Tag: وفاقی بجٹ 26-2025

  • وفاقی بجٹ 26-2025: کن شعبوں کو سبسڈی دی جا رہی ہے؟

    وفاقی بجٹ 26-2025: کن شعبوں کو سبسڈی دی جا رہی ہے؟

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اگلے مالی سال کے لیے بجٹ پیش کر دیا ہے اس میں کئی شعبوں میں سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 26-2025 کے لیے بجٹ پیش کر دیا ہے۔ اگلے مالی سال کے اس وفاقی بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی تجویز کی گئی ہیں۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے 4 ارب روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔ انٹر ڈسکو ٹیرف ڈفرنشل سبسڈی کی مد میں 249 ارب 13 کروڑ سے زائد، کے الیکٹرک کے لیے 125 ارب روپے اور آزاد کشمیر کے لیے ٹیرف ڈفرنشل کی مد میں 74 ارب روپے سبسڈی کی تجاویز دی گئی ہیں۔

    بجٹ میں خیبر پختونخوا کےضم اضلاع کے لیے 40 ارب روپے، پاسکو کو گندم کے ذخائر رکھنے کے لیے 14 ارب روپے، الیکٹرک وہیکل اسکیم پر مراعات کی مد میں 9 ارب روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی پر سبسڈی کے بقایاجات کی مد میں 15 ارب روپے ، گلگت بلتستان کو گندم پر سبسڈی کی مد میں 20 ارب روپے، یوریا کھاد کی درآمد پر 15 ارب روپے سبسڈی دینے کی تجاویز ہیں۔

    بجٹ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے لیے ایک ارب روپے، 5 کلومیٹر کے قطر میں آبادیوں کیلیے گیس اسکیموں کیلیے 3 ارب روپے اور ایس ایم ای سیکٹر کو فنانسنگ بڑھانے کیلیے 5 ارب 40 کروڑ روپےکی سبسڈی دینے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/budget-2025-26-pakistan/

  • وفاقی بجٹ 26-2025 کے موقع پر ریڈ زون اور اطراف میں سیکیورٹی سخت

    وفاقی بجٹ 26-2025 کے موقع پر ریڈ زون اور اطراف میں سیکیورٹی سخت

    آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے اس موقع پر ریڈ زون اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اگلے مالی سال 26-2025 کے لیے وفاقی بجٹ آج شام پانچ بجے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے۔

    وفاقی بجٹ کے موقع پر اسلاما ٓباد میں ریڈ زون اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تعینات ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق بجٹ کے موقع پر سیکیورٹی ڈویژن اور آپریشن ڈویژن کے 24 افسران اور اہلکار تعینات ہیں۔ ملازمین کے احتجاج کے پیشن نظر پاک سیکرٹیرٹ گیٹ پر بھی پولیس تعینات کر دی گئی ایس ایس پی سیکیورٹی اور ایس پی سٹی بھی سیکرٹیریٹ گیٹ پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ سرکاری ملازمین نے آج پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور وہ پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم آئی جی اسلام آباد کے مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔

    تاہم سرکاری ملازمین کے سیکریٹریٹ سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ جاری رکھے جانے کے باعث سیکریٹریٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک روڈ خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ سیکریٹریٹ سے پارلیمنٹ تک 4 مختلف مقامات سے شاہراہ دستور بند ہے۔

    ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایکسپریس چوک، نادرا چوک، ٹی کراس بری امام تا حکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ شہری ریڈ زون کیلیے سرینہ ہوٹل، میریٹ ہوٹل، مارگلہ روڈ کا استعمال کر سکتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/budget-2025-26-minister-finance-aurangzaib-economic-survey/