Tag: وفاقی حکومت

  • حکومت نے نیشنل اسٹیرٹی کمیٹی کی سفارشات ہوا میں اڑا دی

    حکومت نے نیشنل اسٹیرٹی کمیٹی کی سفارشات ہوا میں اڑا دی

    لاہور: وفاقی حکومت نیشنل اسٹیرٹی کمیٹی سفارشات پر مکمل عملدرآمد نہ کرسکی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل ناصرکھوسہ کی سربراہی میں پندرہ رکنی نیشنل اسٹیرٹی کمیٹی نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی تھی۔

    رپورٹ میں کمیٹی نے وفاقی کابینہ کی تعداد نصف کرنے، ارکان اسمبلی کے خفیہ فنڈز منجمد کرنے، سینیٹرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد کٹوتی سمیت ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز روکنے کی سفارش بھی کی تھی۔

    کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ وفاقی کابینہ کی تعداد 30 تک رکھی جائے تاہم ایک ماہ گزر جانے کے باوجود  کمیٹی کی کسی بھی سفارشات پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا۔

    وزیراعظم نے ایک جانب وزرا کی تنخواہیں ختم تو کیں مگر وفاقی کابینہ میں کمی کے معاملے کو جوں تا توں رکھا۔

    واضح رہے کہ اس وقت پچاسی رکنی وفاقی کابینہ میں چونتیس وفاقی وزرا، سات وزرائے مملکت، انتالیس معاونین اور چار مشیران ہیں۔

  • حکومت  کی کرپشن ، ٹیکس چوری  اور مالی جرائم کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاری

    حکومت کی کرپشن ، ٹیکس چوری اور مالی جرائم کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاری

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے بے نامی ایکٹ2017 کو فعال کردیا اور بے نامی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیلئے عدالتوں کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرپشن ، ٹیکس چوری اور مالی جرائم کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاری مکمل کرلی۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے بے نامی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیلئے عدالتوں کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت قانون کی سمری کی سرکولیشن کے منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے بے نامی ایکٹ2017 کو فعال کردیا ، جس کے بعد وزارت قانون نے خصوصی عدالتوں کیلئے متعلقہ چیف جسٹس سے رجوع کرلیا۔

    وزارت قانون نے اسلام آباد ہائی کو رٹ کے چیف جسٹس سے بھی رجوع کیا، متعلقہ چیف جسٹس کے نامزد کردہ عدالتوں کو خصوصی اختیارات دیئے گئے۔

  • وفاقی حکومت کا توشہ خانہ سے متعلق ڈیٹا پبلک کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے توشہ خانہ سے متعلق ڈیٹا پبلک کرنے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومت کی جانب توشہ خانہ سے متعلق ڈیٹا پبلک کرنے کا فیصلہ کیا۔

    یاد رہے وفاقی حکومت نے عدالت کو توشہ خانہ کےتحائف کی تفصیل دینےسےانکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

    کابینہ ڈویژن کی جانب سے داخل جواب میں کہا گیا تھا کہ دوہزارپندرہ میں توشہ خانہ کی تفصیلات کوخفیہ رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، انفارمیشن کو آرڈیننس دوہزاردو کے سیکشن پندرہ کے تحت تحفظ حاصل ہے، اس لیے درخواست مسترد کی جائے۔

    جس پر جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس دیے تھے توشہ خانہ کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کا بیان حلفی دیں کہ کیسے یہ تحائف خفیہ ہیں؟ عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہئیں تو پبلک کرنے کا حکم نہیں دے گی۔

  • وفاقی حکومت نے رواں سال کی انسداد پولیو مہم کا کلینڈر تیار کر لیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے رواں سال کی انسداد پولیو مہم کا کلینڈر تیار کر لیا، جس کے تحت رواں سال ملک بھر میں 6 انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے حکومتی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں سال کی انسداد پولیو مہم کا کلینڈر تیار کر لیا، مہم کا کیلنڈر قومی انسداد پولیو مہم کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں 6 انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گئیں، جن میں 2 قومی ،4 قومی ذیلی انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

    رواں سال جنوری ، مارچ ، مئی، جولائی اور اکتوبر قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی جبکہ رواں سال دسمبرمیں قومی انسداد پولیو مہم منعقد کی جائے گی۔

    قومی انسداد پولیو مہم میں 44.2 ملین بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی جبکہ قومی ذیلی انسداد پولیو مہم کا ہدف 22.33 ملین بچے ہوں گے۔

  • اسمبلی تحلیل کے بارے میں اپنے عزم پر قائم ہیں، محمودخان

    اسمبلی تحلیل کے بارے میں اپنے عزم پر قائم ہیں، محمودخان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کے بارے میں اپنے عزم پر قائم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے، عملدرآمد ہوگا، اسمبلی تحلیل کے بارے میں اپنے عزم پر قائم ہیں۔

    اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے وفاقی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ جانےکا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبےکے فنڈزکےحصول کےلیےسپریم کورٹ جائیں گے، حق نہیں ملاتواراکین صوبائی اسمبلی سمیت قومی اسمبلی کےسامنےدھرنادینگے۔

    وزیراعلیٰ کے پی محمودخان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہمارےفنڈز اپنے ایم این ایزکو دےرہی ہے، وفاقی حکومت کے ذمہ 189 ارب روپے بقایاجات ہیں، صوبے کے حقوق لیکر رہیں گے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس قومی فلاح و ترقی کاکوئی ایجنڈا نہیں، خیبرپختونخوا توانائی کا پیداواری صوبہ ہے لیکن صوبے کے اربوں روپے وفاق کے ذمہ واجب الادا ہیں، وفاق نے ضم اضلاع کے ترقیاتی فنڈز بھی روک رکھے ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت صوبے کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔

  • وفاقی حکومت نے نیب کی خود مختاری ختم کرنے کی سمری مسترد کردی

    وفاقی حکومت نے نیب کی خود مختاری ختم کرنے کی سمری مسترد کردی

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے نیب کی خودمختاری ختم کرنے کی سمری مسترد کردی اور کہا مختاری ختم کرنے کی تجویز منظور کرنے سے نیب خود مختار ادارہ نہیں رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیب کی خود مختاری ختم کرنے کی سمری مسترد کردی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے نیب کو خط لکھ دیا گیا ، جس میں وزارت قانون نے چیئرمین نیب کی خود مختاری ختم کرنے کی تجویز بھی مسترد کر دی۔

    خط میں کہا گیا کہ نیب کی ملازمت کو سول سرونٹس ڈکلیر نہیں کیا جاسکتا، تجویز منظور کرنے سے نیب خود مختار ادارہ نہیں رہے گا۔

    وزارت قانون کا خط میں کہنا تھ کہ تجویز منظور کرنے سے چیئرمین نیب کی خود مختاری بھی ختم ہوجائے گی۔

    خیال رہے نیب نے ملازمت کو سول سروس آکوپیشنل گروپ ڈکلیر کرنے کی سمری بھیجی تھی۔

  • وفاقی حکومت کا مزید یوریا کی درآمد کاعمل شروع

    وفاقی حکومت کا مزید یوریا کی درآمد کاعمل شروع

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مزید یوریا کی درآمد کاعمل شروع کردیا ہے، جس کیلئے ٹریڈنگ کار پوریشن نے 75 ہزار ٹن یوریا کی درآمد کیلئے ٹینڈر جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 28 اکتوبر کے دو فیصلوں کی سرکولیش سمری کے ذریعے منظوری دی تھی، جس میں پانچ سو بیس ڈالر فی میٹرک ٹن کے حساب سے تین لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد بین الاقوامی سپلائرز سے یکم دسمبر تک بولیاں طلب کرلی گئیں، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کیجانب سے بولیاں یکم دسمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔

    ٹی سی پی کے پاس اس وقت پہلے ہی سے 3لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کا عمل جاری ہے، اس لیے ٹی سی پی نے 25 ہزار میٹرک ٹن سےکم مقدار کی بولی منظور نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

  • وفاقی حکومت کا نیشنل اسپورٹس پالیسی کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا نیشنل اسپورٹس پالیسی کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے نیشنل اسپورٹس پالیسی کا دوبارہ جائزہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپورٹس پالیسی منظوری کیلئے درخواست وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائے گی، اسپورٹس فیڈریشنزکے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری نے کہا ہے کہ پی ایس بی کے ایگزیکٹو بورڈ نے اجلاس میں اہم فیصلے کئے ہیں، اسپورٹس فیڈریشنز کے انتخابات کیلئے ایک ماہ میں الیکشن کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

     وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آصف زمان کو نا اہلی پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کیخلاف شکایات کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کرائیں گے۔

    وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بتایا کہ ایشین فٹبال کنفڈریشن کے صدر سے ملاقات سود مند رہی ہے، پاکستان فٹبال فیڈریشن کا معاملہ فیفا، اے ایف سی کے سامنے رکھا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ فیفا میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے 15ملین ڈالرز پھنسےہوئےہیں، اس لیے چاہتا ہوں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے فوری  الیکشن ہوجائیں۔

    احسان مزاری کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کےالیکشن نہیں ہو جاتےیہ فنڈز جاری نہیں ہونگے، اگر یہ فنڈز مل جائے تو پاکستان میں فٹبال کھیل کی پرموشن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بتایا کہ ایشین فٹبال کنفڈریشن کے صدر اس حوالے سے جلد پاکستان کا دورہ کرینگے۔

  • وفاقی حکومت کا روس سے  مہنگی گندم خریدنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا روس سے مہنگی گندم خریدنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گندم کی ضروریات پوری کرنے کیلئے روس سے ساٹھ کروڑ روپے مہنگی گندم خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے روس سے گندم خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ گندم کی ضروریات پوری کرنےکیلئے روس سے 60 کروڑ روپے مہنگی گندم خریدی جائے گی۔

    اعلی سرکاری ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ روس سے خریدی جانے والی گندم کی پورٹ پر لاگت آٹھ سو بانوے روپے فی دس کلو پڑے گی جبکہ درآمد گندم پر پورٹ سے اسٹیشن پہنچنے کے چارجز بھی عائد کیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ملکی گندم کی مارکیٹ میں دس کلو کی قیمت آٹھ سو باہتر روپے تک ہے جبکہ روس سے خریدی جانے والی تین لاکھ ٹن گندم پر ساٹھ کروڑ روپے اضافی لاگت آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ روس سے خریدی جانے والی گندم کی امپورٹ ابھی تک شروع نہیں ہو سکی، روس سے درآمدی گندم پندرہ جنوری 2023 تک درآمد کی جا سکے گی۔

  • وفاقی حکومت کا کل عام تعطیل کا اعلان

    وفاقی حکومت کا کل عام تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے کل 9 نومبر کو علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر کل چھٹی کا اعلان کردیا، وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 9 نومبر علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں پاکستان کے بنے کا خواب دیکھا تھا۔

    خیال رہے کئی برس قبل یوم اقبال کی تعطیل ختم کر دی گئی تھی۔ گزشتہ حکومت کے دور میں بھی یوم اقبال کی چھٹی بحال کروانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اس حوالے سے کوئی سنجیدہ پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔