Tag: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار

  • ملزمان کا بیان نشر ہونا غیر قانونی ہے، سندھ حکومت سراغ لگائے، چوہدری نثار

    ملزمان کا بیان نشر ہونا غیر قانونی ہے، سندھ حکومت سراغ لگائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ زیرتفتیش ملزمان کی ویڈیوز سامنے لانا غیراخلاقی اور غیر قانونی عمل ہے، ان ویڈیوز کا مقصد میڈیا ٹرائل کرنا ہے، سندھ حکومت ایسی ویڈیوز کا سراغ لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ زیر تفتیش اور گرفتار شدگان کی ویڈیوز کی تشہیر سے کیس کمزور ہوتا ہے، اداروں کو اس قسم کی ریکارڈنگ منظر عام پر لانے سے گریز کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زیرتفتیش افراد کی ویڈیوز کی تشہیر غیر اخلاقی ہے، تمام مقدمات کا فیصلہ عدالتوں سے ہونا چاہیے ایسی ویڈیوز سے میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے جس کا کوئی حاصل وصول نہیں ہوتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان ویڈیوز کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے سندھ حکومت کو خط لکھا جارہا ہے، حکومت سندھ سراغ لگائے کہ ان ویڈیوز کے پیچھے کون سے تفتیشی ادارے کا ہاتھ ہے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ مستقبل میں ایسے اقدامات سے بچنے کے لیے پیمرا کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ ایسے معاملات کا سدباب کیا جائے۔

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے وزیر داخلہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار کا بیان آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے،ڈاکٹر عاصم حسین اور منہاج قاضی کے وڈیو بیانات نشر کیے جارہے ہیں دونوں کئی ماہ تک حراست میں تھے،چوہدری نثارکس سادگی سے سوال کررہے ہیں کہ ویڈیو کس نے جاری کیں۔

    ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ چوہدری نثار معاملے کی ذمہ داری سندھ حکومت پرڈال رہےہیں، وہ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش نہ کریں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی دو اور ایم کیو ایم کے کارکن منہاج قاضی کی ایک ویڈیو میڈیا پر نشر کی جاچکی ہے، جبکہ ڈائریکٹر فشریز نثار مورائی نے بھی عدالت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حوالے سے آنے والی ویڈیو جھوٹ پر مبنی ہوگی۔

  • امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کررہے ہیں، جان کیری

    امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کررہے ہیں، جان کیری

    واشنگٹن : امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری نثارعلی خان  نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے، جو خوش آئند ہے ۔ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ خطےمیں امن واستحکام کے لئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے امریکی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے   جان کیری کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کےلئے پاکستان اور امریکا ملکر کام کر رہے ہیں، دہشت گردی کےخلاف پاکستان کےاقدامات لائق تحسین ہیں لیکن کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ دنیا کو پُرامن قوم کی طاقت دکھائی جائے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل  شریف نے دہشت گردی  کے خلاف بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ دہشت گردی  کے خلاف امن  پسندوں کو ساتھ ملانا ہوگا، پاکستان کی معیشت اور جمہوریت  کیلئے ملکر کام کرتے  رہیں گے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، انسدادِ دہشت گردی کے لئے مؤثر اقدامات کررہے ہیں۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا انسداد دہشتگردی کے علاوہ معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے ۔ پچھلے کچھ مہینوں میں پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ پاک افغان تعلقات بھی بہتر ہوئے ہیں ۔

    وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے دہشت گردی کے خلاف 5 نکاتی حکمت عملی پیش کی۔ انتہا پسندی کے خلاف ’’وائٹ ہاؤس سمٹ‘‘ سے خطاب کرتے  چودھری نثار نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک ملک نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ لوگوں کو شدت پسندی کی طرف دھکیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف مقامی کمیونٹی کو مضبوط کیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کے خلاف عالمی کانفرنس کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ امن سے محبت کرنے والوں کا اعتماد حاصل کیا جائے

    انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور ملکی تاریخ میں دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے 50 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی ہے۔

    چودھری نثار کا انتہا پسندی کے خلاف ’’وائٹ ہاؤس کانفرنس‘‘ کے حوالے سے کہنا تھا کہ انتہا پسندی کے خلاف کانفرنس شدت پسندی سے بچنے میں مددگار ہوگی۔ کانفرنس دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کی بنیاد فراہم کرتی ہے، انسداد دہشت گردی کیلئے 5 نکاتی حکمت عملی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،عالمی سطح پر تعلیم‘ صبر اور برداشت کو فروغ دیا جائے۔