لیے خصوصی گرانٹ کی درخواست کی گئی ہے۔

    وسیم اختر نے چیف سیکریٹری سندھ کو 2015 سے تاحال ریٹائر پنشن سے محروم ملازمین کی سمری ارسال کی ہے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کے ایم سی کو فنڈ اورگرانٹس دی جائیں،پنشن کی مد میں 3 ارب 43 کروڑ کی ادائیگی کرنی ہے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ایم سی کے معاشی بحران کے مدنظر خصوصی گرانٹ فراہم کرے،کرونا کے باعث ریٹائر ملازمین مشکلات کا شکار ہیں۔

    فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے، وسیم اختر

    اس سے قبل 8 جولائی کو میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جون 2018 تک تمام نالے صاف کرتے تھے، فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالےصاف نہیں ہوئے۔

  • فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے، وسیم اختر

    فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جون 2018 تک تمام نالے صاف کرتے تھے، فنڈز کی وجہ سے جون 2018 کے بعد نالےصاف نہیں ہوئے۔

    میئر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں ضلعوں کو بھی فنڈز دینے پر بات ہوئی،ابھی تک فنڈز نہیں دیے گئے، ضلع اپنے روینیو سے کام کر رہا ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی وجہ سے کراچی بلک رہا ہے، کے الیکٹرک کی وجہ سے واقعات سامنے آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارشوں سے قبل فوری برساتی نالے صاف کرنے چاہئیں لیکن نالوں کی صفائی اب تک شروع نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ کے ایم سی کے پاس صفائی کے لیے فنڈز کا نہ ہونا ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ جون 2018 کے بعد سے اب تک برساتی نالوں کی صفائی نہیں ہوئی ہے۔

  • طوفانی بارشیں مزید ہوئیں تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے، میئر کراچی نے خبردار کردیا

    طوفانی بارشیں مزید ہوئیں تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے، میئر کراچی نے خبردار کردیا

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشیں مزید ہوتی ہیں تو صورتحال سنگین ہوسکتی ہے، حالات کنٹرول کا دعویٰ نہیں کیا جو وزیر بلدیات نے بتایا اس سے عوام کو آگاہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ جب تک کچرے کا ڈسپوزل نہیں ہوگا نالوں میں کچرا آتا رہے گا، انجینئرز لگادیں اربوں کھربوں خرچ کردیں صفائی نہیں ہوسکے گی۔

    وسیم اختر نے کہا کہ پہلے کچرے کے ڈسپوزل کو بہتر بنانا ہوگا، سندھ اور وفاق کو بتایا کہ بارشوں سے پہلے نالے صاف کرلیں۔

    میئر کراچی نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے بڑے 38 نالوں کی صفائی جاری ہے، کے ایم سی کے پاس مشینیں اور وسائل نہیں ہیں۔کے ایم سی کے 12 میں سے 9 پانی کے پمپس خراب ہیں، 9 پمپس کی مرمت کرائی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور اورنگی ٹاؤن میں گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ ابراہیم حیدری میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے سے 3 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • ’مئی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد انتہا کو چھو سکتی ہے‘

    ’مئی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد انتہا کو چھو سکتی ہے‘

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ مئی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد انتہا کو چھو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا مریضوں کی تدفین کے لیے لواحقین قبرستان عملے سے تعاون کریں، شہری قبر کے لیے من پسند جگہ، مخصوص احاطوں پر اصرار نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا مریضوں کی تدفین کے لیے سرجانی ٹاؤن میں 13 ایکڑ رقبے پر قبرستان مختص کیا ہے، تمام ضلعی انتظامیہ قبرستان عملے سے تعاون کرے، امن و امان یقینی بنائے۔

    وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بحثیت قوم انتہائی صبر، برداشت سے کام لینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولنس کا عطیہ، میئر کا کروناکٹس نہ ہونے کا شکوہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل وسیم اختر نے شکوہ کیا تھا کہ ہمارے پاس کرونا ٹیسٹنگ کٹس نہیں ہیں، نجی اسپتالوں سے مانگ کر گزارا کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ماسٹرموٹرز نے کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولینس عطیہ کیا تھا۔ اس موقع پر میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سب کو ایک پیج پر لا کر کرونا سے بچاؤ کا کام کرے۔

    خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 529 مریض زیر علاج ہیں، کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 ہزار 289 ہے جبکہ کرونا کے باعث اموات 335 ہوگئیں، صحت یاب مریضوں کی تعداد 3 ہزار 425 ہے۔

  • کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولنس کا عطیہ، میئر کا کروناکٹس نہ ہونے کا شکوہ

    کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولنس کا عطیہ، میئر کا کروناکٹس نہ ہونے کا شکوہ

    کراچی: میئرکراچی وسیم اختر نے شکوہ کیا ہے کہ ہمارے پاس کرونا کے ٹیسٹنگ کٹس نہیں ہیں، نجی اسپتالوں سے مانگ کر گزارا کررہے ہیں، سندھ حکومت سب کو ایک پیج پر لائے۔

    تفصیلات کے مطابق ماسٹرموٹرز نے کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولنس عطیہ کیا۔ اس موقع پر میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سب کو ایک پیج پر لا کر کرونا سے بچاؤ کا کام کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ادھار لے کر عباسی شہید اسپتال کے لیے آکسیجن سلینڈرز منگوائے، ہمارے پاس ٹیسٹ کٹس نہیں ہیں، نجی اسپتالوں سے مانگی ہیں، کراچی میں راشن کی تقسیم غلط ہورہی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے 7سال سے بند بینظیر بھٹو اسپتال کا افتتاح کردیا

    خیال ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں تمام صوبائی حکومتیں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔

    ادھر وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں قائم بینظیربھٹو اسپتال غوث آباد کا افتتاح کردیا، مذکورہ اسپتال گزشتہ سات سال سے بند تھا، جلد سرگرمیاں بحال ہوں گی۔

    افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ 50بیڈ اسپتال کو ضرورت پڑنے پر قرنطینہ کے لیے استعمال میں لائیں گے، بینظیر بھٹو وفاقی حکومت کے فنڈ سے تعمیر کیا گیا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ اچھا کام کر رہے ہیں،میئر کراچی

    وزیراعلیٰ سندھ اچھا کام کر رہے ہیں،میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضلع کورنگی میں میئر کراچی وسیم اختر نے اسپرے مہم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ڈی ایم سی کورنگی نے اپنے فنڈ سے اسپرے کے اقدامات کیے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کورنگی کی تمام چھوٹی بڑی گلیوں میں اسپرے کیا جائے گا،جو منتخب بلدیاتی نمائندے ہیں وہ سڑکوں پر نظر آئیں گے،حکومت بلدیاتی نمائندوں کو آن بورڈ لے انہیں گراؤنڈ کا پتہ ہے، بلدیاتی نظام مضبوط ہوناچاہیے یہ فرنٹ لائن کے لوگ ہیں۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ گھروں پر رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیارکریں، ہم اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں۔

    یاد رہے کہ چار روز قبل میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں، مختلف فلاضی اور سماجی ادارے سڑکوں پر گاڑی کھڑی کر کے راشن تقسیم نہ کریں بلکہ اسے منظم طریقے سے تقسیم کیا جائے تاکہ مستحق اور غریب افراد تک یہ چیزیں پہنچ سکیں۔

  • عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، وسیم اختر

    عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر وسیم اختر نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وسیم اختر نے یوسی 26 آئی آئی چندریگر روڈ پر شہریوں میں کھانا تقسیم کیا۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تمام یوسی چیئرمین شہریوں کو کھانا اور راشن دینے کا انتظام کریں، یوسی 26 کے چیئرمین قیصر امتیاز کا 800 افراد کے روز کھانے کا انتظام مثال ہے،عام افراد کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

    وسیم اختر نے برنس روڈ پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سے اسپرے کا افتتاح کیا انہوں نے کہا کہ برنس روڈ ، سبزی مارکیٹ، ہائی کورٹ اور ملحقہ علاقوں میں اسپرے آج ہو جائےگا۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام راشن تقسیم کیا جائے گا، غریبوں اور کم آمدنی والے افراد کا ڈیٹا یوسی سطح پر جمع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ لاک ڈاؤن پرعمل کرنا ہی وبا سے بچنے کا ذریعہ ہے۔

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627 ہو گئی

    دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

  • کروناوائرس: میئرکراچی وسیم اختر کا اہم فیصلہ

    کروناوائرس: میئرکراچی وسیم اختر کا اہم فیصلہ

    کراچی: شہرقائد کے میئروسیم اختر کی ہدایت پر لانڈھی کارڈیک سینٹر کو قرنطینہ سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں قائم کارڈیک سینٹر کو اب قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کردیا جائے گا، یہ اہم فیصلہ وسیم اختر کی خصوصی ہدایت کے بعد سامنے آیا۔

    کرونا مریضوں کے لیے کارڈیک اسپتال کو قرنطینہ بنانے کے انتظامات شروع کردیے گئے۔ چیئرمین ضلع کورنگی نے ممبرانڈس اسپتال کے ساتھ اسپتال کا دورہ کیا اور معاملات کا جائزہ لیا۔

    لانڈھی کارڈیک سینٹر میں 100بستروں پر مشتمل قرنطینہ بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے سکھر میں قرنطینہ سینٹر بنایا گیا ہے جہاں مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے باعث اموات 12 ہوگئی اور 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 25 ہے۔

    سکھر، قرنطینہ میں مریضہ نے کئی افراد کی زندگی خطرے میں ڈال دی

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 495 ہوگئی ہے، پنجاب میں 557، سندھ 469، کے پی میں 188 کرونا کے مریض ہیں، بلوچستان میں 133، جی بی 107، اسلام آباد 39، آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔

  • میئر کراچی کی وزیراعظم سے معاشی پیکج فوری دینے کی اپیل

    میئر کراچی کی وزیراعظم سے معاشی پیکج فوری دینے کی اپیل

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے معاشی پیکج فوری دینے کی اپیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے معاشی پیکج فوری دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ہنگامی صورت حال میں معاشی پیکج فراہم کریں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پرکام کرنے والے مزدوروں کےلیے معاشی پیکج کا اعلان کیا جائے، شادی ہالوں، کیڑنگ سے وابستہ افراد بےروزگار ہو رہے ہیں۔

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ

    دنیا بھر میں پھیلنے والے ہلاکت خیز کرونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلنے لگا، سندھ میں مزید 13 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ لاہور میں بھی کرونا کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔