Tag: وسیم اختر

  • علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں، حکومت بے نقاب کرے، خواجہ اظہار، عامر خان

    علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں، حکومت بے نقاب کرے، خواجہ اظہار، عامر خان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے مطالبہ کیا ہے کہ علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں حکومت انہیں بے نقاب کرے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، وہ ہمارے اچھے ساتھی رہے، ان کی جان کو خطرات لاحق تھے۔

    عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی، محب وطن پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں سراغ لگایا جائے، علی رضا عابدی کا قتل امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، بہت سے لوگوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    علی رضا عابدی کو سر اور گردن میں 2،2 گولیاں لگی تھیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں جبکہ آئی جی سندھ نے علی رضا عابدی پر فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • انسداد تجاوزات آپریشن پر دھمکیاں مل رہی ہیں: میئر کراچی

    انسداد تجاوزات آپریشن پر دھمکیاں مل رہی ہیں: میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے انسداد تجاوزات آپریشن پر دھمکیاں ملنے کا انکشاف کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے ایک تقریب میں یہ انکشاف کیا کہ انھیں اپنے ماضی کے ساتھیوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں.

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے پرانے ساتھیوں نے شہر قائد میں چائنا کٹنگ کی.

    ان کا کہنا تھا کہ اب تجاوزات ہٹانے پر میرے بچوں کو مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، انھیں موبائل دھمکی آمیز پر پیغامات ملتے ہیں.

    میئرکراچی نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ میں منشیات اورغیر قانونی اسلحہ کا کاروبارہوتا تھا، کسی کو آپریشن سے تکلیف ہے تو کورٹ چلا جائے.

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف دھمکیوں کے باوجود آپریشن جاری رہے گا.


    مزید پڑھیں: اشتعال انگیز تقریر، 21 مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار سمیت دیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد


    انھوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انھیں اپنے پرانے ساتھیوں‌ کی جانب سے دھمکیاں‌ ملی ہیں، جو ماضی میں چائنا کٹنگ میں ملوث تھے.

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پورے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے. اس ضمن میں سپریم کورٹ کی جانب سے میئر کراچی کو سراہا بھی گیا، البتہ ایم کیو ایم پاکستان ہی کے ایک دھڑے نے فاروق ستار کی قیادت میں اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے.

  • کراچی چڑیا گھرکو بہترین تفریحی مقام بنانے کا عزم

    کراچی چڑیا گھرکو بہترین تفریحی مقام بنانے کا عزم

    کراچی:‌ حکومت سندھ اور  کراچی کی شہری حکومت نے کراچی چڑیا گھرکو بہتری تفریحی مقام بنانے کا عزم کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر بلدیات سندھ اور میئرکراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کی، جس میں‌ چڑیا گھر کی بہتری کے پراجیکٹ سے متعلق اظہار خیال کیا.

    وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نے کہا کہ اطلاع تھی کام سست روی کا شکار ہے، وسیم اختر  اور  میں دیکھنے آئے تھے کہ کام کیوں سست روی کا شکار ہے.

    انھوں نے کہا کہ تفریحی مقام بنانے کے لئے کام جاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کام تیزی سے ہو.

    اس موقع پر وسیم اختر نے کہا کہ عوام کے لئے سیر وتفریح کے مقامات کی تعمیر کے کی غرض‌ سے مل کر کام کر رہے ہیں، چڑیا گھر کے جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کررہے ہیں.


    مزید پڑھیں: ایمپریس مارکیٹ کے بعد کراچی چڑیا گھر کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کا فیصلہ


    وسیم اختر نے کہا کہ چڑیا گھر میں سیر کے لئے آنے والے عوام کو جلد بہتری نظرآئے گی، ٹیم ورک کے ساتھ چڑیا گھر کی بہتر شکل سامنے لائیں گے.

    وسیم اختر نے مزید کہا کہ عوام کےسیر وتفریح کے مقامات کے لئے 200 ملین سے زائد خرچ ہوں گے.

  • کراچی میں تجاوزات بنانے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، وسیم اختر

    کراچی میں تجاوزات بنانے میں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے بہت واضح احکامات آگئے ہیں، تجاوزات کرنے والوں کو کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وہ جماعتیں کہاں ہیں جو شور مچارہی ہوتی ہیں، کوئی بھی جماعت شہر کی خیر خواہ ہوتی تو کراچی میں تجاوزات نہ ہوتے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میئر اپنا سیاسی کیریئر داؤ پر لگا دیا، جس کو دیکھو کراچی کو لوٹ مار کا بازار سمجھ لیا ہے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں تجاوزات کے بننے میں تمام سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، یہ کب تک ہوتا رہے گا ہمیں اپنا شہر ٹھیک کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات بنانے والے اپنا بندوبست کرلیں، سپریم کورٹ سے بہت واضح احکامات آگئے ہیں، تجاوزات کرنے والوں کو دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔

    وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر آرٹیکل 189 موجود ہے آرٹیکل پر عمل کرنا ہر ادارے کا فرض ہے، ہم نے اپنا پلان سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ ہمارے پاس اعداد و شمار موجود ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ آپریشن کریں گے۔

    میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ رفاہی پلاٹوں پر اگر کسی نے کچھ بنایا ہوا ہے تو وہ اسے ہٹا دے صرف کے ایم سی کے کرائے داروں کو متبادل جگہ دیں گے، تجاوزات بنانے والوں کو کوئی متبادل نہیں دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ انسداد تجاوزات آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر جاری ہے، نالوں اور پارکس پر بنائی جانے والی مارکیٹیں ختم کی جائیں گی، جن کاکاروبارمتاثرہواہےان کومتبادل دیں گے اور ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کو شہاب الدین مارکیٹ میں جگہ فراہم کی جائے گی۔

  • سانحہ بارہ مئی : وکلاء کا اعتراض مسترد، وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

    سانحہ بارہ مئی : وکلاء کا اعتراض مسترد، وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے دو مقدمات میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بارہ مئی کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی نے دو مقدمات میں وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    ملزمان کے وکلاء نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی منتقلی کی درخواست دے چکے ہیں ان کا مؤقف تھا کہ درخواست کے فیصلے تک فرد جرم مؤخر کی جائے، عدالت نے وسیم اختر اور دیگرملزمان کے وکلاء کا اعتراض مسترد کردیا۔

    فرد جرم عائد ہونے پر وسیم اختر اور دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ سانحہ بارہ مئی کے مقدمات میں عمیرصدیقی گرفتار جبکہ وسیم اختر سمیت19ملزمان ضمانت پر ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے ایک اور کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت 21 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سانحہ بارہ مئی کے ایک اور کیس میں میئر کراچی پر فردِ جرم عائد

    اس کے علاوہ گزشتہ ماہ سانحہ بارہ مئی کی از سرِ نو تحقیقات کے لیے سندھ ہائی کورٹ نے جے آئی ٹی اور انکوائری ٹربیونل تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، تحقیقات کی مانیٹرنگ کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے سینئر جج مقرر کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے کمیشن بنانے کی مخالفت کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ تمام متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔

  • خرم شیر زمان کو میئر کراچی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا گیا

    خرم شیر زمان کو میئر کراچی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا گیا

    کراچی : تحریک انصاف کی قیادت نے رکن خرم شیر زمان کو میئر کراچی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا، پی ٹی آئی ایم پی اے کو باور کرایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد رافع حسین کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کے استعفے کا مطالبہ خرم شیر زمان کو مہنگا پڑ گیا، جس کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان الفاظ کی جنگ چھڑ گئی۔

    ؎میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اس کا سختی سے نوٹس لیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے پیغام دیتے ہوئے خرم شیر زمان کو بیان بازی سے روک دیا گیا ہے۔

    قیادت کا پیغام ہے کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے اختلافات پیدا ہوں۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میئر کراچی وسیم اختر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیوایم فوری طور پر اپنا میئر تبدیل کرے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مؤفف واضح کرے، وزیرا عظم سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: میئر کراچی وسیم اختر اور خرم شیر زمان کے درمیان لفظوں کی جنگ

    اس کے علاوہ گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مونٹیسوری میں پڑھنے والے بچے قرار دے دیا تھا۔

    جس کا جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میئر کراچی کو کہا کہ اب یہ نابالغ ہی آپ کو بتائیں گے کہ شہر کیسے چلے گا۔انہوں نے میئر کراچی کو باور کرایا کہ آئندہ کراچی کا میئر بھی پاکستان تحریکِ انصاف سے ہوگا۔

  • کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سمیت سب ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات سمیت سب ساتھ ہیں، گھرنہیں ٹوٹنے چاہییں، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے میئر کے استعفے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے سیاسی لیڈر بننے والوں سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتا۔

    یہ باتیں وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے ابھی نئی نئی سیاست کرناشروع کی ہے، جو لوگ کسی پارٹی میں نہیں وہ بھی اچھل رہے ہیں، پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو سوچنا چاہیے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ کے ایم سی کے کرائے دار تھے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی،50سال کا بگاڑ ہے جس میں ادارے بھی ملوث ہیں، ان افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں کہ آئندہ کوئی تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات نہ بناسکے اور ایس بی سی اے بھی این او سی جاری نہ کرے۔

  • انسداد تجاوزات مہم، متاثرین کو متبادل جگہ ضرور دی جائے گی، وسیم اختر

    انسداد تجاوزات مہم، متاثرین کو متبادل جگہ ضرور دی جائے گی، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں جو لوگ متاثر ہوئے ان کو متبادل جگہ ضرور دی جائے گی اور کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہوگی۔

    کے ایم سی ہیڈ آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کرایہ داروں میں اب تک 3575 متاثرہ دکانداروں میں سے پہلے فیز میں 1470 متاثرہ دکانداروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف جگہوں پر متبادل دکانیں دی جارہی ہیں۔

    میئر کراچی نے کہا کہ پارکنگ پلازہ صدر، کے ایم سی مارکیٹ ایم ٹی خان روڈ، لائنز ایریا، شہاب الدین مارکیٹ، رنچھوڑ لائن مارکیٹ، فریئر مارکیٹ، کھڈا مارکیٹ اور سپرمارکیٹ لیاقت آباد کے متاثرین شامل ہیں، جلد ہی دوسرے فیز میں 2105 متاثرین کو دیگر جگہوں پر متبادل دیا جائے گا۔

    وسیم اختر نے کہا کہ متبادل کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو روانہ کی جارہی ہے توقع ہے کہ اس کی جلد ہی منظوری ہوگی کیونکہ وزیراعلیٰ سندھ خود اس پوری کارروائی سے واقف اور مطلع ہیں، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے اس بارے میں تفصیلی ملاقات ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اکیلی نہیں بلکہ اس میں حکومت سندھ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، رینجرز، پولیس، کے ڈی اے، ضلعی بلدیات، سوئی سدرن گیس، کے الیکٹرک اور شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر ادارے شامل ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ 40 سال کی تجاوزات چند ہفتوں میں مکمل صاف نہیں ہوسکتی ہے، اب جو افسر تجاوزات کے قیام میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم متاثرین کو متبادل جگہ ضرور دی جائے گی اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ ابھی شروعات ہے اور کارروائی مکمل غیرجانبدار ہے فٹ پاتھ، پارک اور نالوں پر کوئی بھی تعیرات باقی نہیں رہیں گی، روزانہ کی بنیاد پر کام جاری ہے۔

  • شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا: میئر کراچی

    شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا: میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے موٹر سائیکل سواروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے علاقے پارکنگ پلازہ صدر کے دورے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب تجاوزات کا ملبہ اٹھا لیا گیا۔ جو تجاوزات اطراف میں ہیں اب ان کا خاتمہ کریں گے۔

    وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کام میں وزیر بلدیات سعید غنی ہمارے ساتھ ہیں، تعاون کرنے والوں کو پارکنگ پلازہ اور دوسری مارکیٹ میں لائیں گے۔ ’یہ شہر اور لوگ ہمارے ہیں ہم کسی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اس کی اصل شکل میں لانا چاہتے ہیں، ہم تمام فیصلے سارے اداروں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں۔ پارکس، فٹ پاتھ سے 3 دن بعد تجاوزات ختم کرنا شروع کریں گے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر ناجائز پارکنگ کے کاروبار ختم کریں گے، دکانوں کے سامنے پارکنگ کا پارکنگ پلازا میں انتظام کر رہے ہیں۔ دکانداروں کی انجمنوں سے گزارش ہے ہم سے تعاون کریں، ’علاقہ اچھا ہوگا تو کاروبار بھی بہتر ہوگا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سے بھی درخواست ہے ہمارا ساتھ دیں۔ ایمپریس مارکیٹ کو غیر ملکی اور اسکول کے بچے دیکھنے آرہے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کو صاف کر کے آباد کر رہے ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، میٹرو پول سے ملیر ہالٹ تک 2 ٹریک بنائے جائیں گے۔ ٹریکس کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ اور ٹریفک پولیس کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ ’منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا‘۔

  • تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر میں پختون بھائیوں کا خون پسینہ شامل ہے، کچھ لوگ صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پر سیاست کر رہے ہیں، متاثرین کو متبادل جگہ دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے،  وسیم اختر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروارہے ہیں، صدر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن سے متاثرہ افراد کو متبادل جگہ دینے کیلئے حکومت سندھ غور کررہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 30 سے35 سال قبل ایک معاہدے کے تحت چار بائی چار کی جگہ دی گئی تھی جو اب چار سو تک پہنچ گئی، کچھ لوگوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے کئی منزلہ عمارتیں بنالی تھیں، اب ان  متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی لیکن قبضہ مافیا سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

    میئرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب کارروائی کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں طرف قائم تجاوزات کا صفایا کردیا گیا ہے، صدر کی صفائی پہلا فیز ہے، دوسرے فیز میں متاثرین کو جگہ دی جائے گی، اس کے علاوہ شہربھر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کریں گے۔

    کراچی ایمپریس مارکیٹ سے تجاوزات کا خاتمہ: 50 سال بعد تاریخی عمارت کی دھلائی

    واضح رہے کہ کراچی کے دل صدر میں تجاوازات کے خاتمہ کے بعد ایمپریس مارکیٹ نکھر گئی اور اس کی اصلی شکل نکلی آئی، عام شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی بھی تاریخی عمارت کی تعریف کئے بغیر رہ نہ سکے۔

    بیلجئم سے آئے ہوئے سیاحوں نے مارکیٹ کا دورہ کیا اور اس کی خوبصورتی کی تعریف کی، سیاحوں کا کہنا ہے اس تاریخی مارکیٹ کو تزئین و آرائش کی ضرورت ہے، ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی دیکھ کر شہریوں کا دل اور بھی خوش ہوگیا۔