اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اہم ملکی معاملات میں اپوزیشن کی جانب سے روا رکھے جانے والے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اپوزیشن کے رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جمہوریت اور پارلیمانی بالا دستی صرف پروڈکشن آرڈرز تک محدود ہے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں قومی اسمبلی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بجٹ اجلاس میں حکومتی دل چسپی کا اندازہ اس تصویر سے بہ خوبی لگایا جا سکتا ہے۔
بجٹ اجلاس میں حکومتی دلچسپی کا اندازہ آپ اس تصویر سے بخوبی لگا سکتے ہیں جہاں حکومتی اراکین اپنی نشستوں پر موجود ہیں وہاں تمام اپوزیشن نشستیں خالی ہیں، ان کی جمہوریت اور پارلیمانی بالا دستی صرف پروڈکشن آرڈرز تک محدود ہے۔ pic.twitter.com/l0gblQRAKE
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 29, 2019
انھوں نے مزید لکھا کہ بجٹ اجلاس میں حکومتی اراکین تو اپنی نشستوں پر موجود رہے لیکن اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تمام نشستیں خالی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی سے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی تمام ترامیم کو کثرت رائے سے رد کرتے ہوئے آیندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
آیندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 8238 ارب روپے ہے، بجٹ میں اپوزیشن کی جانب سے ترامیم پیش کی گئیں تھیں لیکن ایوان نے کثرتِ رائے سے انھیں مسترد کر دیا، اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین اپنی سیٹوں پر بھی موجود نہیں تھے۔