Tag: وسیم اختر

  • غیرقانونی فوڈ اسٹریٹ کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن جلد کیا جائے گا، وسیم اختر

    غیرقانونی فوڈ اسٹریٹ کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن جلد کیا جائے گا، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کے دوران کراچی میں مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی فوڈ اسٹریٹس کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی کے پوش علاقے خالد بن ولید روڈ پر قائم درجنوں غیرقانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    وسیم اختر نے کہا کہ خالد بن ولید روڈ پر پارکنگ کے غیر قانونی ریمپس، سائن بورڈز سمیت تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے، عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے تجاوزات ختم کرائیں گے، ہمارا کوئی سیاسی مقصد نہیں اور نہ ہی کسی قسم کا دباؤ برداشت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : جہاں سے دکانیں ختم کرائیں ہیں وہاں پارک بنائیں گے‘ وسیم اختر

    واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے شہر قائد کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن کی ہدایت جاری کردی ہے، یوپی موڑ کے اطراف دکانوں کے باہر بورڈز اور شیڈ اتارنا شروع کردئیے گئے ہیں۔

  • اختیارات کے مسائل پر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا: وزیر بلدیات و میئر کراچی

    اختیارات کے مسائل پر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا: وزیر بلدیات و میئر کراچی

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    میئر کراچی کا کہنا ہے کہ مل کر آگے بڑھیں گے تو مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے، جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے بھرپور معانت کروں گا۔ ہم نے آگے بڑھنا تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔

    میئر نے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے بھرپور معاونت کروں گا، وزیر بلدیات سندھ سے اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ پرامید ہوں مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک تاثر تھا کہ وزیر بلدیات سندھ میئر سے ملاقات نہیں کرتے، وسیم اختر سے ملاقات کے بعد یہ تاثر ختم ہوجانا چاہیئے۔ ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی شروع کیا پہلی ملاقات میئر کراچی سے ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ باقی شہروں میں جا کر دیگر منتخب نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کروں گا، میئر کراچی سے ہماری بات چیت ہوتی رہی ہے۔ ناراضی کا کوئی ایشو نہیں ہے ہماری ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کو یقین دہانی کروائی کوئی زیادتی نہیں ہوگی، میئر کراچی یا صوبائی وزیر کسی جماعت کا نہیں عوام کے ہیں۔ اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ قانون میں موجود جو چیزیں ہیں وہ میئر کراچی کو فراہم کی جائیں گی، جو نظام ہمارے پاس موجود ہے اس میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔ شہریوں کے مفادات پر میری میئر کراچی سے کوئی لڑائی نہیں۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے کوئی کسی بھی جماعت سےتعلق رکھتا ہو، کراچی کے مسائل اولین ترجیح ہے، مل کر مسائل حل کریں گے۔

    وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی مسائل موجودہ قانون کے ماتحت ہی حل کر سکتے ہیں، جو قانون کے تحت میئر کے اختیارات نہیں اس پر بعد میں بات ہوگی، جو اختیارات ہیں اور میئر کو نہیں مل رہے دلانے کی کوشش کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مل کر اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ذمہ داریاں نبھائیں گے، اسمبلی اس قانون کو پاس کرتی ہے جسے وہ بہتر سمجھتی ہے۔ موجودہ قانون میں مزید بہتری کے لیے طریقہ کار موجود ہے، ’مضبوط بلدیاتی نظام کا حامی ہوں‘۔

  • لاؤڈ اسپیکر ایکٹ: وسیم اختر اور فاروق ستار سمیت 12 افراد پر فرد جرم عائد

    لاؤڈ اسپیکر ایکٹ: وسیم اختر اور فاروق ستار سمیت 12 افراد پر فرد جرم عائد

    کراچی: عدالت نے میئر کراچی اور فاروق ستار سمیت 12 افراد پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں فاروق ستار کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے کیس میں فاروق ستار اور وسیم اختر سمیت 12 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔

    ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، صحت جرم سے انکار کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا ہے، کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

    مقدمے میں نامزد فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اختر ضمانت پر ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ سولجر بازار اور نیو ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں، مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی کو اشتہاری قرا دیا جاچکا ہے۔

    ایم کیو ایم رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے 2015 میں پولیس کی اجازت کے بغیر ریلی نکالی اور جلسے کے دوران لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کی تھی، ملزمان کے خلاف تھانہ سولجر بازار اور نیو ٹاؤن میں 2015 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

  • وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کوفوری بروئے کارلایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آگ پرقابوپانے کے اقدامات کیے جائیں، آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کو فوری بروئے کارلایا جائے، کوشش کی جائے کم سے کم نقصان ہو۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آگ 5 بجکر10 منٹ پررپورٹ ہوئی تھی، ہمارے پاس جو سامان ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہے، ہمیں سامان اورآلات کے لیے کوئی فنڈ زنہیں دیے گئے۔

    میئرکراچی کا کہنا ہے کہ 40 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا عمارت میں کوئی فائرایگز ٹ نہیں، عمارت بنانے والے خود بھی سوچیں۔

    انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی ذمے داری ہے ہر دفترکوچیک کیا جائے، تاجر برادری پر بھی ذمے داری ہے سیفٹی اپنائے۔

    کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پرواقع عمارت میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا

    واضح رہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ پرعمارت میں لگی آگ پر 7 گھنٹے بعد پاک بحریہ اور دیگر اداروں کی 10 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا۔

  • کل وزیرِ اعظم کے سامنے کراچی کا مقدمہ لڑوں گا، میئر کراچی وسیم اختر

    کل وزیرِ اعظم کے سامنے کراچی کا مقدمہ لڑوں گا، میئر کراچی وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے علاقے ناظم آباد 6 نمبر پر انّو بھائی پارک میں پویلیئن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کل وزیرِ اعظم کے سامنے کراچی شہر کا مقدمہ لڑوں گا، پٹیشن تیار کرلی ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ انّو بھائی پارک میں ایک سوئمنگ پول کا بھی اضافہ کیا جائے گا، یہ پارک اب کے ایم سی کے ڈیپارٹمنٹ کی زیرِ نگرانی ہوگا۔

    وسیم اختر نے کہا ’کل وزیرِ اعظم کے ساتھ کراچی کی ترقی کے حوالے سے ہماری میٹنگ ہے، وزیرِ اعظم چاہتے ہیں کہ کراچی کا کچرہ صاف ہو، ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر ہو، ہم نے اس میٹنگ کی تیاری کر لی ہے، پٹیشن خود وزیرِ اعظم کو پیش کروں گا۔‘

    [bs-quote quote=”شہر کا سارا نظام میئر کے ماتحت آنا چاہیے: وسیم اختر” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    میئر کراچی نے کہا کہ شہر کا سارا نظام میئر کے ماتحت آنا چاہیے، کراچی کے رکے ہوئے فنڈز کے اجرا کے لیے وزیرِ اعظم سے بات ہوگی، کے فور پروجیکٹ کے مسائل بھی ان کے سامنے رکھے جائیں گے، وہ واحد وزیرِ اعظم ہیں جو کراچی کے مسائل حل کرنے میں دل چسپی رکھتے ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں اب جو اضافہ ہوگا اس میں ایم کیو ایم کا وزیر بھی ہوگا، وزیرِ اعظم سے کراچی یونی ورسٹی کے لیے خصوصی فنڈز مانگے ہیں، حیدر آباد میں بھی یونی ورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، انھوں نے مردم شماری کے مسئلے پر نظرِ ثانی کی حامی بھری ہے۔

    [bs-quote quote=”شہر کے گراؤنڈز میں اب کمرشل سرگرمیاں نہیں ہونے دیں گے: میئر کراچی” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    میئر کراچی نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’کراچی کا سیوریج نظام تباہ ہوگیا، پی پی نے وڈیروں کی طرح اسے چلایا، انھوں نے 2 اضلاع کے لیے پورے کراچی کو تقسیم کر دیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کراچی والوں کو جھوٹے وعدے دیے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے


    میئر کراچی وسیم اختر نے قبضہ مافیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، کہا ’کراچی والوں کی قبضہ مافیا سے اب جان چھوٹ گئی ہے، کراچی پرقبضہ کرنے والے اب دبئی واپس چلے گئے ہیں، شہر کے گراؤنڈز میں اب کمرشل سرگرمیاں نہیں ہونے دیں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ کراچی کو ٹرانسپورٹ کا نیا نظام درکا ہے، ہم نے شہر کے لیے 2 بڑی سڑکیں اور 2 بڑے پل منظور کرا لیے ہیں، 4 دیگر بڑے پروجیکٹ بھی منظور کرا چکے، جن پر جلد کام شروع ہوگا۔

  • میئر کراچی وسیم اختر کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھن گئی

    میئر کراچی وسیم اختر کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھن گئی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایچ او درخشاں کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی۔ وسیم اختر کی سر کاری گاڑی خیابان بخاری سے چھینی گئی۔

    واقعے کے وقت میئر کراچی گاڑی میں موجود نہیں تھے، گاڑی ڈرائیور سے چھینی گئی۔

    واقعے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایچ او درخشاں کو معطل کردیا جبکہ ان کی تنزلی بھی کردی۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ درخشاں کی حدود میں اس سے پہلے بھی گاڑیاں چھن چکی ہیں۔ 2 گروہ سرکاری گاڑیوں کے چھیننے میں ملوث ہیں۔ ساؤتھ پولیس اور اے سی ایل سی گروہوں کے قریب پہنچ چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں میں ملوث گروہ جلد پکڑے جائیں گے۔ سرکاری گاڑیاں ٹریس نہ ہونے کی وجہ سے چھینی جاتی ہیں۔

  • کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی۔

    اس موقع پر وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بلدیہ عظمیٰ کے مسائل اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کراچی میں ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جانے والے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

    گورنرسندھ کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے کاوشیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں۔

    عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے شہر کی ترقی وخوشحالی پرجامع رپورٹ تیارکروں، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم کراچی کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پراہم ہدایات دیں گے، کراچی میں نکاسی و فراہمی آب اورصفائی کے مسائل حل طلب ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، شہر کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، سندھ کے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، وفاقی حکومت عوام کے اس اعتماد پر ہر صورت پورا اترے گی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کیلئے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے، تعاون سے جاری منصوبوں میں مشکلات کے خاتمہ میں مدد ملےگی۔

  • کراچی، صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی

    کراچی، صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے، شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ لگ گئی، کپڑا فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔

    آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئی ہیں، واٹر بورڈ کے سخی حسن اور نیپاہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، قائم مقام ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹ کو فائر بریگیڈ حکام سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق آگ پہلے معمولی نوعیت کی پھر دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے مختلف ہائیڈرنٹس سے پانی کی فراہمی شروع کروادی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عید کے دن کی وجہ سے اسٹاف کی بھی کمی ہے جبکہ کوشش کی جارہی ہے کہ جلد سے جلد کپڑا فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پایا جاسکے۔

    میئر کراچی وسیم اختر آگ بجھانے کی کارروائی کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں، چیف فائر افسر نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیں گے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ 12 فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، پانی کی مسلسل سپلائی کے لیے سخی حسن ہائیڈرنٹ کھلوا دیا گیا ہے۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عید تعطیلات کی وجہ سے دونوں فیکٹریاں بند تھیں، سہراب گوٹھ پر ٹریفک جام سے فائر بریگیڈ کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔

  • عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے، وسیم اختر اور فیصل سبزواری

    کراچی : شہر قائد کے مئیر وسیم اختر اور فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم کی کیا اہمیت ہے، عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

    یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری۔

    گزشتہ 35سال میں متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی والوں سے بہت سارے وعدے کئے گئےجو کبھی پورے نہیں ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز  پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔

    فردوس شمیم نقوی کے بیان پر مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے مجھے تنقید کا نشانہ بناتےہیں، فردوس شمیم نقوی اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم وفاق میں حکومت بنانے کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے؟

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو مایوس کیا، اس لیے ہم نے تحریک انصاف سے اتحاد کیا، ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتے، اگر یہی معاملات رہے تو آئندہ ساتھ چلنے میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم نے بھی مجبوری کی حالت میں پی ٹی آئی سے ہاتھ ملایا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ مجبوریوں کے بجائے منصوبوں کا ذکر ہونا چاہئے، ہمیں مل کر سندھ کے مسائل حل کرنے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے مطالبہ کیا کہ وہ فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں

    قبل ازیں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس پی، اے پی ایم ایل کے سیکڑوں کارکنان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، کراچی میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے۔

  • میئرکراچی اوران کی اہلیہ کا ڈیمزکی تعمیر کے لئے ایک لاکھ کا عطیہ

    میئرکراچی اوران کی اہلیہ کا ڈیمزکی تعمیر کے لئے ایک لاکھ کا عطیہ

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر اور ان کی اہلیہ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرادیا، وسیم اختر کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

    تفصیلات کے مطابق دیامر، بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیراتی فنڈز میں میئر کراچی وسیم اختر اور ان کی اہلیہ نائلہ واجد خان کی جانب سے ایک لاکھ روپے عطیہ کردیا۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ فنڈز میں عطیہ اپنے اکاونٹ سے دیا ہے، تمام پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں، ڈیمز کی تعمیر ملک کیلئے ناگزیر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ملک بھر میں ڈیمز تعمیر نہ ہوئے تو ہمارا ملک بھی ساوتھ افریقہ کی طرح ایک دن زیرو ڈے منائے گا، سپریم کورٹ کی جانب سے ڈیمز کی تعمیر میں پیش رفت خوش آئند ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔

    اس سے قبل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا تھا جبکہ میئر کراچی اور پیر پگارا نے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی اور میئر کراچی بنے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے گزشتہ دنوں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے دیامیر بھاشا اور مہمند کو فوری تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فنڈز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔