Tag: وفاقی وزیر

  • وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    سیالکوٹ (31 اگست 2025): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی سیلاب میں برباد ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں جہاں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ہر چیز تہس نہس کی۔ وہیں اس علاقے سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب خواجہ صفدر روڈ بھی برباد ہو گیا اور اس میں گڑھے پڑ گئے ہیں۔

    مذکورہ شاہراہ 2019 میں بنائی گئی تھی جب کہ پانی کی نکاسی کے لیے شہر میں کروڑوں ڈالر (پاکستانی ارب سے زائد) کے پائپ ڈالے گئے تھے۔

    خواجہ آصف اپنے والد کے نام سے منسوب یہ سڑک دیکھ کر برہم ہوئے اور کہا کہ کروڑوں ڈالر کے پائپ یہاں ڈالے گئے تھے، جو ایک بارش کا بوجھ بھی برداشت نہ کر سکے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اس کا ذمہ دار ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پنجاب حکومت ان مجرموں کا احتساب ضرور کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں طوفانی بارش سے بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سب کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ خواجہ آصف نے اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر دفاع نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    خواجہ آصف نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔

     

  • نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت، صوبہ ہزارہ کیلیے جدوجہد تیز کریں گے، وفاقی وزیر

    نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت، صوبہ ہزارہ کیلیے جدوجہد تیز کریں گے، وفاقی وزیر

    مانسہرہ (26 اگست 2025): وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت اور صوبہ ہزارہ کیلیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتظامی طور پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے اور ساتھ ہی صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ میں 7 نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے۔ اب صوبہ ہزارہ پاکستان کی ضرورت بن چکا ہے۔

    سردار محمد یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ساڑھے تین کروڑ کی آبادی کے لیے 4 صوبے تھے اور آج 25 کروڑ کی آبادی کے لیے بھی صرف چار صوبے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں انتظامی ضرورت ہو، وہاں نئے صوبے قائم کیے جائیں، اس کی ہم حمایت کریں گے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس حوالے سے جمع بل کو بحث کے لیے لایا جائے اور آئندہ ہر آئینی ترمیم میں صوبہ ہزارہ کو شامل کیا جائے۔

    واضح رہے کہ ملک میں اس وقت نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے خبریں بازگشت کر رہی ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان اور یونائیٹڈ بزنس گروپ نے اس کی حمایت کا اعلان کیا ہے جب کہ پی پی کی جانب سے اس کی حسب روایت مخالفت کی جا رہی ہے۔

  • ملک میں چینی کتنے روپے کلو مل رہی ہے؟ وفاقی وزیر کا بڑا دعویٰ

    ملک میں چینی کتنے روپے کلو مل رہی ہے؟ وفاقی وزیر کا بڑا دعویٰ

    مرید کے (10 اگست 2025): ملک میں اس وقت چینی کا بحران اور قیمت 200 روپے کلو کے قریب ہے تاہم وفاقی وزیر نے اس حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مرید کے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ چینی کا کوئی بحران یا ایشو نہیں۔ اس وقت چینی 173 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

    وفاقی وزیر نے گدھے کے گوشت کے حوالے سے کہا کہ گوادر میں گدھوں کے گوشت کی اجازت ہے اور وہاں کا سلاٹر ہاؤس صاف ستھرا ہے۔

    انہوں نے دیگر علاقوں (مریدکے) میں گدھے کے گوشت کی فروخت کے حوالے سے کہا کہ گدھے کا گوشت 8 ہزار روپے کلو ہے۔ اتنا مہنگا گوشت یہاں کون خریدے گا۔

    وفاقی وزیر نے نے پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے کہا کہ امریکا نے بھارت کو چھوڑ دیا اور دنیا میں ہمیں بہت بہتر ٹیرف ملا ہے۔ امریکا سے تاریخ میں پہلی بار قریبی تعلقات ہوئے ہیں اور ان تعلقات پر پاکستان کا کوئی دوست ملک ناراض نہیں۔

    رانا تنویر نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی یوم استحصال کے بعد اب جشن آزادی پر احتجاج کر رہی ہے۔ قوم تحریک انصاف کی حرکتیں دیکھ رہی ہے، کوئی انہیں سمجھائے۔

    https://urdu.arynews.tv/sugar-tender-cancel-to-import-100000-tons/

  • وفاقی وزیر کے پرائیویٹ سیکریٹری کو عہدے سے ہٹادیا گیا

    وفاقی وزیر کے پرائیویٹ سیکریٹری کو عہدے سے ہٹادیا گیا

    اسلام آباد(26 جولائی 2025): وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کے پرائیویٹ سیکریٹری محمد بلال کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کے پرائیویٹ سیکریٹری محمد بلال کو عہدے سےفارغ کردیا۔

    محمدبلال نے کلاس فور کے ملازم محمد ابراہیم کو تھپڑ مارا تھا، محمد بلال کی معطلی ڈی جی پی این سی اے کی منظوری سے کی گئی، محمد بلال دوسال سے ریٹائرمنٹ کے بعد تنخواہ لے رہے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے دفتر کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں ان کے پرائیویٹ سیکرٹری نے مبینہ طور پر ایک کلاس فور کے سرکاری ملازم پر تشدد کیا تھا۔

    ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکرٹری نے ملازم کو نہ صرف تھپڑ مارے بلکہ نازیبا زبان بھی استعمال کی، اس واقعے کے بعد ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے دفتر کے باہر ملازم پر تشدد کے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے وفاقی وزیر ثقافت کے ڈائریکٹر محمد بلال کو معطل کردیا، وزارت ثقافت و قومی ورثہ نے ڈائریکٹر کو معطل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

  • ٹھٹھہ : وفاقی وزیر کھئیل داس پر حملے کے واقعے میں اہم پیش رفت، بڑی گرفتاری

    ٹھٹھہ : وفاقی وزیر کھئیل داس پر حملے کے واقعے میں اہم پیش رفت، بڑی گرفتاری

    ٹھٹہ پولیس نے وزیر مملکت کھئیل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج کرکے سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی صدر جلال شاہ کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جلال شاہ کو رات گئے پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا، کھئیل داس پر حملہ کے مقدمہ میں قوم پرست تنظیم کے عہدیدار سمیت 8کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مقدمہ میں جلال شاہ، حیدر شورو، حکیم بروہی، جاوید جانوری اور دیگر چار افراد نامزد کیے گئے ہیں۔

    ٹھٹھہ میں گزشتہ روز وزیر مملکت کھیئل داس کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا، سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے کارکنوں نے انڈوں اور ٹماٹر سے ان کی گاڑی پر حملہ کیا۔

    قبل ازیں ترجمان ن لیگ کے مطابق وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر ٹھٹھہ کے قریب حملہ کیا گیا تھا وہ کراچی واپس آرہے تھے کہ راستے میں قوم پرست تنظیم کے کارکنان نے گاڑی پر ڈنڈے مارے، اور انڈے پھینکے۔

    مزید پڑھیں : ٹھٹھہ میں وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملہ

    پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو بھگا دیا تھا، ان کی گاڑی پر حملہ پریس کلب کے پاس کیا گیا، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

    وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی مقامی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد جھوک شریف جارہے تھے جبکہ قوم پرست تنظیم کے کارکن پریس کلب پر کینالوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

  • ٹرمپ کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا: امیر مقام

    ٹرمپ کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا: امیر مقام

    لوئردیر: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی سازش ہورہی ہے، پاکستان مخالف عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔

    امیر مقام کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے امریکا میں لابنگ سوالیہ نشان ہے، ٹرمپ کے نام پر بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، ٹرمپ کے ذریعے این آر او کی سازش ناکام بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کو ڈیفالٹ کرنا چاہتی ہے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنیوالوں کو معافی مانگنی چاہیے، پی آئی اے خریدنے کی دعویدار کےپی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کیلئے بجٹ نہیں۔

  • کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے: محسن نقوی

    کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے: محسن نقوی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں  امن عامہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اس موقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، امن عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے، احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روز مرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، عوام کے جان ومال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کے لئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمٰن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں پر جس طرح آپ نے پاکستان کا مقدمہ پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شیری رحمٰن اعزاز کی مستحق ہیں۔

  • مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    اسلام آباد: گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی، وفاقی وزیر کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کی رفتار 110 کلو میٹر تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پولیس نے تیار کرلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گاڑی پولٹری بزنس سے وابستہ شخصیت کے اسکواڈ میں شامل تھی، مفتی عبد الشکور کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کی رفتار 110 کلو میٹر تھی جبکہ حادثے کے وقت مفتی عبد الشکور کی گاڑی کی رفتار 30 کلو میٹر تھی۔

    رپورٹ کے مطابق شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر گاڑی کی حد رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر اس وقت ٹریفک سگنلز فری کیے ہوئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹکر مارنے والی گاڑی میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں تھا، حادثے کے باعث مفتی عبد الشکور کی گاڑی کا ٹائر اور ایکسل الگ ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مولانا عبد الشکور اپنی گاڑی میں نجی ہوٹل سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر کو حادثے کے فوراً بعد پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

  • آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    واشنگٹن: وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر نے واشنگٹن میں پاک امریکا ٹیفا اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیفا اجلاس میں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی۔

    نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے، پاکستان اس وقت بہت زیادہ معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ امریکا پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے، ہمیں برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے کپاس کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی، اس وقت کپاس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا سے تجارت کو فروغ دینے کے لیے کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کریں گے، توقع کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے یو ایس ایڈ پروگرام پر مثبت پیش رفت ہوگی۔